اس طرح تو شاید میں نہ بتا سکوں البتہ میں یوں بتا دیتا ہوں کہ نیلا رنگ جس سے "جواب" اور "پسند کریں" لکھا ہے، اور گرے رنگ جس سے وقت لکھا ہوا آ رہا ہے ہر جواب میں۔ یہ دونوں بہت ہلکے ہیں۔ ان کو اگر تیز کر دیں گے تو یقینا سہولت ہو گی۔
ہم آپ کے فیڈ بیک کی بے حد پذیرائی کرتے ہیں۔ کچھ باتوں کی بہتر وضاحت کی غرض سے ہم آپ کو ایک راز کی بات بتا دیں کہ فورم سبھی کو ایک جیسا نہیں دکھتا۔ مثلاً ہر پیغام کی نچلی سطر میں آپ کو دائیں جانب مرسل کا نام، وقت اور بائیں جانب پیغام نمبر (پرما لنک اور شئیر)، پسند کرنے اور جواب دینے کے روابط نظر آتے ہیں۔ جبکہ وہی سطر ناظمین کو کافی مختلف نظر آتی ہے۔ جس میں دائیں جانب سب سے پہلے ایک عدد چیک باکس پھر مرسل کا نام، وقت مراسلت اور اس کے بعد چھ مزید آپشن نظر آتے ہیں۔ اس لئے وہاں قدرے کم استعمال ہونے والے روابط کو نہایت ہلکے رنگوں میں رکھا جاتا ہے۔ اور ان کے رکھنے کا ایک بڑا مقصد سرچ انجن کی مدد کرنا بھی ہوتا ہے۔ ورنہ عام صارفین مرسل کا نام وہاں دیکھنے کے بجائے بغل میں موجود اوتار کے نیچے دیکھتے ہیں یا پھر اوتار سے ہی پہچان لیتے ہیں۔ رہا سوال مراسلت کے وقت کا تو وہ بوقت ضرورت، دانستہ ہی دیکھا جاتا ہے، ورنہ اس کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی۔ اس کے علاوہ اس میں وقت تھوڑی تھوڑی دیر میں تبدیل بھی ہو سکتا ہے۔ اگر شوخ رنگ ہوا تو تبدیلی کے وقت تنگ کرے گا۔
مینو وغیرہ جیسے متن کو چھوٹا رکھنا ہماری مجبوری ہے کیوں کہ شومئی قسمت سبھی صارفین کے پاس یکساں فونٹ اور زیادہ ریزولیوشن کے اسکرین دستیاب نہیں ہوتے۔ اس صورت میں بعض ضروری چیزین یا تو نظر نہیں آئیں گی یا پھر لے آؤٹ خراب ہوگا۔
جیسا کہ ہم نے آپ کو پچھلی تصویر میں دکھایا تھا کہ رنگوں کا کوئی بھی ایک بلاک تبدیل کرنے سے پورے فورم میں وہ رنگ جہاں کہیں بھی استعمال ہوا ہوگا، ہر جگہ تبدیلی آ جائے گی۔ اس لئے ایسی تبدیلی سے پہلے بہت ہی محتاط رہنا پڑتا ہے۔
پھر کیا آپ کی فرمائش رد کر دی جائے گی؟ بالکل بھی نہیں! کیوں کہ ہر محفلین کی رائے اہم ہے۔ اور ہم اپنی بساط بھر کوشش کرتے ہیں کہ احباب پورے اعتماد اور استحقاق کے ساتھ محفلین ہونے کا فخر حاصل کر سکیں۔ اس کا حل ہمارے پاس یہ ہے کہ ان شاء اللہ ابتدائی تبدیلیوں اور ضروری فیچرز کے اضافے کے بعد محفل میں ایک سے زائد رنگوں میں تھیم دستیاب ہوں گے اور احباب اپنی پسند کے مطابق ان میں سے کسی کا انتخاب کر سکیں گے۔ لیکن ہمیں اس کام کے لئے کچھ وقت درکار ہے۔ دیگر ترجیحات ابھی اس بات کی اجازت نہیں دے رہیں۔
آپ نے اب تک محفل میں اپنا تعارف نہیں کروایا اور اسی وجہ سے کوئی آپ کو خوش آمدید بھی نہ کہہ سکا۔ محفل میں تعارف کا زمرہ موجود ہے۔ ہمیں خوشی ہوگی اگر آپ محفلین کو اپنے بارے میں کچھ بتا سکیں۔