میں نے اپنے حصے کے صفحات 81 تا 100 پوسٹ کر دیئے ہیں۔
لیکن ایک بات کی نشاندہی میں ضرور کرنا چاہوں گا کہ جس تصویری کتاب سے ہم لکھ رہے ہیں اس میں اغلاط کی بھر مار ہے، اتنی غلطیاں کسی کتاب میں شاید ہی پہلے کبھی میں نے دیکھی ہوں۔ لگتا ہے یہ کتاب نیٹ پر رکھنے والوں نے بالکل بھی نہیں پڑھا اسکو۔ صرف بیس صفحات میں مجھے جن غلطیوں کا سامنا کرنا پڑا ان میں:
- الفاظ کے ہجے غلط ہیں جیسے 'حسب الحکم' کو 'حبس الحکم'، 'باغ' کو 'باگ'، 'عیاذ باللہ' کو 'عیاز باللہ' وغیرہ وغیرہ لکھا ہے۔
- ایک ہی لفظ کے درمیان غلط جگہ 'سپیس' دینے سے لفظ کچھ کا کچھ بن گیا ہے، جیسے 'ملازمان' کو 'ملا زمان' لکھ دیا ہے۔
- جملوں کے درمیان الفاظ مخذوف ہیں۔
- اضافتیں لگانے کا کوئی تصور ہی نہیں ہے، جبکہ مصنف نے بلا تکلف کثیر تعداد میں فارسی اور عربی الفاظ و تراکیب استعمال کیئے ہیں اور بغیر اضافت (زیر، زبر وغیرہ) ان کو پڑھنا انتہائی دشوار ہو جاتا ہے۔
- ایک ہی جاری جملے میں جا بجا 'فُل سٹاپ' لگے ہوئے ہیں جس سے جملے کا ربط ختم ہو جاتا ہے۔
- 'کوٹیشن مارک' کا استعمال ٹائپسٹ نے اپنی صوابدید پر کیا ہے، اگر جملے کے شروع میں لگایا ہے تو اختتام پر ندارد اور اگر اختتام پر ہے تو شروع میں نہیں ہے۔
- اشعار میں غلطیوں کی وجہ سے کئی اشعار بے وزن ہو گئے ہیں۔
اس لیے میں یہ سمجھتا ہوں کہ اس کو برقیانے والی ٹیم کو ایک تو انتہائی محتاط طریقے سے اس پر کام کرنا پڑے گا، دوسرا اگر برقیانے والی ٹیم کیلیے نہیں تو کم از کم پروف ریڈرز کیلیے ہمیں 'اصلی' اور چھپی ہوئی کتاب ضرور مہیا کرنا ہوگی وگرنہ اگر پروف ریڈنگ بھی اسی 'تصویری' کتاب سے ہوئی تو ہماری کتاب میں بے شمار غلطیاں رہ جائیں گی جنکی ذمہ داری لامحالہ بعد میں ہمارے اوپر ہی ہوگی۔
۔