ملالہ کی کردار کُشی میرا خیال ہے اسلامی تعلیمات کے بھی خلاف ہے مگر۔۔۔
1۔کیا صرف اسی کو ہدف بنایا گیا تھا؟
2۔کیا اس پر کیے گئے حملے سے قبل اُس کا نام بھی کسی نے سُنا تھا؟
3۔اس کے بقول اس پر حملہ کرنے والے کے ہاتھ کانپ رہے تھے۔ کیا طالبان جیسے تجربہ کار "دہشت گردوں" سے یہ امید کی جاسکتی ہے
کہ وہ کسی کو نشانہ بناتےیوں ضعف کا شکار ہوں؟
4۔اس پر حملہ قابلِ مذمت ہے، مگر کیا اس پر حملہ کوئی انہونی تھی؟ کیا اس ملک میں صرف ایک ہی ملالہ تھی؟
5۔جس صدرِ امریکہ نے سلالہ ایئر بیس پرپاکستانی فوجیوں کی شہادت پر معافی مانگنا گوارا نہ کیا، وہ ایک گم نام لڑکی کے لیے اپنی فصاحت و بلاغت کے جوہر دکھانے لگ گیا۔۔۔ کیوں؟
6۔ کیا ہمارے نزدیک تعلیم کا تصور ہو بہو وہی ہے جو اہلِ مغرب کا ہے؟
7۔کیا ملالہ نے آج تک ہمارے نصابِ تعلیم و نظامِ تعلیم کے بارے میں کوئی ایسی ایک بات بھی کہی ہے جس سے پتہ چل سکے کہ اُسے اپنے
ملک کے تعلیمی مسائل کا اِدراک ہے؟
8۔اس کی جو ڈائری بی بی سی کے حوالے سے مشہور ہوئی، اُسے کے مستند اور ملالہ ہی کی تحریر ہونے کے حوالے سے بعض صحافیوں نے شبہات کا اظہار کیا ہے۔
9۔ مغرب کو صرف وہی پاکستانی کیوں پسند آتے ہیں جو چند روایتی الزامات کا سہارا لے کر پاکستان کا ایک غلط رنگ پیش کرتے ہیں؟
10۔ ملالہ کو اقومِ متحدہ میں تقریر کے دوران یہ کہنے کی کیا ضرورت تھی کہ جو چادر اس کے شانوں پر ہے وہ بے نظیر کی ہے؟
11۔ کیا ایک سولہ سالہ لڑکی، اس بالغانہ انداز میں اظہارِ رائے پر قدرت رکھتی ہے اور اس طرح محکم انداز میں گفت گو کر سکتی ہے جس طرح ہر فورم پر ملالہ کر رہی ہے؟ کہیں ایسا تو نہیں اس کی زبان پر کسی اور کے الفاظ رکھے جا رہے ہیں؟
12۔ملالہ کے بقول پاکستان میں عورتوں کو تعلیم کے حصول میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ چند علاقوں کے استثنا کے ساتھ، یہ بات سرے سے غلط ہے۔ خود میرے علاقے میں مردوں کے 4 جب کے عورتوں کے کم از 9 ڈگری کالج ہیں۔
13۔میں نے بارہا اپنے علاقے میں خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ کھیتوں اور فیکٹریوں میں کام کرتے دیکھا ہے۔ پاکستان کے کس شہر میں ایسا نہیں ہوتا؟
14۔ ملالہ کے بقول وہ پشتون ثقافت نہیں چھوڑ رہی۔ غیر محرم مردوں سے ہاتھ ملانا پشتون ثقافت ہے؟
15۔ملالہ پر ہونے والے حملے کی کسی ذی ہوش نے تعریف نہیں کی، مگر اُس حملے کے بعد سے اِس ایک لڑکی کو دی جانے والی شہرت کے پسِ پردہ اصل محرکات کیا ہیں؟ ملالہ کے ساتھ دوسری لڑکیوں کو بھی زخم آئے، ان میں سے کس کے لیے کوئی ایک بھی مغربی ایوارڈ دیا گیا؟
16۔ ملالہ نے تعلیم کے فروغ کے لیے اب تک کون سی ٹھوس کوشش کی ہے؟
17۔ اس نے عالمی امن کے لیے کیا کردار ادا کیا؟ کیا اس نے امریکہ کو افغانستان چھوڑنے کی اپیل کی؟ کیا اس نے کسی فورم پر کشمیر، فلسطین اور شام یا عراق میں ہونے والے مسلمانوں کی حالتِ زار کا ذکر کرنا گوارا کیا؟ کیا اس نے برما میں مسلمانوں کی نسل کُشی کے حوالے سے کوئی تحریک چلائی؟
18-کیا اسے مغرب کی طرف سے کیا جانے والے انسانیت کُش اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کبھی سُنا گیا؟
سوالات کی ایک لمبی فہرست تیار کی جاسکتی ہے۔ بات وہی کہ ایک لڑکی کی کردار کُشی نہیں ہونی چاہیے مگر اصل حقائق اکثر وہ نہیں ہوتے جو ہمیں نظر آتے ہیں۔ اللہ کرے کہ ہماری قوم اس معاملے میں اصل حقائق جان سکے۔
ان سب سوالات سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ کو ملالہ کے بارے میں سرے سے کوئی علم ہی نہیں ہے، اور جتنا علم ہے وہ امت ٹائپ کے اخباروں سے لیا گیا ہے۔
کچھ سوالات میں نے نکال دیئے ہیں کہ وہ بہت ہی بھونڈے تھے۔ باقی جوابات ملاحظہ کریں:
1۔کیا صرف اسی کو ہدف بنایا گیا تھا؟
ملالہ کو اس کا نام پوچھ کر ہدف بنایا گیا تھا۔ پاکستان میں کتنی چودہ سالہ بچیوں کو ان کا نام پوچھ کر نشانہ بنایا گیا ہے؟
2۔کیا اس پر کیے گئے حملے سے قبل اُس کا نام بھی کسی نے سُنا تھا؟
اس حملے سے پہلے ملالہ وزیراعظم سے حکومتی ایوارڈ (نیشل یوتھ ایوارڈ) حاصل کر چکی تھی۔ اس کو بچوں کے ایک انٹرنیشنل ایوارڈ (انٹرنیشنل چلڈرن پیس پرائز) کے لئے بھی نامزد کیا گیا تھا۔ اس پر 2009 میں نیو یارک ٹائمز نے وڈیو ڈاکیومینٹریاں بھی بنائی تھیں۔
3۔اس کے بقول اس پر حملہ کرنے والے کے ہاتھ کانپ رہے تھے۔ کیا طالبان جیسے تجربہ کار "دہشت گردوں" سے یہ امید کی جاسکتی ہے
کہ وہ کسی کو نشانہ بناتےیوں ضعف کا شکار ہوں؟
طالبان نے کئی خطوط اور ٹیلیفونز کے ذریعے ملالہ پر قاتلانہ حملے کی زمہ داری قبول کی ہے۔ اس کی حال میں شائع ہونے والی کتاب کے خلاف انہوں نے مہم شروع کی ہے اور اس کے بیچنے پر پابندی لگائی ہوئی ہے۔
4۔اس پر حملہ قابلِ مذمت ہے، مگر کیا اس پر حملہ کوئی انہونی تھی؟ کیا اس ملک میں صرف ایک ہی ملالہ تھی؟
ایک بچی کی ٹارگٹ کلنگ اور وہ بھی اس وجہ سے کہ وہ بچی اپنے تعلیم کے حق کے لئے لڑ رہی تھی اپنی نوعیت کا پاکستان میں واحد واقعہ ہے۔
7۔کیا ملالہ نے آج تک ہمارے نصابِ تعلیم و نظامِ تعلیم کے بارے میں کوئی ایسی ایک بات بھی کہی ہے جس سے پتہ چل سکے کہ اُسے اپنے
ملک کے تعلیمی مسائل کا اِدراک ہے؟
ملالہ کے انٹرویو دیکھیں ہوں تو کچھ معلوم ہو کہ اس نے کیا کہا اور کیا نہیں۔
8۔اس کی جو ڈائری بی بی سی کے حوالے سے مشہور ہوئی، اُسے کے مستند اور ملالہ ہی کی تحریر ہونے کے حوالے سے بعض صحافیوں نے شبہات کا اظہار کیا ہے۔
امت کے صحافیوں نے یا پھر جانے مانے صحافیوں نے؟
10۔ ملالہ کو اقومِ متحدہ میں تقریر کے دوران یہ کہنے کی کیا ضرورت تھی کہ جو چادر اس کے شانوں پر ہے وہ بے نظیر کی ہے؟
تو آپ کو ملالہ سے اس لئے پرضاش ہے کہ وہ بےنظیر کو اپنا آئڈیل مانتی ہے۔ یعنی آپ پیپلی نہیں ہیں اس لئے آپ کو ملالہ بری لگتی ہے؟
11۔ کیا ایک سولہ سالہ لڑکی، اس بالغانہ انداز میں اظہارِ رائے پر قدرت رکھتی ہے اور اس طرح محکم انداز میں گفت گو کر سکتی ہے جس طرح ہر فورم پر ملالہ کر رہی ہے؟ کہیں ایسا تو نہیں اس کی زبان پر کسی اور کے الفاظ رکھے جا رہے ہیں؟
ہر سولہ سالہ لڑکی کند ذہن نہیں ہوتی۔ ارفہ کریم کی مثال بھی ہمارے سامنے ہے۔ وہ بھی اسی انداز میں بہت گہری اور پر مغز باتیں کرتی تھی۔
12۔ملالہ کے بقول پاکستان میں عورتوں کو تعلیم کے حصول میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ چند علاقوں کے استثنا کے ساتھ، یہ بات سرے سے غلط ہے۔ خود میرے علاقے میں مردوں کے 4 جب کے عورتوں کے کم از 9 ڈگری کالج ہیں۔
طالبان نے عورتوں کی تعلیم پر پابندی لگائی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں خواتین کی شرع خواندگی 3 سے آٹھ فی صد ہے۔
یونیسکو رپورٹ
یونیسیف کے مطابق 92 لاکھ بچے پاکستان میں تعلیم سے محروم ہیں۔
40 فی صد بچیوں نے کبھی پرائمری سکول بھی اٹینڈ نہیں کیا۔
ربط
معلوم نہیں آپ کس لالا لینڈ میں رہتے ہیں جہاں مردوں سے زیادہ عورتیں پڑھی لکھی ہیں؟
13۔میں نے بارہا اپنے علاقے میں خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ کھیتوں اور فیکٹریوں میں کام کرتے دیکھا ہے۔ پاکستان کے کس شہر میں ایسا نہیں ہوتا؟
کھیتوں اور فیکٹریوں میں تعلیم یافتہ خواتین کام کرتی ہیں؟
14۔ ملالہ کے بقول وہ پشتون ثقافت نہیں چھوڑ رہی۔ غیر محرم مردوں سے ہاتھ ملانا پشتون ثقافت ہے؟
یہ بات مجھے بھی پسند نہیں ہے لیکن اس ایک خرابی کی وجہ سے ہم اس کو اپنی ثقافت سے باغی نہیں قرار دے سکتے۔
15۔ملالہ پر ہونے والے حملے کی کسی ذی ہوش نے تعریف نہیں کی، مگر اُس حملے کے بعد سے اِس ایک لڑکی کو دی جانے والی شہرت کے پسِ پردہ اصل محرکات کیا ہیں؟ ملالہ کے ساتھ دوسری لڑکیوں کو بھی زخم آئے، ان میں سے کس کے لیے کوئی ایک بھی مغربی ایوارڈ دیا گیا؟
ملالہ کا پس منظر اوپر بیان ہو چکا ہے کہ وہ کیوں سپیشل ہے۔ باقی بچیوں کو بھی چوٹیں آئیں لیکن ان کے سر میں ان کی نشاندہی کر کے گولی نہیں ماری گئی۔ ہر چیز کو سیاق و سباق میں دیکھا جاتا ہے۔ ایک ہفتہ تک تو وہ کومہ میں زندگی اور موت کی کشمکش میں رہی ہے۔ باقی بچیاں بھی اس قدر زخمی ہوئی تھیں کیا؟
16۔ ملالہ نے تعلیم کے فروغ کے لیے اب تک کون سی ٹھوس کوشش کی ہے؟
www.malalafund.org
17۔ اس نے عالمی امن کے لیے کیا کردار ادا کیا؟ کیا اس نے امریکہ کو افغانستان چھوڑنے کی اپیل کی؟ کیا اس نے کسی فورم پر کشمیر، فلسطین اور شام یا عراق میں ہونے والے مسلمانوں کی حالتِ زار کا ذکر کرنا گوارا کیا؟ کیا اس نے برما میں مسلمانوں کی نسل کُشی کے حوالے سے کوئی تحریک چلائی؟
وہ پاکستان کی صدر نہیں ہے جو ہر معاملے کا خیال رکھے۔ اس وقت اس کو اپنی پڑھائی پر توجہ دینی ہے۔ جب پڑھ لکھ جائے اور کوئی عہدہ اس کو مل جائے تو ایسے سوالات تب کئے جانے چاہیئں۔
ذرا معیارات تو دیکھیئے کیا سیٹ کئے ہوئے ہیں۔ ایک سولہ سالہ بچی سے ایسے سوال کئے جا رہے ہیں جو 80 سالہ بڈھے بھی اپنی پوری زندگی میں نہ کر پائیں۔
18-کیا اسے مغرب کی طرف سے کیا جانے والے انسانیت کُش اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کبھی سُنا گیا؟
آج ہی ملالہ نے اوبامہ کو کہا کہ ڈرون حملے بند کرو اس سے بے گناہ لوگ مرتے ہیں اور دہشت گردی مزید پھیلتی ہے۔