بالاکوٹ حملہ: سشما سوراج نے آخر کار سچ بول دیا: ڈی جی آئی ایس پی آر
بھارت کا 2016 میں سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ بھی جھوٹا تھا: ڈی جی آئی ایس پی آر۔ فوٹو: فائل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے آخر کار سچ بول دیا۔
بھارت کی جانب سے پلوامہ میں 14 فروری کو ہونے والے حملے کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دیکر 26 فروری کو پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی گئی۔
پاک فضائیہ کے طیاروں نے بھارتی مداخلت کی کوشش کو ناکام بنا دیا تھا لیکن بھارت کا دعویٰ تھا کہ بالاکوٹ حملے میں کئی دہشت گرد اور پاکستانی فوجی ہلاک ہوئے۔
اس کے جواب میں پاکستان نے 27 فروری کو بھارت کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے دو طیاروں کو تباہ کیا اور بھارتی فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھی نندن کو گرفتار بھی کیا۔
پاکستان کی جانب سے مختلف ممالک کے ملٹری اتاشیوں، غیر ملکی سفیروں اور غیر ملکی صحافیوں کو بالا کوٹ کا دورہ بھی کروایا گیا جہاں کسی قسم کا کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا تھا۔
بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے رہنما انتخابی مہم کے دوران بالا کوٹ حملے کو اپنی تشہیر کے لیے بھی استعمال کرتے رہے جب کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ثبوت مانگنے کے باوجود بھارتی افواج اور حکمران کسی قسم کا ثبوت عوام اور میڈیا کے سامنے نہ رکھ سکے۔
اب بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے بھی بالاکوٹ حملے میں اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالاکوٹ حملے میں کوئی بھی پاکستانی فوجی یا سویلین ہلاک نہیں ہوا تھا۔
بھارتی وزیر خارجہ کے بیان پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سوشل میڈیا پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ نے آخر کار سچ بول دیا۔
میجر جنرل آصف غفور نے مزید لکھا کہ زمینی حقائق نے بھارت کو مجبور کر دیا، امید ہے بھارت باقی جھوٹوں سے متعلق بھی سچ بولے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فضائیہ دو طیارے گرائے جانے کی بھارت تردید کرتا رہا، بھارت کا پاک فضائیہ کا ایف 16 طیارہ گرانے کا دعویٰ بھی جھوٹا تھا۔
آصف غفور نے کہا کہ بھارت کا 2016 میں سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ بھی جھوٹا تھا۔ دیر آید درست آید۔