کن کن زبانوں کو اب تک اپنی محنت اور دلچسپی کا محور بنایا آپ نے؟
طبع آزمائی تو کافی زبانوں میں کی، مگر فارسی اور ترکی زبان و ادب سے ہی سب سے زیادہ محبت ہے، یہی میری دلچسپی کا محور ہیں اور انہی پر روز و شب محنت جاری ہے۔ ان کے علاوہ انگریزی اور ہندی بھی بول لکھ لیتا ہوں۔ پنجابی بآسانی سمجھ لیتا ہوں اور دھرتی سے جڑے صوفی فوک کی وجہ سے پنجابی عزیز بھی بہت ہے۔
سندھی میرے صوبے کی زبان ہے، اس لیے اِسے سیکھنے کی خواہش ہے۔ پشتو میرے پردادا کی مادری زبان تھی، اس لیے اسے سیکھ پانے کی بھی دل میں خواہش رکھتا ہوں۔ عربھی کا اردو سے گہرا تعلق ہے، اور یہ اس خطے کی صدیوں سے مذہبی زبان رہی ہے، اس لیے اِسے بھی سیکھنا چاہتا ہوں۔ بنگالی سیکھنے کی کوشش کی تھی، مگر بنگالی زیادہ دل کو نہیں بھائی، اس لیے ابتداء میں ہی چھوڑ دی۔ یورپی زبانوں میں مستقبلِ بعید میں فرانسیسی سیکھنا چاہوں گا۔