آپ اردو بولیے یہ سافٹ وئر لکھتا جائے گا ۔ ڈریگن نیچرلی سپیکنگ

شمزا

محفلین
ڈریگن نیچرلی سپیکنگ ایک انگریزی سافٹ وئر ہے جو کہ انگلش بولنے پر اسے آپ کی اپلیکیشن میں ٹائپ کرتا جاتا ہے۔ غالبا آج کل اس کا ورژن 10 مارکیٹ میں دستیاب ہے
کچھ عرصہ قبل راقم الحروف کو کچھ بھاری مواد اردو میں ٹائپ کرنے کی ضرورت پڑ گئی (یہ انپیج کے دور کی بات ہے) اردو کی او سی آر اپلیکیشن کی عدم دستیابی کی صورت میں مجھے خیال آیا کہ کیا ہی اچھا ہو اگر ڈریگن نیچرلی سپیکنگ بولنے پر اردو بھی ٹائپ کر دے
ہم چونکہ خوابوں بلکہ سرابوں کے پیچھے بھاگنا فرض عین سمجھتے ہیں لہذا میں نے ڈریگن نیچرلی سپیکنگ میں اردو لکھنے کی بلکہ اس سے اردو لکھوانے کی کوششیں شروع کر دیں
ابتدائی طور پر مجھے یہ اندازہ ہو گیا کہ یہ کام ناممکن نہیں بلکہ بہت آسانی سے ہو سکتا ہے
اور میں نے انتہائی کامیابی سے نہ صرف اردو لکھوائی بلکہ اسے بہت دیر تک استعمال بھی کیا تاوقتیکہ ایک غیر متوقع ہارڈ ڈسک کریش نے میری ڈکشنری کا صفایا کر دیا لیکن اس وقت تک میرا کام مکمل ہو چکا تھا
میرا طریقہ واردات یوں تھا
1۔ ڈریگن نیچرلی سپیکنگ انسٹال کریں اور اپنی یوزر سیٹنگ میں انڈین لہجہ منتخب کر لیں
2۔ اب ایک نئی ڈکشنری اس میں شامل کر دیں
3۔ ڈکشنری میں تمام اردو الفاظ جو آپ بول سکتے ہیں شامل کر دیں یہ کام آپ ٹیکسٹ فائل سے امپورٹ کر کے بھی کر سکتے ہیں
4۔ اب مشکل مرحلہ ہے اور وہ ہے ٹریننگ کا، ایک ایک کر کے الفاظ کی آوازیں اپنی آواز میں ریکارڈ کرواتے جائیں
5۔جتنی آوازیں آپ نے ریکارڈ کروا دی ہوں گی وہ سب کی سب فورا دستیاب ہو جائیں گی

نتائج
اس طریقہ کار سے حیرت انگیز نتائج سامنے آتے ہیں راقم الحروف نے اس طریقہ کار سے دو ضخیم کتب اردو ان پیج میں کنورٹ کی ہیں (اب اس وقت ابھی علوی یا جمیل نستعلیق فونٹس تھے ہی نہیں )
لیکن ایک بات ضرور ہے کہ یہ سارا محنت اور وقت طلب کام ہے، اور اگر آپ نے کبھی کبھار اردو الکھنا ہوتی ہے تو پھر یہ طریقہ شاید آپ کے لیے نہیں لیکن اگر آپ روزانہ اردو کے انبار ٹائپ یا کمپوز کرتے ہیں تو یہ طریقہ آپ کی نجات کا ضامن ہے

ایک اچھی بات یہ ہے کہ ایک ڈریگن کی ڈکشنری اگر سٹینڈرڈ بنا لی جائے تو وہ ہر جگہ استعمال ہو سکتی ہے اور امپورٹ ایکسپورٹ سے کام چل سکتا ہے
اس طرح ہر نئے آنے والے کو دوبارہ سے ڈکشنری نہیں بنانی پڑے گی

الفاظ کی صحت : اگرچہ ڈریگن نیچرلی سپیکنگ بہت اچھا کام کرتا ہے لیکن چونکہ یہ سافٹ وئر ہے اور ہمارا لہجہ اتار چڑھاؤ مختلف ہوتا رہتا ہے تو یہ کبھی کبھی غلط لفظ بھی ٹائپ کر دیتا ہے میرے تجربے میں اس کی الفاظ کی صحت تقریبا 90 فی صد رہی لیکن حیرت انگیز طور پر یہ بڑھتی چلی گئی یہاں تک کہ پراجیکٹ کے آخری فیز میں میں خواتین کی طرح نان سٹاپ بولتا تھا اور یہ نان سٹاپ لکھتا تھا

باقی اگر کچھ اراکین محفل ساتھ دینے کی حامی بھریں تو اس کو ایک باقاعدہ پراجیکٹ کی شکل دے کر نئی ڈکشنری کا چند ہی ہفتوں میں اس پر تمام کام مکمل کیا جاسکتا ہے اور پھر یہ تمام دوستوں کے لیے محفل کی طرف سے ایک تحفہ ہو گا

آپ کے ذہن میں کوئی سوال ابھرے تو ضرور سامنے لائیے گا
 
اگر سنجیدگی سے ایسے کسی ٹول پر کام کرنا ہے تو ہندی کے لئے تیار کیا گیا یہ اسپیچ ٹو ٹیکسٹ ٹول اردو کے لئے لرن کرایا جا سکتا ہے جو کہ فری اور اوپن سورس ہے۔ جب پہلی بار سرائے دہلی میں اس کی پریزینٹیشن دی گئی تھی تو میں وہاں موجود تھا اور اس کے نتائج بہت دلچسپ تھے۔ اس کی ابتدائی لرننگ کے لئے تقریباً ایک ہزار مختلف لہجوں والے نیٹیو ہندی اسپیکرز سے ایک مخصوص ڈاکیومینٹ پڑھوا کر ریکارڈ کرایا گیا تھا۔ ویسے ڈیمو کے وقت میں نے بھی کچھ بول کر اس کو درست تبدیل ہوتے دیکھا تھا۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
زبردست۔ بہت شکریہ شمزا۔ اس پراجیکٹ پر ضرور کام ہونا چاہیے۔ مجھے یقین ہے کہ اردو کمپیوٹنگ سے وابستہ کئی لوگ اس میں گہری دلچسپی لیں گے۔ اگر اس پراجیکٹ کے اچھے نتائج برآمد ہوتے ہیں تو اسے لائبریری پراجیکٹ میں بھی بخوبی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ بلکہ اس پراجیکٹ اور لائبریری پراجیکٹ کو متوازی ایک دوسرے کی بہتری کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
 

محمد وارث

لائبریرین
کیا بات ہے جناب، اگر ایسا ممکن ہو جائے اور کوئی اچھا معیاری سافٹ ویئر بن جائے تو اردو کتابوں کا ایک وسیع ذخیرہ یونی کوڈ میں آسکتا ہے۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
شمزا، کیا آپ کی بنائی ہوئی ڈکشنری ابھی موجود ہے یا اس کا بھی ہارڈ ڈسک کے ساتھ صفایا ہو گیا ہے؟ اور کیا ایک کی آواز میں بنائی گئی ڈکشنری دوسرے کے کام آ سکے گی؟
 

شمزا

محفلین
نبیل بھائی وہ ڈکشنری اب ملک عدم سدھار چکی ہے لیکن بنیادی کام کچھ زیادہ نہیں صرف ایک ہفتہ میں مکمل ہو سکتا ہے، البتہ ہر یوزر ٹریننگ اپنے طور پر وقت نکال کر کروا سکتا ہے
دوسری بات ڈکشنری اور یوزر فائلز کو آپس میں مکس نہ کریں، ایک یوزر کی فائلز دوسرے کے کام نہیں آسکتیں کیونکہ وہ آواز پر منحصر ہیں لیکن ذخیرہ الفاظ ایک دفعہ بن گیا وہ سب کے کام آئے گا
تو جناب مندرجہ ذیل سٹیپ ہیں اس پراجیکٹ میں
1- ایک عدد صحت مند اردو ذخیرہ الفاظ درکار ہے جس کی پروف ریڈنگ ہو چکی ہو اور اغلاط سے پاک ہو اس مقصد کے لیے پہلے سے اگر کوئی ڈکشنری موجود ہے (جو میرے علم میں نہیں) تو اس کو استعمال میں لایا جاسکتا ہے
2-ڈریگن صرف انگریزی الفاظ کو پہچانتا ہے، اس سے اردو لکھوانے کے لیے ہم ٹرانس لٹریشن Transliteration کا طریقہ استعمال کریں گے
3- تمام اردو الفاظ کو رومن میں کنورٹ کر کے ایک ٹیکسٹ فائل میں سیو کر لیا جائے گا اور ہر لفظ کی تحریری یا کی بورڈ فارم اور سپوکن یا بولنے کی فارم ہر دو فارمز کو ایک لائن پر رکھا جائے گا اور ایک لائن میں ایک ہی لفظ ہو گا ہر نیا لفظ نئی لائن پر
مثلا
تین الفاظ ہیں دوست ، محفل ، زبان ۔ تو اس کو ٹیکسٹ فائل میں یوں لکھا جائے گا
لفظ سپوکن یا بولنے کی حالت تحریری حالت
دوست dwst Doast
محفل mHfl Mehfill
زبان zban Zubaan

اور فائل کی صورت کچھ یوں ہو گی

کوڈ:
Robert F. Kennedy\RFK
zban\Zubaan
mHfl\Mehfil
dwst\Doast

اس سارے کیے دھرے کا مقصد یہ ہے کہ ہم ڈریگن کو بتا رہے ہیں کہ جب ہم بولیں Doast تو تم نے dwst لکھنا ہے اور یہ ہم جانتے ہیں کہ دوست کا درست کی بورڈ کمبی نیشن dwst ہے
جب ہم بولیں Mehfil تو تم نے mHfl لکھنا ہے


اب اس ساری داستان میں کرنے کا کام کیا ہے؟ ذخیرہ الفاظ تو ٹیکسٹ فائل کی صوت میں یقینا مل جائے گا اور اس کو ایک سکرپٹ کی مدد سے کیبورڈ فارمز میں چند لمحوں میں تبدیل کر لیا جائے گا اصل چیز ہے ہر لفظ کی صوتی حالت کا اندراج
شاید اس کے لیے کوئی سکرپٹ بنایا جاسکے یا شاید ہر لفظ کی صوتی حالت ایک ایک کر کے ڈالنی پڑے گی پروگرامرز بتا سکتے ہیں

صوتی حالت اگر نہ بھی ڈالی جائے تو کام چل جائے گا لیکن اس کا نقصان یہ ہو گا کہ پھر اگر ایک لاکھ الفاظ ہیں تو ایک لاکھ الفاظ کو باری باری ہر لفظ اپنی آواز میں ڈریگن میں ریکارڈ کروانا پڑے گا تب وہ اسے پہچانے گا
لیکن اگر صوتی حالت ساتھ میں ڈالی جائے تو حیرت انگیز طور پر ڈریگن خود بخود میچنگ کرتا چلا جائے گا اور صارف کو بہت کم محنت کرنا پڑے گی

تیسرا اور آخری کام انٹرفیس ہے، کہ لکھنا کہاں ہے، انپیج میں براہ راست لکھا جا سکتا ہے، لیکن اب چونکہ انپیج عہد ماضی کا حصہ ہو چکا ہے تو نوٹ پیڈ ۔ ورڈ یا دیگر اپلیکیشنز میں براہ راست لکھنے کے لیے ایک انٹرفیس چاہیے ہو گا، مطلب یہ کہ جب میں نے دوست بولا تو ڈریگن dwst لکھے گا، اب ایک سکرپٹ چاہیے جو dwst کو یونی کوڈ میں فورا دوست میں تبدیل کر دے، بالکل ایسے ہی ہے جیسے ہم محفل فورم میں پوسٹ کرتے ہوئے انگریزی کی بورڈ سے اردو لکھ رہے ہوتے ہیں،
یا پھر پوری فائل کی بورڈ فارم میں تحریر ہوجانے کے بعد اسے ایک ہی دفعہ کنورٹ کر لیا جاسکتا ہے
جیسے میں نے ایک فقرہ بولا ، میرا نام شمزا فطامی ہے
ڈریگن نے لکھا
mira nam xmza fvami oy
اب اس کو سکرپٹ کے ذریعے یونی کوڈ میں بدلا جاسکتا ہے، لیکن اگر ہم محفل فورم پر لکھ رہے ہیں تو وہ بھی کرنے کی ضرورت نہیں، یہ خود بخود یونی کوڈ میں ہو جائے گا

تو دوستوں سے گذارش ہے کہ کسی کی نظر میں اردو ذخیرہ الفاظ کی کوئی فائل ہو تو مہیا کریں تاکہ کام جاری رہے
 

شمزا

محفلین
مزید تفصیل اس اجمال کی یہ ہے کہ بنیادی طور پر ہم کوئی سوفٹ وئر نہیں بنا رہے نہ ہی کوئی راکٹ سائنس کا کارنامہ سرانجام دے رہے ہیں، ہم ایک جگاڑ لگا رہے ہیں جو کہ نہایت عمدہ طریقے سے کام کرتی ہے۔ اس کو عام زبان میں یوں سمجھ لیں کہ اگر ہم علیحدہ سے کوئی سافٹ وئر بنائیں تو وہ یہ کرے گا کہ کچھ کمپلیکس الگورتھمز کی مدد سے میری آواز کو پہچان کر اسے الفاظ کا روپ دے گا۔
لیکن چونکہ ہم جلدی میں ہیں اور ہمیں فوری حل چاہیے تو ہم یہ کر رہے ہیں کہ جتنے بھی الفاظ ہم لکھتے ہیں وہ سب کے سب ایک ایک کر کے اپنی آواز میں ریکارڈ کر لیں اور ہر لفظ کا ایک کنیکشن بنا لیں کہ جب میں بولوں دوست(آواز)، تو لفظ لکھا جائے دوست(تحریر)۔
اور اس کام کے لیے ظاہر ہے ایک سافٹوئر چاہیے، تو ہم ڈریگن کو استمال کر رہے ہیں
دوسرا جیسا کہ آپ اب تک سمجھ چکے ہوں گے کہ اس میں دو حصے ہیں، ایک تو یہ کہ میں اپنی آواز ریکارڈ کروں ہر لفظ کے لیے، دوسرا میں ایسے تمام الفاظ بھی لکھوں جو مجھے درکار ہیں
اب ہماری ہر ایک کی آواز چونکہ مختلف ہے لہذا وہ کام ہر ایک کو اپنے اپنے طور پر خود کرنا ہو گا
لیکن ایک لاکھ یا دو لاکھ الفاظ لکھنا چونکہ ایک مسئلہ ہے تو یہ کام ہم یہاں مل کر کر سکتے ہیں
ہم ذخیرہ الفاظ ایک سٹینڈرڈ فارمیٹ میں بنا کر رکھ لیتے ہیں پھر جس کو ضرورت ہو وہ ذخیرہ الفاظ ڈریگن میں ڈال کر کام شروع کر سکتا ہے
باقی رہی بات کہ ہمیں کتنی آوازیں ریکارڈ کروانا پڑیں گی؟
یہ آپ کے کام کی نوعیت پر منحصر ہے، راقم الحروف نے کوئی دو ہزار کے قریب الفاظ ریکارڈ کروائے تھے تو اس کے بعد ڈریگن نے آٹومیٹک کام کرنا شروع کردیا
دوسرے ایک چیز جو میں نے تجربہ سے حاصل کی کہ الفاظ کی صوتی حالت جو ہم ڈکشنری میں داخل کریں گے حد درجہ اہم ہے
کیونکہ ڈریگن ہماری آواز کو اسی صوتی حالت سے میچ کرتا ہے
جیسے میں نے دیکھا کہ لفظ ہے دل
اب اس کی رومن فارم یا صوتی فارم کئی انداز سے لکھی جا سکتی ہے، dil , dill
اب اگر آپ نے دل کا لفظ اپنی آواز میں ریکارڈ نہیں کروا رکھا اور آپ نے بولا دل
تو ڈریگن اسے میچ کرتا ہے صوتی فارمز سے اور میرے تجربے میں dill فورا اور بہتر رزلٹ دیتا ہے dil کی نسبت
گویا اہم بات یہ ہے کہ ہم قریب ترین صوتی فارم مہیا کریں
 

نبیل

تکنیکی معاون
شمزا، ہمارے پاس یونیکوڈ کو صوتی متبادل اور واپس تبدیل کرنے کے لیے پروگرام موجود ہیں۔ اس طرح کے پروگرامز کی فونٹ سازوں کو ضرورت پڑی تھی جس کے لیے یہ لکھے گئے تھے۔ انہی میں ردوبدل کرکے انہیں اس پراجیکٹ کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ابرار، کرلپ کی سائٹ پر ایک لاکھ الفاظ کی کونسی لسٹ موجود ہے؟ میرے علم میں تو ان پیج کے لگیچرز کی سوفٹ کاپی ہے جس میں 18000 ہزار کے قریب ترسیمہ جات (الفاظ نہیں) کی لسٹ موجود ہے۔ اگر کوئی اور لسٹ موجود ہے تو اس کا ربط فراہم کر دیں۔
 

شمزا

محفلین
ابرار بھائی، لنک کا شکریہ، میں نے ابھی چیک کیا ہے، الفاظ کی لسٹ اچھی ہے، کچھ الفاظ اس میں دہرائے گئے ہیں اور بعض کی املاء درست نہیں لیکن کچھ نہ ہونے سے بہرحال بہتر ہے
مجھے پتہ چلا تھا کہ اردو لغت بنانے کے دوران غالباً کوئی زیادہ صحت مند ورڈ لسٹ بنائی گئی تھی یا کرلپ کی لسٹ میں سے اغلاط کو نکال باہر کیا گیا تھا، کیا ایسا ہے یا یہ میرا حسن ظن ہے؟
دوسرے اگر ہم نے کرلپ والی لسٹ کو ستعمال کرنا ہے تو کوئی پروگرامر دوست سکرپٹ سے اس میں سے ڈپلیکیٹ الفاظ کم از کم نکال باہر کریں
 
یہ نئی لسٹ ڈاؤن لوڈ کر لیں
http://dl.dropbox.com/u/2700846/wordlist2.zip
اس میں الفاظ 149466 سے کم ہوکر 100797 رہ گئے ہیں۔اور یہ لسٹ ایسے الفاظ سے بھی پاک ہو گی جن کے بیچ میں سپیس ہو۔جیسے کرلپ کی لسٹ میں آخری لفظ "یہیں کہیں" اور یقینا "یہیں" اور "کہیں " الگ الگ بھی آئے ہوں گے ،لیکن نئی لسٹ میں صرف "یہیں " اور "کہیں" آیا ہوگا ۔"یہیں کہیں" نظر نہیں آئے گا۔
یہ لسٹ میں نے پاک ورڈ فائنڈ ر کی مدد سے نکالی ہے
 
صوتی اطلاقیے کیلئے اردو کے ساؤنڈز کا انگلش متبادل پہلے ڈسکس کر لیں ،اطلاقیے کی تیاری تو امید ہے مشکل نہیں ہوگی
 

الف نظامی

لائبریرین
نبیل بھائی اس دوران اگر آپ صوتی متبادل تیار کرنے والا کوئی پروگرام جھاڑ پھونک کر مہیا کر دیں تو نوازش ہو گی
فونیٹک رومن اردو ٹو یونیکوڈ یوٹیلیٹی
کبھی ایسا ہوسکتا ہے کہ آپ اردو لکھنا چاہتے ہوں جس کو بعد میں کہیں پوسٹ کرنے کی خواہش ہو اور کمپیوٹر پر اردو سپورٹ نہ ہو۔ تو لکھیے اردو فونیٹک رومن میں۔۔ فونیٹک رومن ٹو یونیکوڈ جس کو یونیکوڈ اردو میں منتقل کردے گا۔
کیا بات ہوئی۔ فونیٹک رومن کیا ہے ؟
مثال
ardw miN lkhiN فونیٹک رومن اردو ہے
فونیٹک رومن ٹو یونیکوڈ کو جب آپ مندرجہ بالا تحریر دیں گے تو وہ اس کو یونیکوڈ اردو میں منتقل کردے گا اور آوٹ پٹ دے گا
“اردو میں لکھیں“
اسی طرح
tm miry pas owty ow jb kwi dwsra noiN owta
کو وہ
“تم میرے پاس ہوتے ہو جب کوئی دوسرا نہیں ہوتا“
میں تبدیل کردئے گا۔
 
فونیٹک رومن اردو ٹو یونیکوڈ یوٹیلیٹی شائد کام نہ کرے ،لیکن اسی قسم کا سافٹ ویر چاہیے ہوگا ۔لیکن پہلے ساؤنڈز پر غور کرنے کی ضرورت ہے ۔ جیسے صوتی کی بورڈ کے حساب سے تو ’’ہو ‘‘ "ow" ہوگا لیکن ساؤنڈ کے حساب سے "ho" ہوگا۔
اسی طرح’’ پھِر‘‘،اور’’ پھُر ‘‘ جیسے الفاظ کو مینولی بھی سیٹ کیا جاسکتا ہے۔لگیچرز کی لسٹ میں بھی ایسے الفاظ موجود ہیں جنہیں اردو میں بھی لکھتے ہوئے اعراب لگائے جاتے ہیں تاکہ پڑھنے میں مشکل نہ ہو۔
 

شمزا

محفلین
نظامی صاحب اور ابرار بھائی شکریہ
نبیل بھائی، ایک لاکھ الفاظ تو نہیں لیکن شاید ایک دو ہزار تو بولنے ہی پڑیں گے
ڈریگن میں جب نیا یوزر شامل کرتے ہیں تو ہر یوزر کو آواز کی ٹریننگ کے مرحلے سے گزرنا ہوتا ہے اس میں آپ چند صفحات پڑھتے ہیں اور سافٹ وئر آپ کی آواز سیکھ جاتا ہے، اس کے بعد آپ نیا لفظ تبھی ریکارڈ کرواتے ہیں جب وہ کوئی لفظ پہچان نہ پائے
ورنہ زیادہ تر ابتدائی ٹریننگ کے بعد آپ اچھی خاصی رفتار سے لکھوا سکتے ہیں، اور دوبارہ اس امر کی طرف اشارہ کروں گا کہ صوتی متبادل انتہائی اہم ہے
ہاں ایک مسئلہ ضرور ہے اس طریقے میں اور وہ ہے ایک جیسی آوازیں
جیس آم کھانا اور عام کھانا، ان کے درمیان فرق کا کوئی طریقہ نہیں ہے میرے پاس لیکن اگر آپ عربوں کی طرح انتہائی شفاف لہجے میں گفتگو کرتے ہیں تو یقین کریں آپ بہت اچھے نتائج پائیں گے
نبیل بھائی، ابرار کی مہیا کردہ تازہ ورڈ لسٹ کو رومن میں کنورٹ کرنے کا کیا ہو سکتا ہے؟
کوئی رولز بنائے جائیں اور ان کو ایک سکرپٹ کی مدد سے کنورٹ کر لیا جائے
یا پندرہ بیس دوستوں میں ایک لاکھ الفاظ تقسیم کر کے ایک دو دن میں کام بنا سکرپٹ کے کر لیا جائے؟
 

نبیل

تکنیکی معاون
شمزا، ہمیں دو چیزوں میں فرق کرنا پڑے گا۔ ایک یونیکوڈ سے صوتی متبادل میں تبدیلی ہے جو کہ نسبتاً سادہ کام ہے۔ ہم کئی سوفٹویر میں یونیکوڈ سے صوتی متبادل اور واپس کنورٹ کرنے کا کام کر چکے ہیں۔ دوسری چیز یونیکوڈ سے رومن میں تبدیلی ہے جو کہ اتنا آسان کام نہیں ہے کیونکہ اس کا کوئی سٹینڈرڈ موجود نہیں ہے۔ ابرار نے اسی کی نشاندہی کی ہے۔
 

شمزا

محفلین
جی میں آپ کی بات سے سو فیصدی متفق ہوں، کہ اس تبدیلی (یونی کوڈ سے رومن )کا کوئی سٹینڈرڈ نہیں، لیکن اب کیا کیا جائے کہ کچھ تو کرنا پڑے گا کام چلانے کے لیے۔ اور یہی سوال ہے کہ کیا کیا جاسکتا ہے؟ میں چونکہ پروگرامر نہیں تو میں تو سادہ حل ہی بتاؤں گا کہ میرے ساتھ دوست مل جائیں اور ہر لفظ کو ایک ایک کر کے لکھتے جاتے ہیں رومن میں ، ایک ایک اور دو گیارہ ، زیادہ سے زیادہ کتنے دن لگ جائیں گے؟ لیکن کام تو ہو جائے گا نا۔
 
Top