ہوٹیل کے سامنے کھڑے ہوں تو ٹریک کے راستے کی نشاندہی کرنے والا بورڈ دکھائی دیتا ہے۔ لیکن اس پہ مشک پوری کا ذکر نہیں ہے، بلکہ لالہ زار پارک کا ذکر ہے جو کہ مشک پوری کے راستے میں آتا ہے۔
سٹارٹ پوائنٹ سے بمشکل 20 منٹ بعد ہی لالہ زار (وائلڈ لائف) پارک آ گیا۔ سردیوں میں یہ پارک بند ہوتا ہے اور صرف گزرگاہ کے طور پہ ہی استعمال ہوتا ہے یعنی ایک گیٹ سے داخل ہوں اور دوسری جانب کے گیٹ سے نکل جائیں۔
پارک میں صرف ایک چوکیدار ہی تھا جو کہ برف پہ راستہ بھی بنا رہا تھا اور شاید گھر کے لئے لکڑیاں بھی اکٹھی کر رہا تھا۔ اس نے بتایا کہ گیٹ تین بجے بند ہو جاتے ہیں، لیکن میں آپ کا چار بجے تک انتظار کروں گا۔ اس نے ہمیں اپنا موبائل نمبر بھی دے دیا کہ اگر چار بجے سے لیٹ ہو جائیں تو اس کو بتا سکیں، تاکہ وہ مزید کچھ انتظار کر سکے۔
اس کے بعد مشک پوری تک تقریباً تمام راستہ برف پہ طے کرنا پڑا۔ کہیں کہیں چند قدم زمین دکھائی دیتی تھی۔ برف اور سبزے کا امتزاج پاگل کر دینے کی حد تک خوبصورت تھا۔