حسن محمود جماعتی
محفلین
بچپن میں جب سے اردو پڑھنا سیکھی ہے، سکول کی نصابی کتب جب آتیں، کلاسز کے آغاز سے قبل ہر وہ کتاب جو اردو میں ہوتی پڑھ ڈالتا. پھر گھر بھر میں کتابیں، بالخصوص جہاں سوتا اس کے ساتھ والی الماری میں. تو کچھ سمجھ آئے نہ آئے پڑھتا رہتا. یہ عرض کرتا چلوں گھر میں تب بھی اور اب بھی زیادہ تر کتب مذہبی ہیں. خالص ادبی کتب موجود نہ تھیں.15) آپ کا اردو ادب سے تعلق کب اور کیسے بننا شروع ہوا اور کن کن تبدیلیوں کا شکار ہوا؟ مزید یہ بھی بتائیے کہ گھر میں کس کس کو اس شغف تھا یا ہے؟
پھر سکول کے دوستوں سے تعلیم و تربیت، نونہال، بچوں کا اسلام، بزم قرآن خواتین کا اسلام، وغیرہ پڑھنا. پھر رشتہ داروں کے گھر اخبار اور اخبار جہاں نما رسالے. یہ شاید ابتدائی تعارف تھا اردو سے.
بڑے دونوں بھائی اور ان کے دوست، اکثر محفل جما کر شعر پڑھتے اور ایک دوسرے کو سناتے. اور ڈائریوں پر لکھتے جو تا حال محفوظ ہیں. میں حیران ہوتا کہ یہ عجیب و غریب نام لیتے ہیں ( مومن خاں مومن، غالب، فیض، درد، سودا وغیرہ) اور شعر پڑھتے ہیں. اس لمحے تک ہمارے لیے شعر محض نصاب کا حصہ اور تشریح کے لیے ہوتا تھا. لیکن بھائیوں کی غیر موجودگی میں ان کی ڈائریاں دیکھتا.
پھر جب کالج میں پڑھنے لاہور آئے تو یہاں ہمارے اردو کے بہت ہی قابل اور کامل، محترم اور انتہائی شفیق استاد منظور الحسن صاحب، پہلی ہی کلاس میں کہا کہ شعر پڑھتے کیسے ہیں. ایک خاص لَے اور ترنگ میں پوری کلاس سے بآواز بلند شعر پڑھوایا
اردو ہے جس کا نام، ہمیں جانتے ہیں داغ
سارے جہاں میں دھوم، ہماری زباں کی ہے
پھر سر نے سب سے کہا کہ باری باری اپنا پسندیدہ شعر اسی طرز میں سنائیں. بس یہ پہلی کلاس ہی ایسی غضب کی تھی کہ شام کو لائبریری پہنچے اور شاعری کی کتب دیکھنا شروع کیں.
تب سے اب تک شعر سے شغف ہے یہی اس سارے عمل کا ارتقا ہے. تدریجا بڑھا اور پھر کالج دورسے اب تک الحمد للہ ساتھ ہے.
گھر میں تقریبا سبھی کو پڑھنے سے شغف ہے. جب سے ہوش سنبھالا گھر میں کتب دیکھی ہیں کچھ ماہانہ رسائل آتے تھے. گرمیوں کی چھٹیوں میں پھپھو، امی اور ابو سب کے ہاتھ میں کتاب اور لیٹے پڑھ رہے ہیں.
کہہ سکتے ہیں یہ موروثی ہے. امی کو بہت شوق رہا ہے شاعری کا. ان کی ڈائری آج بھی موجود ہے جس کے بارے میں وہ بتاتی ہیں کہ ریڈیو پر جب میڈم یا نیرہ نور وغیرہ کی غزلیں لگتیں تو وہ لکھا کرتی تھیں. پڑھنے کے معاملے میں امی غضب ہیں. پڑھنے کی سپیڈ اور لگن ایسی ہے، کچھ عرصہ پہلے ایک کتاب لائی قریب 1100 صفحات کی. 3 دن میں پڑھ ڈالی. روٹی پکاتے ہنڈیا بناتے شیلف میں ساتھ کتاب رکھی اور کام بھی. پھر جیسا عرض کیا بھائی دونوں باذوق ہیں اچھے اشعار باقاعدگی سے پڑھتے ہیں. سناتے ہیں.