'پی ٹی وی کا سفر'۔ پاکستان ٹیلی ویژن کی تیس سالہ تاریخ پر یہ ڈاکیومنٹری 1994ء میں بنائی گئی تھی۔ چھ پروگرام ہیں جو پانچ پانچ سال کا فی قسط احاطہ کرتے ہیں۔ 'جنریشن ایکس' کی طرح میں بھی ناسٹلجیا کا مارا ہوں سو رات ہی رات میں چھ کے چھ پروگرام دیکھ لیے۔ ایک بات نوٹ کرنے کی یہ ہے کہ یہ پروگرام بے نظیر کے دوسرے دورِ حکومت میں بنا تھا سو جہاں بھٹو دور میں اسلامی سربراہی کانفرنس اور پھر اس کی سالگرہوں کو بھی خصوصی کوریج دی گئی ہے وہاں جنرل ضیا الحق کی تصویر تو دُور کی بات نام تک نہیں لیا گیا، اور جہاں دو چار بار اشد ضرورت تھی وہاں صرف صدرِ پاکستان کہا گیا ہے۔ پھر بھی انتہائی معلوماتی ہے اور بہت سے بھولے بسرے چہرے اور پروگرام یاد آئے اس سے۔ میرا تعلق بھی ٹی وی سے بس اسی وقت تک کا ہے، 93ء ، 94ء کے بعد میں نے ٹی وی دیکھنا چھوڑ دیا تھا اور پھر کبھی بھی بہت زیادہ روٹین سے نہیں دیکھا۔