مثنوی 'قادر نامہ' از غالب (ویب کی دنیا میں پہلی بار)

محمد وارث

لائبریرین
یہ مثنوی 'ہفتۂ شعر و ادب' 22 تا 28 جولائی 2009ء کے سلسلے کیلیے خاص طور پر منتخب کی گئی ہے۔

-----------

ویب کی دنیا میں غالب کے اردو کلام کا شاید ہی کوئی حصہ ہوگا جو موجود نہ ہو لیکن جو مثنوی میں آپ کی خدمت میں پیش کر رہا ہوں وہ ویب کی دنیا میں پہلی بار پیش ہو رہی ہے، میرے لیے یہ سعادت تو ہے ہی لیکن حیرت بھی ہے کہ ابھی تک کسی کی نظر اس پر کیوں نہیں پڑی۔


مثنوی قادر نامہ کا تعارف

غالب کے سات بچے تھے لیکن افسوس ان میں سے کوئی بھی پندرہ ماہ سے زائد تک نہ جیا اور غالب لاولد ہی مرے۔ اپنی اسی تنہائی اور بعض دیگر وجوہات کی بنا پر غالب نے زین العابدین خاں عارف کو متبنیٰ بنا لیا تھا جو انکی بیوی کے بھانجے تھے۔ عارف خوش ذوق شاعر تھے اور انہوں نے غالب کی شاگردی بھی اختیار کر لی تھی لیکن وائے رے قسمت کہ عین شباب کے عالم، پینتیس سال کی عمر میں، عارف بھی وفات پا گئے، اور عارف کی جواں مرگ پر غالب کی ایک رثائی غزل انکے دیوان میں موجود ہے۔

ہاں اے فلکِ پیر، جواں تھا ابھی عارف
کیا تیرا بگڑتا، جو نہ مرتا کوئی دن اور

اور انہی عارف مرحوم کے چھوٹے چھوٹے یتیم بچوں کیلیے غالب نے 'مثنوی قادر نامہ' لکھی تھی۔ دراصل یہ مثنوی ایک طرح کی لغت نامہ ہے جس میں غالب نے عام استعمال کے فارسی اور عربی الفاظ کے ہندی یا اردو مترادف بیان کیے ہیں تا کہ پڑھنے والوں کے ذخیرۂ الفاظ میں اضافہ ہو سکے، بقولِ غالب

جس نے قادر نامہ سارا پڑھ لیا
اُس کو آمد نامہ کچھ مشکل نہیں

اس مثنوی کے محاسن تو اہلِ نظر ہی دیکھیں گے میں تو یہ دیکھ رہا ہوں کہ اولاد کی طرف سے انتہائی بدقسمت غالب، اپنے لے پالک کے یتیم بچوں کو تعلیم دے رہے ہیں تو اس میں کیا کیا محبت اور کیسی کیسی شفقت شامل نہیں ہوگی اور غالب کا دل کسطرح کے جذبات سے لبریز ہوگا جب انہوں نے یہ مثنوی کہی ہوگی۔

یہ مثنوی مولانا غلام رسول مہر نے اپنے مرتب کردہ 'دیوانِ غالب' میں تیسرے ضمیمے کے طور پر شامل کی ہے، لیکن دیوانِ غالب کی مشہور و معروف شرح 'نوائے سروش' میں اسے شامل نہیں کیا۔ میں یہ مثنوی اسی مذکورہ دیوان سے لکھ رہا ہوں۔ پہلی بار یہ مثنوی 1856ء میں شائع ہوئی تھی۔

گو یہ مثنوی غالب نے بچوں کیلیے لکھی تھی لیکن ہے بڑوں کے بڑے کام کی چیز، یقین نہ آئے تو پڑھ کے دیکھیئے :)
 

محمد وارث

لائبریرین
مثنوی 'قادر نامہ'

(مرزا اسد اللہ خان غالب)


قادر اور اللہ اور یزداں، خدا
ہے نبی، مُرسل، پیمبر، رہنما


پیشوائے دیں کو کہتے ہیں امام
وہ رسول اللہ کا قائم مقام


ہے صحابی دوست، خالص ناب ہے
جمع اس کی یاد رکھ اصحاب ہے


بندگی کا ہاں عبادت نام ہے
نیک بختی کا سعادت نام ہے


کھولنا افطار ہے اور روزہ صوم
لیل یعنی رات، دن اور روز، یوم


ہے صلوٰۃ اے مہرباں اسمِ نماز
جس کے پڑھنے سے ہو راضی بے نیاز


جا نماز اور پھر مصلّا ہے وہی
اور سجّادہ بھی گویا ہے وہی


اسم وہ ہے جس کو تم کہتے ہو نام
کعبہ، مکّہ وہ جو ہے بیت الحرام


گرد پھرنے کو کہیں گے ہم طواف
بیٹھ رہنا گوشے میں ہے اعتکاف


پھر فلک، چرخ اور گردوں اور سہپر
آسماں کے نام ہیں اے رشکِ مہر


مہر سورج، چاند کو کہتے ہیں ماہ
ہے محبت مہر، لازم ہے نباہ


غرب پچھّم اور پورب شرق ہے
ابر بدلی اور بجلی برق ہے


آگ کا آتش اور آذر نام ہے
اور انگارے کا اخگر نام ہے


تیغ کی ہندی اگر تلوار ہے
فارسی پگڑی کی بھی دستار ہے


نیولا راسُو ہے اور طاؤس مور
کبک کو ہندی میں کہتے ہیں چکور


خم ہے مٹکا اور ٹھلیا ہے سبو
آب پانی، بحر دریا، نہر جُو


چاہ کو ہندی میں کہتے ہیں کنواں
دُود کو ہندی میں کہتے ہیں دھواں


سینہ چھاتی، دست ہاتھ اور پائے پاؤں
شاخ ٹہنی، برگ پتا، سایہ چھاؤں


ماہ چاند، اختر ہیں تارے، رات شب
دانت دنداں، ہونٹ کو کہتے ہیں لب


استخواں ہڈّی ہے اور ہے پوست کھال
سگ ہے کتّا اور گیدڑ ہے شغال


تل کو کنجد اور رُخ کو گال کہہ
گال پر جو تل ہو اس کو خال کہہ


کیکڑا سرطان ہے، کچھوا سنگ پشت
ساق پنڈلی، فارسی مٹھی کی مشت


ہے شکم پیٹ، اور بغل آغوش ہے
کہنی آرنج اور کندھا دوش ہے


دودھ جو پینے کا ہے وہ شیر ہے
طفل لڑکا اور بوڑھا پیر ہے


ہندی میں عقرب کا بچھّو نام ہے
فارسی میں بھوں کا ابرو نام ہے


ہے وہی کژدُم جسے عقرب کہیں
نیش ہے وہ ڈنگ جس کو سب کہیں


ہے لڑائی، حرب اور جنگ ایک چیز
کعب، ٹخنہ اور شتالنگ ایک چیز


ناک بینی، پرّہ نتھنا، گوش کان
کان کی لو نرمہ ہے، اے مہربان


چشم ہے آنکھ اور مژگاں ہے پَلک
آنکھ کی پتلی کو کہیے مردمک


منہ پر گر جھری پڑے آژنگ جان
فارسی چھینکے کی تو آونگ جان


مسا، آژخ اور چھالہ، آبلہ
اور ہے دائی،جنائی، قابلہ


اونٹ اُشتر اور اُشغر سیّہ ہے
گوشت ہے لحم اورچربی پیّہ ہے


ہے زنخ ٹھوڑی، گلا ہے خنجرہ
سانپ ہے مار اور جھینگر زنجرہ


ہے زنخ ٹھوڑی، ذقن بھی ہے وہی
خاد ہے چیل اور زغن بھی ہے وہی


پھر غلیواز اس کو کہیے جو ہے چیل
چیونٹی ہے مور اور ہاتھی ہے پیل


لومڑی روباہ اور آہو ہرن
شمس سورج اور شعاع اسکی کرن


اسپ جب ہندی میں گھوڑا نام پائے
تازیانہ کیوں نہ کوڑا نام پائے


گربہ بلّی، موش چوہا، دام جال
رشتہ تاگا، جامہ کپڑا، قحط کال


خر گدھا اور اس کو کہتے ہیں اُلاغ
دیگ داں چولہا جسے کہیے اُجاغ


ہندی چڑیا، فارسی کنجشک ہے
مینگنی جس کو کہیں وہ پشک ہے


تابہ ہے بھائی توے کی فارسی
اور تیہو ہے لوے کی فارسی


نام مکڑی کا کلاش اور عنکبوت
کہتے ہیں مچھلی کو ماہی اور حوت


پشّہ مچھّر، اور مکھّی ہے مگس
آشیانہ گھونسلا، پنجرہ قفس


بھیڑیا گرگ اور بکری گوسپند
میش کا ہے نام بھیڑ اے خود پسند


نام گُل کا پھول، شبنم اوس ہے
جس کو نقّارہ کہیں وہ کوس ہے


خار کانٹا، داغ دھبّا، نغمہ راگ
سیم چاندی، مس ہے تانبا، بخت بھاگ


سقف چھت ہے، سنگ پتھّر، اینٹ خشت
جو بُرا ہے اس کو ہم کہتے ہیں زشت


زر ہے سونا اور زرگر ہے سنار
موز کیلا اور ککڑی ہے خیار


ریش داڑھی، مونچھ سلبت اور بُروت
احمق اور نادان کو کہتے ہیں اُوت


زندگانی ہے حیات اور مرگ موت
شوے خاوند اور ہے انباغ سَوت


ہفت سات اور ہشت آٹھ اور بست بیس
سی اگر کہیے تو ہندی اس کی تیس


ہے چہل چالیس اور پنجہ پچاس
ناامیدی یاس، اور اُمّید آس


جملہ سب، اور نصف آدھا، ربع پاؤ
صرصر آندھی، سیل نالا، باد باؤ


ہے جراحت اور زخم اور گھاؤ ریش
بھینس کو کہتے ہیں بھائی گاؤمیش


دوش کل کی رات اور امروز آج
آرد آٹا اور غلّہ ہے اناج


چاہیے ہے ماں کو مادر جاننا
اور بھائی کو برادر جاننا


پھاوڑا بیل اور درانتی واس ہے
فارسی کاہ اور ہندی گھاس ہے


سبز ہو جب تک اسے کہیے گیاہ
خشک ہو جاتی ہے جب، کہتے ہیں کاہ


چکسہ پڑیا، کیسہ کا تھیلی ہے نام
فارسی میں دھپّے کا سیلی ہے نام


اخلگندو جھجھنا، نیرو ہے زور
بادفر، پِھرکی اور ہے دُزد چور


انگبیں شہد اور عسل، یہ اے عزیز
نام کو ہیں تین، پر ہے ایک چیز


آجُل اور آروغ کی ہندی ڈکار
مے شراب اور پینے والا میگسار


روئی کو کہتے ہیں پنبہ سن رکھو
آم کو کہتے ہیں انبہ سن رکھو


خانہ گھر ہے اور کوٹھا بام ہے
قلعہ دژ، کھائی کا خندق نام ہے


گر دریچہ فارسی کھڑکی کی ہے
سرزنش بھی فارسی جھڑکی کی ہے


ہے بنولا، پنبہ دانہ، لاکلام
اور تربُز، ہندوانہ، لاکلام


ہے کہانی کی فسانہ فارسی
اور شعلہ کی زبانہ فارسی


نعل در آتش اسی کا نام ہے
جو کہ بے چین اور بے آرام ہے


پست اور ستّو کو کہتے ہیں سویق
ژرف اور گہرے کو کہتے ہیں عمیق


تار، تانا، پود بانا، یاد رکھ
آزمودن، آزمانا یاد رکھ


یوسہ، مچھّی، چاہنا ہے خواستن
کم ہے اندک اور گھٹنا کاستن


خوش رہو، ہنسنے کو خندیدن کہو
گر ڈرو، ڈرنے کو ترسیدن کہو


ہے ہراسیدن بھی ڈرنا، کیوں ڈرو؟
اور جنگیدن ہے لڑنا، کیوں لڑو؟


ہے گزرنے کی گزشتن فارسی
اور پھرنے کی ہے گشتن فارسی


وہ سرودن ہے جسے گانا کہیں
ہے وہ آوردن جسے لانا کہیں


زیستن کو جانِ من جینا کہو
اور نوشیدن کو تم پینا کہو


دوڑنے کی فارسی ہے تاختن
کھیلنے کی فارسی ہے باختن


دوختن سینا، دریدن پھاڑنا
کاشتن بونا ہے، رُفتن جھاڑنا


کاشتن بونا ہے اور کشتن بھی ہے
کاتنے کی فارسی رِشتن بھی ہے


ہے ٹپکنے کی چکیدن فارسی
اور سننے کی شنیدن فارسی


کودنا جستن، بریدن کاٹنا
اور لیسیدن کی ہندی چاٹنا


سوختن جلنا، چمکنا تافتن
ڈھونڈنا جستن ہے، پانا یافتن


دیکھنا دیدن، رمیدن بھاگنا
جان لو، بیدار بودن، جاگنا


آمدن آنا، بنانا ساختن
ڈالنے کی فارسی انداختن


باندھنا بستن، کشادن کھولنا
داشتن رکھنا ہے، سختن تولنا


تولنے کو اور جو سنجیدن کہو
پھر خفا ہونے کو رنجیدن کہو


فارسی سونے کی خفتن جانیے
منہ سے کچھ کہنے کو گفتن جانیے


کھینچنے کی ہے کشیدن فارسی
اور اُگنے کی دمیدن فارسی


اونگھنا پوچھو، غنودن جان لو
مانجنا چاہو، زدودن جان لو


ہے قلم کا فارسی میں خامہ نام
ہے غزل کا فارسی میں چامہ نام


کس کو کہتے ہیں غزل؟ ارشاد ہو
ہاں غزل پڑھیے، سبق گر یاد ہو


غزل

صبح سے دیکھیں گے رستہ یار کا
جمعہ کے دن وعدہ ہے دیدار کا


وہ چُراوے باغ میں میوہ، جسے
پھاند جانا یاد ہو دیوار کا


پُل ہی پر سے پھیر لائے ہم کو لوگ
ورنہ تھا اپنا ارادہ پار کا


شہر میں چھڑیوں کے میلے کی ہے دھوم
آج عالم اور ہے بازار کا


لال ڈِگی پر کرے گا جا کے کیا
پُل پہ چل، ہے آج دن اتوار کا


گر نہ ڈر جاؤ تو دکھلائیں تمھیں
کاٹ اپنی کاٹھ کی تلوار کا


واہ بے لڑکے پڑھی اچھّی غزل
شوق ابھی سے ہے تجھے اشعار کا



لو سنو کل کا سبق آ جاؤ تم
پوزی افسار اور دمچی پاردم


چھلنی کو غربال، پرویزن کہو
چھید کو تم رخنہ اور روزن کہو


چہ کے معنی کیا، چگویم کیا کہوں
من شَوَم خاموش، میں چُپ ہو رہوں


بازخواہم رفت، میں پھر جاؤں گا
نان خواہم خورد، روٹی کھاؤں گا


فارسی کیوں کی چرا ہے یاد رکھ
اور گھنٹے کی درا ہے یاد رکھ


دشت صحرا اور جنگل ایک ہے
پھر سہ شنبہ اور منگل ایک ہے


جس کو ناداں کہیے وہ انجان ہے
فارسی بینگن کی بادنجان ہے


جس کو کہتے ہیں جمائی فازہ ہے
جو ہے انگڑائی، وہی خمیازہ ہے


یارہ کہتے ہیں کڑے کو ہم سے پوچھ
پاڑ ہے تالار، اک عالم سے پوچھ


جس طرح گہنے کی زیور فارسی
اسی طرح ہنسلی کی پرگر فارسی


بھِڑ کی بھائی، فارسی زنبور ہے
دسپنا اُنبر ہے اور انبور ہے


فارسی آئینہ، ہندی آرسی
اور ہے کنگھی کی شانہ فارسی


ہینگ انگوزہ ہے اور ارزیر رانگ
ساز باجا اور ہے آواز بانگ


لوہے کو کہتے ہیں آہن اور حدید
جو نئی ہے چیز اسے کہیے جدید


زوجہ جورو، یزنہ بہنوئی کو جان
خشم غصہ اور بدخوئی کو جان


ہے نوا آواز ساماں اور اول
نرخ، قیمت اور بہا،یہ سب ہیں مول


سیر لہسن، تُرب مولی، ترہ ساگ
کھا بخور، برخیز اُٹھ، بگریز بھاگ


روئی کی پونی کا ہے پاغُند نام
دُوک تکلے کو کہیں گے، لاکلام


گیتی اور گیہاں ہے دنیا یاد رکھ
اور ہے ندّاف، دُھنیا یاد رکھ


کوہ کو ہندی میں کہتے ہیں پہاڑ
فارسی گلخن ہے اور ہندی ہے بھاڑ


تکیہ بالش اور بچھونا بسترا
اصل بستر ہے سمجھ لو تم ذرا


بسترا بولیں سپاہی اور فقیر
ورنہ بستر کہتے ہیں برنا و پیر


پیر بوڑھا اور برنا ہے جواں
جان کو البتہ کہتے ہیں رواں


اینٹ کے گارے کا نام آژند ہے
ہے نصیحت بھی وہی جو پند ہے


پند کو اندرز بھی کہتے ہیں ،ہاں
ارض ہے، پر،مرز بھی کہتے ہیں ہاں


کیا ہے ارض اور مرز تم سمجھے؟ زمیں
عنق گردن اور پیشانی جبیں


آس چکّی، آسیا مشہور ہے
اور فَوفل چھالیا مشہور ہے


بانسلی نے اور جلاجل جانجھ ہے
پھر ستَروَن اور عقیمہ بانجھ ہے


کُحل سرمہ اور سلائی میل ہے
جس کو جھولی کہتے ہیں زنبیل ہے


پایا قادر نامہ نے آج اختتام
اک غزل اور پڑھ لو، والسّلام


غزل

شعر کے پڑھنے میں کچھ حاصل نہیں
مانتا لیکن ہمارا دل نہیں


علم ہی سے قدر ہے انسان کی
ہے وہی انسان جو جاہل نہیں


کیا کہِیں کھائی ہے حافظ جی کی مار؟
آج ہنستے آپ جو کِھل کِھل نہیں


کس طرح پڑھتے ہو رک رک کر سبق
ایسے پڑھنے کا تو میں قائل نہیں


جس نے قادر نامہ سارا پڑھ لیا
اس کو آمد نامہ کچھ مشکل نہیں


------------

(ختم شد)
 

جیہ

لائبریرین
بہت خوب وارث ۔ نہایت قابل قدر اور لائق تحسین کارنامہ ہے۔

اس کو دیوان غالب نسخہ اردو ویب ڈاٹ آرگ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ ہے ناں؟
 

فرخ منظور

لائبریرین
بہت شکریہ وارث صاحب! میرا خیال تھا کہ جویریہ نے یہ مثنوی اردو ویب کے نسخے میں شامل کی ہوگی کیونکہ غلام رسول مہر کے نسخے میں یہ مثنوی ہے اور جویریہ نے مہر کے نسخے سے بھی استفادہ کیا ہے۔ بہرحال بہت شکریہ بہت خوشی ہوئی کہ آپ نے یہ بات نوٹ کی۔ اور جویریہ کا پیغام نظر آیا تو مزید خوشی ہوئی کہ جویریہ خیریت سے ہیں۔
 

محمد وارث

لائبریرین
شکریہ قبلہ، نوازش :)

ویسے نوٹ تو میں نے یہ بات کافی عرصے سے کر رکھی تھی لیکن ٹائپنگ سے جان جاتی تھی، ہفتۂ شعر و ادب میں ہمت کر ہی لی :)

اور ہاں، غالب کی ایک اور مختصر مثنوی 'پنج آہنگ کا اشتہار' بھی ویب کی دنیا میں ابھی غیر مطبوعہ ہے! (اس کا شرف بھی اس خاکسار کو حاصل ہوچکا)
 

الف عین

لائبریرین
میں نے دس دن پہلے ہی دیوان غالب کے تینوں نسخے فائنل کئے ہیں ، ابھی برقی کتابوں کی سائٹ پر اپ لوڈ نہیں کئے ہیں۔ اس کو ریوائزڈ نسخے میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
 

جیہ

لائبریرین
بہت شکریہ وارث صاحب! میرا خیال تھا کہ جویریہ نے یہ مثنوی اردو ویب کے نسخے میں شامل کی ہوگی کیونکہ غلام رسول مہر کے نسخے میں یہ مثنوی ہے اور جویریہ نے مہر کے نسخے سے بھی استفادہ کیا ہے۔ بہرحال بہت شکریہ بہت خوشی ہوئی کہ آپ نے یہ بات نوٹ کی۔ اور جویریہ کا پیغام نظر آیا تو مزید خوشی ہوئی کہ جویریہ خیریت سے ہیں۔

یہ پہلی بار پڑھی :( در اصل میرے پاس نسخہء مہر موجود نہیں ہے ۔ نوائے سروش ہے مگر جیسا کہ وارث صاحب نے بتایا کہ اس میں قادر نامہ موجود ہی نہیں ۔
 

چھوٹاغالبؔ

لائبریرین
وارث بھائی! بہت زبردست:thumbsup:

اور ہاں
پنج آہنگ کا منظوم اشتہار پیش کر دیا گیا ہے
ملاحظہ فرما کر داد سے نوازیں

داد کا طالب: چھوٹا سا غالبؔ
 

چھوٹاغالبؔ

لائبریرین
سب سے پہلے تو شکریہ وصول کریں کہ آپ کی اس پوسٹ نے مجھےدوبارہ ٹائپنگ کے جنجال سے مکتی دلا دی لیکن اس میں چند چھوٹی موٹی غلطیاں نظر آئیں تو نشاندہی کر رہا ہوں امید ہے آپ اس کو میرا شوخاپن نہیں سمجھیں گے
(آپ کو مکالمہ ارسال نہیں کیا جا سکتا، اس لیے یہاں نشاندہی کر دی)


اختر یں تارے
جبکہ
اختر ہیں تارے
تِل کو کنجر اور رُخ کو گال کہہ (ہاہاہاہاہاہاہا )
لفظ کنجد ہے کنجر نہیں

منہ پر گھر جھری پڑے آژنگ جان
گر جُھری پڑے
ہے زنخ ٹھوڑی، گلا ہے حنجرہ
خنجرہ
رشتہ تاگا، جامہ کپڑا، قحط قال
کال
پھاوڑا بیل اور درانتی داس ہے
واس
بوسہ، مچھّی، چاہنا ہے خواستن
یوسہ
دسپنا اُنبہ ہے اور انبور ہے
اُنبر
 

محمد وارث

لائبریرین
وارث بھائی! بہت زبردست:thumbsup:

اور ہاں
پنج آہنگ کا منظوم اشتہار پیش کر دیا گیا ہے
ملاحظہ فرما کر داد سے نوازیں

داد کا طالب: چھوٹا سا غالبؔ

شکریہ قبلہ، یہ اشتہار بھی میں پوسٹ کر چکا، اور اسی فورم پر موجود ہے آپ کو دوبارہ محنت کرنا پڑی افسوس۔
 

محمد وارث

لائبریرین
سب سے پہلے تو شکریہ وصول کریں کہ آپ کی اس پوسٹ نے مجھےدوبارہ ٹائپنگ کے جنجال سے مکتی دلا دی لیکن اس میں چند چھوٹی موٹی غلطیاں نظر آئیں تو نشاندہی کر رہا ہوں امید ہے آپ اس کو میرا شوخاپن نہیں سمجھیں گے
(آپ کو مکالمہ ارسال نہیں کیا جا سکتا، اس لیے یہاں نشاندہی کر دی)


اختر یں تارے
جبکہ
اختر ہیں تارے
تِل کو کنجر اور رُخ کو گال کہہ (ہاہاہاہاہاہاہا )
لفظ کنجد ہے کنجر نہیں

منہ پر گھر جھری پڑے آژنگ جان
گر جُھری پڑے
ہے زنخ ٹھوڑی، گلا ہے حنجرہ
خنجرہ
رشتہ تاگا، جامہ کپڑا، قحط قال
کال
پھاوڑا بیل اور درانتی داس ہے
واس
بوسہ، مچھّی، چاہنا ہے خواستن
یوسہ
دسپنا اُنبہ ہے اور انبور ہے
اُنبر

شکریہ آپ کا ٹائپنگ کی غلطیوں کی نشاندہی کیلیے، پہلی فرصت میں ان کو درست کرتا ہوں، انشاءاللہ
 

چھوٹاغالبؔ

لائبریرین
برقی کتابوں میں روائزڈ دیوان غالب میں یہ اغلاط نہیں ہیں۔ درست کی جا چکی ہیں پہلے ہی۔
سر جی ویسے یہاں موقع تو نہیں اس بات کا، اور بات کرتے ہوئے ڈر بھی لگتا ہے کیونکہ آج کل اردو محفل پر ایک لہر آئی ہوئی ہے ،،جھے نیگیٹو ریٹ کرنے کی، اور میں شوخی میں آپ کی شفقت سے ہاتھ بھی نہیں دھونا چاہتا
لیکن بقول غالبؔ:۔ سر جائے یا رہے نہ رہیں پر کہے بغیر
اور مزید یہ مان بھی ہے کہ آپ اس بات کا کوئی اور مطلب نہیں لین گے، بس یہ سمجھیں گے کہ ایک شاگرد اپنے محترم استاد کو سبق سنا رہا ہے

برقی کتابوں والے دیوانِ غالبؔ میں

سونا سو گند ہو گیا ہے (یہ مصرعہ دو بار ٹائپ ہوا ہے اس رباعی میں)
کوئی امید بر نہیں آتی والی غزل میں :۔ لفظ طبعیت ٹائپ ہوا ہے،
ایک لفظ دعویٰ کی بجائے دعوہ ٹائپ ہوا ہے
ایک لفظ گہیں بھی تھا جو کہ شاید کہیں لکھتے غلطی سے ٹائپ ہو گیا
مر گئے پر دیکھئے دکھلائیں کیا :۔ یہ لفظ وہاں مر گیئے ٹائپ ہوا ہے
تاب لائے ہی بنے گی غالبؔ والا مصرعہ بھی نظر ثانی فرما لیں

اور ایک شاگردانہ پیشکش بھی ہے، کہ آپ پروف ریڈنگ میں فدوی کو بھی شامل کر لیا کریں
 

مغزل

محفلین
ھاھاھاھاھا سر جی ویسے یہاں موقع تو نہیں اس بات کا، اور بات کرتے ہوئے ڈر بھی لگتا ہے کیونکہ آج کل اردو محفل پر ایک لہر آئی ہوئی ہے ،،جھے نیگیٹو ریٹ کرنے کی، اور میں شوخی میں آپ کی شفقت سے ہاتھ بھی نہیں دھونا چاہتا
لیکن بقول غالبؔ:۔ سر جائے یا رہے نہ رہیں پر کہے بغیر
اور مزید یہ مان بھی ہے کہ آپ اس بات کا کوئی اور مطلب نہیں لین گے، بس یہ سمجھیں گے کہ ایک شاگرد اپنے محترم استاد کو سبق سنا رہا ہے

برقی کتابوں والے دیوانِ غالبؔ میں

سونا سو گند ہو گیا ہے (یہ مصرعہ دو بار ٹائپ ہوا ہے اس رباعی میں)
کوئی امید بر نہیں آتی والی غزل میں :۔ لفظ طبعیت ٹائپ ہوا ہے،
ایک لفظ دعویٰ کی بجائے دعوہ ٹائپ ہوا ہے
ایک لفظ گہیں بھی تھا جو کہ شاید کہیں لکھتے غلطی سے ٹائپ ہو گیا
مر گئے پر دیکھئے دکھلائیں کیا :۔ یہ لفظ وہاں مر گیئے ٹائپ ہوا ہے
تاب لائے ہی بنے گی غالبؔ والا مصرعہ بھی نظر ثانی فرما لیں

اور ایک شاگردانہ پیشکش بھی ہے، کہ آپ پروف ریڈنگ میں فدوی کو بھی شامل کر لیا کریں

برادرِ عزیز چھوٹاغالبؔ آپ کے مراسلے پر بحیثیت ایک بھائی کے مجھے ’’ ھاھاھاھاھا‘‘ پر دکھ ہوا ۔۔
ایسے متبرک جملے آپ کے مراسلات میں آپ کو ’’ چھوٹا ‘‘ کرنے پر مصر ہیں ۔مناسب خیال کیجے تو ایسے ’’ استہزائیہ‘‘ جملوں سے حتی المقدور حذر کیجیے ۔۔
یا کم از کم مقام و مرتبہ اور عمر کی مناسبت کو ملحوظ ِ خاطر رکھیں تو یقین جانئیے آپ جہاں میرے دیدہ و دماغ میں جگہ بنا چکے ہیں وہاں دل کا رستہ کچھ دور نہیں ۔۔۔
امید ہے آپ مجھ جہل مرتبت کی فروگزاشت کو مثبت لیں گے ۔۔۔ الخ
 

چھوٹاغالبؔ

لائبریرین
شکریہ پیارے بھائی، اگر ایسی ہی روک ٹوک وارث بھائی بھی کریں تو یقیناً سدھر جاؤں گا
عذر اس چول کا یہ ہے کہ دراصل بے تکلفی کے زور میں زبان پھسل جاتی ہے ورنہ قسم مرزا صاحب کے دیوان کی میرا ہرگزیہ مطلب نہ تھا
اور یہ بھی میں اب لکھنے لگا ہوں جب یہ نہیں لکھتا تھا تو لوگ کہتے تھے کہ آپ غصے میں ایسا لکھتے ہیں
لیکن اب انشاء اللہ میں ضرور احتیاط کروں گا، بلکہ اس قسم کی باتوں کا پنگا لونگا ہی نہیں، اور ایک بار پھر شکریہ کہ آپ مجھ پر اتنی شفقت کرتے ہیں
 

مغزل

محفلین
شکریہ پیارے بھائی، اگر ایسی ہی روک ٹوک وارث بھائی بھی کریں تو یقیناً سدھر جاؤں گا
عذر اس چول کا یہ ہے کہ دراصل بے تکلفی کے زور میں زبان پھسل جاتی ہے ورنہ قسم مرزا صاحب کے دیوان کی میرا ہرگزیہ مطلب نہ تھا
اور یہ بھی میں اب لکھنے لگا ہوں جب یہ نہیں لکھتا تھا تو لوگ کہتے تھے کہ آپ غصے میں ایسا لکھتے ہیں
لیکن اب انشاء اللہ میں ضرور احتیاط کروں گا، بلکہ اس قسم کی باتوں کا پنگا لونگا ہی نہیں، اور ایک بار پھر شکریہ کہ آپ مجھ پر اتنی شفقت کرتے ہیں
روک ٹوک نہیں پیارے ۔۔۔
محض اخلاصِ محض سے کام لیا گیا ہے مجھ ناچیز کی جناب سے ۔۔۔
اللہ تبارک و تعالیٰ برکتیں عطا فرمائے آمین ثم آمین۔
سلامت باشید خیلی بسیار ممنون و متشکرم
 
Top