سموسے اور رول

سین خے

محفلین
سموسے اور رول

otopj9.jpg



گھر میں سموسے اور رول بنانے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ آپ کو معلوم ہوتا ہے کہ آپ کس طرح کے اجزا استعمال کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بازار میں دستیاب رول سموسوں کے مقابلے میں آپ گھر پر اپنی ضرورت کے مطابق انھیں فرائے یا بیک کر لیتے ہیں۔ بجٹ کے حساب سے بھی کم خرچ میں تیار ہو جاتے ہیں۔

میں مختلف قسم کا آمیزہ بناتی آئی ہوں۔ کچھ تراکیب یہاں شامل کی جارہی ہیں۔

آلو اور چیڈر چیز کے سموسے:

آلو- بڑے پانچ سے چھ عدد

چکن کیوب – ایک عدد میں کے این اینز کا استعمال کرتی ہوں کیونکہ ایم ایس جی فری ہوتا ہے اور دوسرے دستیاب چکن کیوبز کے مقابلے میں اس کا ذائقہ بہتر ہوتا ہے۔

لہسن – ایک جوا

لال مرچ – آدھا چائے کا چمچ

چیڈر چیز – 50 سے 70 گرام، کبھی کبھی میں کریم چیز triangles بھی استعمال کرتی ہوں

خشک آریگانو کے پتے – ایک چائے کا چمچ

نمک اور کالی مرچ – حسبِ ذائقہ

ترکیب:

آلووَں کو چھیل کر چھوٹے کیوبز کاٹ لیں۔ ایک پین میں آلووَں کے ساتھ لہسن کچل کر اور باریک چاپ کر کے ڈال کر دیں۔ لال مرچ اور چکن کیوب بھی شامل کر دیں۔ پانی اتنا شامل کریں کہ آلو پورے نہ ڈوبیں۔ ہلکی آنچ پر پکنے کے لئے چھوڑ دیں۔ اگر پانی خشک ہو جائے اور آلو نہ گلے ہوں تو تھوڑا سا پانی اور شامل کر دیں۔ کم پانی رکھنے کی وجہ یہ ہے کہ آلووَں کے ساتھ جو اجزا شامل کئیے ہیں ان کا مزا برقرار رہے۔ اگر پانی زیادہ ہوگا تو گلنے کے بعد آپ کو پانی پھینکنا پڑ جائے گا اور باقی اجزا کا مزا بھی جاتا رہے گا۔

جب گل جائیں تو نمک اور کالی مرچ شامل کر دیں۔ نمک ہلکا رکھئے گا کیونکہ چکن کیوب بھی نمکین ہوتا ہے اور چیڈر چیز بھی۔ اب اس آمیزے میں کدوکش کیا ہوا چیڈر چیز اور آریگانو کے پتے شامل کر دیں۔

بازار میں جو سموسہ پٹی دستیاب ہوتی ہے اس کے حساب سے ہر سموسے میں تقریباً ایک چائے کا چمچ آمیزہ جائے گا۔ زیادہ اس لئے نہیں بھرا جاتا ہے کہ اس میں چیز شامل ہے اور تلتے وقت آمیزہ باہر نکلنے لگتا ہے اور سموسے پھٹ جاتے ہیں۔ اس آمیزے سے تقریباً 50 سے 60 سموسے آسانی سے بن جاتے ہیں۔

چنا چاٹ سموسے

یہ سموسے یونائیٹڈ پر ملتے ہیں۔ ہمارے گھر میں ہر کسی کو بہت پسند آتے ہیں تو اب گھر میں بھی بنانا شروع کر دئیے ہیں۔

اجزا:
ابلے ہوئے چنے – دو کپ

ایک آلو – ابلا ہوا

ہرا دھنیا – ایک چوتھائی کپ باریک کٹا ہوا

ایک سے دو ہری مرچیں باریک کٹی ہوئیں

ایک سے دو چائے کے چمچ لیموں کا رس

نمک اور چاٹ مصالحہ – حسبِ ذائقہ

ترکیب:

آلو کو چھوٹا چھوٹا کاٹ لیں۔ چنوں کو ہلکا سا میش کر لیں۔ چنوں کو کچھ ثابت بھی رہنے دیجئے گا۔ اب ان میں باقی سب اجزا شامل کر دیں۔ اس آمیزے سے تقریباً تیس سے زیادہ سموسے تیار ہو جاتے ہیں۔

قیمے اور کارن کے سموسے

قیمہ – گائے یا مرغی کا قیمہ آدھا کلو

سوئیٹ کارن – ایک ٹن۔ میں اٹالیا کا استعمال کرتی ہوں۔ اس کی قیمت بھی کم ہوتی ہے اور کارن کا ذائقہ بھی بہت اچھا ہوتا ہے۔

ادرک اور لہسن – باریک چاپ ہوا دو کھانے کے چمچ

پیاز – دو عدد باریک کٹی ہوئی

ٹماٹو پیوری – دو کھانے کے چمچ اگر نہ ہو تو کیچپ بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ کیچپ استعمال کرنے کی صورت میں تین سے چار کھانے کے چمچ شامل کیجئے گا

لال مرچ – ایک کھانے کا چمچ

سویا ساس – دو کھانے کے چمچ، آپشنل ہے۔ سویا ساس شامل کرنے کی صورت میں ایک چمچ سرکہ بھی ڈالا جائے گا

ہرا دھنیا- کٹا ہوا آدھا کپ

ہلدی – آدھا چائے کا چمچ

نمک اور کالی مرچ – حسبِ ذائقہ

تیل تین سے چار کھانے کے چمچ

ترکیب:

ایک پین میں تیل میں لہسن ادرک اور پیاز شامل کر کے پکنے کے لئے رکھ دیں۔ پیاز ٹرانسلیوسنٹ ہو جائے تو قیمہ شامل کر دیں۔ اچھی طرح بھونیں۔ پھر اس میں ٹماٹو پیوری اور مصالحہ جات شامل کر دیں۔ اگر سویا ساس استعمال کرنا چاہیں تو سویا ساس اور سرکہ بھی شامل کر دیں۔ اچھی طرح سے مکس کریں۔ پھر اس میں کارن شامل کر دیں۔ اگر گائے کا قیمہ ہوا اور آپ کو لگے کہ پانی کی ضرورت ہے تو تین سے چار کھانے کے چمچ پانی کے شامل کئیے جا سکتے ہیں۔ مرغی کے قیمے میں پانی کی کبھی ضرورت نہیں پڑتی ہے۔ ڈھک کر اتنی دیر پکائیں کہ قیمے کا پانی خشک ہو چکا ہو اور کارن بھی گل گئے ہوں۔ آخر میں ہرا دھنیا شامل کر دیں۔ اس آمیزے سے تقریباً چالیس سے زائد سموسے تیار ہوتے ہیں۔

قیمے اور مشروم کے سموسے

قیمے اور کارن کے آمیزے میں آپ کارن کی جگہ مشروم استعمال کر سکتے ہیں۔ مشرومز کو باریک سلائس کر لیں اور قیمے میں شامل کرنے سے پہلے ایک الگ پین میں ایک سے دو چمچ تیل کے ساتھ انھیں پہلے براوَن کر لیں۔ براوَن کرنے کے بعد مشرومز کو قیمے میں شامل کریں۔

قیمے اور چیڈر چیز کے سموسے

قیمے اور کارن کے آمیزے میں سویا ساس اور سرکہ شامل نہ کیجئے گا۔ میں اس آمیزے میں ایک کھانے کا چمچ مسٹرڈ پیسٹ شامل کرتی ہوں۔ اگر مسٹرڈ ساس ہے تو وہ بھی شامل کیا جا سکتا ہے اور ساس آپ زیادہ مقدار میں بھی شامل کر سکتے ہیں۔ ہرا دھنیا کی جگہ خشک آریگانو کے پتے ایک کھانے کا چمچ شامل کر دیجئے گا۔ چیڈر چیز کدوکش کیا ہوا تقریباً 70 سے 100 گرام تک شامل کیا جا سکتا ہے۔ ہر سموسے میں ایک چائے کے چمچ سے کم آمیزہ استعمال ہوگا کیونکہ اس میں چیز کی مقدار زیادہ ہے۔ اگر آپ آمیزہ زیادہ بھرنا چاہیں تو چیڈر چیز کی مقدار 50 سے 70 گرام کر دیجئے گا۔ تقریباً سو گرام تک چیڈر چیز استعمال کئیے جانے سے 60 سے زائد سموسے بنتے ہیں۔

چیڈر چیز کی جگہ کریم چیز یا کریم چیز triangles بھی استعمال کئیے جا سکتے ہیں۔

چائینیز اسپرنگ رول

ہڈی کے بغیر مرغی کا گوشت – آدھا کلو۔ لمبی چھڑیاں کاٹ لیں

لہسن ادرک – کچل کر باریک کاٹ لیں، دو کھانے کے چمچ

پیاز دو عدد سلائس کر لیں

بند گوبھی – ایک درمیانی سائز کی، جولیین کاٹ لیں

گاجر – دو عدد جولیین کاٹ لیں

شملہ مرچ – دو عدد جو لیین کاٹ لیں

سویا ساس – تین کھانے کے چمچ

سیسمی آئل – تین کھانے کے چمچ

چلی ساس – دو کھانے کے چمچ

سرکہ – دو کھانے کے چمچ

نمک کالی مرچ – حسبِ ذائقہ

ترکیب:

سیسمی آئل میں ادرک لہسن ڈال کر ہلکا سا نرم ہونے تک پکنے دیں۔ اب اس میں مرغی کا گوشت اور نمک کالی مرچ شامل کر کے پکائیں۔ مرغی کا پانی سوکھنے لگے تو سویا ساس، چلی ساس اور سرکہ شامل کر دیں۔ ڈھک کر اتنی دیر پکائیں کہ چکن پک جائے۔ اب اس میں ساری کٹی ہوئی سبزیاں شامل کر دیں۔ سبزیوں کو زیادہ نہیں پکانا ہے۔ تھوڑا کرنچی رہنے دیجئے گا۔ اس آمیزے سے کم از کم بیس سے پچیس رول آسانی سے بن جاتے ہیں

Variation:

کبھی کبھی میں تھوڑا سا ریڈی میڈ کام کرنے کی کوشش کرتی ہوں اگر میرے پاس وقت کی کمی ہو۔ مرغی دھونے کاٹنے میں وقت لگتا ہے۔ میں مرغی کے گوشت کی جگہ کے این اینز کے چپلی کباب استعمال کر لیتی ہوں۔ چپلی کباب فریز ہوتے ہیں تو آسانی سے کاٹے جا سکتے ہیں۔ میں ان کو لمبا لمبا کاٹ کر شامل کرتی ہوں۔ یہ آمیزہ بھی مزے کا بنتا ہے۔ پاکستانی اور چائینیز فیوشن فلیور ہوتا ہے۔

مونگ کی دال کے سموسے

ہمارے یہاں نمکو والی مونگ کی دال کے سموسے بنتے ہیں۔ مونگ کی دال میں حسبِ ضرورت لیموں کا رس ملا کر کچھ دیر کے لئے رکھ دیں۔ دال تھوڑی سی نرم ہو جائیگی۔ پھر اس میں چاٹ مصالحہ، باریک کٹا ہرا دھنیا، پیاز اور ہری مرچیں شامل کر دیں۔ جھٹ پٹ مزیدار سموسے تیار ہو جاتے ہیں۔
 
آخری تدوین:

سین خے

محفلین
پیزا رول

یہ میں نے پہلی بار اس رمضان میں بنائے۔ یہ سب سے زیادہ پسند کئیے گئے۔

پیزا ساس:

ٹماٹر – آدھا کلو

ٹماٹو پیوری – تین کھانے کے چمچ اگر نہ ہو تو کیچپ استعمال کر لیں

آلیوو آئل – تین سے چار کھانے کے چمچ اگر نہ ہو تو سادہ تیل بھی استعمال کر سکتے ہیں

لہسن- دو جوے، کچل کر باری کاٹ لیں

پیاز – ایک عدد، باریک کاٹ لیں

چکن کیوب – ایک عدد

کٹی لال مرچ – ایک چائے کا چمچ

خشک تھائم – ایک چائے کا چمچ

تیز پتا – ایک

سرکہ – ایک چائے کا چمچ

نمک کالی مرچ – حسبِ ذائقہ

ترکیب

آلیوو آئل میں لہسن اور پیاز ڈال کر اتنی دیر پکائیں کہ پیاز ٹرانسلیوسنٹ ہو جائے۔ اب اس میں ٹماٹو پیوری اور تیز پتا شامل کر کے اچھی طرح مکس کریں۔ پھر کٹے ہوئے ٹماٹر شامل کر دیں۔ ساتھ میں چکن کیوب بھی شامل کر دیں۔

ویسے تو پیزا ساس میں یخنی کا استعمال ہوتا ہے مگر میں اس میں چکن کیوب تھوڑے سے پانی میں گھول کر استعمال کرتی ہوں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہوم میڈ پیزا میں آپ کو گاڑھے ساس کی ضرورت پڑتی ہے کیونکہ اوون کا اتنا زیادہ درجہ حرارت نہیں ہوتا ہے جتنا کہ کمرشل اوون کا ہوتا ہے۔ اگر ساس پتلا ہوگا تو پیزا کی کرسٹ اچھی نہیں بن پاتی ہے۔ اب یہاں تو رولز میں استعمال کرنا تھا تو میں نے بغیر پانی میں گھولے چکن کیوب ڈال دیا تھا کیونکہ پانی کے استعمال کی وجہ سے اور زیادہ دیر ساس پکانا پڑتا۔

چکن کیوب ٹماٹروں کے ساتھ گھل جائے تو کٹی لال مرچ، سرکہ، تھائم اور نمک کالی مرچ شامل کر کے ہلکی آنچ پر ساس کو پکائیں۔ تھوڑی تھوڑی دیر پر چمچ چلاتے رہیں۔ ساس کو اس وقت تک پکانا ہے کہ یہ جیم جیسا ہو جائے۔

پیزا ساس کے لئے نان اسٹک برتن کا استعمال کریں۔

2m8635f.jpg


ٹاپنگز کے لئے اجزا:

آپ اپنی پسند کی ٹاپنگز استعمال کر سکتے ہیں۔ میں نے یہ استعمال کی تھیں:

کے این اینز کی چکن پیپرونی، لمبی کٹی شملہ مرچ، پیاز اور زیتون

میں موزریلا چیز بغیر کدو کش ہوا لائی تھی۔ میں نے لمبی لمبی چھڑیاں کاٹ لی تھیں۔

رول بنانے کے لئے رول کی پٹی کو نیچے سے دو طرف سے اس طرح کاٹ لیں۔

4r3xa8.jpg


اوپر میں نے پیپرونی رکھ کر اس پر تھوڑا سا ساس لگایا

2rq0yg4.jpg


اس کے بعد ساری چیز کے ساتھ ٹاپنگز رکھیں۔ سبزیاں میں نے کچی رہنے دی تھیں کیونکہ رول تلنے کے درمیان ہی یہ ہلکی سی پک جائیں گی۔ اس طرح کرنچی بھی رہیں گی۔

hu0q6r.jpg


رول کے کنارے اندر کی طرف موڑ کر اوپر لئی لگائیں

167vyvc.jpg


اب رول لپیٹ لیں۔ صرف وہاں تک لپیٹنا ہے جہاں تک پٹی کناروں سے کاٹی تھی

24cy6np.jpg


اب نیچے کے پورے حصے پر لئی لگائیں

dh4gbc.jpg


اب کنارے چپکا دیں

4kfqdc.jpg


اب باقی کا حصہ بھی چپکا لیں

2yno28m.jpg


یہ سب سے بہتر طریقہ تھا لپیٹنا کا جس میں چیز تلنے کے دوران باہر نہیں نکلا۔ پہلے میں نے عام طریقے سے رول بنائے تھے اور ان میں سے چیز باہر نکل آیا تھا۔ پھر اس طرح بنائے تو ٹھیک بنے۔

اینڈ رزلٹ

29mlri8.jpg
 

ام اویس

محفلین
بہت عمدہ ۔۔ یقینا مزے کے ہوں گے
لیکن
رمضان میں اتنی محنت ۔۔۔ بھئی ہم رمضان کے بعد ضرور بنائیں گے ۔ ان شاء الله
 

سین خے

محفلین
بہت خوب، مگر رمضان ختم ہوتے ہوئے یہ لڑی بنانا زیادتی ہے۔

:D
شکریہ تابش بھائی :) اس بار بڑی مصروفیت رہی سو کچھ وقت آج ہی نصیب ہوا ہے :)

اب رمضان کے بعد ہی بن سکتے ہیں، یا اگلے رمضان میں۔

ہم تو عید پر بھی بہت بناتے ہیں :) مہمانوں کی آمد پر آسانی سے سرو کر دئیے جاتے ہیں :)
 
:D
شکریہ تابش بھائی :) اس بار بڑی مصروفیت رہی سو کچھ وقت آج ہی نصیب ہوا ہے :)



ہم تو عید پر بھی بہت بناتے ہیں :) مہمانوں کی آمد پر آسانی سے سرو کر دئیے جاتے ہیں :)
عید پر ہمارے ہاں قوامی سویاں، چنا چاٹ، دہی پھلکیاں بنتی ہیں۔
بلکہ ہمارے کچھ دوست تو آتے ہی قوامی سویاں کھانے ہیں۔ :)
 

سین خے

محفلین
عید پر ہمارے ہاں قوامی سویاں، چنا چاٹ، دہی پھلکیاں بنتی ہیں۔
بلکہ ہمارے کچھ دوست تو آتے ہی قوامی سویاں کھانے ہیں۔ :)

(y)
قوامی سویاں تو میری پسندیدہ سوئیٹ ڈشز میں سے ہیں :) ہمارے یہاں جب شیر خورمہ ختم ہو جاتا ہے توپھر قوامی سویاں بنتی ہیں۔
 
(y)
قوامی سویاں تو میری پسندیدہ سوئیٹ ڈشز میں سے ہیں :) ہمارے یہاں جب شیر خورمہ ختم ہو جاتا ہے توپھر قوامی سویاں بنتی ہیں۔
اوپر شیر خورما کا ذکر رہ گیا۔
ہمارے گھر امی قوامی سویاں بناتی ہیں، اور بڑی بھابھی شیر خورما۔
 

جان

محفلین
زبردست۔
اس رمضان تو افطاری بھی کسی دوست نے نہیں کرائی صرف تصویروں اور ترکیبوں سے ہی کام چلایا ہے۔ :crying3:
 
Top