ابوحمدان ناظم رضا مصباحی
بہت خوشی ہوئی کہ آپ لوگ دہلوی نستعلیق پر کام کرنا چاہ رہے ہیں ۔ میں کچھ گذارشات پیش کرنا چاہ رہا ہوں ۔ تاکہ فونٹ میکنگ کے ابتدائی مراحل میں ان کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے۔
۱۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اگر آپ دہلوی نستعلیق کا کوئی اچھا فونٹ بنانا چاہتے ہیں تو آپ کے پاس تمام اشکال ایک ہی خطاط کی لکھی ہونی ضروری ہیں۔ مختلف خطاطین کی اشکال لے کر کوئی خوبصورت فونٹ نہیں بنایا جا سکتا۔ اگر ایک ہی خطاط کی لکھی ہوئی تمام اشکال میسر نہ ہوں تو کم از کم ایک ہی استاذ خطاط کی لکھی ہوئی اشکال اور پھر باقی اشکال انہیں کے شاگرد خطاط حضرات کی لکھی ہوئی ہونی چاہیں۔۔ یہ اس لیے ضروری ہے تاکہ پورے فونٹ کی روشِ خطاطی ایک ہی رہے۔ جس طرح لاہوری طرزِ نستعلیق میں مختلف اساتذہ خطاطین کی الگ الگ روشیں ہیں اسی طرح دہلوی نستعلیق کا بھی یہی حساب ہے ۔ لاہوری نستعلیق میں ، جناب یوسف سدیدی مرحوم صاحب کا اپنا الگ انداز ہے، جناب تاج الدین زریں رقم صاحب کا اپنا مختلف انداز ہے، اور جناب سید نفیس شاہ صاحب رحمہ اللہ کا اپنا منفرد انداز ہے۔ لیکن انداز (روش) مختلف ہونے کے باوجود یہ سب لاہوری نستعلیق ہی کے خطاط تھے۔ اور پھر ان مشہور اساتذہ کے شاگردوں نے اپنے ہی اساتذہ کی روشوں کو اپنایا ہے۔ فونٹ میں یکسانیت کے لیے ایک ہی روش کے خطاطین کی خطاطی کی اشکال ہونا لازمی ہیں ۔ ورنہ اتنی محنت کے باوجود رزلٹ کچھ نہیں نکلتا اور کھچڑی پک جاتی ہے۔
۲۔ دوسرا اہم پوائنٹ یہ ہے کہ آپ کا دہلوی نستعلیق کے ماہرکسی اچھے خطاط کے ساتھ تعلق لازمی ہونا چاہیے جسے کمپیوٹر اور اس کی لمیٹیشنز کا علم ہو۔ اور وہ خطاط بھی اسی روشِ نستعلیق کا مقلد ہو جس کا آپ فونٹ بنانا چاہ رہے ہوں۔