مہمان اس ہفتے کے مہمان "ظفری"

تعبیر

محفلین
اب پھر سے وقت ہو گیا ہے اس ہفتے کے نئے مہمان کا ۔


اس ہفتے کے مہمان کے بارے میں اتنا کہنا ہی کافی ہے کہ

آدمی ایک پر روپ انیک​

وہ ایسے کہ اگر ان مہمان شخصیت سے ملاقات گپ شپ یا کھیلوں کے سیکشن میں ہو جائے تو وہاں یہ کافی شوخ موڈ میں ملیں گے اور اگر وہاں ان سے نوک جھونک ہو جائے تو تب تک پیچھے نہیں ہٹیں‌ گے جب تک اگلے کو زچ یا لاجواب نا کر دیں

اگر جو ان سے ملاقات شاعری یا گانوں والے سیکشن میں ہو جائے تو وہاں یہ اداس اور غمگین نظر آئیں گے۔
اتنے غمگین گانے پوسٹ کرت ہیں کہ میں سوچ رہی ہوں محفل میں ٹشو پیپرز کا کاروبار شروع کر دوں buy one & get one free کا پھر جلد ہی میرا شمار بھی دنیا کے دس امیر لوگوں میں ہو جائے گا :laugh:

اور اگر ملاقات اسلام یا سیاست والے سیکشن میں ہوتی ہے تو وہاں یہ دانشور ، مفکر لگیں گے
خود بھی شاعری کرتے ہیں اور افسانے بھی لکھتے ہیں۔ افسانے تو ہمیں انکے بلاگ پر نظر اجائیں گے پر شاعری پتہ نہی کس جادوئی سیاہی سے لکھتے ہیں کہ نظر ہی نہیں آتی ;)
اس ہفتے کی مہمان شخصیت ہے


977H_28.gif
ظفری
977H_28.gif



آپ سب اپنے خیالات اور تاثرات اپنے لفظوں میں بھی پیش کر سکتے ہیں یا چاہیں تو
ان سوالات کے ذریعے بھی اپنے اپنے تاثرات کا اظہار کرسکتے ہیں :)
اگر سارے نہیں تو کچھ سوالوں کے بھی جواب دے سکتے ہیں ۔ مقصد صرف مہمان شخصیت سے اپنے تاثرات کا اظہار کرنا ہے :)




1۔مہمان شخصیت کے بارے میں پہلا تاثر کیا تھا۔کیا اب بھی میری رائے وہی ہے یا اب رائے بدل چکی ہے ۔
(یعنی اب تک ویسا ہی پایا جیسا پہلا تاثر تھا یا اب میرے خیالات بدل چکے ہیں)

2۔پہلی دفعہ مہمان شخصیت سے جان پہچان/بات چیت کا آغاز کب اور کیسے ہوا( اگر سیکشن اور تھریڈ یاد ہو تو اسکا حوالہ بھی دے سکتے ہیں)

مہمان شخصیت کی کونسی عادت مجھے بہت پسند ہے ۔(انکی وہ عادت جو میری پسندیدہ ہے)

4۔مہمان شخصیت سے ابتک کیا سیکھا /کیا سبق سیکھا

5۔ مہمان شخصیت کو میرا کوئی پیغام ، سوال ،مشورہ/ رائے

6)اور کچھ خاص جو کہنا چاہیں


(مہمان شخصیت سے گزارش ہے کہ وہ چاہیں تو ساتھ ساتھ تبصرے اور ہمارے سوالات کے جوابات بھی دے سکتے ہیں ورنہ جیسا وہ مناسب سمجھیں)

میں جلد ہی اپنے تاثرات پیش کرتی ہوں تب تک آپ کی باری :)
 

محسن حجازی

محفلین
لیجئے صاحب آج جمعہ ہے دن بھر کی تھکان کے بعد ہم گھر بخیر و عافیت گھر پہنچ گئے ہیں سو سوالات کے جوابات ہو جائیں۔ اللہ کرے بیچ میں موئی بجلی دغا نہ دے جائے۔

1۔مہمان شخصیت کے بارے میں پہلا تاثر کیا تھا۔کیا اب بھی میری رائے وہی ہے یا اب رائے بدل چکی ہے ۔
(یعنی اب تک ویسا ہی پایا جیسا پہلا تاثر تھا یا اب میرے خیالات بدل چکے ہیں)

ظفری۔۔۔ یہ پڑھ کر میرے ذہن میں جو پہلا تاثر ابھرا وہ کسی شوخ و شنگ نوجوان کا تھا جو کراچی میں ہوتا ہوگا اور کرکٹ وغیرہ کے علاوہ انٹرنیٹ پر بھی ہنستا مسکراتا رہتا ہوگا۔ یہ بات ہے کافی پہلے کی۔ غالبا دو سال پہلے کی۔ ہم کو نوک جھونک کے دھاگوں میں ظفری بھائي نظر آیا کرتے۔نام سے ہمارا تاثر یہ بھی تھا کہ یوسف ثانی قسم کی چیز ہوں گے :grin:

تاہم چونکے ہم اس وقت کہ جب ہم کو مذہبی و سیاسی معاملات پر موصوف کے خیالات پڑھنے کا اتفاق ہوا۔خیالات کی ہم سے مطابقت تو ایک طرف، ہم یہ بھی سوچ رہے تھے کہ یہ نوجوان ابھی تو کچھ کی کچھ باتیں کر رہا تھا یہ یکایک کیا ہو گیا؟ دوسری حیرت یہ کہ انداز فکر، مسائل کو دیکھنے اور تفکر و تعمق کی عادات پر ہم کو لگ بھگ اپنا ہی گمان گزرا۔

تیسرا ہم کو شاعری پڑھ کر حیرت میں ڈوبناپڑا کہ ایں چہ چکر است؟ اشعار میں گہرائی اور معنویت ڈیرے ڈالے ہوئے۔ وہاں سے بھی ہم ظفری بھائي کی بابت رائے پر نظر ثانی پر مجبور ہوئے۔

پھر یوں بھی ہوا کہ بعض جگہ بہت سخت تنقید بھی ان پر کی گئی شاعری کے حوالے سے۔ وہاں ان کی خندہ پیشانی اور عاجزی پر ہم کو پھر سے گمان ہوا کہ یہ کہیں ہم ہی تو نہیں؟ آخر کو جتنے کمالات ہم میں ہیں ایک شخصیت میں تو یک جا ہو نہیں سکتے کیا خبر یہ ظفری ہمارا ہی دوسرا روپ ہو جس سے ہم ہی بے خبر رہے ہوں؟ :grin:
اس کے بعد کچھ ذاتی پیغامات کا تبادلہ، پھر مزید گفت شنید وغیرہ۔۔۔ پھر وہی مراحل شناسائي کے۔۔۔ آگے تو پھر وہی داستان مستمر ہے بس نام اور کردار مختلف ہیں :grin:
کچھ ہم نے برائیاں کیں زندگی کی کچھ انہوں نے ہم کو اچھائیاں گنوائیں۔۔۔ تو بس یہی چلتا رہتا ہے۔

سو پہلا تاثر تھا ایک کھلنڈرے نوجوان کا
اور اب تاثر اور ہی ہے جو الفاظ میں آ نہیں سکتا۔ ایک اچھے انسان، ذہانت، متانت، عاجزی و انکساری سے بھرپور ہمہ جہت زندہ دل۔ ایسا بھی نہیں کہ کوئی دکھ نہیں لیکن ہماری طرح مسکراتے رہتے ہیں۔

2۔پہلی دفعہ مہمان شخصیت سے جان پہچان/بات چیت کا آغاز کب اور کیسے ہوا( اگر سیکشن اور تھریڈ یاد ہو تو اسکا حوالہ بھی دے سکتے ہیں)

پہلی دفعہ۔۔۔ میں مقتدرہ میں ملازمت کرتا تھا، اس دور میں ادارے کے اندر بھی لوٹ مار مچی دیکھی، باہر کے حالات بھی سامنے تھے روز راستے میں بنکر، تاریں وغیرہ وغیرہ۔۔۔ تو ایک دھاگہ شروع کیا تھا میری فکری تنہائی کا سدباب کیجئے کے نام سے۔ محفل پر موجود دیگر اہل دل و دانش کے علاوہ اس میں ظفری بھائی کو بھی براہ راست مخاطب کیا تھا۔ بس پھر وہاں سے کچھ بات چیت ہوئی یا یوں کہہ لیجئے کہ ٹاکرا ہوگیا۔ اس کے بعد کا تو لکھ ہی چکا ہوں۔

مہمان شخصیت کی کونسی عادت مجھے بہت پسند ہے ۔(انکی وہ عادت جو میری پسندیدہ ہے)

عادت۔۔۔ زندہ دل ہیں۔ بات کھل کر کرتے ہیں اعتبار کرتے ہیں اور اعتبار کیے جانے کو بھی پسند کرتے ہیں۔
لیکن جو عادت یا خصلت مجھے پسند ہے وہ ہے ان کی ذہانت اور معاملات کا ادراک۔ میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ یہ اپنے شعبے میں بھی بے مثال مہارت رکھتے ہوں گے۔ اس کے علاوہ ان کی شاعری بھی مجھے بہت بھائي۔ بلکہ دو غزلیں سننے کا اتفاق ہوا اور کچھ اشعار کی تو ہفتہ بھر ذہن میں بازگشت سی رہی۔

4۔مہمان شخصیت سے ابتک کیا سیکھا /کیا سبق سیکھا

جو کچھ انہوں نے تحریر فرمایا اس سے تو ہم نے بہت کچھ سیکھا اب جانے سبق کب سکھاتے ہیں :grin:
ظفری بھائی سے بہت کچھ سیکھا ہے، جو طوالت و ثقالت کے سبب یہاں بیان کرنا ممکن نہیں۔

5۔ مہمان شخصیت کو میرا کوئی پیغام ، سوال ،مشورہ/ رائے

پیغام--- ظفری بھائي پاکستان آئیں تو مجھ سے ضرور ملیں بس مجھے ایک ہی ڈ ر ہے کہیں آپ کو مجھ سے مل کر مایوسی نہ ہو بس اس سبب تھوڑا ڈر لگتا ہے وگرنہ باقی بس خیر ہے :grin:

سوال۔۔۔ زندگی کی ماہیت کا نچوڑ۔۔۔ بدصورتی پر سیلقے سے جمائی گئی خوبصورت تہیں۔۔۔ آپ کیا کہتے ہیں؟

مشورہ۔۔۔ محفل پر آتے جاتے رہا کیجئے

اور کچھ خاص جو کہنا چاہیں

خاص یہ کہ آپ خاص ہیں :grin:
خاص بات اب یہیں بتا دیں؟؟
میری زندگی میں تین لوگ ایسے ہیں جو ذہنی طور پر مجھے اپنے بہت قریب محسوس ہوئے ہیں۔ آپ ان میں سے ایک ہیں۔

تو صاحبو بات کچھ یوں ہے کہ شب الست کو تو ہم سے فقط یہی پوچھا گیا کہ کیا ہم تمہارے رب نہیں۔باقی ہم کو بتایا ہی نہیں گیا کہ تم کو نوکری بھی کرنا ہوگی، چھوکری بھی کرنا ہوگی، رشوتیں بھی دینا ہوں گی، جیبیں بھی کٹا کریں گی، عمر بھر کی پونجیاں بھی لٹا کریں گي، بجلی بھی جایا کرے گی وغیرہ وغیرہ۔۔۔ ہم کو یہ سب معلوم ہوتا تو روح ہونے کی بجائے بدروح ہونے پر ترجیح دیتے۔۔۔ اس پر ہم انشائیہ لکھنے کے خیال سے تھے لیکن تھکاوٹ کے تقاضے کچھ اور ہیں۔۔۔
 

محمد وارث

لائبریرین
ظفری بھائی محفل کے ان چند لوگوں میں سے ہیں جن سے میری شناسائی شروع شروع میں ہی ہو گئی تھی۔

بذلہ سنجی انکی زندگی میں "کوٹ کوٹ" کر بھری ہوئی ہے :) اور اس کے پیچھے یقیناً کوئی دیوار گریہ ہے۔

میں یہ "مغلیہ رسید" کاٹ رہا ہوں، بشرطِ فرصت تعبیر کے فارمیٹ کے مطابق لکھنے کی کوشش کرونگا۔
 

زینب

محفلین
ارے واہ اب لگے ہیں نا ہاتھ ظفری رکیں میں‌نے سوچ سمجھ کے جوابات دینے ہیں کافی پرانے حساب چکانے ہیں کچھ برا بھلا کہہ بھی لیا تو کون سا لڑائی ہو گی اب تو کھلی چھٹی دی ہمیں تعبیر نے۔۔۔۔۔۔۔۔۔
 

ظفری

لائبریرین
ارے واہ ۔۔۔۔ اتنے دنوں بعد آمد ہوئی اور دیکھا کہ ہمیں یہاں قربانی کا بکرا بنایا ہوا ہے ۔
تعبیر جی ۔۔۔۔ لوگ اخلاقاً آپ کے کمنٹس کا انتظار کر رہے ہیں ۔ آپ کچھ کہیں ناں تو لوگ پھر کچھ کہیں گے ۔ یا پھر لوگ جھجک رہے ہیں کہ ہم شاید ان کو ہی تختہ مشق نہ بنادیں تو صاحبو ۔۔۔ ڈرنے اور جھجھکنے کی کوٰئی ضرورت نہیں ۔ بس پہلے آیے اور پہلے پاٰیے کی بنیاد آپ اپنا سارا نزلہ مجھ پر گرا سکتے ہیں ۔ :grin:
زینیب بی بی نے تو حساب چکانے کی بھی بات کردی ۔۔۔۔۔ ;)
اللہ کرے کہ اس ہفتے کا مہمان خیر سے اپنے گھر پہنچ جائے ۔ آثار اچھے نظر نہیں آرہے ۔ :grin:
 

تعبیر

محفلین
میرے آنے تک یا پڑھنے سے پہلے آپ لوگ پلیز ایڈت مت کیا کریں :( مجھے کچھ پتہ ہی نہیں لگتا کی کیا ہوا ۔طفری مہمان بنیں ہیں یا گبر سنگھ کہ کوئی اپنی رائے دینے کو تیار ہی نہیں :laugh:

سوری ظفری کہ اجازت تو میں نے آپ سے کافی پہلے لے رکھی تھی پر باری پتہ نہیں کیوں دیر سے آئی ۔ چلیں میں ہی ہمت دکھاتی ہوں کچھ کہنے کی :grin:


1۔مہمان شخصیت کے بارے میں پہلا تاثر کیا تھا۔کیا اب بھی میری رائے وہی ہے یا اب رائے بدل چکی ہے ۔
(یعنی اب تک ویسا ہی پایا جیسا پہلا تاثر تھا یا اب میرے خیالات بدل چکے ہیں)


پہلا تاثر کچھ عجیب تھا یعنی سڑیل، کھڑوس اور مغرور
اس کی وجہ یہ تھی کہ میں نے ان ہی کے ایک تھریڈ میں ان سے کچھ پوچھا تھا پر ظفری نے کوئی جواب ہی نہیں دیا۔ جب مجھے کسی بات کا کوئی جواب نہیں دیتا تو اسکا امیج یہی بن جاتا ہے میری نظر میں :laugh:

اب رائے یکسر بدل چکی ہے ۔کیونکہ شمشاد جی کے بعد ظفری وہ دوسرے انسان ہیں جن کی وجہ سے میں محفل ہر ہوں۔ اپنے شروع کے دنوں میں کچھ وجوہات کے بنا پر مجھے ایسا لگتا تھا کہ
تعبیر جی اٹھو اب کوچ کرو
محفل میں دل کو لگانا کیا :laugh:
لیکن شمشاد جی اور ظفری تھے جو میری حوصلہ افزائی کرتے تھے۔ اگے بتاتی ہوں کہ ظفری نے کیسے حوصلہ افزائی کی :)

2۔پہلی دفعہ مہمان شخصیت سے جان پہچان/بات چیت کا آغاز کب اور کیسے ہوا( اگر سیکشن اور تھریڈ یاد ہو تو اسکا حوالہ بھی دے سکتے ہیں)

میں ابھی وہ سب سوچ کر بیک وقت مسکرا بھی رہی ہوں اور شرمندہ بھی :blush: :)
شاید ظفری کی شخصیت ہی ایسی ہے کہ ان سے فوراً بےتکلفی ہو جاتی ہے۔ شروع میں جب میں انہیں جانتی بھی نہیں تھی اور جان پہچان کا آغاز بھی نہیں ہوا تھا تو میں نے ظفری کو ڈاریکٹ مغرور کہتی ہے دنیا والا شعر کہ دیا بغیر یہ سوچے کہ ظفری کس مزاج کے ہونگے اور ہو سکتا ہے کہ انہیں برا بھی لگے۔
ظفری نے اگے سے مسکرا کر جواب دیا پھر میرے کہنے پر انٹرویو کی بھی اجازت دی اور میں نے انکا ادھورا انٹرویو شروع کیا ۔
تھریڈ جہاں پہلی بار بات ہوئی وہ میرے تعارف والا ہے

اور جان پہچان کا آغاز میں نے ہی کرنا چاہا تھا پر ظفری نے بات ہی نہیں کی :grin: یعنی موسیقی کی دنیا میں وہ تھریڈ تھا جس میں کچھ پوچھا تھا میں نے اور جواب نا ملنے پر مغرور کا ٹائیٹل دے دیا :laugh:

مہمان شخصیت کی کونسی عادت مجھے بہت پسند ہے ۔(انکی وہ عادت جو میری پسندیدہ ہے)

ظفری کی بذلہ سنجی اور شروع شروع میں مجھے ظفری کی شاندار اردو بھی بہت اچھی لگی تھی

4۔مہمان شخصیت سے ابتک کیا سیکھا /کیا سبق سیکھا


روتے روتے ہنسنا سیکھو اور ہنستے ہنستے رونا :)(رو پڑنا)


5۔ مہمان شخصیت کو میرا کوئی پیغام ، سوال ،مشورہ/ رائے

سوال کہ آپ اچانک کہاں غائب ہو جاتے ہیں محفل پر سے :confused: :confused: :confused:

اب گفتگو والے سیکشن میں اتنا کیوں نہیں آتے:confused:

پیغام خوش رہیں اور اللہ آپ کی سب پریشانیاں ختم کرے اور آپ کو ذہنی سکون دے ۔

مشورہ پلیز یہاں زیادہ سے زیادہ پوسٹ کیا کریں کہ آپ محفل کی مسکراہٹ نمبر 2 ہیں

6)اور کچھ خاص جو کہنا چاہیں

بس آپ کا شکریہ کرنا چاہونگی کہ اگر آپ شروع میں میری ہمت نا بڑھاتے اور مجھے انٹرویو شروع کرنے کی اجازت نا دیتے تو میری جھجک اور اجنبیت ختم نا ہوتی اور شاید میں ایک ریگولر ممبر ہوتی ہی نا۔ شمشاد جی کے بعد میں آپ کو میرا محسن مانتی ہوں
ایک بار پھر شکریہ :)
 

زونی

محفلین
پھر یوں بھی ہوا کہ بعض جگہ بہت سخت تنقید بھی ان پر کی گئی شاعری کے حوالے سے۔ وہاں ان کی خندہ پیشانی اور عاجزی پر ہم کو پھر سے گمان ہوا کہ یہ کہیں ہم ہی تو نہیں؟ آخر کو جتنے کمالات ہم میں ہیں ایک شخصیت میں تو یک جا ہو نہیں سکتے کیا خبر یہ ظفری ہمارا ہی دوسرا روپ ہو جس سے ہم ہی بے خبر رہے ہوں؟
اس کے بعد کچھ ذاتی پیغامات کا تبادلہ، پھر مزید گفت شنید وغیرہ۔۔۔ پھر وہی مراحل شناسائي کے۔۔۔ آگے تو پھر وہی داستان مستمر ہے بس نام اور کردار مختلف ہیں








:grin::laugh::grin::laugh:
 

زونی

محفلین
میں تسلی سے جواب دیتی ہوں کہ اسوقت نیٹ بھی بہت سلو ھے اور ہو سکتا ھے لائٹ چلی جائے ،،،،،لیکن پہلے سوال کا جواب جو محسن نے دیا مجھے پڑھ کر بہت ہنسی آئی کہ میرا چاچو کے بارے میں پہلا امیج بلکل الٹ تھا۔:grin::grin:
تفصیل سے لکھوں گی ۔;)
 
اہممم ھممم۔۔۔ :) ظفری بھائی جان! کیا خیال ہے؟ اٹیک؟؟؟؟ :grin:
چلیں رہنے دیں ;)

1۔ مہمان شخصیت کے بارے میں پہلا تاثر کیا تھا۔کیا اب بھی میری رائے وہی ہے یا اب رائے بدل چکی ہے ۔
(یعنی اب تک ویسا ہی پایا جیسا پہلا تاثر تھا یا اب میرے خیالات بدل چکے ہیں)
پہلے پہل تو خیر ہم کافی بوکھلائے بوکھلائے رہتے تھے تو خبر ہی نہیں تھی کسی کی۔۔۔ پھر ان کو گپ شپ والے دھاگے میں دیکھا۔۔۔ پہلا تاثر جتنا اچھا تھا، بعد کا تاثر اس سے کہیں زیادہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اچھا۔ :mrgreen:
میرے لیے تو ظفری بہت بے تکلف انسان اور دکھ، غم کے ساتھ بھی خوش رہنے والے، تہذیب کا دامن تھامے رکھنے والے انسان ہیں۔

2۔ پہلی دفعہ مہمان شخصیت سے جان پہچان/بات چیت کا آغاز کب اور کیسے ہوا( اگر سیکشن اور تھریڈ یاد ہو تو اسکا حوالہ بھی دے سکتے ہیں)
مجھے تو یہی یاد نہیں کہ ہوا کیسے تھا، کب تھا۔ :( ہاں، یہ یاد ہے کہ بعد میں ایک دھاگہ پر سیاسی حالات کے حوالہ سے ہم نے کافی کچھ سوچنا شروع کیا تھا اور کچھ زیادہ ہی سوچ لیا تھا اس لیے سارا منصوبہ ٹھپ ہوگیا۔ :lll:

3۔ مہمان شخصیت کی کونسی عادت مجھے بہت پسند ہے ۔(انکی وہ عادت جو میری پسندیدہ ہے)
دکھوں کے باوجود خوش مزاجی۔

4۔ مہمان شخصیت سے ابتک کیا سیکھا /کیا سبق سیکھا؟
کچھ سیکھا میں نے؟؟؟ :eek: بھائی جان! ذرا بتائیں یہاں آکر۔۔۔ :mrgreen:
ہاں، میں نے یہ سیکھا کہ انسان مشکلات میں حوصلہ ہارنے کے بجائے ہمت سے کام لے تو سب مسائل حل ہوسکتے ہیں۔۔۔ میں نے یہ بھی سیکھا کہ انسان مشکلات میں بھی خوش رہ سکتا ہے۔۔۔۔

5۔ مہمان شخصیت کو میرا کوئی پیغام ، سوال ،مشورہ/ رائے
پیغام۔۔۔ محفل پر آنا کم نہ کریں۔۔۔
سوال۔۔۔ جنوری کا پروگرام پکا ہے نا؟ مجھے بہت انتظار ہے۔۔۔ اور دوسرا یہ کہ مصروف کہاں ہیں آج کل؟
مشورہ/ رائے۔۔۔ اسی طرح زندگی میں آنے والی تمام مشکلات کا ہمت اور حوصلہ کے ساتھ مقابلہ کریں۔ ویسے دعا یہ ہے کہ مشکلات نہ آئیں اور ڈھیر ساری خوشیاں ہمیشہ آپ کے ساتھ رہیں۔


6۔ اور کچھ خاص جو کہنا چاہیں
اب بھی کچھ بچ گیا کیا۔۔۔۔۔؟ :grin: ہاں، ذرا م۔س۔ن پر ملیں۔۔۔ مجھے کچھ بتانا ہے۔۔۔ معاملات ٹھیک ہوگئے ہیں۔ :hatoff:
;)
 

زونی

محفلین
1
۔مہمان شخصیت کے بارے میں پہلا تاثر کیا تھا۔کیا اب بھی میری رائے وہی ہے یا اب رائے بدل چکی ہے ۔
(یعنی اب تک ویسا ہی پایا جیسا پہلا تاثر تھا یا اب میرے خیالات بدل چکے ہیں)



پہلا تاثر جہاں تک مجھے یاد ھے شمشاد بھائی نے غیبی تعارف کروایا تھا کہ خاصے پرانے ممبر ہیں ، ناسا میں ہوتے ہیں وغیرہ وغیرہ تو چونکہ میں نے اس وقت تک ان کے پیغامات کسی دوسرے دھاگے میں نہیں پڑھے تھے اسلئے پہلا تاثر جو بنا ذہن میں وہ کسی پچاس سالہ مدبر پروفیسر کا تھا جو پانچ نمبر کا چشمہ بھی لگاتا ہو گا ہیں جی :grin:
اب بھی رائے کچھ خاص نہیں بدلی بس چشمہ غائب ہو گیا ھے :grin::grin:

2۔پہلی دفعہ مہمان شخصیت سے جان پہچان/بات چیت کا آغاز کب اور کیسے ہوا( اگر سیکشن اور تھریڈ یاد ہو تو اسکا حوالہ بھی دے سکتے ہیں)



پہلی بار ان سے ملاقات میرے تعارفی دھاگے میں ہی ہوئی تھی اور سب سے پہلی بات یہی کی تھی انہوں نے کہ " تو مینوں انکل کہہ کے چنگا نہیں کیتا کڑیے ":grin::grin: ان کا مطلب تھا کہ ان کو انکل کی بجائے چاچو کے خطاب سے نوازا جائے جو بعد ازاں عمل میں آیا ،،،،،،،:hatoff::grin:
اس کے بعد ان کی دوسرے ممبرز سے نوک جھونک دیکھی تو شخصی خاکہ سامنے آیا ، کیسا خاکہ ، یہ نہ پوچھیں :grin:


مہمان شخصیت کی کونسی عادت مجھے بہت پسند ہے ۔(انکی وہ عادت جو میری پسندیدہ ہے)



ان کی چاچائیت ،،،،،:grin::grin::grin:


سنجیدہ جواب یہ ھے کہ ان کی وسیع النظری اور خوش مزاجی کی عادت مجھے اچھی لگتی ھے ۔:)





4۔مہمان شخصیت سے ابتک کیا سیکھا /کیا سبق سیکھا




سبق تو بہت سے سیکھے ، خصوصاً پونے پینتیس کا پہاڑا تو انہی سے سیکھا میں نے :grin::grin:

5۔ مہمان شخصیت کو میرا کوئی پیغام ، سوال ،مشورہ/ رائے



سوال یہی کہ ساڑے انتیس کو اعشاریہ صفر صفر پہ تقسیم کریں تو کیا جواب آئے گا ؟;)

مشورہ میں کیا دونگی چاچو کو ، البتہ انہوں نے مجھے ایک بار دوستانہ و ہمدردانہ و منصفانہ مشورہ دیا تھا جس کو میں نے آئندہ زندگی کیلئے پلو سے باندھ کر رکھ دیا ہوا ھے ،:grin::grin:
سنجیدہ مشورہ یہ کہ آپ کا کوئی آرٹیکل آجکل منظر عام پہ کیوں نہیں آ رہا ، اچھے موضوعات پر لکھتے رہیں ، میں تاریخ اور سیاست کے بورڈز میں آپ کے آرٹیکلز بھی پڑھ چکی ہوں خصوصاً "ریاست اور نظریہ" کے موضوع پر آپ نے بہت اچھا لکھا ھے سو آئندہ بھی ایسے موضوعات پہ لکھتے رہیں ۔:)


6)اور کچھ خاص جو کہنا چاہیں


کچھ خاص یہ کہ یہاں لاہور میں بھنڈی کے بھاؤ بہت بڑھ گئے ہیں خدارا کچھ کیجیئے ۔:grin::grin::grin:
 

ظفری

لائبریرین
:)

برائے فروخت!

ہدیہ بالمشافہ طے ہوگا۔

---- نہیں محسن بھائی اب تو برائے فروخت کر دیا ناں ----

سوچ رہا ہوں کہ یہ پلاٹ میں خود ہی نہ کیوں خرید لوں ۔۔۔۔ ;)
کم از کم تھوڑا بہت تو میں بھی اپنے بارے میں لکھ سکتا ہوں ۔ ویسے بھی کارنر کا پلاٹ ہے ۔ معشیت اچھی ہوگئی تو اچھے داموں میں بیچ دوں گا ۔ :grin:
 

ظفری

لائبریرین
محسن بھائی نے تو اتنا اچھا اور اتنا سارا ہم پر لکھ دیا ہے کہ ہم سوچ رہے ہیں کہ خود پر فخر کرنا شروع کردیں ۔ بھئی اس لیئے نہیں کہ ہم " ایسے " ہیں ۔ بلکہ اس لیئے کہ زندگی میں اتنے اچھے دوست میسر آئے جو ہم کو اتنی اہمیت دیتے ہیں ۔ ہماری عزت کرتے ہیں اور سب سے بڑھ کر ہم کو سمجھتے ہیں ۔ محسن بھائی ۔۔۔ اللہ آپ کو ہمیشہ خوش رکھے ۔ آمین ۔
پاکستان ہم آئیں اور آپ سے نہ ملیں ایسا تو ہوہی نہیں سکتا ۔ آپ کی طرح ہمارے حصے میں بھی تین گرانقدر ہستیاں نصیب آئیں ہیں ۔ ان میں سے ایک آپ ہیں ۔ لو جی ایک اور مماثلت پیدا ہوگئی ۔ ;) ۔۔ دیکھیں آگے آگے ہوتا ہے کیا ؟ :music:
 

ظفری

لائبریرین
ظفری بھائی محفل کے ان چند لوگوں میں سے ہیں جن سے میری شناسائی شروع شروع میں ہی ہو گئی تھی۔

بذلہ سنجی انکی زندگی میں "کوٹ کوٹ" کر بھری ہوئی ہے :) اور اس کے پیچھے یقیناً کوئی دیوار گریہ ہے۔

میں یہ "مغلیہ رسید" کاٹ رہا ہوں، بشرطِ فرصت تعبیر کے فارمیٹ کے مطابق لکھنے کی کوشش کرونگا۔
شکریہ وارث بھائی ۔۔۔ آپ سے جو محبت اور عقیدت ہے ۔ اس کی اہمیت تو اپنی جگہ ہے ۔ مگر واقعی جب آپ کچھ میرے بارے میں کہتے ہیں تو بہت اچھا لگتا ہے ۔ آپ سے بہت کچھ سیکھا اور انشاء اللہ آگے بھی یہ سلسلہ چلے گا ۔ کچھ مصروفیت کی وجہ سے آپ سے رابطے میں تعطل پڑا ہوا ہے ۔ امید ہے وہ بھی جلد دور ہوگا ۔ آپ کی رائے کا انتظار رہے گا ۔ فارمیٹ کی پرواہ نہ کریں ۔ جو بھی ہو خوب ڈورے گا ۔ :)
 

ظفری

لائبریرین
ارے واہ اب لگے ہیں نا ہاتھ ظفری رکیں میں‌نے سوچ سمجھ کے جوابات دینے ہیں کافی پرانے حساب چکانے ہیں کچھ برا بھلا کہہ بھی لیا تو کون سا لڑائی ہو گی اب تو کھلی چھٹی دی ہمیں تعبیر نے۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اب اتنا بھی نہ سوچیں کہ منیر نیازی کی طرح کہہ اٹھیں کہ " ہمیشہ دیر کردیتا ہوں میں " ;)
حساب چکانے ہیں تو یہ بہترین موقع ہے ۔ مابدولت آج کل خوشگوار موڈ میں ہیں ۔ جو مانگو ملے گا ۔۔۔۔ بس آٹے کے سوا :grin:
 

ظفری

لائبریرین
تعبیر جی نے مجھے اس ہفتے کا مہمان بنایا ۔ پہلے تو اس بات کا شکریہ ۔ :hatoff:

دوسری بات یہ کہ آپ نے جو کچھ میرے بارے میں لکھا ہے ۔ میں اس کا اتنا حق دار نہیں تھا ۔ آپ ایک دوست فطرت خاتون ہیں ( خاتون چلے گا ناں ۔۔۔ :grin: ) کہ آپ کے دوستی بڑھے ہاتھ کو کوئی رد ہی نہیں کرسکتا ۔ آپ نے محفل میں بہت اچھے تھریڈز کھولے اور پھر سب کو اکھٹا ہونے میں بہت مدد کی ۔ شاید شروع کے دنوں میں شمشاد بھائی اور میں نے آپ کی کچھ حوصلہ افزائی کی ہوگی ۔ مگر اس کے بعد بہت سے اراکین اب محفل پر آپ کی توجہ اور خلوص کی وجہ سے آتے ہیں ۔ خیر آپ پر لکھنا ادھار رہا ۔ آپ جب مہمان بنیں گی تو اس وقت جی کھول کر لکھیں گے ۔ ابھی تو میری باری ہے ۔ ;)
 

ظفری

لائبریرین
چھوٹے بھائی اپنے بارے میں آپ کے خیالات پڑھے بہت اچھا لگا ۔ اس کے لیئے شکریہ ادا کرتا ہوں ۔۔۔ اور یہ کونسے حالات ٹھیک ہوجانے کی نوید سنا رہے ہو ۔ ابھی تو بقر عید دور ہے بھائی ۔۔۔ ;)
 

جہانزیب

محفلین
طفری کے بارے میں میرا تاثر اچھا ہی ہے، گو کہ ہماری کبھی براہ راست بات چیت نہیں‌ ہوئی، لیکن گاہے بگاہے پیغامات پر نظر پڑتی رہتی ہے، خصوصی طور پر ان کا غٌلامی کے بارے میں‌ دھاگہ اور بعض‌ مذہبی دھاگے دیکھ کر بہت ہی عمدہ تاثڑ قائم ہوا جو اب بھی دائم ہے
 
Top