1: وہ تمام پروجیکٹس جنہیں آپ نے اردو ویب کے لیے شروع اور مکمل کیا؟
اردو ویب سے جڑنے کے بعد ہم پہلے سے رواں چند منصوبوں کا حصہ بھی بنے نیز خود بھی کئی منصوبوں کی ابتدا کی۔ ہماری کوشش رہی ہے کہ اکثر منصوبوں میں ایک یا زائد محفلین کو شریک رکھا جائے، بلکہ کئی دفعہ تو دیگر احباب ہی منصوبوں کی پیشوائی کرتے ہیں اور ہم فقط ان کی معاونت کر رہے ہوتے ہیں۔ ہم کسی منصوبے کو مکمل گرداننے کو لیکر ہمیشہ تذبذب کا شکار رہتے ہیں کیونکہ بیشتر منصوبوں کی تکمیل کا اعلان در اصل ان کی زوال کی ابتدا کا اعلان ہوتا ہے، اور مناسب دیکھ ریکھ نہ ہونے پر وہ منصوبے بہت جلدی ہی اپنی موت کا مزہ چکھ لیتے ہیں۔ وہیں اگر کسی منصوبے کے مرحلہ وار اہداف نہ متعین کیے جائیں تو وہ مسلسل و دائمی التوا کا شکار رہتا ہے۔ مثال کے طور پر ہم نے کچھ عرصہ قبل ماورائی فیڈر کے نام سے ایک بلاگ ایگریگیٹر ریڈر جاری کیا تھا جو بشمول ہمارے کئی دیگر احباب کے معمول میں شامل رہا اور جس مقصد کے لیے اس کو بنایا گیا تھا اس کے ساتھ مکمل انصاف کرتا رہا، حتیٰ کہ وہ دن آیا جب ہم اس کی دیکھ ریکھ سے غافل ہو گئے اور اب تو عرصہ ہوا اس کا یو آر ایل زائرین کو مایوس کر رہا ہے۔ گو کہ اس کو دوبارہ زندگی دینے میں بہت زیادہ تکلفات حارج نہیں ہیں، لیکن ہم نے اس کی ترقی کے اگلے مرحلے کے لیے کافی کچھ سوچ رکھا ہے جس کے لیے ضروری وقت دیگر ترجیحات کے باعث میسر نہیں آ رہا۔
اردو ویب ڈیجیٹل لائبریری کی مثال بھی ایسی ہی ہے کہ اس کا ابتدائی نسخہ عام کرنے کے بعد اس میں بہتری کے بے شمار منصوبے ذہن پر بار بار چوٹ کرتے رہتے ہیں لیکن کبھی یہ توفیق نہیں ہوتی کہ کما حقہ وقت نکال کر اسے نئی جہات سے روشناس کرا سکیں۔
اردو ویب فونٹ سرور کا منصوبہ کسی حد تک تکمیل پا گیا تھا اور اب تک بخوبی رواں ہے نیز بے شمار لوگوں کو اس سے استفادہ ہو رہا ہے، لیکن اس میں بھی بہتری لانے کے کئی منصوبے ذہن میں موجود ہیں جو کہ ترجیحات کی فہرست میں کہیں نیچے دبے ہوئے ہیں۔ چونکہ یہاں منصوبوں کی بابت سوال کیا گیا ہے اس لیے چھوٹی موٹی اسکرپٹس اور یوٹیلیٹیز کا بیان عبث ہے نیز اردو ویب کی ذمہ داریوں کا بیان بھی شاید علیحدہ سوال کا متقاضی ہے۔
2: آپ کے زیرِ تکمیل پروجیکٹس(اگر کوئی ہیں تو۔۔؟)
یہ فہرست طویل ترین ہے اور ہونی بھی چاہیے۔ انصاف کی بات تو یہ ہے کہ پچھلے سوال کے جواب میں جن چند منصوبوں کا بیان ہوا ہے وہ بھی یہیں موزوں آتے ہیں۔ فی الحال زیر تکمیل وسیع و عریض منصوبوں میں اردو ویب ڈیجیٹل لائبریری اور اردو ویب لغت سر فہرست ہیں۔ اردو ویب ڈیجیٹل لائبریری کو نئے سرے سے منظم کرنے کی ضرورت ہے نیز ایسا نظام عمل اور ایسے وسائل فراہم کرنے ہیں کہ کافی حد تک خود کار انداز میں ہر ہفتے چند کتابیں مرحلہ وار شائع ہوتی رہیں، نیز ان کو مختلف انداز کی فائلوں کی صورت ڈاون لوڈ کرنے کی سہولت دستیاب ہو۔ اس مقصد کے لیے ایک عدد اردو ویب لائبریری ورک فلو مینجمنٹ سسٹم کا منصوبہ عرصہ دراز سے منتظر ہے۔ ماضی میں اس حوالے سے ٹکڑوں کی صورت کچھ کام کیا تھا لیکن اب جب بھی دوبارہ کام کریں گے تو نئے سرے سے ابتدا کرنی ہوگی۔ وہیں اردو لغت کے حوالے سے پچھلے چند برسوں میں کئی دفعہ کام کرنے کی کوشش کی لیکن کسی مرحلے کی تکمیل ہو اس سے پہلے ہی دیگر ترجیحات آن پڑتیں اور ہر دفعہ ادھورا کام تعطل کا شکار ہو جاتا۔ جب کبھی اس پر دوبارہ کام کرنے کی کوشش کی تو پہلے کیا ہوا بیشتر کام بوجوہ دہرانا پڑا۔ ہمارے شریک جرم بلکہ منصوبے کی قیادت کر رہے ڈاکٹر
فاتح صاحب گواہ ہیں کہ ہم نے پچھلے چار پانچ برسوں میں اس نسبت کتنے بڑے بڑے خواب بنے اور کیسے کیسے پاپڑ بیلے۔ البتہ کچھ عرصہ قبل اردو ویب لغت کے لیے ہوئے کام کی ایک جھلک ایک عدد
ریسرچ پیپر کی صورت شائع کی گئی تھی۔ امید ہے کہ اگلی کوشش اسے قابل استعمال شکل میں لے آئے گی اور اسے استفادہ عامہ کے لیے جاری کر دیا جائے گا۔ ٹائپو گرافی کے حوالے سے بھی ہم کسی نہ کسی طور کئی منصوبوں کا حصہ رہے۔ مثلاً چند برس قبل
کیریکٹر بیسڈ فانٹ سے ترسیمے بنانے کی کوشش کی تھی جو کہ برادرم
محمد سعد صاحب کا پیش کردہ منصوبہ تھا۔ گو کہ اس منصوبے میں اتنی پیش رفت ہو چکی تھی کہ ترسیمے تیار کر لیے گئے تھے، لیکن ان کو مکمل فونٹ کی شکل دینے کے مراحل میں آگے چل کر کچھ پیچیدگیاں آئی تھیں جنھیں حل کیا جا سکتا تھا لیکن بوجوہ وہ منصوبہ بھی سرد خانے کی نظر ہو گیا۔ چند ماہ قبل ترسیمہ جات کی جانچ پڑتال اور پروف ریڈنگ کی غرض سے ہم نے ایک نظام تیار کیا تھا جو کہ تقریباً مکمل ہے، لیکن اس کو جاری کرنے کے لیے شاید ایک دن کی محنت مزید درکار ہے۔ ارادہ تھا کہ محفل کی پچھلی سالگرہ کے موقع پر اسے جاری کر دیں گے، لیکن بوجود اس کی تکمیل بر وقت نہ ہو سکی۔ بعد ازاں ہم عید کے موقع پر گھر چلے گئے اور تب سے آج تک وہ منصوبہ بھی ایک ساعت سعید کا منتظر ہے۔ اردو محفل کا موجودہ طے شدہ ترجمہ جو کہ "اردو جدید" کے نام سے دستیاب ہے یہ بھی ان کاموں میں سے ہے جو کبھی تمام ہونے والا نہیں، فورم سافٹوئیر کے ہر اپگریڈ کے بعد اس پر نظر ثانی کی ضرورت در پیش ہوتی ہے اور کئی نئے ترجمے شامل کرنے پڑتے ہیں۔ اس ترجمے میں ہم نے اس بات کا خاص خیال رکھا ہے کہ بجائے ایک ہی نشست میں مکمل ترجمہ کرنے کے، ضرورت کے مطابق سیاق و سباق میں رہتے ہوئے ترجمے کیے جائیں، نیز کوشش کی گئی ہے کہ فقروں سے جنسی امتیاز ختم ہو جائے یا کم سے کم ہو۔ کئی برسوں سے اردو محفل کے زمرہ جات کو نئے سرے سے مرتب کرنے کا منصوبہ زیر عمل ہے۔ دو برس قبل ہم نے کچھ ایک زمروں میں کافی رد و بدل کیے تھے، لیکن ماندہ زمرے اب بھی محتاج توجہ ہیں۔ بظاہر یہ ایک سہل کام لگتا ہے، لیکن در حقیقت بہت ہی پیچیدہ اور وقت طلب ہے۔ ایسی ہی کئی اور چھوٹی بڑی چیزیں ہیں جن پر دیر سویر تھوڑی بہت توجہ دینی پڑتی ہے، لیکن یہاں سبھی کا احاطہ مشکل امر ہے۔
3: انٹرنیٹ پراردو کی ترقی و ترویج کے لیے مستقبل میں کوئی ایسا کام جو آپ نے سوچ رکھا ہو؟
اردو ویب ڈیجیٹل لائبریری اور اردو ویب لغت کو باہم مربوط کر کے کئی دلچسپ اور عمدہ چیزیں سامنے لائی جا سکتی ہیں، ایسے کئی منصوبوں کا خاکہ ذہن میں ہے۔ اردو ویب کے کئی چھوٹے بڑے منصوبوں کو افرادی قوت، قیادت، اور جہت دینے کی ضرورت ہے۔
اردو انسائکلو پیڈیا،
عروض انجن، اور
اردو سیارہ وغیرہ کو اردو محفل سمیت اردو ویب کی دیگر خدمات کے ساتھ زیادہ بہتر انداز میں مربوط کرنے کی ضرورت ہے۔ اردو ویب کا صفحہ اول تشکیل نو چاہتا ہے، نیز اردو ویب کے ڈاونلوڈ سینٹر میں ضروری آلات و وسائل کی فراہمی خاصی مفید ثابت ہو سکتی ہے۔ علاوہ ازیں اردو ویب پر ہو رہی ڈیویلپمنٹ کو مہمیز کرنے اور
گٹ ہب جیسے اوپن کولیبوریٹیو ڈیویلپمنٹ پلیٹ فارم کے استعمال کو رواج دینا ہے۔ کچھ عرصہ قبل برادرم
زیک سے اردو اسپیچ سنتھسس اور او سی آر وغیرہ کے منصوبوں پر بات ہوئی تھی جنھیں سنجیدگی سے آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ بچوں کے لیے انٹرنیٹ پر مفید اور دلچسپ مواد کی فراہمی، کالج کے طلباء کے لیے اردو ڈیویلپمنٹ و اردو ادب کے حوالے سے اردو ویب پر مینٹر شپ، معاونت، رہنمائی، حوصلہ افزائی، و سرپرستی کا نظام اور رواج اہم سنگ میل ہوں گے۔ مجموعی طور پر اردو ویب کی افرادی قوت کو اختلافی مسائل سے نکال کر تعمیری رخ پر ڈالنے کی ضرورت ہے۔ اردو کی ترویج و ترقی کے حوالے سے کچھ منصوبے ایسے بھی ذہن میں موجود ہیں جن پر اردو ویب کے دائرے سے باہر رہ کر کام کرنے کی ضرورت ہے، لیکن ان کا یہاں بیان غیر ضروری خیال کرتے ہیں۔