ابن سعید
خادم
وعلیکم السلام۔
برادرم ڈاکٹر سعید آپ نے جس قدر محبتوں سے ہمیں نوازا ہے اس کو چکانے کی ناکام کوشش کا تکلف بھی ہم نہیں برتنا چاہیں گے۔
جس روز آپ نے پیغام پوسٹ کیا اس روز کئی دنوں اور راتوں کی لگاتار تھکان کے شکار تھے اور پھر کالج کی مصروفیات سوا تھیں اس لئے جواب دینا محال ہو رہا تھا۔
آپ کے مشورے سر آنکھوں پر۔ یہ کام ان شاء اللہ یقیناً کیا جائے گا۔ رچ ٹیکسٹ ایڈیٹر کا فونٹ سیٹ پچھلے فورم میں بھی کسٹمائز کیا گیا تھا، ان شاء اللہ یہاں بھی کر دیا جائے گا۔ بات صرف ترجیح کی ہے۔ اور اس وقت اگر ہمارے پاس کسی شئے کی قلت ہے تو وہ ہے وقت۔ رہا سوال نستعلیق فونٹ کے حوالے سے شائع کیئے جانے والے اعلان کا تو وہ اور ویسے کئی اور اعلانات ہمارے ذہن میں اپگریڈ سے بھی پہلے سے بری طرح پک رہے ہیں لیکن ترجیحی نہیں ہیں۔ اس کا سبب یہ ہے کہ اردو محفل کے بیشتر فعال اراکین پہلے سے ہی اس فونٹ کے حامل ہیں۔ ہاں نئے آنے والوں کو اس سے مدد ملے گی لیکن لوگ فونٹ نصب کرنے میں یا تو اکثر تردد کا شکار ہوتے ہیں یا ان کو معلومات ہی نہیں ہوتی، گو کہ ہمارے پاس فونٹ کی تنصیب کے لئے بہترین ہدایات موجود ہیں۔ بس دیگر ترجیحی کاموں سے تھوڑی سی مہلت مل جائے تو اس مسئلے کے حل کے لئے کچھ اچھا کریں گے ان شاء اللہ۔
اردو محفل میں دو ترجمے شامل کیئے گئے ہیں۔ ایک قدرے زیادہ مکمل ہے لیکن پہلے کا کیا ہوا ترجمہ ہے اور سیاق و سباق سے دور رکھ کر یک مشت کیا گیا ہے جبکہ دوسرا ترجمہ حال ہی میں کیا گیا ہے اور اس کو عموماً اصلی جگہ دیکھ کر بتدریج کیا جا رہا ہے تاکہ اس کے معیار کے ساتھ سمجھوتہ نہ کرنا پڑے۔
زین فورو فورم پر کسی نے ایسے کسی تمثیلی فورم کا حوالہ طلب کیا تھا جہاں اس کو اردو میں استعمال کیا گیا ہو۔ ہم اس وقت کلاس روم میں تھے جب آپ کا جواب نظر نواز ہوا تھا۔ ایسے کسی موقع پر آپکو کسی قسم کے تردد یا تکلف کی چنداں ضرورت نہیں۔ بے فکر ہو کر محفل کا حوالہ دے دیا کریں۔ اردو محفل اس سے پہلے بھی کئی پلیٹ فارمز کو ممکنہ حد تک تعاون فراہم کرتی رہی ہے تاکہ لوگ آگے آئیں اور محفلین و دیگر اردو کمیونٹی کے ارکان کے کاموں سے استفادہ کریں۔ اور ان شاء اللہ مستقبل میں بھی یہ روایت حتیٰ الامکان قائم رکھی جائے گی۔ جب جب کوئی اردو ویب سائٹ وجود میں آتی ہے ہمیں محفل کے مقصد کا ایک اور باب کھلتا نظر آتا ہے۔ ابھی ویب پر اردو خدمات کی تعداد اتنی نہیں ہوئی ہے کہ کوئی کسی کو "کاروباری حریف" گردانے۔ ہم نیک مقاصد اور اردو کی ویب پر ترویج کا عزم لے کر اٹھنے والے ہر قدم کو پوری فراخ دلی سے سلام کرتے ہیں۔
ان شاء اللہ معیار سے مطمئن ہونے کے بعد زین فورو کی اردو کاری کے حوالے سے کیا گیا سارا کام احباب کے لئے وقف کیا جائے گا۔
پچھلے چند ماہ میں کئی محفلین احباب نے ہم سے یہ جاننا چاہا کہ ہمارا ارادہ کس پلیٹ فارم کی طرف جانے کا ہے لیکن ہم ٹالتے رہے۔ کچھ کا خیال تھا کہ شاید محفل کے لئے "سب سے پہلے" کا ٹیگ حاصل کرنے کی نیت سے اس کو مخفی رکھا جا رہا ہے۔ جبکہ ہمارا مقصود یہ تھا کہ جب تک یہ سافٹوئیر اس قابل نہ ہو جائے کہ اس کو استعمال کیا جا سکے تب تک دیگر احباب کو اس "جاں گسل لذت" سے کیوں گزارا جائے جس سے ہم خود گذر رہے تھے۔ یہ بات برادرم ڈاکٹر سعید سے بہتر کون جان سکتا ہے کہ ہم "آہ، چلیں اس ہفتے نہ سہی لیکن اگلے ہفتے تو فلاں خوبی ضرور شامل کر دی جائے گی" کے دور سے کتنی بار گزرے ہیں۔ کئی دفعہ تو ایسی آس لگائے ہوتے تھے جس کے بارے میں ڈیپویلپرز نے تقریباً نہ کر دیا تھا۔ خیر یہ داستان چند ہفتوں یا چند مہینوں پر نہیں بلکہ پورے ایک سال کے دورانیئے پر محیط ہے۔ کیا کیا سنائیں، کیا کیا بتائیں۔
ہم ایک بار پھر دہرا دیں کہ برادرم ڈاکٹر سعید صاحب نے ہمیں روز اول سے اپنی محبتوں کا اسیر کر لیا ہے۔ ہم ان کو محفل میں باقاعدہ خوش آمدید کہتے ہیں۔ اور ان سے درخواست کرتے ہیں کہ تعارف کے زمرے میں اپنا تعارف کرائیں اور تمام محفلین سے وعدہ کریں کہ وہ اپنی مصروفیت کے چند لمحات سے ہمیں بھی نوازتے رہیں گے۔
والسلام۔