خرم
محفلین
قریباً ڈیڑھ برس پہلے کسی سرچ کے نتیجے میں اردومحفل پر آنا ہوا تھا۔ کیا حال ہمارا پوچھے ہو پورب کے ساکنو سے جو سلسلہ شروع ہوا وہ الحمد للہ آج تک جاری ہے۔ نبیل بھائی اور زیک بھائی سے تو پہلے ذرا ہم لئے دئے ہی رہے کہ دوسرے فورمز پر ناظمین کے مارشل لاء بھگت چکے تھے۔ شروع میں ابرار بھائی، شاکر بھائی جو ہماری سسرال سے ہیں، شمشاد بھائی جن کی سسرال سے ہم ہیں، منصور بھائی اور ماوراء بہنا کے ساتھ تعارف ہوا۔ سوال گندم جواب چنا سے بے تکلفی بڑھی اور پھر فاروق بھائی کی ایک کال نے ایک نیا پیار بھرا رشتہ جوڑا۔ آہستہ آہستہ برادران بزرگ زیک اور نبیل سے بھی راہ و رسم ہوئی کہ دونوں بالترتیب انجنیئرنگ یونیورسٹی ٹیکسلا اور لاہور میں ہمارے متقدمین میں سے ہیں۔ دھیرے دھیرے وہ جھجک جو پہلے تھی دور ہوتی گئی۔ پھر ظفری سے گپ شپ شروع ہوئی۔ اس سے پہلے سیدہ شگفتہ سے لائبریری کے سلسلے میں بات چیت شروع ہوئی۔ انہوں نے عمران سیریز کا ایک ناول پروف ریڈ کرنے کو دیا جسے ہم نے عادتاً طاق نسیاں میں رکھ چھوڑا۔ پھر چند ماہ بعد ایک معصوم سا نامہ ہمارے نام آیا ان کی جانب سے۔ اس نامہ سے متاثر ہو کر وہ ناول تو مکمل کرکے لائبریری کی سائٹ پر ڈال دیا لیکن اس کے بعد وہی چال بے ڈھنگی جو پہلے تھی سو اب بھی ہے۔ امید ہے کہ ان کے دوسرے نامہ سے پہلے ہی خطرناک لاشیں لائبریری میں منتقل ہو جائے گا۔ کام کی زیادتی کے دنوں میں مہینوں محفل سے غیر حاضری بھی رہی لیکن شمشاد بھائی نے تعلق کی ڈور ٹوٹنے نہ دی اور ان کا ایک ہی ذاتی پیغام ہمیں کھینچ کر دوبارہ محفل پر لے آیا۔ اب الحمد للہ قریباَ روزانہ ہی محفل کا چکر لگتا ہے۔ کبھی کسی کی چٹکی لے کر کبھی دل کی بھڑاس نکال کر گزشتہ ڈیڑھ برس کا عرصہ گزرا اور الحمد للہ کیا خوب گزرا۔ اللہ نبیل بھائی اور زکریا بھائی کو جزا دے کہ ان کی آباد کی ہوئی محفل میں آکر پردیس بھی دیس بن جاتا ہے۔ زندگی کے تجربوں نے یہ سکھایا ہے کہ یاد ماضی سے زیادہ ضروری فکر مستقبل ہے اور میرا ایقان ہے کہ محفل کا مستقبل اس کے ماضی سے کہیں زیادہ خوشگوار، بھرپور اور محبتوں بھرا ہے اور یہی دعا ہے۔
اللہ اس محفل کو شاد و آباد رکھے اور خوشیوں، سلامتی و حق گوئی کی ترویج کا ذریعہ بنائے رکھے۔ آمین۔
ہم سب کو محفل کی سالگرہ مبارک۔
اللہ اس محفل کو شاد و آباد رکھے اور خوشیوں، سلامتی و حق گوئی کی ترویج کا ذریعہ بنائے رکھے۔ آمین۔
ہم سب کو محفل کی سالگرہ مبارک۔