کربلا میں ابن حیدرؑ نے جو سجدہ کر دیا
رب نے اس سجدے کو ہر سجدے سے اعلیٰ کر دیا
بے ردا ہونے کو تھی امت شہ کونین کی
حضرت زینب نے پیش اپنا دوپٹہ کر دیا
کربلا کی ریت پر پڑھنے گیا تھا جو نماز
اس نمازی نے نمازوں کا سر اونچا کر دیا
جب ہوئی بے پردہ زینب شام کے دربار میں
سر پہ ان کے رحمتوں کا رب نے پردہ کر دیا
اور سجدے ہو گئے ہوتے تو کیا ہوتا کہ جب
کربلا کو ایک سجدے نے معلیٰ کر دیا
کٹ گئے بازو مگر اونچا رکھا دیں کا علم
کام یہ عباس نے شاہدؔ انوکھا کر دیا
شاہد رضا شاہجاں پوری