فیصل آباد: پی ٹی آئی، نواز لیگ کارکنان میں تصادم، ایک شخص ہلاک

فیصل آباد: پی ٹی آئی، نواز لیگ کارکنان میں تصادم، ایک شخص ہلاک
صبا اعتزازبی بی سی اردو ڈاٹ کام، فیصل آباد
  • 32 منٹ پہلے
141208060637_faisalabad-businesses.jpg

فیصل آباد میں کاروبار کھلے ہوئے ہیں
عام انتخابات 2013 میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے پیر کو پنجاب کے شہر فیصل آباد میں احتجاج کیا جا رہا ہے جس میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔

فیصل آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے الائیڈ چوک، ناولٹی چوک اور ملت روڈ کو بند کرنے کی کوشش کی ہے۔

عمران کا ’پلان سی‘: 16 دسمبر کو پاکستان بند کرنے کا اعلان

’شہر بند کرنے سے مراد شٹر ڈاؤن نہیں تھا‘

الائیڈ چوک پر سڑکوں پر ٹائروں کو آگ لگائی گئی اور پی ٹی آئی کی چند خواتین موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کرتی نظر آئیں۔

پولیس اہلکار فضل الرحمان نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ ناولٹی برج پر پاکستان مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنان کے درمیان جھڑپ میں فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ ہلاک ہونے والا شخص کس جماعت سے تعلق رکھتا تھا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ گھنٹہ گھر پر بھی حالات کشیدہ ہو رہے ہیں جہاں 200 سے 300 مسلم لیگ کے کارکنان جمع ہو گئے ہیں۔

ناولٹی چوک اور ملت روڈ پر بھی ٹریفک کو روکنے کی کوشش کی گئی۔

فیصل آباد کے تین مختلف مقامات پر پی ٹی آئی اور مسلم لیگ نواز کے کارکنان میں تصادم ہوا ہے جبکہ پولیس دونوں کارکنان کو دور رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔

کارکنان کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے واٹر کینن کا استعمال کیا۔ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ ان کو صرف نظر رکھنے کے احکامات ہیں۔

ایک دکاندار کا کہنا تھا ’مجھے اس احتجاج اور سیاسی جماعتوں سے کیا غرض میں نے تو اپنے خاندان والوں کے لیے کھانا لے کر جانا ہوتا ہے۔‘

نامہ نگار کے مطابق ایک جگہ پر مسلم لیگ نواز کا کارکنان پی ٹی آئی کی کارکنان کو دھکے دیتے ہوئے نظر آئے۔ تاہم فیصل آباد میں کاروبار کھلے ہوئے ہیں۔

141208060637_faisalabad.jpg

انتظامیہ نے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی ہے
ملت روڈ پر پی ٹی آئی اور مسلم لیگ نواز کے کارکنان آمنے سامنے آ گئے اور ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کر رہے ہیں۔ تاہم پولیس صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے۔

فیصل آباد میں واقع گھنٹہ گھر کے آس پاس پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ نواز دونوں نے اپنے اپنے موقف کے حق میں پوسٹرز اور بینرز آویزاں کیے ہیں۔

انتظامیہ نے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی ہے۔

عام انتخابات 2013 میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والے عمران خان نے چند روز قبل اسلام آباد میں ریڈ زون میں واقع ڈی چوک پر جاری دھرنے میں ’پلان سی‘ کا اعلان کیا تھا۔

اس پلان کے تحت ملک کے مختلف شہروں کو بند کرایا جائے گا۔ اس پلان کا آغاز فیصل آباد سے کیا گیا ہے۔
 

سید زبیر

محفلین
بہت ہی افسوسناک واقعہ ۔ انشا اللہ ایک وقت آئے گا یہی گلو بٹ شریف خاندان کے گلے کاٹیں گے ۔ شریف خاندان اور ان کے حواریوں کے اوپر بے شمار مقتولوں کا خون ہے جس کے وہ میرے رب کے حضور جواب دہ ہونگے ۔ وہاں نہ رانا ہوگا نہ کانا ہوگا ۔سب سے زیادہ مجرم تو بے ضمیر ضلعی انتظامیہ ہے جو انصاف بیچ کر عہدے اور مراعات حاصل کرتی ہے ۔ جو ہمہ وقت دنیاوی خداوں کے حضور سر بسجود ہوتے ہیں ہزار بار لعنت ہو ان قاتلوں پر ، ایسی بے ضمیر انتظامیہ پر
 
Top