فلک شیر

محفلین
ہمارے دل میں ہے آسیبِ آرزو ایسا
کبھی کبھی تو ہمیں خود سے خو ف آنے لگے

جہان چھوڑتے جاتے ہیں کس سہولت سے
یہ رفتگاں تو مرا حوصلہ بڑھانے لگے​
 
فلک شیر

محفلین
بادباں کب کھولتا ہوں پار کب جاتا ہوں میں
روز رستے کی طرح دریا سے لوٹ آتا ہوں میں

صبح دم میں کھولتا ہون رسی اپنے پاؤں کی
دن ڈھلے خود کو کہیں سے ہانک کر لاتا ہوں

ایک بچے کی طرح خود کو بٹھا کر سامنے
خوب خود کو کوستا ہوں خوب سمجھاتا ہوں میں

یہ وہی تنہائی ہے جس سے بہل جاتا تھا دل
یہ وہی تنہائی ہے اب جس سے گھبراتا ہوں میں​
 
فلک شیر

محفلین
اے رنجِ بے دلی! ترے رہنے کے واسطے
دیوار و در کی شرط ہے دیوار و در کہاں

یہ جاننے کو ان کا تعاقب کروں گا میں
یہ لوگ جا رہے ہیں مجھے چھوڑ کر کہاں​
 
فلک شیر

محفلین
چاند نے جھک کر پوچھا ہو گا
شہرِ برباد ترا کیا ہو گا

دور ایسا ہے کہ لحظہ لحظہ
سوچنا پڑتا ہے اب کیا ہو گا

بوجھ وہ آن پڑا ہے دل پر
شعر کہہ کر بھی نہ ہلکا ہو گا

میں جہاں ڈوب رہا ہوں لوگو
کل یہاں ایک جزیرہ ہو گا

سب کو ہجرت کی پڑی ہے تابش
اس گھڑی کون کسی کا ہو گا

فلک شیر

محفلین
یہ ترے خیال کے لوگ ہیں یہ بڑے کمال کے لوگ ہیں
ابھی پاؤں رکھنے کی جا نہ تھی ابھی خوابِ خوش میں سما گئے

سرِ راہ روک کے پوچھنا شرفاء کا شیوہ نہیں میاں
کبھی فرصتوں میں بتاؤں گا جو معاملے مجھے کھا گئے​
 
فلک شیر

محفلین
انتخاب مکمل ہوا، شعر کسی کو کیوں پسند آتا ہے اور کسی دوسرے کے ہاں وہی ناپسندکیوں ٹھہرتا ہے ، اس پر بحث طول طویل ہے۔یہ موقع اس بحث کا نہیں ، بلکہ شعر سے حظ اٹھانے کا ہے۔ یہ تمام اشعار متعدد قراءتوں کے بعد نمایاں کر چکا تھا،آج اور کل رات ان کو ٹائپ کر دیا۔ تین چار غزلیں پہلے سے ٹائپ شدہ بھی مل گئیں، باقی کل اور آج میں کی گئیں، اس لیے خال خال ٹائپو کا امکان بھی ہے۔ :)
عباس تابش کی کلیات "عشق آباد "سے یہ چیزیں مجھے اچھی لگیں، اپنے مضامین، تنوع ، امیجری،فکری سوالات ، شعری میکانیات اور نظام فکری کے حوالہ سے عباس تابش مجھے پسند ہیں۔ اس انتخاب کے لیے مہمیز برادرِ عزیز محمد احمد ہیں۔اگر منتظمین چاہیں تو ان تمام مراسلہ جات کو اکٹھا کر کےالگ سے ایک ای بک بھی بنائی جا سکتی ہے۔
والسلام
 
آخری تدوین:

الف عین

لائبریرین

ضرور، اسی کے لئے میں یہاں وارد ہوا تھا کہ اس کی ای بک بنا دوں۔ اور ابھی دیکھا کہ اس دھاگے کی وجہ سے ہی عزیزی فلک شیر پانچ ہزاری منصب پر پہنچ چکے ہیں، اور کسی نے مبارکباد ہی نہیں دی!!!
 
فلک شیر

محفلین
ضرور، اسی کے لئے میں یہاں وارد ہوا تھا کہ اس کی ای بک بنا دوں۔ اور ابھی دیکھا کہ اس دھاگے کی وجہ سے ہی عزیزی فلک شیر پانچ ہزاری منصب پر پہنچ چکے ہیں، اور کسی نے مبارکباد ہی نہیں دی!!!
یہ تو آپ کی محبت اور شفقت ہےمحترم اعجاز عبید صاحب ۔
شکرگزار ہوں ۔ :)
 
Top