مٹر مذکر ہے یا مؤنث؟

ہم نے سبزی کے بازار میں مٹر گشت کرتے ہوئے دیکھا کہ مٹر کی پھلی بِک رہی تھی۔ البتہ ایک جانب مٹر کےچھلے ہوئے دانے بھی رکھے تھے، جو پھلی کی بہ نسبت مہنگے تھے ۔ ہم نے مٹر کے دانے خریدے جو پھلی سے نکلے تھے اور اپنی نصف بہتر کو لاکر دئیے کہ نیک بخت جا انہیں قیمے اور آلو کے ساتھ پکادے۔ یوں مٹر جو سائنس کی رو سے( بقول محمد بلال اعظم ) مذکر بھی تھے اور مونث بھی پک کر تیار ہوئے تو روٹی کے ساتھ مزہ دے گئے۔ مٹر کی پھلی جو مونث ہوتی ہے، عام طور پر نہیں کھائی جاتی ، صرف اس کے دانے کھائے جاتے ہیں، پکاکر بھی اور کبھی کبھار جب بیگم مٹر چھیل رہی ہوں، ہم انہیں ویسے بھی پھانک لیتے ہیں۔ مقصد منہ کا ذائقہ تبدیل کرنے کے علاوہ بچوں کی اماں سے تجدید عہدِ وفا بھی ہوتا ہے۔
 
Top