تیرہویں سالگرہ محمد امین صدیق بھائی کا انٹرویو

السلام علیکم! میں ہوں آپ کی میزبان مریم افتخار اور میرے ساتھ ہیں محمد ظہیر، نور سعدیہ شیخ، فہد اشرف اور حمیرا عدنان.

آئیے انٹرویو کے اس سلسلے کو آگے بڑھاتے ہیں. ہمارے اگلے مہمان کا تعلق کراچی سے ہے. یہ وہ واحد ہستی ہیں جن کا تعارف لکھنے کی خاطر ہمیں لغت سے رجوع کرنا پڑا مگر پھر بھی خاطر خواہ کامیابی ہمارے حصے میں نہ آ سکی. الغرض ہم نے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی کہ کہیں سے اردوئے معلی کی کوئی چھینٹ ہماری ان سطور میں پڑ جائے مگر لفظوں نے ہمارے قابو نہ آنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا. بالآخر ہم نے سوچا کہ سادہ الفاظ میں ہی ان کا کچھ تعارف کروائے دیتے ہیں مگر تعارف نے کہا کہ سادہ الفاظ سے ان کا کیا علاقہ!

آپ سب کی بھرپور ریٹنگز میں تشریف لاتے ہیں برادرم محمد امین صدیق!
:)
 
آخری تدوین:
سوال نامہ:

1) مابدولت محض فورم پر ہی مابدولت ہیں یا گھر میں بھی مسز مابدولت پر کچھ رعب باقی ہے؟ مزید برآں آپ کو کن کن ناموں سے پکارا جاتا رہا ہے؟

2) اتنی مشکل گفتگو سے اپنی انفرادیت برقرار رکھنے کی تمنا ہے یا آپ یہ سمجھتے ہیں کہ اردو محفل کے اس سٹیج پر آپ کا کردار یہ ہے؟ یا آپ ریختہ کو زندہ رکھنے کی سعی فرما رہے ہیں؟

3) آپ کی عمر اور ذریعہ معاش کیا ہے؟

4) آپ بالعموم ایک خاموش قاری ہیں یا فورم پر آنا کم کم ہوتا ہے؟

5) کوئی سے تین الفاظ جو آپ کی مجموعی شخصیت کے آئینہ دار ہوں؟

6) لفظ بارش سن کر پہلا خیال کیا آتا ہے؟

7) اگر کوئی آپ سے بھی زیادہ مشکل اردو لکھے/بولے جس کی آپ کو بھی اسی طرح سمجھ نہ آتی ہو جیسی محفلین کو بعض اوقات آپ کی، تو آپ کے محسوسات کیا ہوتے ہیں؟

8 ) اگر آپ کے پاس اردو ادب کا بہترین نثر نگار یا بہترین شاعر بننے کے آپشنز ہوں تو کونسا آپشن منتخب کریں گے اور کیوں؟ نیز اپنا پسندیدہ شعر بھی بتائیے۔

9) کوئی ایسا تاریخی واقعہ جو اگر آپ کے اختیار میں ہوتا تو آپ نہ ہونے دیتےاور کیوں؟

10) اگر آپ کے پاس ایک ارب روپے ہیں اور آپ کو فقط ایک ہی چیز (زیادہ مقدار میں) خریدنے کا اختیار ہو تو آپ کیا خریدیں گے اور کیوں؟
 
آخری تدوین:
السلام علیکم! میں ہوں آپ کی میزبان مریم افتخار اور میرے ساتھ ہیں محمد ظہیر، نور سعدیہ شیخ، فہد اشرف اور حمیرا عدنان.

ہمارے اگلے مہمان کا تعلق کراچی سے ہے. یہ وہ واحد ہستی ہیں جن کا تعارف لکھنے کی خاطر ہمیں لغت سے رجوع کرنا پڑا مگر پھر بھی خاطر خواہ کامیابی ہمارے حصے میں نہ آ سکی. الغرض ہم نے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی کہ کہیں سے اردوئے معلی کی کوئی چھینٹ ہماری ان سطور میں پڑ جائے مگر لفظوں نے ہمارے قابو نہ آنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا. بالآخر ہم نے سوچا کہ سادہ الفاظ میں ہی ان کا کچھ تعارف کروائے دیتے ہیں مگر تعارف نے کہا کہ سادہ الفاظ سے ان کا کیا علاقہ!

آپ سب کی بھرپور ریٹنگز میں تشریف لاتے ہیں برادرم محمد امین صدیق!
:)
سب سے پہلے تومابدولت اپنی معزز اور لائق صد احترام بہن مریم افتخار کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں اس قدر پیرایۂ دلپذیر میں رسم تعارف کی ادئیگی کا فریضۂ ہنرمندانہ بطریق احسن سرانجام دیا اور ذرے کو آفتاب بنادیا ۔ اور فقط تعارف ہذا کی ہی کیا کہیے ! ان کا پیش کردہ ہر تعارف اپنی جلو میں فرد مذکور کے متعلق مختصر مگر جامع معلومات سموئے ہوئے ہے کہ گویا عکس کشی کے مساوی ہے جس کے لیے مابدولت بہن مریم افتخار کو ہدیۂ شاباش پیش کرنے پر درجہ غایت مسرت قلبی محسوس کرتے ہیں۔:):)
 
1) مابدولت محض فورم پر ہی مابدولت ہیں یا گھر میں بھی مسز مابدولت پر کچھ رعب باقی ہے؟ مزید برآں آپ کو کن کن ناموں سے پکارا جاتا رہا ہے؟
اس سوال کے جواب میں مابدولت انتہائی عجز وانکسار کے ساتھ یہ عرض کرتے ہیں کہ مابدولت کو ایک احساس طمانیت و مسرت سے اس بات علم ہے کہ اردو محفل ملنسار وسیع القلب اور ذی علم و شعور محفلین کا فورم ہے اور سوئے اتفاق سے اپنے ایک مراسلے میں اپنے لیے مابدولت کا لقب استعمال ہونے کے بعد مابدولت کو خاطرخواہ پذیرائی ملی جس کے لیے مابدولت محفلین کے سراپا ممنون ہیں ۔مسز مابدولت سے اس درجہ ذہنی یگانگت ہے اور دوسری طرف سے فرمانبرداری کی فراوانی کے سبب مابدولت کا روایتی جاہ وجلال کے مظاہرے کی نوبت ہی نہیں آتی۔ مابدولت کو ان کی بلوریں آنکھوں کی بنا پر بچپن میں ' شیرا' کہہ کر پکارا جاتا رہا ہے ۔:):)
 
2) اتنی مشکل گفتگو سے اپنی انفرادیت برقرار رکھنے کی تمنا ہے یا آپ یہ سمجھتے ہیں کہ اردو محفل کے اس سٹیج پر آپ کا کردار یہ ہے؟ یا آپ ریختہ کو زندہ رکھنے کی سعی فرما رہے ہیں؟
یقین کیجیے اس عمل میں کسی شعوری ارادے کا قطعا" کوئی دخل نہیں اور مابدولت کے مشاہدے اور قلیل تجربے کے مطابق مابدولت کو شائبۂ خفیف بھی نہیں کہ ہمارے جائے سکوں و حظ و لطف یعنی اردو محفل کا ہر محفلین بجائے خود کسی نا کسی حوالے سے یکتائے روزگار ہیں اور ہر پیارے محفلین کا ایک انفرادی کردار اور حیثیت ہے ۔ درحقیقت مابدولت کو عہدطالب علمی میں سب رنگ ڈائجسٹ پڑھنے شغف والہانہ رہا ہے اور اس کے بعد بھی قصہ چہار درویش جیسی عدیم المثال کتب نے اس شوق پر مہمیز کا کام کیا۔:):)
 
4) آپ ایک بالعموم ایک خاموش قاری ہیں یا فورم پر آنا کم کم ہوتا ہے؟
جی محترم بہن درست فرمایا آپ نے ۔بالعموم مابدولت پیارے محفلین کی گوناگوں دلچسپیوں اور معلومات سے معمور مراسلہ جات کے سحر میں اس قدرمحو ہوجاتے ہیں کہ خود سے مراسلہ خال خال ہی تحریر کرتے ہیں ، تاہم محفل فورم میں آنے جانے کے حوالے سے مابدولت بالا بیان کردہ کیفیت کے سراسر برعکس ہیں یعنی مابدولت کا ساعت کثیر محفل فورم پر ہی بسر ہوتا ہے ۔:):)
 
7) اگر کوئی آپ سے بھی زیادہ مشکل اردو لکھے/بولے جس کی آپ کو بھی اسی طرح سمجھ نہ آتی ہو جیسی محفلین کو بعض اوقات آپ کی، تو آپ کے محسوسات کیا ہوتے ہیں؟
مابدولت چونکہ زبان و بیان کے میدان کارزار میں اپنے تئیں واحد شہسوار سمجھنے کے چنداں قائل نہیں ۔ چنانچہ مراسلہ نا سمجھ آنے کی صورت میں مورد الزام اپنی کوتاہ فہمی کو ٹھہرائیں گے نا کہ مراسلہ نگار کی قابلیت کو ۔:):)
 
آخری تدوین:
اگر آپ کے پاس اردو ادب کا بہترین نثر نگار یا بہترین شاعر بننے کے آپشنز ہوں تو کونسا آپشن منتخب کریں گے اور کیوں؟ نیز اپنا پسندیدہ شعر بھی بتائیے۔
اگر ایسا ہوتا تو مابدولت نثر نگار بننے کو فوقیت دیتے کیونکہ مختلف جہتوں سے ہی صحیح ، مابدولت کا مطالعۂ بیشتر نثر سے ہی وابستہ رہا ہے ، تاہم شاعری اور شعرائے کرام کی اہمیت اپنی جگہ مسلم ہے ۔
حضرت علامہ اقبال کا ایک شعر ہے
دل سوز سے خالی ہے نگہ پاک نہیں ہے
پھر اس میں عجب کیا کہ تو بیباک نہیں ہے
 
آخری تدوین:
9) کوئی ایسا تاریخی واقعہ جو اگر آپ کے اختیار میں ہوتا تو آپ نہ ہونے دیتےاور کیوں؟
سعیء ہر ممکن کرتا اور ہیروشیما اور ناگاساکی پر ایٹم بم کا حملہ نا ہونے دیتا کہ مذکورہ سانحۂ اندوہناک رہتی دنیا تک مہذب انسانیت کے چہرے پر داغ بدنما ہے ۔
 
10) اگر آپ کے پاس ایک ارب روپے ہیں اور آپ کو فقط ایک ہی چیز (زیادہ مقدار میں) خریدنے کا اختیار ہو تو آپ کیا خریدیں گے اور کیوں؟
کوشش بسیار یہی ہوتی کہ حرص و طمع کی ہر خیرہ کن نگاہ تحریک کو سلب کرکے دکھی انسانیت کے لیے جست واحد میں تمام مسرتیں خریدلیتا کہ ضرورت جس کی عہد رواں میں سب سے زیادہ ہے ۔:):)
 
سوال نامۂِ نور سعدیہ شیخ :

اردو ادب کی کونسی کتاب نے سب سے زیادہ متاثر کیا؟

۲.. اردو محفل کا آپ کی زندگی میں کیا کردار ہے؟

۳. ماضی میں کسی حیدرآبادی ریاست کے نواب کے طور پر اردو کی ترویج کے لیے کیا کرتے ...

۴. انسان کھانے کے لیے پیدا ہوا ہے ؟ اس بارے میں خیال آفرینی کیجیے

۴. آپ کو سب سے زیادہ کونسی کتاب پسند ہے اور کیوں؟

۵. اگر زندگی میں کسی وجہ سے مایوسی آنے لگے تو اس کے اثرات پر کیسے قابو پاتے ہیں ؟

۶. انسان کی پہچان brands سے ہوتی ہے یا کوئی اور ذریعہ بھی ہے؟

۷.جب آپ کو غصہ آتا ہے تو کس، پر نکالتے ہیں؟

۸. آپ عام زندگی میں خاموش طبع واقع ہوئے ہیں یا اس کے برعکس؟

۹. اگر آپ کو کہا جائے میڈیا کی ایڈیٹورئیل پالیسی بنائیے تو کن پوائنٹس کو ملحوظ خاطر رکھیں گے.

۱۰. درج ذیل.شخصیات یا کتب کو اک لفظ میں.بیان کریں ...

بانو قدسیہ
اداس نسلیں
علامہ اقبال
محمد امین صدیق
 
ردو ادب کی کونسی کتاب نے سب سے زیادہ متاثر کیا؟
ہمارے ہاں بے شمار ایسی کتب ہیں جن کی ادبی حیثیت ان کی قارئین میں بے پناہ مقبولیت سے ثابت ہے تاہم بدقسمتی سے انہیں اردو ادب میں شمار نہیں کیا جاتا ۔اور اس جانب بہت سے ذی علم افراد پہلے بھی صدائے احتجاج بلند کرچکے ہیں مگر ان کی آواز نقارخانے میں طوطی کی گونج بن کررہ گئی ۔ مابدولت نہایت صاف گوئی سے کہتے ہیں کہ مابدولت کا مطالعہ بہترین اور دلچسپ کتب ( بیشتر ناول ) تک اچھا خاصا رہا ہے مگر اردوادب سے مابدولت کو صرف ' قصہ چہاردرویش ' کے مطالعے کا شرف حاصل ہوا ہے لہذا مابدولت اسی اکلوتے کتاب کا ہی نام لیں گے کیونکہ مابدولت کو یہ پسند بھی بہت ہے ۔:):)
 
۲.. اردو محفل کا آپ کی زندگی میں کیا کردار ہے؟
یہ کہنا کہ مابدولت ایک جسم ہے اور اردومحفل اس کی روح ہے تو بیجا نہیں ہوگا ۔اردو محفل سے آشنائی سے قبل صرف ویب گردی تھی ۔ اب لگتا ہے جیسے سورج کی آتشیں شعاؤں سے تپتے ، جھلستے ریگزار ، ایسا ریگزار جس میں ماؤس کی ہر کلک آپ کو ایک نئے سراب کے فریب میں مبتلا کردیتی تھی ، میں ایک سکون آمیزاور راحت افزا نخلستان میسر آگیا ہو ۔:):)
 
۳. ماضی میں کسی حیدرآبادی ریاست کے نواب کے طور پر اردو کی ترویج کے لیے کیا کرتے ...
ایسی درس گاہوں کا قیام عمل میں لاتا جہاں اردو کو ترجیح اولیں دی جاتی ۔ اردو زبان میں داستان گوئی کی حددرجہ حوصلہ افزائی کرتا اور اردو کی ترقی کے لیے کارہائے نمایاں انجام دینے والوں کو گرانقدر انعام واکرام سے نوازتا اور زیادہ جوش میں آنے کی صورت میں عین ممکن تھا کہ اپنے ریاست کی نوابی بھی حوالے کرنے سے دریغ نہ کرتا ۔:):)
 
۴. انسان کھانے کے لیے پیدا ہوا ہے ؟ اس بارے میں خیال آفرینی کیجیے
مابدولت اس بابت اس مقولے یا ضرب المثل کا سہارا لیں گے کہ " زندہ رہنے کےلیے کھانا چاہئیے ، ناکہ کھانے کے لیے زندہ رہنا چاہئیے "! اورویسے بھی مابدولت خوش خوراکی کے تو قائل ہیں مگر بسیا خوری کو ناپسند کرتے ہیں ۔:):)
 
آخری تدوین:
Top