گلا خراب ہونے کی صورت میں میرا ایک آزمودہ نسخہ یا ٹوٹکا ہے کہ خود کا گلا خراب ہے تو گلیسرین انگلی سے حلق کے اندر لگالیتی ہوں۔ بچوں کو ایک چائے کا چمچ پلا دیتی ہوں۔ بہت جلد فرق پڑتا ہے۔ہمارے ہاں سرسوں کے تیل سے گلا ملنے کا بھی طریقہ اپنایا جاتا ہے اور میں خود اب بہت مہارت سے یہ کام کر لیتی ہوں۔ بھتیجوں کے، اپنے بچوں،بڑوں کے۔
کچا امرود توے پہ سینک کے کھانسی میں دیتی ہوں۔ بھنے چنے اور خشخاش کو پیس کے بنایا گیا حلوہ لذیذ ہونے کے ساتھ کھانسی کے لئے مفید ہے۔ کھانسی کے لئے ایک چیز ساری سردی میرے گھر میں رہتی ہے۔ ملٹھی اور مصری کے سفوس کو ملا کر ایک بوتل میں رکھ لیتی ہوں۔ بھابھی کو بھی دے دیتی ہوں۔ اس کے علاوہ شہد کو نیم گرم کر کے اس میں معمولی سی کالی مرچ پسی ہوئی ڈال کے بھی دیتی ہوں۔غرض یہ سارے ٹوٹکے ساتھ ساتھ کرتی ہوں۔کوشش یہی ہوتی ہے کہ اتنے معمولی مسائل میں دوا نہ ہی لینی پڑے۔