عزیز دوستو، السلام علیکم
ماشاءاللہ، مجھے اس پراجیکٹ کے سلسلے میں آپ کا جوش و خروش دیکھ کر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ میں فرداً فرداً آپ کی باتوں کو آگے بڑھانے کی کوشش کرتا ہوں۔
سب سے پہلے بات انپیج سے یونیکوڈ ٹیکسٹ میں کنورژن کا تعلق ہے تو اس موضوع پر میں نے یہاں
ایک تھریڈ کا آغاز کیا تھا اور اس پر فورم کے ممبران نے بہت قابل قدر معلومات بھی اکٹھی کی تھیں۔ یہ موضوع شروع کرتے وقت میں نے گزارش کی تھی کہ اگر کسی صاحب کے پاس اس سلسلے میں مزید تکنیکی معلومات ہوں تو ہمیں بھی اس سے مستفید ہونے کا موقعہ دیا جائے۔ میری یہ خواہش رہی ہے کہ اپنے لکھے ہوئے اردو ایڈیٹر میں انپیج ڈاکومنٹ امپورٹ کی فیچر شامل کر سکوں۔ ویسے تو اردو ایڈیٹر اوپن سورس ہے، کوئی صاحب بھی جو یہ کام کرنا چاہیں، اس پر کام شروع کر سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں یاہو اردو کمپیوٹنگ گروپ پر مختصراً قرن والے اکبر چوہدری صاحب سے میری بات ہوئی تھی لیکن بد قسمتی سے مجھے ان کی دی گئی انفارمیشن سے زیادہ فائدہ اٹھانے کا موقعہ نہیں مل سکا۔ ان کی بھیجا ہوا جاوا سورس کوڈ اگر کسی کے پاس ہو تو وہ برائے مہربانی مجھ سے رابطہ کریں۔ اس کے علاوہ امانت علی گوہر صاحب کی صورت میں امید کی کرن نظر آتی ہے۔ یہ اور بات ہے کہ وہ یہاں کم ہی دکھائی دیتے ہیں۔ اگر وہ یہ تحریر پڑھیں تو ان سے پر زور دورخواست کی جاتی ہے کہ وہ اس سلسلے میں ہماری رہنمائی کریں۔ میں اردو ایڈیٹر میں انپیج ڈاکومنٹ امپورٹ شامل کرنے پر اس لیے زور دیتا رہا ہوں کہ اس طرح اس امپورٹ میں اور فنکشن بھی شامل کیے جا سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر ایک آپشنز ڈائیلاگ باکس شامل کیا جا سکتا ہے جس میں یوزر اس بات کا تعین کر سکے کہ اس امپوٹ کے دوران کونسی آٹومیٹک کریکشنز اپلائی کی جائیں۔
پردیسی بھائی آپ شوق سے یونیکوڈ سالوشن کے بارے بارے میں پوسٹ لکھیں، اس سے یقیناً ہماری معلومات میں مفید اضافہ ہوگا۔
اعجاز اختر صاحب اس پراجیکٹ کے لیے علیحدہ چینل کی ضرورت کا ذکر کرتے رہے ہیں۔ اگرچہ اس فورم میں ایک ڈاؤنلوڈ منیجر انسٹال کرنا تھوڑی دیر کا کام ہے، میں دراصل اس فورم کو اپگریڈ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہوں۔ یوں اس فورم کو ایک پورٹل کی شکل دے دی جائے گی جس میں ڈاؤنلوڈ منیجر اور لنکس منیجر وغیرہ شامل ہوں گے۔ اگر مجھے لگا کہ اس کام میں دیر لگ سکتی ہے تو میں ایڈہاک بنیادوں پر ایک ڈاؤنلوڈ منیجر کا بندوبست کر دوں گا۔ مجھے اس بات کا بھی احساس ہے کہ ہمیں اس جیسے مختلف پراجیکٹس کے لیے الگ چوپالوں کی ضرورت ہے۔ میں نے کچھ عرصہ قبل فورم کی تنظیم نو کا جو کام شروع کیا تھا اسے درمیان میں اس لیے چھوڑ دیا کہ مجھے فورم میں موجودہ کیٹگری اور فورم کی دو سطحی درجہ بندی ناکافی لگ رہی تھی۔ ہمیں یہاں ذیلی فورم والی فیچر کی اشد ضرورت ہے۔ اس کے لیے بھی مجھے دیکھنا پڑے گا کہ اگر پورٹل والے کام میں دیر ہوتی نظر آئی تو ذیلی فورم کی فیچر ابھی سے شامل کر دوں گا تاکہ ہر پراجیکٹ کو اس کی الگ فورم مل جائے۔
جہاں تک تکمیل شدہ یا زیر تکمیل مسودوں کو محفوظ کرنے کا تعلق ہے تو اس کے لیے وکی پیڈیا کی ایک ذیلی ٹیکنالوجی
وکی بکس سے بھی فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں ایک امکان تو یہ ہے کہ
آفیشل وکی بکس سائٹ پر اردو کا بھی ایک سیکشن شروع کر دیا جائے۔ دوسرا یہ کیا جا سکتا ہے کہ اردو ویب پر ہی وکی بکس انسٹال کر کے اسے استعمال کیا جائے۔ دونوں طریقوں کی اپنی اپنی خوبیاں اور خامیاں ہیں۔ مجھے کبھی بھی آفیشل اردو وکی پیڈیا پر اردو کونٹینٹ کی پریزینٹیشن پسند نہیں آئی۔ اگرچہ یہ اردو سے متعلق مواد اکٹھا کرنے کے لیے بہترین جگہ ہو سکتی ہے لیکن یہاں کا لے آؤٹ تبدیل کرنے میں ہمارا کوئی عمل دخل نہیں ہوگا۔ اگر ہم خود سے وکی بکس انسٹال کریں تو اسکے لیے کچھ محنت بھی درکار ہوگی۔ جہان تک مجھے سمجھ آئی ہے، وکی بکس شاید
وکی میڈیا سوفٹ ویر کے ساتھ ہی چلتا ہے جبکہ اردو ویب پر موجود وکی پیڈیا
وکا وکی (Wikka Wiki) پر مبنی ہے۔ یوں ہو سکتا ہے کہ ہمیں اردو وکی کا مواد میڈیا وکی پر منتقل کرنا پڑے۔ اس کے علاوہ بھی انٹرنیٹ پر ڈیجیٹل لائبریری بنانے کے کئی
سوفٹویر سسٹمز موجود ہیں۔ ان کے متعلق بھی تحقیق کرنے کی ضرورت ہے۔ تو میرے دوستو ہمت اور حوصلے سے کام جاری رکھو۔