اے پاک سر زمیں!

قرۃالعین اعوان

لائبریرین
پاکستان کے نام وہ جذبات اور دعائیں ،جو آپ کے لبوں پر مچلتی ہیں،دل میں تڑپتی ہیں۔۔۔
پاک سر زمیں کے متعلق اپنے جذبات لفظوں میں ڈھالیئے،لفظوں سے پھر عمل میں۔۔۔۔
آئیے !پہلے یہاں لفظوں کے پھول کھلاتے ہیں
پھر انہیں عمل میں ڈھالنے کے لیئے اپنے اپنے حصے کی شمع جلائیں گے۔
انشاء اللہ!
 

زبیر مرزا

محفلین
السلام علیکم
پاکستان نے مجھے شناخت دی ، تعلیم دی ، گھردیا اور وطنیت عطا کی- اب مجھے اس کے لیے کچھ کرنا ہے
میرے فرائض لامحدود ہیں مجھے اس کے لیے مثبت اور تعمیری کام کرنے ہیں- اس کی آزمائش کے اس کڑے دور میں
اس کا ساتھ نبھانا اسے اپنی تعلیم سے اپنی صلاحیتوں سے کوشیشوں سے اس کی آبیاری کرنی ہے - صفائی سوچ کی ہو خواہ
محلے اورشہر کی اس میں حصہ لینا ہے - کمزوروں ، لاچاروں ، بیماروں کی چارہ سازی کرکے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
کی سنت کے ساتھ ساتھ اس کی ترقی میں ہاتھ بٹانا ہے-
خود کوپاکستانی کہلانے کا حق دار ثابت کرنا ہے
 

قرۃالعین اعوان

لائبریرین
پاک سر زمین کو مخاطب کرنا گویا آپ سب کو مخاطب کرنا ہے۔۔
یہ زمیں ہے تو ہم ہیں یہ نہیں تو پھر ہم کون اور ہم کہاں؟؟÷÷
ریت کے ذروں کو ہوائیں اڑاتی پھرتی ہیں مگریہی ریت کے ذرے جب مل کر پہاڑ بن جاتے ہیں تو کوئی طوفان انہیں ہلانے میں کامیاب نہیں ہو سکتا پھر ہم کیوں اتنے خانوں میں بٹے ہوئے ہیں۔۔ہمیں ہوائیں یہاں سے وہاں وہاں سے یہاں اڑائے پھر رہی ہیں
آیئے ہم مل کر اکھٹے ہوجائیں،ایک ہو جائیں یہی میرا پیغام ہے آج کے دن۔۔۔
 

نایاب

لائبریرین
پاکستان میری جان میری آن ہے ۔
azadi.jpg
 

محمد مسلم

محفلین
یہ دل یہ جان وار دو، میرا وطن سنوار دو
حیات جس کا نام ہے بہادروں کا جام ہے
یہ جام جھوم کر پیو، جیو تو بے دھڑک جیو
یہ دل یہ جان وار دو، میرا وطن سنوار دو

زمین پر نہیں قدم، ہوا بھی ہاتھ میں نہیں
گزرتے وقت کا کوئی سرا بھی ہاتھ میں نہیں
چلے چلو تو پھر کدھر پہنچنا ہے کہیں اگر
وہ نفرتوں کو پیار دو، میرا وطن سنوار دو
یہ دل یہ جان وار دو، میرا وطن سنوار دو

کسی کی کمتری کو عزت و وقار کا نشہ
کسی کو زور و زر کسی کو اقتدار کا نشہ
نشے میں دھت تمام ہیں، نشے تو سب حرام ہیں
یہ سب نشے اتار دو، میرا وطن سنوار دو
یہ دل یہ جان وار دو، میرا وطن سنوار دو

حرم کو جائے گی اگر یہ راہ گزر تو جاؤں گا
نہ جی سکا تو حق کے راستے میں مر تو جاؤں گا
خدا سے جو کرے وفا، چلے جو سوئے مصطفے
مجھے وہ شہ سوار دو، میرا وطن سنوار دو
یہ دل یہ جان وار دو، میرا وطن سنوار دو

چنے تھے جس قدر گلاب، خار خار ہو گئے
بنے گئے تھے جتنے خواب تار تار ہو گئے
گلاب ہیں نہ خواب ہیں عذاب ہی عذاب ہیں
چمن کو پھر بہار دو، میرا وطن سنوار دو
یہ دل یہ جان وار دو، میرا وطن سنوار دو

 

مقدس

لائبریرین
مجھے پاکستان سے اتنا لگاؤ نہیں ہے جتنا آپ سب کو ہے شاید
میرے لیے پاکستان میرے گرینڈ پیرنٹس کا ملک ہے جہان میں بہت پہلے ایک بار گئی تھی اور میرے ذہن میں وہاں کی کوئی یاد نہیں. ویسے اب تیمور کی وجہ سے شاید پھر کبھی چکر لگ جائے وہاں کا.
میری دعا ہے کہ پاکستان ، پاکستانیوں کے لیے محفوظ جگہ ہو جہاں جانے سے کسی کو ڈر نہ لگے. آمین
 

فاتح

لائبریرین
ایسی ہی ایک جھوٹی محبت کا ڈراما جس محبت کو ثابت کرنے کے لیے میں عملی طور پر کچھ کرنے سے معذور ہوں۔۔۔
ماہِ آزادی کے حوالے سے میری ایک پرانی غزل جو کئی سال پہلے کہی تھی لیکن آج بھی تازہ ہے۔
ارضِ وطَن کو پھر سے لہُو کا خراج دو
قربانیوں کی رسم کو پھر سے رِواج دو
ظلمت کی بادِ تیز سے جو سرنگوں نہ ہو
طاقِ وطن کو ایسا کوئی اب سراج دو
گر "کَل" سنوارنی ہے تمہیں ارضِ پاک کی
مقتل میں وقت کے یہ ضروری ہے "آج" دو
ماں سر برہنہ ہوتی چلی جا رہی ہے پھر
بیٹے ہو اس کے چاہئے عظمت کا تاج دو
دھرتی کی گود میں جو پلے ہو تو اب بشیر
قرضِ وفا بھی تم مع سود اور باج دو
 

الف نظامی

لائبریرین
بامقصد زندگی کا ناگزیر سوال یہ ہے کہ آپ دوسروں کے لیے کیا کر رہے ہیں؟
ہر شخص خدمت کر سکتا ہے ، مخلوقِ خدا کو فائدہ پہنچا سکتا ہے اس کے لیے محض تعلیم یافتہ ہونا کافی نہیں بلکہ انسانیت کی محبت سے لبریز دل چاہیے۔
اللہ کے نبی سے پوچھا گیا کہ سب اچھا انسان کون ہے ؟ فرمایا "جو دوسرے انسانوں کے لیے فائدہ مند ہو"
آپ ہر ماہ کم از کم ایک پودا لگا کر ماحول کو مسکراتی زندگی کا تحفہ دے سکتے ہیں اور اپنی زندگی کو بامقصد بنا سکتے ہیں۔
اگر ممکن ہو تو آج یوم آزادی پاکستان 14 اگست کو ایک پودا لگائیں ، پاکستان کو سر سبز و شاداب بنائیں
 

ناعمہ عزیز

لائبریرین
میں کن الفاظ میں پاکستان کے لئے اپنی محبت کا اظہار کروں ؟
نہیں پہلے مجھے یہ کہنا چاہئے میں جو کہوں گی سچ کہوں گی اور سچ کے سوا کچھ نہیں کہوں ،
میں جو محسوس کرتی ہوں میں جو سوچتی ہوں اپنے ملک کے لئے ، وہ سب میرا دل کرتا ہے کہ لفظوں میں بیان کردوں ،
لیکن نہیں میری محبت اس ارض پاک کے لئے اس قدر وسیع ہے کہ وہ لفظوں میں بیان نہیں ہو پائے گی، میرے اندر جوش ہے جنون ہے ولولہ ہے ، اپنے ملک کے لئے ان لوگوں کے لئے جو اس ملک سے ساتھ وفادار تھے اور جو آج بھی ہیں ، میں جب بھی پاکستان کے بارے میں کچھ پڑھتی ہوں چاہے وہ چھوٹی سی بچوں کی کہانی کیوں نا ہو تو میرے رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں ، میرا دل کرتا ہے میں لوگوں کو بتاؤں کہ مجھے پاکستان سے کتنی محبت ہے ، میں لوگوں کو بتاؤں کہ وطن سے محبت کیسے کرتے ہیں ؟ میرا دل کرتا ہے کہ میں لوگوں کو کہوں وہ پاکستان کو یوں مٹی میں مت رولیں ، ہم کیسے اپنے وطن کے ساتھ غداری کر سکتے ہیں ؟ ہم کیسے اپنے وطن کو چھوڑ کر جاسکتے ہیں ؟ وہ سر زمین جو ہماری پہچان ہے ! ہم کیسے اس کی عزت پر حرف آنے دے سکتے ہیں ؟ میرا دل کرتا ہے میں لوگوں سے کہوں کہ چھت پر جھنڈے لگانے سے ہرگز بھی محبت کا اظہار نہیں ہوتا ہمیں اپنے وطن کی محبت میں عملی طور پر جو کرتے ہیں وہ اصل محبت ہوتی ہے ۔
 

عمر سیف

محفلین
خدا کرے کہ میری ارضِ پاک پر اُترے
وہ فصلِ گُل ، جسے اندیشہ زوال نہ ہو
یہاں جو پھول کِھلے، وہ کھلا رہے صدیوں
یہاں خزاں کو گزرنے کی بھی مجال نہ ہو
یہاں جو سبزہ اگے، وہ ہمیشہ سبز رہے
اور ایسا سبز ، کہ جس کی کوئی مثال نہ ہو
گھنی گھٹائیں یہاں ایسی بارشیں برسا ئیں
کہ پتھروں سے بھی روٴید گی محال نہ ہو
خدا کرے کہ نہ خم ہو سر وقار وطن
اور اس کے حسن کو تشویش ماہ و سال نہ ہو
ہرایک فرد ہو تہذیب و فن کا اوج کمال
کوئی ملول نہ ہو، کوئی خستہ حال نہ ہو
خدا کرے کہ میرے اک بھی ہم وطن کےلیے
حیات جرم نہ ہو، زندگی وبال نہ ہو
خدا کرے کہ میری ارض پاک پر اترے
وہ فصل گل ، جسے اندیشہ زوال نہ ہو
 
قومیں درست تعلیم و تربیت سے ترقی پاتی ہیں۔
ہم سب پر ملکی اور قومی سطح پر اس سلسلے میں اپنا اپنا فرض ادا کرنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
تواریخ عالم اٹھا کر دیکھ لیں کہ یہی نسخہ ہے اس ملت کو پھر سے عراج ِ بام پر لے جانے کا۔
منظم اور مفت تعلیم و تربیت کا انتظام ہی ہماری اولین ترجیح ہونا چاہیے۔
اس پر عمل کیسے ہوگا۔
کوئی بتلائے کہ ہم بتلائیں کیا؟
 
ایک راز کی بات بتاؤں؟
یہاں اکثریت کو پاکستان سے اتنا بھی لگاؤ نہیں جتنا تمھیں ہے۔ ڈرامہ بازی کرتے ہیں وطن سے محبت کا جھوٹ بول کے
آپ غلط فہمی کا شکار ہیں۔ بلا شبہ پاکستانی قوم تباہ و برباد ہے، مگر اگر محبت کی بات کی جائے تو شاید ہی دنیا کی کوئی قوم اپنے ملک سے اتنی محبت کرتی ہو جتنا پاکستانی قوم اپنے ملک سے کرتی ہے۔
 
Top