فرقان احمد
محفلین
صاحبو! شاعرانہ منطق اگر کوئی شے ہے تو لاجواب ہے۔ کیا آپ نے کبھی محسوس کیا کہ بحث مباحثے کے دوران اپنی دلیل کے حق میں کوئی شعر مل جائے تو بات میں خواہ مخواہ اک وزن سا پیدا ہو جاتا ہے۔ تقریری مقابلے تو موضوع کی موافقت میں برمحل شعر کے بغیر روکھے پھیکے لگتے ہیں۔ اگر کوئی مقرر موضوع کی مناسبت سے کوئی زبردست شعر سنا دے تو ہال تا دیر تالیوں سے گونجتا رہتا ہے۔ ہر شاعر کی اپنی اک دنیا ہوتی ہے اور بڑا شاعر تو اپنے اندر جہانِ معنی رکھتا ہے اور بسا اوقات اس کا سالہا سال بلکہ صدیوں پہلے کا کہا ہوا شعر عصر حاضر سے اپنا تعلق جوڑ لیتا ہے اور نہایت متعلقہ اور بامعنی محسوس ہوتا ہے۔ اس لڑی میں بھی ایسے اشعار کی شراکت کی جائے گی جو فی زمانہ پیش آنے والے واقعات سے موافقت و مطابقت رکھتے ہوں۔ ہمیں مسرت ہو گی کہ کوئی شعر آپ بھی سنائیں جو حالات حاضرہ پر صادق آتا ہو۔ اس بہانے شاعر کا بھی تذکرہ ہو جائے گا اور چائے خانے کی رونق بھی شاید کسی حد تک بحال ہو جائے۔