سالگرہ مبارک باباجانی۔۔۔۔۔

نیرنگ خیال

لائبریرین
میں نے جب گھر چھوڑا تو کبھی والد صاحب مجھے ضد کر کے چھوڑنے آجاتے بس اڈے تک۔ اور پھر میں دیکھتا رہتا۔ جب تک بس نگاہوں سے اوجھل نہیں ہوجاتی تھی۔ وہ وہیں کھڑے رہتے ۔ میں بےنیاز تھا۔ اولاد کی جدائی کے درد سے۔ ان کو کہتا۔ بابا آپ کیوں آتے ہیں۔ آپ گھر بیٹھیں۔ مجھے بالکل اچھا نہیں لگتا کہ آپ یوں کھڑے رہیں۔ یہاں مٹی ہے۔ آپ کی طبیعت خراب ہوجائے گی۔ لیکن بابا کے لبوں پر ایک ہلکی سی مسکان ابھر آتی۔ بیٹا چند منٹ کی تو بات ہے۔ ابھی تمہاری بس چلی جائے گی۔ تو میں بھی گھر لوٹ جاؤں گا۔ پھر بابا نے مجھے چھوڑنے آنا چھوڑ دیا۔ بس وہی دروازے سے مل کر کہتے ۔ پہنچتے ہی فون کر دینا۔ اور صبح میرے فون کرنے سے پہلے ہی خود فون کر لینا۔ اور میں اس محبت کو سمجھ ہی نہیں پایا کبھی۔ پھر ایک دن میں اپنی اولاد کو چھوڑنے بس اڈے تک آگیا۔ بٹیا شیشے سے دیکھ دیکھ کر ہاتھ ہلا رہی تھی۔ اور میں کھڑا دیکھ رہا تھا کہ شیشے میں بٹیا نہیں میں بیٹھا ہوں۔ اور باہر میرا باپ کھڑا ہے۔ میری آنکھوں میں نمی بڑھنے لگی۔ میں وہاں سے ہٹنا چاہتا تھا۔ لیکن جب تک بس نگاہوں سے اوجھل نہیں ہوگئی۔ میں ایک قدم ہل نہیں سکا۔ اس بار جب گھر گیا تو والد صاحب نے کہا میں تمہیں چھوڑنے جاؤں گا اڈے تک۔ میرا دل کانپ گیا۔ بابا بس کے باہر کھڑے تھے۔ اور میرا دل بھی۔ جب بس چلنے لگی تو بابا دوسری طرف دیکھنے لگے۔ میں کرب میں ڈوب گیا۔ اپنی بیٹی کو میں گھر چھوڑ آیا تھا کہ مجھے جاتا دیکھ کر روئے گی۔ اور اپنے باپ کو ساتھ لے آیا ۔ کتنے سالوں سے میں ان کو رلا رہا ہوں۔ کتنے ہی سالوں سے۔

دوسرا المیہ محبتوں کے اظہار کا رہا۔ اس بات کا احساس مجھے اس دن ہوا ۔ جب ایک دن میں اور بٹیا رانی سونے کے لیے لیٹے تھے۔ تو اس نے مجھ سے لپٹ کر کہا۔ پاپا آئی لو یو۔ وقت سمٹ گیا۔ اور میں اس کیفیت طرب کو بیان نہیں کر سکتا۔ اس کےبعد اس نے عادت بنا لی۔ وہ روز مجھے سونے سے پہلے یہی یاددہانی کرواتی۔ کہ پاپا آئی لو یو۔ میری دو سال کی بیٹی سمجھتی ہے۔ کہ ماں باپ سے محبت ہےتو ان کو بتانا بھی ہے۔ اور میں جس کی جوانی کا سورج ڈھلنے لگا ہے۔ اس بات سے بےخبر۔ کبھی نہیں کہا۔ کہ بابا مجھے آپ سے محبت ہے۔ ایسی کیا چیز تھی جس نے مجھے مدتوں یہ کہنے سے روکے رکھا۔ آخر ایسا کیا تھا کہ میں کبھی یہ کہہ ہی نہیں پایا۔ جبکہ یہ بات تو مجھ پر واضح تھی کہ میں اپنے بابا سے بہت محبت کرتا ہوں۔ آج جب اس یوم مزدور پر آپ کی سالگرہ ہے۔ تو میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ بابا میں آپ سے بہت محبت کرتا ہوں۔ آج میں یہ آپ کو کہنا چاہتا ہو ں کہ جو مزدوری آپ نے تاعمر ہمارے لیے کی ہے۔ اور ابھی تک کر رہے ہیں۔ میں اس کے کسی ایک لمحے کی قیمت بھی ادا کرنے کے قابل نہیں ہوں۔ لیکن میری دعا یہی ہے کہ اللہ آپ کا سایہ تاعمر میرے سر پر سلامت رکھے۔ مجھے فرمانبردار اور محبتوں کو پہچاننے والا بنائے۔ اور میرے لیے ایسے اسباب پیدا کرے کہ میں آپ کے پاس رہوں۔ آپ کی خدمت کروں۔

آج میرے بابا کی سالگرہ ہے۔۔۔ اللہ سبحان و تعالیٰ ان کو صحت دے۔ اور ان کا سایہ سدا میرے سر پر قائم و دائم رکھے۔ آمین

یہی تحریر میرے بلاگ پر
 
ماہی احمد

لائبریرین
آمین
اللہ پاک سے ان کی لمبی عمر اور اچھی صحت اور آسانیوں کے لئیے دعا ۔
اللہ پاک آپ کے تمام گھر والوں کو اپنی رحمت کی چادر میں ڈھانپ لے۔۔۔
آمین
اور ہمیشہ سے یہاں ایسا ہی ہوتا آیا ہے، جب تک ہم دوسرے کی جگہ پر جا کر کھڑے نہیں ہو جاتے ہمیں ان کے دکھوں تکلیفوں اور مشکلات کا اندازہ ہی نہیں ہوتا۔
خیر بہت عمدہ بات کہی آپ نے نینی بھائی
جیتے رہئیے :)
 
عمراعظم

محفلین
نیرنگ خیال نے اظہارِ خیال کیا: آج میرے بابا کی سالگرہ ہے۔۔۔ اللہ سبحان و تعالیٰ ان کو صحت دے۔ اور ان کا سایہ سدا میرے سر پر قائم و دائم رکھے۔ آمین

بہت مبارک ہو آپ کو بھی اور آپ کے بابا کو بھی۔ آپ دونوں باپ بیٹے انتہائی خوش قسمت بھی ہیں اور قابلِ ہزار ستائش و تحسین بھی - اللہ آپ دونوں کی محبت کو قائم و دائم رکھے-آمین
ایک حدیث کا مفہوم ہے " اگر ماں کے قدموں تلے جنت ہے تو باپ اس کا دروازہ ہے"
اب جب آپ کو اس بات کا ادراک ہو چکا ہے کہ بعض جذبے اظہار کے متقاضی رہتے ہیں تو اب ان کا بھر پور اظہار کیجئے ،بلکہ گزشتہ کوتاہی کا حساب چکا دیجیے-اللہ آپ کا حامی ناصر رہے-آمین
 
آخری تدوین:

تلمیذ

لائبریرین
اللہ تعالےٰ آپ کے والد صاحب کو صحت و تندرستی سے رکھے، آمین۔
شدت احساس سے شرابور آپ کی اس تحریر کو پڑھ کر تقریباً 45 سال پیچھے جا کرپرانا ایک منظر میرے ذہن میں پھر تازہ ہوگیا ہے۔
میرے ایک ہم جماعت کو نشتر میڈیکل کالج میں داخلہ ملا تو اس کےوالد جو ایک اسکول ٹیچر تھے، بے حد مسرور اور نازاں تھے۔ وہ ہمارے محلے کی ایک دوسری گلی میں رہائش پذیر تھے اور اڈے کو جانے کے لیے سڑک تک پہنچنے کے لیےراستہ ہماری گلی سے ہو کر گذرتا تھا۔ جس روز میرادوست کالج جانے کے لیے روانہ ہواتو سامان زیادہ ہونے کی وجہ سے میرے دوست کے علاوہ اس کے والد صاحب نے بھی ایک سوٹ کیس اپنے کاندھے پر اٹھایا ہوا تھا۔ اتفاق سے میں اپنے گھر کی چھت پر کھڑا یہ منظر دیکھ رہا تھا۔ پھر میرے دوست نے تعلیم مکمل کر نے کے بعد بیرون ملک سے تخصیصی ڈپلومہ حاصل کرنے کے بعد فوج کی تین سالہ لازمی سروس کرنے کے بعد اپنا ہسپتال بنایا تو اللہ کا اس پر بے انتہا کرم ہوا اور وہ ہسپتال خوب چلا۔ وہ دونوں باپ بیٹا اب اس دنیا میں نہیں ہیں، کیوں کہ والد تو طبعی عمر سے اور میرےدوست چند سال پہلے ایک حادثے میں انتقال کر گئے، اللہ پاک ان کی مغفرت فرمائے۔ رہے نام اللہ کا۔

آپ کی تحریر پڑھ کروہی منظر پھر میری آنکھوں کے سامنے آ گیا ہے۔ جس طرح ان کی محبت آپکے دل میں تازہ ہے اور آپ ان کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں، اللہ پاک سے دعا ہے کہ وہ آپ کو توفیق دے کہ آپ اپنے دل کی تمناؤں کو پورا کر سکیں اور باری تعالے آپ پراپنا فضل و کرم فرمائے اورآپ اس کے احکامات کے مطابق ان کی حتی المقدور خدمت کرنے کے فرض سے عہدہ برآہو سکیں۔، آمین۔
 
آخری تدوین:

سید زبیر

محفلین
رب کریم آپ کے والد کو طویل عمر عطا فرمائے ، ہر دکھ ، محتاجی سے بچائے اور آپ کو اُن کی خدمت کی سعادت عطا فرمائے (آمین ثم آمین)
 
سیدہ شگفتہ

لائبریرین
بہت شاندار ذوالقرنین بھائی، االلہ تعالیٰ آپ کے بابا جان کو صحت و تندرستی کے ساتھ طویل عمر عطا فرمائے اور آپ کو ان کی خدمت اور ان کے وقت ساتھ وقت گزارنے کی سعادت ملے، اور ان کا دل آپ سے خوش ہو، آمین۔
 
نیرنگ خیال

لائبریرین
بہت خوبصورت تحریر۔
شریک محفل کرنے کا شکریہ۔
شکریہ شمشاد بھائی۔۔۔۔

آمین
اللہ پاک سے ان کی لمبی عمر اور اچھی صحت اور آسانیوں کے لئیے دعا ۔
اللہ پاک آپ کے تمام گھر والوں کو اپنی رحمت کی چادر میں ڈھانپ لے۔۔۔
آمین
اور ہمیشہ سے یہاں ایسا ہی ہوتا آیا ہے، جب تک ہم دوسرے کی جگہ پر جا کر کھڑے نہیں ہو جاتے ہمیں ان کے دکھوں تکلیفوں اور مشکلات کا اندازہ ہی نہیں ہوتا۔
خیر بہت عمدہ بات کہی آپ نے نینی بھائی
جیتے رہئیے :)
اچھی بات کی تصدیق کرنے کا شکریہ :)

نیرنگ خیال نے اظہارِ خیال کیا: آج میرے بابا کی سالگرہ ہے۔۔۔ اللہ سبحان و تعالیٰ ان کو صحت دے۔ اور ان کا سایہ سدا میرے سر پر قائم و دائم رکھے۔ آمین

بہت مبارک ہو آپ کو بھی اور آپ کے بابا کو بھی۔ آپ دونوں باپ بیٹے انتہائی خوش قسمت بھی ہیں اور قابلِ ہزار ستائش و تحسین بھی - اللہ آپ دونوں کی محبت کو قائم و دائم رکھے-آمین
ایک حدیث کا مفہوم ہے " اگر ماں کے قدموں تلے جنت ہے تو باپ اس کا دروازہ ہے"
اب جب آپ کو اس بات کا ادراک ہو چکا ہے کہ بعض جذبے اظہار کے متقاضی رہتے ہیں تو اب ان کا بھر پور اظہار کیجئے ،بلکہ گزشتہ کوتاہی کا حساب چکا دیجیے-اللہ آپ کا حامی ناصر رہے-آمین
بےشک سر۔۔۔ اللہ سبحان و تعالیٰ مجھے توفیق دے۔۔۔ :)

۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔ ۔
نایاب بھائی :)

اللہ تعالےٰ آپ کے والد صاحب کو صحت و تندرستی سے رکھے، آمین۔
شدت احساس سے شرابور آپ کی اس تحریر کو پڑھ کر تقریباً 45 سال پیچھے جا کرپرانا ایک منظر میرے ذہن میں پھر تازہ ہوگیا ہے۔
میرے ایک ہم جماعت کو نشتر میڈیکل کالج میں داخلہ ملا تو اس کےوالد جو ایک اسکول ٹیچر تھے، بے حد مسرور اور نازاں تھے۔ وہ ہمارے محلے کی ایک دوسری گلی میں رہائش پذیر تھے اور اڈے کو جانے کے لیے سڑک تک پہنچنے کے لیےراستہ ہماری گلی سے ہو کر گذرتا تھا۔ جس روز میرادوست کالج جانے کے لیے روانہ ہواتو سامان زیادہ ہونے کی وجہ سے میرے دوست کے علاوہ اس کے والد صاحب نے بھی ایک سوٹ کیس اپنے کاندھے پر اٹھایا ہوا تھا۔ اتفاق سے میں اپنے گھر کی چھت پر کھڑا یہ منظر دیکھ رہا تھا۔ پھر میرے دوست نے تعلیم مکمل کر نے کے بعد بیرون ملک سے تخصیصی ڈپلومہ حاصل کرنے کے بعد فوج کی تین سالہ لازمی سروس کرنے کے بعد اپنا ہسپتال بنایا تو اللہ کا اس پر بے انتہا کرم ہوا اور وہ ہسپتال خوب چلا۔ وہ دونوں باپ بیٹا اب اس دنیا میں نہیں ہیں، کیوں کہ والد تو طبعی عمر سے اور میرےدوست چند سال پہلے ایک حادثے میں انتقال کر گئے، اللہ پاک ان کی مغفرت فرمائے۔ رہے نام اللہ کا۔

آپ کی تحریر پڑھ کروہی منظر پھر میری آنکھوں کے سامنے آ گیا ہے۔ جس طرح ان کی محبت آپکے دل میں تازہ ہے اور آپ ان کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں، اللہ پاک سے دعا ہے کہ وہ آپ کو توفیق دے کہ آپ اپنے دل کی تمناؤں کو پورا کر سکیں اور باری تعالے آپ پراپنا فضل و کرم فرمائے اورآپ اس کے احکامات کے مطابق ان کی حتی المقدور خدمت کرنے کے فرض سے عہدہ برآہو سکیں۔، آمین۔
اللہ اکبر۔۔۔ اللہ سب کو اپنے ماں باپ کی فرمانبرداری کی توفیق دے۔ آمین

رب کریم آپ کے والد کو طویل عمر عطا فرمائے ، ہر دکھ ، محتاجی سے بچائے اور آپ کو اُن کی خدمت کی سعادت عطا فرمائے (آمین ثم آمین)
آمین
سالگرہ مبارک بابا۔۔!
آمین!
شکریہ مانو۔۔۔ :)

بہت شاندار ذوالقرنین بھائی، االلہ تعالیٰ آپ کے بابا جان کو صحت و تندرستی کے ساتھ طویل عمر عطا فرمائے اور آپ کو ان کی خدمت اور ان کے وقت ساتھ وقت گزارنے کی سعادت ملے، اور ان کا دل آپ سے خوش ہو، آمین۔
شکریہ اپیا۔۔۔ بہت دنوں بعد نظر آئے ہو آپ۔۔۔
آمین۔۔۔
 
سیدہ شگفتہ

لائبریرین
ذوالقرنین بھائی، آپ ایک بار والدین سے ملنے جا رہے تھے اور واپسی پر آپ نے روداد لکھنا تھی، کیا آپ نے واپسی پر لکھا تھا یہاں اگر ہاں تو اس کا ربط بتائیں پلیز
 
نیرنگ خیال

لائبریرین
ذوالقرنین بھائی، آپ ایک بار والدین سے ملنے جا رہے تھے اور واپسی پر آپ نے روداد لکھنا تھی، کیا آپ نے واپسی پر لکھا تھا یہاں اگر ہاں تو اس کا ربط بتائیں پلیز
کہاں لکھی۔۔۔ وہ تو بس ہوا کا رزق ہو گئی۔۔۔۔ :)
 
نایاب

لائبریرین
محترم خیال بھائی
تحریر آپ کی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کیا کہوں کیا کیفیت برپا کر گئی ۔
اپنی کوتاہیاں اپنی لغزشیں اپنی حماقتیں سب یاد آگئیں ۔
بس پھر آنکھ وضو کرتی رہی ۔۔ دل نماز پڑھتا رہا ۔۔۔۔۔۔
لفظ ساتھ چھوڑ گئے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بہت دعائیں
 
نیرنگ خیال

لائبریرین
محترم خیال بھائی
تحریر آپ کی ۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔ کیا کہوں کیا کیفیت برپا کر گئی ۔
اپنی کوتاہیاں اپنی لغزشیں اپنی حماقتیں سب یاد آگئیں ۔
بس پھر آنکھ وضو کرتی رہی ۔۔ دل نماز پڑھتا رہا ۔۔۔ ۔۔۔
لفظ ساتھ چھوڑ گئے ۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔ ۔
بہت دعائیں
نایاب بھائی۔۔۔۔ بے شک یہ کیفیت بھی عجب ہے۔
آپ کبھی لکھیے نا۔۔۔ آپ کی تحریر کتنی جاندار ہوگی اس کا اندازہ آپ کو نہیں ہو سکتا۔
 
Top