اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی + نیوز ایجنسیاں) اسلامی نظریہ کونسل نے کہا ہے کہ مرد کو دوسری شادی کے لئے پہلی بیوی سے اجازت لینا لازمی نہیں عائلی قوانین 1961ء کی اس شق کو غیر شرعی قرار دیا گیا جس کے تحت شادی کے لئے پہلی بیوی سے اجازت لینے کا پابند بنایا گیا ہے۔ اسلامی کونسل کا اجلاس مولانا محمد خان شیرانی کی صدارت میں ہوا۔ مولانا شیرانی نے کہا کہ شریعت نے شوہر کو اس بات کا پابند بنایا ہے کہ وہ تمام بیویوں سے عدل و انصاف کرے اور یکساں سلوک روا رکھے۔ آن لائن کے مطابق کونسل نے سود سمیت دیگر اسلامی احکامات کے کیسز کی جلد سماعت کیلئے چیف جسٹس آف پاکستان اور وفاقی شرعی عدالت کو خط لکھنے کا اصولی فیصلہ کرلیا، چیئرمین محمد خان شیرانی نے حکومت طالبان مذاکرات کو سیاسی مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کونسل کا اس سے کوئی تعلق نہیں، ایک سے زائد شادیوں کا قانون سہل اور نکاح، طلاق، بلوغت و میراث پر قانون سازی کی اشد ضرورت ہے، اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس آج پھر ہوگا، حدود و قصاص قوانین کی تشکیل کیلئے خواتین ماہرین کی آراء ،تحفظ پاکستان آرڈیننس سمیت دیگر معاملات کا جائزہ لیا جائیگا۔ اجلاس میں تحفظ پاکستان آرڈیننس، آزاد کشمیر اسلامی نظریاتی کونسل کی حدود و قصاص قوانین کی تشکیل میں خواتین کی آراء شامل کرنے کیلئے خواتین ماہر قانون سے بھی مشاورت سمیت دیگر امور بھی زیر بحث آئینگے اور مفصل بحث کے بعد اسلامی نظریاتی کونسل ان معاملات پر اپنی سفارشات مرتب کریگی۔
http://www.nawaiwaqt.com.pk/national/11-Mar-2014/287720
http://www.nawaiwaqt.com.pk/national/11-Mar-2014/287720