السلام علیکم دوستو!
آپ میں سے اکثر لوگ مجھے نہیں جانتے، کیونکہ سچی بات یہ ہے کہ میں اس محفل میں شریک تو بہت عرصہ سے ہوں مگر ہمیشہ فاصلے سے۔
میں آج یہ پیغام صرف اس لیے یہاں ارسال کرنے چلا آیا کہ میں آپ سب کو بتانا چاہتا تھا کہ یہ محفل اور اس کے اراکین کتنے خوش نصیب ہیں کہ آخر کار وہ زین فورو کے زبردست پلاٹ فورم پر اس محفل میں آج شریک ہو رہے ہیں۔ ساتھ یہ بھی بتانا مقصد تھا کہ نبیل بھائی اور سعود میاں نے اس کے لیے کتنا عرصہ انتظار کیا ہے اور کتنی محنت کی ہے۔
میں یہ بتاتا چلوں کہ میں بھی ایک فورم کا منتظم ہوں اور وی بلٹن سے ہی چند مہینے پہلےمیں نے بھی اپنا فورم زین فورو پر منتقل کیا ہے۔ پچھلے تقریبا دو سال سے وی بلٹن کے ساتھ کام کرنا کتنا مشکل ہوگیا ہے، اور اس میں کتنی مغز کھپائی شامل ہے، میں بخوبی جانتا ہوں اور نبیل بھائی اور سعود بھائی کے جذبات بھی سمجھتا ہوں۔
ان دونوں سے میری ملاقات زین فورو کے فورمز پر ہی ہوئی جہاں ہم لوگ اپنے اپنے فور م کو زین فورو پر منتقل کرنے کی لیے ضروری فیچرز اور مناسب وقت کا بے چینی سے انتظار کرتے رہے ہیں۔ اس دوران دونوں بھائیوں نے، خاص طور پر سعود بھائی نے، زین فورو کے انجن کا بخوبی معائنہ کیا اور مختلف حوالے سے مختلف اوقات پر ٹیسٹ بھی کیا۔ زین فورو کا ورژن 1.0 دائیں سا بائیں لکھی جانے والی زبانوں (مثلا اردو) کو سپورٹ نہیں کرتا تھا۔ یہ سپورٹ ورژن 1۔1 میں شامل کی گئی۔ اور آپ لوگ یقین کریں کہ 1۔1 کہ پہلے بِیٹا ورژن نکلنے کی دیر تھی کہ سعود صاحب کی راتوں کی نیندیں حرام ہوگئیں۔ یہاں تک کہ یہ یونیورسٹی میں کلاس میں بھی زین فورو کے فورمز پر موجود رہتے تھے۔
بِیٹا کے نکلنے کے ساتھ ہی ان کی جانب سے جو سوال و جواب کا سلسلہ شروع ہوا وہاں، وہ دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا۔ ساتھ ہی اردو محفل کے ڈیٹابیس پر ان کی ٹیسٹنگ شروع ہوگئی، جس کے ساتھ ہی ان کی جانب سے مختلف بگز bugs کا انکشاف ہونا شروع ہوا۔ اور ابھی دھاگہ پڑھتے پڑھتے اور یہ پیغام لکھتے لکھتے مزید 3 بگز کا اضافہ کر چکے ہیں سعود میاں!
بہرحال، میں اس پیغام کو مزید لمبا نہیں کھینچوں گا۔ اور جو کچھ میں نے یہاں لکھا ہے، وہ سب میں نے خود اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے، اور تجربے کی بنا پر میں یہ جانتا ہوں کہ حقیقت میں کسی بھی فورم کی منتقلی میں اس سے کہیں زیادہ پیچیدہ مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اردو محفل کے زین فورو پر منتقل ہونے پر مجھے ذاتی طور پر بے حد خوشی ہے، اور میں آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اور اس بات کی مبارکباد بھی کہ یہ محفل بہت خوش قسمت ہے کہ اس منتقلی کے لیے نبیل بھائی اور سعود بھائی کی خدمات اسے حاصل تھیں۔
آخر میں دو مشورے دینا چاہوں گا، اگر مناسب لگیں۔
1۔ تما م اراکین کے لیے ایک نوٹس چسپاں کرلیجیے، خاص طور پر نئے شامل ہونے والے اراکین کے لیے، کہ اپنے اپنے سسٹم پر جمیل نوری نستعلیق فونٹ انسٹال کرلیں۔ اس کے بغیر یہ فورم ادھورا اور ذرا بے جان سا لگتا ہے، جب کہ انسٹال کرنے کے بعد ایسا لگتا ہے جیسے 4 چاند لگ گئے ہوں۔
2۔ ایڈیٹر میں مزید اردو فونٹ (علوی، ویب نقش وغیرہ) بھی شامل کیجیے، تاکہ اگر اراکین اردو کے مختلف فونٹ استعمال کرنا چاہیں تو با آسانی کر سکیں۔ اس کے لیے ضروری ہدایات زین فورو فورمز پر آپ کو مِل جائیں گی۔
اللہ حافظ۔
ڈاکٹر سعید
ترمیم: ایک چھوٹا سا بگ