بھائی سید ذیشان ، واقعی سائٹ بہتر تو ہوئی ہے،اس پر مبارکباد بلا شبہ آپ کا حق ہے۔
اس پر میں نے اپنی تازہ غزل عرض کی :
جان حاضر ہے دوستی کے لیے
زندگی ہے تری خوشی کے لیے
ہم تو زندہ ہیں موت کی خاطر
لوگ مرتے ہیں زندگی کے لیے
وہ جو در بند کرکے رکھتے ہیں
کھولتے ہیں کسی کسی کے لیے
اک نظر دیکھئے چراغوں کو
کیسے جلتے ہیں روشنی کے لیے
لکھ چکے اپنے غم کا افسانہ
اب قلم تھامیے سبھی کے لیے
ایک لمحے کو بولنےوالے
اب ہیں خاموش اک صدی کےلیے
نتیجہ کچھ یوں رہا کہ سب کے سب مصرعے فاعلاتن مفاعلن فعلن پر تقطیع ہوتے ہیں۔ تاہم جو مصرعے انجن کو سمجھ میں نہ آئے، و ہ غائب کر دئیے گئے۔ بہتر ہوتا کہ غائب کرنے کی بجائے سائٹ اسے بطور"ناقابل تقطیع" کے شناخت کرتی۔ جہاں تک میں سمجھا ہوں، سائٹ کچھ الفاظ کے تلفظ کو نہیں سمجھتی۔ جب ان کا استعمال کیاجاتا ہے تو وہ مصرع ہی غائب ہوتا ہے۔ بطور "ناقابل تقطیع" علیحدہ لکھنا تو ایک تجویز ہوئی۔ دوسری تجویز یہ ہے کہ سائٹ ان الفاظ کو سرخ کردے جو اس کے ذخیرہ الفاظ میں موجود نہیں ہیں اور اگر کسی وزن کے لحاظ سے برابرلفظ مہیا کرنے کا آپشن دے ، تو تقطیع کا مسئلہ خودبخود حل ہوسکتا ہے۔ تاہم لوگوں کے دئیے گئے الفاظ کو خودبخود جمع کرنے کی بجائے انہیں آپ کی صوابدید پر چھوڑے۔
ایک اور خیال میرے ذہن میں اس انجن کو دیکھ کر یہ آیا کہ اس کا سافٹ وئیر آف لائن بھی ہونا چاہئے ۔ چاہے آپ اسے مفت رکھیں یا نہ رکھیں، تاہم ایسے سافٹ وئیر کی ڈویلپ منٹ آپ کا اگلا سنگ میل ہونا چاہئے۔ ایک بار پھر دلی مبارکباد۔
پسند کرنے کا شکریہ
سب سے پہلے تو انپٹ دیتے وقت خیال رکھنا ضروری ہے کہ سارے الفاظ الگ الگ لکھے جائیں۔ ”ایک لمحے کو بولنےوالے“ میں بولنےوالے الگ الگ لکھنا ضروری ہے۔ کیونکہ بولنےوالے کوئی لفظ نہیں ہے۔ بولنے والے البتہ دو الفاظ ہیں۔
دوسری بات کہ واقعی کچھ الفاظ ہیں جن میں یہ مکمل طور پر ناکام ہو جاتا ہے۔ خاص طور پر 6+ حرفی الفاظ۔ ان کے لئے رول بنانا تو بہت مشکل کام ہے۔ ان کی تقطیع کے لئے الگورتھم بن چکا ہے لیکن ابھی سائٹ میں شامل نہیں کیا گیا۔ تب تک آپ تقطیع کی بجائے اصلاح میں اپنا کلام ڈالیں اور جو الفاظ سرخ ہوں اور ان کا کوڈ --- ہو تو ان کو رپورٹ کر دیں اس طرح ان کو ڈکشنری میں شامل کر کے سافٹ وئیر کو مضبوط تر بنایا جا سکے گا۔
یہ رہا آپ کا کلام کا نتیجہ :
http://aruuz.com/Create/Output/19332#
لفظ تھامیے کی تقطیع میں یہ فیل ہو گیا ہے۔ تھامئے لکھتے تو نتیجہ درست آتا۔ رپورٹ کرنے کے لئے آپ کا ممنون ہوں