(5) شربت دودھ پلا کر یا کھانا کھلا کر ایصال ثواب کرنا:-
اس کی اصل بھی صحیح احادیث سے سے ثابت ہے چنانچہ ابوداؤد اور نسائی شریف میں ہے کہ، “حضرت سعد بن عبادہ رضی اللہ تعالٰی عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں عرض کی “یارسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم! میری والدہ فوت ہو گئی ہیں (تو ان کے ایصال ثواب کے لئے) کونسا صدقہ افضل ہے ؟ رحمت عالم صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا “پانی“ چنانچہ حضرت سعد رضی اللہ تعالٰی عنہ نے ایک کنواں کھدوایا اور فرمایا “ھذہ لام سعدیہ یہ سعد کی ماں کیلئے ہے۔“
پیارے اسلامی بھائیو! اس حدیث پاک سے معلوم ہوا کہ کسی کے لئے ایصال ثواب اور اس کا کوئی نام رکھنا دونوں فعل جائز ہیں، چنانچہ بارھویں شریف میں کھانے یا شربت وغیرہ کا ثواب اپنے پیارے آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں پیش کرنے کی سعادت حاصل کرنا اور اس کا نام “بارھویں شریف کی نیاز“ وغیرہ رکھ دینا بالکل جائز ہے۔“
ضمناً عرض ہے کہ ہمارا بارگاہ رسالت صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم میں ایصال ثواب کرنا معاذاللہ عزوجل اس لئے ہرگز نہیں کہ جناب احمد مختار صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کو اس کی محتاجی و ضرورت ہے، بلکہ اسے تو آپ صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی نگاہ رحمت کے مستحق ہو جانے کیلئے ایک ذریعہ بنایا جاتا ہے، اس کو بالکل یوں ہی سمجھئے کہ جیسے کسی بادشاہ کی خدمت میں اس کی رعایا میں سے کوئی بہت ہی غریب آدمی، ایک حقیر سا تحفہ پیش کرے۔ اب یقیناً بادشاہ کو اس کے تحفے کی کوئی حاجت نہیں لیکن یہ بات یقینی ہے کہ بادشاہ اس کے جواب میں اپنی شان کے مطابق تحفہ ضرور عطا کرے گا۔
اور بہارشریعت میں درمختار، ردالمحتار اور فتاوٰی عالمگیری کے حوالے سے درج شدہ یہ مسئلہ یاد رکھنا بھی بےحد مفید رہے گا۔ مسئلہ:- “رہا ثواب پہنچانا کہ جو کچھ عبادت کی اس کا ثواب فلاں کو پہنچے، اس میں کسی عبادت کی تخصیص نہیں، ہر عبادت کا ثواب دوسرے کو پہنچایا جا سکتا ہے۔“ نماز، روزہ، زکوٰۃ، صدقہ، حج، تلاوت قرآن، ذکر، زیارت قبور، فرض و نفل، “ سب کا ثواب “زندہ یا مردہ“ کو پہنچا سکتے ہیں اور یہ نہ سمجھنا چاہئیے کہ “فرض کا ثواب پہنچا دیا تو اپنے پاس کیا رہ گیا ؟“ کیونکہ ثواب پہنچانے سے اپنے پاس سے کچھ نہیں جات۔“ اب اگلی چیز ہے،
(6) جھنڈوں وغیرہ سے اپنے گھر و گلی و محلہ و مسجد کو سجان:-
آمد مصطفٰی صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم پر جھنڈے نصب کرنا اللہ عزوجل کی سنت کریمہ ہے، چنانچہ بی بی آمنہ رضی اللہ تعالٰی عنہا ولدت پاک کے واقعات بیان کرتے ہوئے ارشاد فرماتی ہیں، “پھر میں نے دیکھا کہ پرندوں کی ایک ڈار میرے سامنے آئی، یہاں تک کہ میرا کمرا ان سے بھر گیا ان کی چونچیں زمرد کی اور ان کے بازو یاقوت کے تھے، پھر اللہ تعالٰی نے میری نگاہوں سے پردہ اٹھایا حتٰی کہ میں نے مشارق و مغارب کو دیکھ لیا اور میں نے دیکھا کہ “تین جھنڈے“ ہیں جن میں سے ایک مشرق میں، ایک مغرب میں اور ایک خانہء کعبہ کے اوپر نصب ہے۔“ (مدارج النبوت)
اسی طرح “الخصائص الکبرٰی“ میں نقل کردہ ایک روایت میں ہے کہ “سیدہ آمنہ رضی اللہ تعالٰی عنہا سے پوچھا گیا کہ بوقت ولادت آپ نے کیا دیکھا ؟“ ارشاد فرمایا “جب مجھے درد شروع ہوا تو میں نے ایک گڑگڑاہٹ کی آواز سنی اور ایسی آوازیں جیسے کچھ لوگ باتیں کر رہے ہوں پھر میں نے یاقوت کی لکڑی (یعنی ایسی لکڑی جس پر یاقوت جڑے ہوئے تھے) میں کمخواب (ایک قسم کا ریشمی کپڑا جو زری کی تاروں کی آمیزش سے بنایا جاتا ہے) کا جھنڈا، زمین و آسمان کے درمیان نصب دیکھا“ اور اپنے محبوب کریم صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی عالم میں جلوہ نمائی کے وقت پورے جہان کو سجا دینا بھی رب کائنات عزوجل کی سنت مبارکہ ہے چنانچہ حضرت عمرو بن قتیبہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ میں نے اپنے والد سے سنا کہ “جب حضرت آمنہ رضی اللہ تعالٰی عنہا کے یہاں پیدائش کا وقت آیا تو اللہ تعالٰی نے فرشتوں کو حکم دیا کہ تمام آسمانوں اور جنتوں کے دروازے کھول دو اور تمام فرشتے میرے سامنے حاضر ہو جائیں، چنانچہ فرشتے، ایک دوسرے کو بشارتیں دیتے ہوئے حاضر ہونے لگے، دنیا کے پہاڑ بلند ہو گئے اور سمندر چڑھ گئے اور ان کی مخلوقات نے ایک دوسرے کو بشارتیں دیں۔ سورج کو اس دن عظیم روشنی عطا کی گئی اور اس کے کنارے پر فضا میں ستر ہزار حوریں کھڑی کر دی گئیں جو رحمت عالم صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی منتظر تھیں اور اس سال آپ صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی تعظیم و تکریم کی خاطر، اللہ تعالٰی نے دنیا کی تمام عورتوں کیلئے نرینہ اولاد مقرر فرمائی اللہ تعالٰی نے حکم فرمایا کہ “کوئی درخت بغیر پھل کے نہ رہے اور جہاں بد امنی ہو وہاں امن ہو جائے۔“ جب ولادت مبارکہ ہوئی تو تمام دنیا نور سے بھر گئی، فرشتوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور ہر آسمان میں زبرجد (ایک خاص قسم کا زمرد) اور یاقوت کے ستون بنائے گئے جن سے “ آسمان روشن ہو گئے “ ان ستونوں کو رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم نے شب معراج دیکھا تو عرض کی گئی کہ “یہ ستون آپ کی ولادت مبارکہ کی خوشی میں بنائے گئے تھے“ اور جس رات آپ کی ولادت مبارکہ ہوئی اللہ تعالٰی نے حوض کوثر کے کنارے مشک وغیرہ کے ستر ہزار درخت پیدا فرمائے اور ان کے پھلوں کو اہل جنت کی خوشبو قرار دیا۔ اور شب ولادت تمام آسمان والوں نے سلامتی کی دعائیں مانگیں۔“ (الخصائص الکبرٰی)
اسی طرح مدارج النبوت میں شیخ عبدالحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں “حدیثوں میں آیا ہے کہ شب میلاد مبارک کو عالم ملکوت (یعنی فرشتوں کی دنیا) میں نداء کی گئی کہ “سارے جہاں کو انوار قدس سے منور کر دو“ اور زمین و آسمان کے تمام فرشتے خوشی و مسرت میں جھوم اٹھے اور داروغہء جنت کو حکم ہوا کہ “فردوس اعلٰی کو کھول دے اور سارے جہان کو خوشبوؤں سے معطر کر دے“ (پھر فرماتے ہیں) مروی ہے اس رات کی صبح کو تمام بت اوندھے پائے گئے، شیاطین کا آسمان پر چڑھنا ممنوع قرار دیا گیا اور دنیا کے تمام بادشاہوں کے تخت الٹ دئیے گئے اور اس رات ہر گھر روشن و منور ہوا اور کوئی جگہ ایسی نہ تھی جو انوار سے جگمگا نہ رہی ہو اور کوئی جانور ایسا نہ تھا جس کو قوت گویائی نہ دی گئی اور اس نے بشارت نہ دی ہو، مشرق کے پرندوں نے مغرب کے پرندوں کو خوشخبریاں دیں۔“ سبحان اللہ (عزوجل) اب اس کے بعد ہے،
(7) آپس میں مبارک باد و خوشخبری دینا:-
سرکار صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی دنیا میں جلوہ گری کے وقت آپس میں مبارک باد دینا اور خوشخبریاں سنانا اور بشارتیں دینا فرشتوں کی سنت مبارکہ ہے۔ چنانچہ ابھی تھوڑی دیر پہلے پیش کردہ حضرت عمرو بن قتیبہ رضی اللہ تعالٰی عنہ کی روایت کے ان الفاظ پر غور فرمائیے “جب حضرت آمنہ رضی اللہ تعالٰی عنہا کے یہاں پیدائش کا وقت آیا تو اللہ تعالٰی نے حکم فرمایا کہ تمام فرشتے میرے سامنے حاضر ہو جائیں چنانچہ فرشتے ایک دوسرے کو “بشارتیں دیتے ہوئے حاضر ہونے لگے“ اور اسی روایت میں آگے ہے کہ “جب ولادت مبارکہ ہوئی تو تمام دنیا نور سے بھر گئی اور فرشتوں نے ایک دوسرے کو مبارک باد دی“ اور ابھی مدارج النبوت کی روایت میں بیان ہوا کہ “اور کوئی جانور ایسا نہ تھا جس کو قوت گویائی نہ دی گئی ہو اور اس نے بشارت نہ دی ہو، مشرق کے پرندوں نے مغرب کے پرندوں کو خوشخبریاں دی۔“
پیارے اسلامی بھائیو! پیش کردہ روایات کے ان حصوں پر غور کرنے کے بعد یہ نتیجہ نکالنا کچھ زیادہ دشوار نہیں کہ “آمد مصطفٰی صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم پر مبارکباد دینا اور آپس میں بشارت و خوشخبری سنانا، اللہ تعالٰی کو محبوب و مطلوب ہے کیونکہ فرشتوں اور جانوروں کی زبان پر ان کلمات کا جاری ہونا یقیناً اللہ عزوجل کی طرف سے کئے گئے الھام کی وجہ سے تھا۔“
اب باری ہے بوقت ولادت قیام کی۔
(
بوقت ولادت قیام:-
کھڑے ہو کر استقبال محبوب باری تعالٰی کرنا، اللہ تعالٰی کے حکم سے فرشتوں کی سنت مبارکہ ہے چنانچہ مفتی احمد یار خاں نعیمی رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ، “جاءالحق“ میں تحریر فرماتے ہیں “مواہب لدنیہ اور مدارج النبوت وغیرہ میں ذکر ولادت میں ہے کہ شب ولادت ملائکہ نے آمنہ خاتون رضی اللہ تعالٰی عنہا کے دروازے پر کھڑے ہو کر صلوٰۃ و سلام عرض کیا، ہاں ازلی راندہ ہوا (یعنی ہمیشہ دھتکارا ہوا) شیطان، رنج و غم میں بھاگا بھاگا پھرا، اس سے معلوم ہوا کہ میلاد سنت ملائکہ بھی ہے اور یہ بھی معلوم ہوا کہ بوقت پیدائش کھڑا ہونا ملائکہ کا کام ہے اور بھاگا بھاگا پھرنا، شیطان کا فعل۔ اب لوگوں کو اختیار ہے چاہیں تو میلاد پاک کے ذکر کے وقت ملائکہ کے فعل پر عمل کریں یا شیطان کے۔“
اور بی بی آمنہ رضی اللہ تعالٰی عنہا وقت ولادت کے واقعات بیان کرتے ہوئے ارشاد فرماتی ہیں “پھر میں نے نور کا ایک بلند مینار دیکھا اس کے بعد اپنے پاس بلند قامت والی عورتیں دیکھیں، جن کا قد عبد مناف کی لڑکیوں کی مانند، کھجور کے درختوں کی طرح تھا، میں نے ان کے آنے پر تعجب کیا۔ اس پر ان میں سے ایک نے کہا میں آسیہ، فرعون کی بیوی ہوں (آپ موسٰی علیہ السلام پر ایمان لے آئیں تھیں)۔ دوسری نے کہا میں “مریم بنت عمران ہوں اور یہ عورتیں حوریں ہیں۔“ پھر میرا حال بہت سخت ہو گیا اور ہر گھڑی عظیم سے عظیم تر آوازیں سنتی، جن سے خوف محسوس ہوتا۔ اسی حالت کے دوران میں نے دیکھا کہ زمین آسمان کے درمیان “بہت سے لوگ کھڑے ہیں“ جن کے ہاتھوں میں چاندی کے آفتاب ہیں۔“ (مدارج النبوت)
اور ما قبل روایت میں عرض کیا جا چکا ہے کہ “سورج کو اس دن عظیم روشنی دی گئی اور اس کے کنارے پر فضا میں “ستر حوریں کھڑی کر دی گئیں“ جو مدنی آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی منتظر تھیں“ اب اس کے بعد روزہ رکھنے کی دلیل پیش خدمت ہے۔
(9) روزہ رکھنا :-
بروز ولادت روزہ رکھنا محبوب کبریا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی سنت مبارکہ ہے چنانچہ مسلم شریف میں حضرت ابو قتادہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم سے پیر کے دن کے روزے کا سبب دریافت کیا گیا (یعنی پوچھا گیا کہ آپ خاص طور پیر کے دن، روزہ رکھنے کا اہتمام کیوں فرماتے ہیں) تو آپ نے ارشاد فرمایا اسی میں میری ولادت ہوئی اور اسی میں مجھ پر وحی نازل ہوئی۔“
(10) عیدی تقسیم کرنا:-
یوم ولادت عیدی تقسیم کرنا ہمارے اللہ عزوجل کی سنت کریمہ ہے پہلے عیدی کا مطلب جان لیجئے کہ لغوی اعتبار سے “عید کے انعام“ کو عیدی کہتے ہیں اب اس پر بطور دلیل میں، آپ کو وہی روایت یاد دلاؤں گا کہ جو گھر وغیرہ کو سجانے کے بارے میں پیش کرنے کی سعادت حاصل کی تھی اور حضرت عمرو بن قتیبہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مروی تھی اس روایت کے یہ جملے یاد کیجئے،
(1) دنیا کے پہاڑ بلند ہو گئے (2) سورج کو اس دن عظیم روشنی عطا کی گئی (3) دنیا کی تمام عورتوں کیلئے نرینہ اولاد مقرر فرمائی (4) حکم فرمایا کہ کوئی درخت بغیر پھل کے نہ رہے (5) جہاں بدامنی ہے وہاں امن ہو جائے (6) تمام دنیا نور سے بھر گئی (7) آسمان روشن ہو گئے ( 8 ) حوض کوثر کے کنارے مشک و عنبر کے ستر ہزار درخت پیدا فرمائے اور ان کے پھلوں کو اہل جنت کی خوشبو قرار دیا۔“
اب دیکھتے جائیے کہ اللہ تعالٰی نے اپنے محبوب صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی خوشی میں بطور عیدی کیا کیا چیزیں تقسیم فرمائیں چنانچہ “پہاڑوں کو بلندی، سورج کی عظیم روشنی، عورتوں کو نرینہ اولاد درختوں، کو پھل، دنیا والوں کو امن و نور، آسمان کو روشنی اور اہل جنت کیلئے خوشبو کا تحفہ تقسیم ہوا۔
اور مدارج النبوت میں منقول روایت میں ہے “قریش کا یہ حال تھا کہ وہ شدید قحط اور عظیم تنگی میں مبتلا تھے چنانچہ تمام درخت خشک اور تمام جانور نحیف و لاغر ہو گئے تھے پھر (مولود پاک کی برکت سے) اللہ تعالٰی نے بارش بھیجی، جہاں بھر کو سر سبز و شاداب کیا، درختوں میں تازگی آ گئی، خوشی و مسرت کی ایسی لہر دوڑی کہ قریش نے اس سال کا نام سنۃ الفتح والا ابتہاج (یعنی روزی اور خوشی کا سال) رکھا۔“
اس روایت سے بارش، سرسبز و شادابی، درختوں میں تازگی اور خوشی و مسرت کی عیدی کی تقسیم کا ثبوت۔“ ملا۔
اور اب آخر میں جلوس نکالنے کی اصل بھی پیش خدمت ہے۔
(11) جلوس نکالنا :-
جلوس نکالنے کے بارے میں اصل، مدارج النبوت میں درج شدہ یہ روایت ہے کہ جس میں بیان کیا گیا ہے کہ جب مدنی آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم ہجرت فرما مدینہ منورہ کے گردونواح میں پہنچے تو بریدہ اسلمی (رضی اللہ تعالٰی عنہ) اپنے قبیلے کے ستر لوگوں کے ساتھ، انعام کے لالچ میں رحمت عالم صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کو گرفتار کرنے کیلئے حاضر ہوئے، لیکن کچھ گفتگو کے بعد آپ نے مدنی آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم سے دریافت کیا “آپ کون ہیں ؟“ فرمایا “ میں محمد بن عبداللہ، اللہ کا رسول ہوں “ آپ نے جیسے ہی نام اقدس سنا تو دل کی کیفیات بدل گئیں اور اسلام قبول فرما لیا، آپ کے ساتھ، تمام ساتھیوں نے بھی اس سعادت کو حاصل کیا پھر آپ نے عرض کیا “یارسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم“ مدینہ میں داخل ہوتے ہی وقت آپ کے ساتھ ایک جھنڈا ہونا چاہئیے۔“ اس کے بعد آپ نے اپنے سر سے عمامہ اتارا اور اسے نیزے پر باندھ لیا اور (بحیثیت خادم) سیدالانبیاء صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کے آگے آگے چلنے لگے۔“
پیارے اسلامی بھائیو! چشم تصور سے اس منظر کو دیکھئے کہ آگے آگے جھنڈے سمیت بریدہ اسلمی رضی اللہ تعالٰی عنہ ہیں، پھر مدنی آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم اور سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ تعالٰی عنہ اور آپ حضرات کے پیچھے ستر صحابہء کرام علیہم الرضوان ہیں“ اور اب ذرا موجودہ دور میں نکلنے والے جلوس کا تصور ذہن میں لیکر آئیں، آپ کو ان دونوں میں مشابہت کا محسوس کرنا، بےحد آسان معلوم ہو گا۔“
پیارے اسلامی بھائیو! اس تمام تفصیل سے آپ نے بخوبی جان لیا ہوگا کہ آج کل جس مروجہ طریقے سے بارھویں شریف کا انعقاد کیا جاتا ہے، اس کی کوئی نہ کوئی اصل، زمانہء گزشتہ میں ضرور موجود رہی ہے۔
اب رہی دوسری چیز کہ “باقاعدہ مخصوص دنوں میں اس کا اہتمام کرنا تو یہ حقیقت ہے کہ ولادت پاک پر جشن منانے کا باقاعدہ اہتمام نہ تو زمانہء نبوی صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم میں تھا اور نہ ہی صحابہءکرام رضی اللہ تعالٰی عنہم کے درمیان رائج تھا بلکہ اس کی ابتداء بعد کے زمانے میں ہوئی جیسا کہ حضرت علامہ شاہ محمد مظہراللہ رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ “تحدیث نعمت“ میں فرماتے ہیں “بتلانا یہ ہے کہ عرس اور مولود کا ایسا مسئلہ نہیں جو اس زمانے کی پیداوار ہو بلکہ تقریباً آٹھ سو سال سے متقدمین، (یعنی پہلے زمانے کے لوگ) مولود شریف کے جواز (یعنی جائز ہونے) اور استحباب (یعنی پسندیدہ ہونے) پر متفق ہیں تو اس کی بدعت (بدعت سے مراد سیئہ ہے۔ تفصیل انشاءاللہ عزوجل آگے آ رہی ہے) و حرام کہنا ان ہزار ہا جلیل القدر حضرات پر طعن کرنا ہے جو گناہ عظیم ہے، اللہ تعالٰی مسلمانوں کو اس گناہ سے محفوظ رکھے، رہا یہ خدشہ کہ جب حضور صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم اور صحابہء رضی اللہ تعالٰی عنہم کے زمانے میں ایسی مجالس نہیں ہوتی تھیں تو پھر ایسی مجالس کی ترویج کیوں کی گئی ؟ تو اس کا جواب یہ ہے کہ ایسے افعال کیلئے ضرورتیں مجبور کرتی ہیں، جس طرح قرآن کی عبارت پر اعراب نہ تھے، جب یہ ضرورت محسوس ہوئی کہ عجمی لوگ (غیر عرب) اسے کیسے پڑھیں گے، تو اعراب لگائے گئے۔“ احادیث نہ لکھی جاتی تھیں (یعنی باقاعدہ اہتمام کے ساتھ کتابی شکل میں) بلکہ لکھنے کی ممانعت تھی لیکن جب یہ دیکھا کہ اب لوگوں کے حافظے ضعیف ہو گئے تو احادیث لکھی گئیں، اسی طرح بکثرت ایسی چیز پائیں گے جن کا وجود قرن اول (یعنی پہلے زمانے) میں نہ تھا، بعد میں بضرورت نکالی گئیں یہی حال اس کا سمجھئے، پہلے زمانے میں شوق تھا اور لوگ، علماء کی مجالس میں جا کر حضور صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کے فضائل و مناقب اور آپ کی ولادت کے واقعات سن کر اپنے ایمان کو تازہ کرتے اور آپ کے ساتھ محبت کو ترقی دیتے تھے جو مولٰی تعالٰی کو مطلوب تھا، لیکن جب یہ دیکھا کہ مسلمانوں کے اس شوق میں کمی آ گئی، حالانکہ اس کی سخت ضرورت ہے تو اس کو دیکھتے ہوئے سب سے پہلے اس کارخیر کی ابتداء شہر موصل میں حضرت عمرو بن محمد رضی اللہ تعالٰی عنہ نے کی جو کہ اکابر علماء میں سے تھے جیسا کہ ابوشامہ نے لکھا ہے، اس کے بعد بادشاہوں میں سے اول بادشاہ ابوسعید مظفر نے مولود شریف تخصیص و تعین کے ساتھ اس شان کے ساتھ کیا کہ اکابریں علماء و صوفیاء کرام اس محفل میں بلا نکیر (بغیر کسی انکار کے) شریک ہوتے تھے تو گویا تمام اکابرین کا جواز و استحباب پر اتفاق ہو گیا تھا۔
یہ بادشاہ ہر سال ربیع الاول شریف میں “تین لاکھ اشرفیاں“ (یعنی سونے کے سکے) لگا کر یہ محفل کیا کرتا تھا۔ اس کے زمانے میں ایک عالم حافظ ابوالخطاب بن وجیہ رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ تھے، جن کے علم کی علامہ زرقانی رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ نے اپنی تصانیف میں بڑی تعریف کی ہے، انھوں نے سلطان ابوسعید کیلئے بیان مولودشریف میں ایک کتاب “کتاب التنویر فی مولد سراج المنیر“ تصنیف کی، جس کو خود ہی سلطان کے سامنے پڑھا، سلطان بڑا خوش ہوا اور آپ کو ہزار اشرفی انعام میں دی، اس کے بعد تو دنیا کے تمام اطراف و بلاد (یعنی شہروں قصبوں) میں ماہ ربیع الاول میں مولود شریف کی محفلیں ہونے لگیں، جس کی برکت سے مولائے کریم کا فضل عمیم (یعنی کامل فضل) ظاہر ہونے لگا۔
پیارے اسلامی بھائیو! بیان کردہ تفصیل سے بخوبی معلوم ہو گیا کہ بارھویں شریف کا باقاعدہ اہتمام، زمانہ نبوی صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کے کافی عرصہ بعد شروع ہوا لٰہذا اس اعتبار سے تسلیم کیا جائے گا کہ یہ بدعت ہے۔ لیکن اس کے بدعت ثابت ہوتے ہی اس پر حرام و گمراہی کا فتوی لگانا درست ہے یا نہیں ؟ اس کا درست فیصلہ اسی وقت ہو سکتا ہے جب کہ پہلے ہم بدعت کے شرعی معنی، اس کی اقسام اور پھر اقسام میں سے ہر قسم کا حکم معلوم کریں اور پھر دیکھیں کہ موجودہ مروجہ بارھویں شریف کا انعقاد، بدعت کی کس قسم میں داخل ہے۔ چنانچہ اب میں آپ کی خدمت میں یہ تمام ضروری تفصیل بہت آسان الفاظ میں عرض کرتا ہوں، حسب سابق اسے بھی بغور سماعت فرمائیے، سب سے پہلے بدعت کے شرعی معنی حاضر خدمت ہیں۔
بدعت کے شرعی معنی :-
“ہر وہ چیز جو سیدالانبیاء صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کے زمانہء مبارکہ کے بعد ایجاد ہوئی بدعت ہے، یہ عام ہے کہ وہ چیز دینی ہو یا دنیاوی، اس کا تعلق عقائد سے ہو یا اعمال سے۔“
دلیل :- اس تعریف پر دلیل رحمت عالم صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کا یہ فرمان عالیشان ہے “کل محدثۃ بدعۃ“ یعنی ہر نئی ایجاد کی ہوئی چیز بدعت ہے۔ (احمد، ابوداؤد، ترمذی، ابن ماجہ)
یہ بھی خیال رکھئے گا کہ بدعت کہ تعریف میں “زمانہء نبوی صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی قید“ لگائی گئی ہے، چنانچہ صحابہءکرام رضی اللہ تعالٰی عنہم کے زمانہء پاکیزہ میں ایجاد شدہ نئے کام کو بھی بدعت ہی کہا جائے گا جیسا کہ “بخاری شریف“ میں ہے کہ جب رمضان المبارک میں، حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالٰی عنہ نے لوگوں کو تراویح کی ادائیگی کیلئے حضرت ابی بن کعب رضی اللہ تعالٰی عنہ کے پیچھے جمع فرمایا، اور تشریف لاکر لوگوں کو جماعت سے نماز ادا کرتے دیکھا تو ارشاد فرمایا “نعم البدعۃ ھذہ“ یہ (بڑی جماعت) اچھی بدعت ہے۔“
چونکہ زمانہء سرکار صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم میں بیس رکعت تراویح “باقاعدہ جماعت کے ساتھ“ نہ ہوتی تھیں بلکہ آپ نے اپنے زمانہ خلافت میں اس کا انتظام فرمایا، لٰہذا اسے بدعت سے تعبیر فرمایا اور اس طرح دو مسئلے بخوبی ثابت ہو گئے،
صحابہءکرام علیہم الرضوان کے زمانہء مبارکہ میں نیا پیدا شدہ کام بھی بدعت ہی کہلائے گا اگرچہ عرفاً اسے سنت صحابہ رضی اللہ تعالٰی عنہ کہا جاتا ہے۔
ہر بدعت حرام و گمراہی نہیں، ورنہ معاذاللہ، ایک صحابی رضی اللہ تعالٰی عنہ کا حرام کام کرنا اور بقیہ صحابہءکرام علیھم الرضوان کا اس پر اتفاق کرکے گناہ میں تعاون کرنا ثابت ماننا پڑے گا حالانکہ یہ ناممکنات میں سے ہے۔ بدعت کی شرعی تعریف جاننے کے بعد اب اس کی اقسام کے بارے میں بھی سماعت فرمائیے کہ اس کی ابتداء دو قسمیں ہیں۔
بدعت اعتقادی
بدعت عملی
(1) بدعت اعتقادی :-
اس سے مراد برے عقائد ہیں جو مدنی آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کے بعد ایجاد ہوئے مثلاً یہ عقیدہ رکھنا کہ معاذاللہ، اللہ تعالٰی جھوٹ بول سکتا ہے یا ہمارے آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم خاتم النبیین نہیں بلکہ کوئی اور نبی اب بھی آ سکتا ہے یا بے عیب و بےمثال آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کا ہم مثل ممکن ہے یا ہمارے نبی علیہ الصلوٰۃ والسلام ہمارے بڑے بھائی کی طرح ہیں یا شیطان و ملک الموت علیہ السلام کا علم، سرکار صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کے علم مبارک سے زیادہ ہے وغیرہ وغیرہ۔
دلیل:-
اس قسم کیلئے دلیل مدنی آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کا یہ فرمان عالیشان ہے “من احدث فی امرنا ھذا ما لیس منہ فھورد۔“ جس نے ہمارے دین میں کوئی ایسی بات نئی ایجاد کی جو اس میں سے نہیں تو وہ باطل و مردود ہے۔ (بخاری و مسلم) ہاں نئی بات سے مراد نئے عقیدے ہیں۔“
(2) بدعت عملی :-
وہ نیا کام جو مدنی آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کے زمانہءپاک کے بعد پیدا ہوا، چاہے وہ کام دینی ہو یا دنیاوی“ پھر اس کی دو قسمیں ہیں (1) بدعت حسنہ (2) بدعت سیئہ
بدعت حسنہ : ہر وہ نیا کام جو نہ تو خلاف سنت ہو اور نہ ہی کسی سنت کے مٹانے کا سبب بنے۔
بدعت سیئہ: ہر وہ نیا کام جو کسی سنت کے خلاف ہو یا کسی سنت کے مٹانے کا سبب بن جائے۔
ان دو قسموں کی دلیل :
ان پر دلیل ہمارے مدنی آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کا یہ فرمان عالیشان ہے “جو اسلام میں اچھا طریقہ جاری کرے تو اس کیلئے اپنے عمل کا اور جو اس کے بعد اس پر عامل ہوں گے ان سب کے اعمال کا ثواب ہے بغیر اس کے کہ ان لوگوں کے اجر میں سے کچھ کمی ہو اور اسلام میں کوئی برا طریقہ جاری کرے تو اس پر اپنی بدعملی کا اور ان سب کی بد اعمالیوں کا گناہ ہے کہ جو اس کے بعد اس پر عامل ہوں گے، بغیر اس کے کہ ان کے گناہوں میں سے کچھ کمی ہو (مسلم شریف)
اب آخر میں یاد رکھئے کہ بدعت حسنہ اور بدعت سیئہ کی بھی مزید کچھ قسمیں ہیں چنانچہ بدعت حسنہ کی تین قسمیں ہیں (1) بدعت مباحہ (2) بدعت مستحبہ (3) بدعت واجبہ
اور بدعت سیئہ کی دو قسمیں ہیں
(1) بدعت مکروہہ (2) بدعت محرمہ
اب بالترتیب ان سب کی تعریفیں اور مثالیں بھی سماعت فرما لیں۔
بدعت مباحہ:
ہر وہ نیا کام جو شریعت میں منع نہ ہو اور بغیر کسی نیت خیر کے کیا جائے جیسے جائز طریقوں کے ساتھ پاکستان کا یوم آزادی منانا، نئے نئے کھانے مثلاً بریانی، کوفتے، زردہ وغیرہ۔
(2) بدعت مستحبہ:
ہر وہ نیا کام جو شریعت میں منع نہ ہو اور کسی نیت خیر کے ساتھ کیا جائے۔ مثلاً اسپیکر میں اذان دینا، بارھویں شریف اور بزرگان دین کے اعراس کی محافل قائم کرنا وغیرہ۔
(3) بدعت واجبہ :
ہر وہ نیا کام جو شریعت میں منع نہ ہو اور اس کے چھوڑنے سے دین میں حرج واقع ہو یا وہ نیا کام جو کسی فرض یا واجب کو پورا کرنے یا اسے تقویت دینے والا ہو جیسے قرآن مجید پر اعراب لگانا، علم صرف و نحو پڑھنا اور دینی مدارس قائم کرنا وغیرہ۔
(4) بدعت مکروھہ :
وہ نیا کام جو سنت کے مخالف ہو اب اگر کسی سنت غیر مؤکدہ (وہ سنت ہے کہ جس کے ترک کو شریعت ناپسند رکھے لیکن یہ ناپسندیدگی اس حد تک نہ ہو کہ ترک پر وعید عذاب بیان کی گئی ہو) کے مخالف ہو تو یہ بدعت مکروہ تنزیہی ہے (سنت غیر مؤکدہ کے مخالف عمل کو کہتے ہیں) اور اگر سنت مؤکدہ (وہ سنت کہ جسے سرکار مدینہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم نے ہمیشہ کیا ہو البتہ بیان جواز کے لئے کبھی ترک بھی فرمایا ہو۔ یا وہ کہ اس کے کرنے کی تاکید فرمائی مگر جانب ترک بالکل بند نہ فرمائی) چھوٹی تو یہ بدعت اساءت (سنت مؤکدہ کے مخالف عمل کو کہتے ہیں) مثلاً سلام کے بجائے ہائے ہیلو سے کلام کی ابتداء کرنا، عادہً ننگے سر رہنا وغیرہ۔
(5) بدعت محرمہ :
وہ نیا کام جو کسی فرض یا واجب کے مخالف ہو جیسے داڑھی منڈانا یا ایک مٹھی سے چھوٹی رکھنا وغیرہ۔
ان سب پر دلیل :
ملا علی قاری رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ، مرقاۃ شرح مشکوٰۃ میں فرماتے ہیں “بدعت یا تو واجب“ ہے جیسے علم نحو کو سیکھنا اور اصول فقہ کا جمع کرنا اور یا محرمہ ہے جیسے جبریہ مذہب (اس فرقہ کا اعتقاد ہے کہ انسان کو اپنے اعمال و افعال پر کوئی اختیار نہیں ہے) اور یا مستحب ہے جیسے مسافر خانوں اور مدرسوں کا ایجاد کرنا اور ہر وہ اچھی بات جو پہلے زمانے میں نہ تھی اور جیسے عام جماعت سے تراویح پڑھنا اور یا “مکروہہ“ ہے جیسے مسجدوں کو فخریہ زینت دینا یا مباحہ فجر کی نماز کے بعد مصافحہ کرنا اور عمدہ کھانوں اور مشروبات میں وسعت کرنا۔“
پیارے اسلامی بھائیو ! معلوم ہوتا ہے کہ اس تفصیل کی بناء پر سب کچھ ذہن میں گڈ مڈ ہو گیا ہے، چلیں میں آپ کے سامنے مختصر ان تقسیمات کا خلاصہ عرض کر دیتا ہوں۔
یاد رکھیں کہ بدعت کی دو قسمیں ہیں۔
(1) بدعت اعتقادی (2) بدعت عملی
پھر بدعت عملی کی پانچ قسمیں ہیں
(1) بدعت مباحہ (2) بدعت مستحبہ (3) بدعت واجبہ (4) بدعت مکروہہ (5) بدعت محرمہ
“ اب خوب اچھی طرح ذہن نشین کر لیجئے کہ سرکار دو عالم صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کے فرمان عالیشان “(کل بدعۃ ضلالۃ“) سے مراد یا تو “بدعت اعتقادی“ ہے اور یا پھر “بدعت مکروہہ“ اور “بدعت محرمہ“ اور اب جب کہ بدعت کی تمام اقسام اور ان کا حکم بالکل واضح ہو گیا تو یہ فیصلہ کرنا کچھ بھی دشوار نہ رہا کہ “بارھویں شریف“ کا انعقاد، بدعت مستحبہ ہونے کی وجہ سے سعادت مندی اور باعث اجر و ثواب ہے۔“
پیارے اسلامی بھائیو! ان تمام دلائل کے علاوہ ایک اور دلیل سے بھی بارھویں شریف کے جواز کو ثابت کرنا ممکن ہے اس کی تفصیل یہ کہ یہ ضابطہ ہمیشہ ذہن میں رکھئے کہ “کسی چیز کو جائز قرار دینے کے لئے دلیل درکار نہیں ہوتی بلکہ ناجائز ثابت کرنے کیلئے دلیل کا مطالبہ کیا جاتا ہے“ کیونکہ تمام چیزوں میں اصل یہ ہے کہ وہ مباح (جس چیز کا کرنا نہ کرنا برابر ہو یعنی نہ تو کرنے پر ثواب ہے اور نہ ہی چھوڑ دینے پر کوئی گناہ ہے) ہیں جیسا کہ “ردالمحتار“ میں ہے “المختار ان الاصل لاباحۃ عند الجمھور من الحنفیۃ والشافعیۃ جمھورا حناف و شوافع کے نزدیک مختار مذہب یہ ہے کہ (“ تمام چیزوں میں) اصل، مباح ہونا ہے“ چنانچہ اب اگر ہم کسی چیز کو ناجائز و حرام کہنا چاہیں تو پہلے ہمیں قرآن و حدیث سے اس کی ممانعت پر دلیل پیش کرنا لازم ہوگا، مثلاً اگر کوئی پوچھے کہ “ آپ شراب پینے، جوا کھیلنے، محرمات سے نکاح کرنے، مرادر کتے بلی حشرات الارض وغیرہ کھانے کا ناجائز و حرام کیوں کہتے ہیں ؟“ تو یقیناً یہی جواب دیا جائے گا کہ، “ان سب کو قرآن و حدیث میں منع کیا گیا ہے“
اب جو بدبخت معاذاللہ اپنے نبی علیہ السلام کی خوشی منانے کو ناجائز و حرام کہے تو ضابطے کے مطابق اس سے مطالبہ کیا جانا چاہئیے کہ “اچھا اگر واقعی ایسا ہے تو قرآن و حدیث سے اس کی ممانعت کی دلیل پیش کیجئے۔“ آپ دیکھیں گے کہ انشاءاللہ عزوجل قیامت تک ممانعت پر دلیل لانے سے عاجز رہے گا اورا س کا عاجز آ جانا ہی اس بات کی دلیل ہو گا کہ مولود مصطفٰی صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کا جشن منانا بالکل جائز و مستحن ہے۔ بلکہ ایسے لوگوں کو یہ ناپاک جملے زبان سے نکالنے سے ڈرنا چاہئیے کیونکہ ان کا یہ فعل اللہ عزوجل کی سخت گرفت کا باعث بن سکتا ہے انھیں چاہئیے کہ خوب ٹھنڈے دل کیساتھ ان آیات پر غور کریں اللہ تعالٰی کا فرمان عالیشان ہے یایھاالذین امنو لا تحرموا طیبت ما احل اللہ لکم ولا تعتدوا ط ان اللہ لا یحب المعتدین ہ اے ایمان والو! حرام نہ ٹھہراؤ وہ ستھری چیزیں کہ اللہ (عزوجل) نے تمھارے لئے حلال کیں اور حد سے نہ بڑھو، بےشک حد سے بڑھنے والے اللہ (تعالٰی) کو ناپسند ہیں ( پارہ7 سورۃ مائدہ آیت87 ) اور ارشاد فرمایا “قل ارءیتم ما انزل اللہ لکم من رزق فجعلتم منہ حراما و حلٰلا ط قل اللہ اذن لکم ام علی اللہ تفترون ہ تم فرماؤ بھلا بتاؤ تو وہ جو اللہ (عزوجل) نے تمھارے لئے رزق اتارا، اس میں تم نے اپنی طرف سے حرام و حلال ٹھہرالیا، تم فرماؤ کیا اللہ تعالٰی نے اس کی تمھیں اجازت دی یااللہ (عزوجل) پر جھوٹ باندھتے ہو (سورہ یونس پارہ 11 آیت 59)
تفسیر خزائن العرفان میں اسی آیت پاک کے تحت ہے “اس آیت مبارکہ سے معلوم ہوا کہ کسی چیز کو اپنی طرف سے حلال یا حرام کرنا ممنوع اور اللہ تعالٰی پر “جھوٹ باندھنا“ ہے آج کل بےشمار لوگ اس میں مبتلا ہیں کہ ممنوعات کو حلال کہتے ہیں اور مباحات کو حرام۔ بعض سود، تصویروں، کھیل تماشوں، عورتوں کی بےپردگیوں، بھوک ہڑتال جو “خودکشی“ ہے، کو حلال ٹھہراتے ہیں اور بعض حلال کو حرام ٹھہرنے پر مصر ہیں جیسے محفل میلاد، فاتحہ، گیارھویں شریف وغیرہ اسی کو قرآن پاک میں اللہ تعالٰی پر افتراء کرنا بتایا۔“ اور انھیں یہ حدیث پاک بھی خوب اچھی طرح یاد رکھنی چاہئیے کہ “مدنی آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم سے گھی، پنیر اور پوستین کے بارے میں سوال کیا گیا (کہ ان کا استعمال ہمارے لئے جائز ہے یا نہیں)“ تو آپ نے ارشاد فرمایا “حلال وہ ہے جسے اللہ تعالٰی نے اپنی کتاب میں حلال کیا اور حرام وہ ہے جسے اللہ تعالٰی نے اپنی کتاب میں حرام کیا، اور جس چیز کے بارے میں خاموشی اختیار فرمائی تو وہ ان چیزوں میں سے ہے کہ جنھیں معاف فرمایا گیا ۔ (ترمذی)
اس تمام بحث و تفصیل کا نتیجہ بھی یہی نکلا کہ چونکہ بارھویں شریف کی ممانعت نہ تو قرآن سے ثابت ہے اور نہ حدیث سے چنانچہ یہ بالکل جائز و مستحب و باعث حصول برکات و بلندیء درجات ہے۔“
جاوید: اللہ تعالٰی کا بڑا شکر ہے کہ آپ کے دلائل سے ہمارے دلوں میں موجود تمام سوالوں کا جواب حاصل ہو گیا اور مجھ سمیت میرے ان تمام دوستوں میں سے کسی کو بھی میلاد شریف کے جائز ہونے کے بارے میں اب کسی قسم کا شک و شبہ باقی نہیں۔