نبیل بھائی کا انٹرویو

السلام علیکم! میں ہوں آپ کی میزبان مریم افتخار اور میرے ساتھ ہیں محمدظہیر ، حمیرا عدنان ، فہد اشرف ، ہادیہ اور نور سعدیہ شیخ ۔ اردو محفل فورم کی تیرہویں سالگرہ کے موقع پر ہم نے محفل کی ایک پرانی روایت کو از سر نو زندہ کرنے کی سعی کی ہے۔ اس ضمن میں محفلین کے انٹرویو کا سلسلہ شروع کیا گیاہے جس کی پہلی کڑی آج آپ سب کے سامنے پیش کی جا رہی ہے۔
سب سے پہلا انٹرویو ہے اس ہستی کا جو صرف محفل کے بانیوں میں سے ہی نہیں بلکہ پچھلے تیرہ سال سے محفل کے منتظم کے عہدے پر بھی فائز ہیں۔ ان کا تعلق لاہور سے ہے اور عرصہ دراز سے جرمنی میں مقیم اور انجنئیرنگ کے شعبے سے منسلک ہیں۔ شنید ہے کہ بے حد عملی انسان ہیں اور بہت ہی معتدل شخصیت اور خوبصورت فطرت کے مالک ہیں۔ آپ سب کی بھرپور تالیوں میں تشریف لاتے ہیں محمد نبیل حسن نقوی صاحب!

گو کہ بعض محفلین کا کہنا ہے کہ اگر کسی کا انٹرویو محفل کے کسی دور میں ہو چکا ہو تو ان کے انٹرویو سے احتراز برتنا چاہیے اور ہم مستقبل قریب میں ایسا کرنے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں مگر نبیل بھیا کے بارے میں ہمارا خیال ہے کہ موجودہ محفلین کی صف شاید ان کے متعلق بہت کم جانتی ہے اور پھر ان کا اوتار بذات خود دعوت سوال دیتا ہے تو کیوں نا ان سے شروعات کی جائے !تاہم یہ انٹرویو گزشتہ سے پیوستہ ہے۔ ان کے متعلق جو کچھ ہمیں پہلے سےمعلوم ہے اس کی تفصیلات یہاں ملاحظہ کی جاسکتی ہیں۔

ربط 1

ربط 2

ربط 3

مزید برآں جن محفلین کی تشنگی باقی رہے ان کے لیے انٹرویو میں سوالات کے لیے ایک علیحدہ سیشن بھی رکھا جائے گا تاہم پہلے دو سے تین سیشنز انٹرویو ٹیم کے سوالات کے ہوں گے۔ :)
 
مدیر کی آخری تدوین:
سوالنامہ:
1) اپنے آپ کو فقط تین الفاظ میں بیان کریں۔

2) جو آپ بننا چاہتے تھے اور جو آپ ہیں ، ان میں کتنا فرق پاتے ہیں؟

3) آپ کے فیملی ممبرز کون کون ہیں اور آپ کس سے سب سے زیادہ قریب ہیں؟

4)آپ عرصہ دراز سے جرمنی میں مقیم ہیں۔ آپ کے خیال میں کوئی ایک ایسی بات جو جرمن عوام کو پاکستانی عوام سے سیکھنی چاہیے؟

5)آپ کتنے مذہبی ہیں؟ نیز اگر کسی سے مذہب کے معاملے میں شدید اختلاف رائے ہو تو کیا کرتے ہیں؟

6) آپ کو پسِ پردہ رہنا اچھا لگتا ہے یا سب کے درمیان اپنی الگ اور نمایاں شناخت کی خواہش موجود ہے؟

7) دوسروں کی کون سی عادت آپ کے لیے ناقابل برداشت ہو سکتی ہے؟ نیز آپ کا موڈ ٹھیک کرنے کے لیے انہیں کیا کرنا پڑتا ہے؟

8 ) آپ کی سب سے بڑی کامیابی اور سب سے بڑی ناکامی کیا ہے؟ نیز اس ضمن میں آپ کے تجربے سے سیکھنے والوں کو کوئی نصیحت کرنا چاہیں گے؟

9) کوئی ایسا لمحہ جس نے آپ کی سوچ یا آپ کی زندگی کی کہانی کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہو؟

10) آپ کے خیال میں کون سی تین ہستیوں نے دنیا پر سب سے زیادہ اثرات مرتب کیے ہیں؟

11) آپ کے پاس ٹائم مشین ہے اور آپ 13.7 ارب سال پہلے کائنات کے بننے سے لیکر آج تک کے کسی بھی زمانے میں جا کر کسی ایک تاریخی واقعے کو روکنا یا بدلنا ہے۔ ظاہر ہے کہ اس سے اس زمانے سے لیکر آج تک کی تاریخ بدل جائے گی۔ سو یہ بتائیں کہ آپ کا انتخاب کونسا واقعہ ہو گا اور اس میں کیا تبدیلی ہو گی اور کیوں؟ اور اس سے موجودہ زمانے پر کیا اثر پڑے گا؟

12) اگر آپ کسی ایسے سفر پر نکلیں کہ جس سے اپنی مرضی سے واپس نہ آ سکتے ہوں تو اپنے ساتھ (کھانے پینے کے سوا) کن تین اشیا کو لے جانا ضروری سمجھیں گے کہ جن کے سہارے سفر اور جب تک چاہیں زندگی کٹ سکے؟

13)اردو ویب اور فورم کے لیے پہلے کیا کیا نام تجویز ہوئے تھے؟ کبھی ایسا ہوا کہ ایک لمحے کو بھی سوچا ہو کہ 'اردو ویب کیوں بنا ڈالی!' نیز اگر آپ منتظم نہ ہوتے تو آپ کے خیال میں محفل پر آپ کی مقبولیت کا کیا عالم ہوتا؟

14) ایک طرف آپ اس قدر مستعد ہیں کہ اردو ویب بنا ڈالی اور دوسری طرف ایسے آلکسی کہ تیرہ سال تک نمائندہ تصویر بدلنے والے بٹن پر کلک نہ کیا۔ کیسے مینیج کرتے ہیں یہ؟

15) اگر ایک محفلین کی حیثیت سے آپ کی زندگی کے کئی قیمتی سال اس محفل میں گزرے ہوں اور آپ کی اس سے گہری وابستگی ہو مگر خدانخواستہ آپ معطل ہو جائیں تو آپ کے جذبات اور آپ کا رد عمل کیا ہوگا؟

1) تمام سوالات اختیاری ہیں تاہم کوئی بھی سوال چھوڑنے یا گول کرنے کی صورت میں پینلٹی لازمی پڑے گی۔ عمر تو ہمیں آپ کی معلوم ہے پھر آپ کو اپنی تنخواہ بتانا پڑے گی۔ :):)
 
آخری تدوین:

نبیل

تکنیکی معاون
اتنے سارے سوال۔ :barefoot:

کوشش کرتا ہوں کہ وقفے کے ساتھ سوالات کے جوابات دیتا رہوں۔ مشکل سوال skip کر دوں گا۔

1) اپنے آپ کو فقط تین الفاظ میں بیان کریں۔

حساس، دوست، سست

2) جو آپ بننا چاہتے تھے اور جو آپ ہیں ، ان میں کتنا فرق پاتے ہیں؟

بچپن میں تو نہ جانے کیا کیا خواب دیکھے تھے، لیکن بالآخر سوفٹویر ڈیویلپمنٹ کی فیلڈ میں آ گیا اور یہی مجھے پسند ہے۔

3) آپ کے فیملی ممبرز کون کون ہیں اور آپ کس سے سب سے زیادہ قریب ہیں؟

میری تین بیٹیاں ہیں اور ظاہر ہے چھوٹی سب سے لاڈلی ہے۔ :)

4)آپ عرصہ دراز سے جرمنی میں مقیم ہیں۔ آپ کے خیال میں کوئی ایک ایسی بات جو جرمن عوام کو پاکستانی عوام سے سیکھنی چاہیے؟

یہ سوال اس کے برعکس پوچھا جاتا تو جواب دینا آسان ہوتا۔ پاکستانی عوام کو مصائب پر صبر کرنا آتا ہے۔ مغربی دنیا کے لوگوں کو آسائشوں کی عادت ہوتی ہے اور معمولی سی مشکل پر شور مچا دیتے ہیں۔ لیکن یہ بھی سوال طلب ہے کہ آیا اتنا passively ہر مصیبت کو سہہ لینا اچھی بات ہے یا پھر بہتری کی جدوجہد کرنی چاہیے۔

5)آپ کتنے مذہبی ہیں؟ نیز اگر کسی سے مذہب کے معاملے میں شدید اختلاف رائے ہو تو کیا کرتے ہیں؟

مذہبی کی ڈیفنیشن ہر ایک کی الگ ہوتی ہے۔ اختلاف رائے کی صورت میں کنارہ کشی کرنے کو ترجیح دیتا ہوں۔

7) دوسروں کی کون سی عادت آپ کے لیے ناقابل برداشت ہو سکتی ہے؟ نیز آپ کا موڈ ٹھیک کرنے کے لیے انہیں کیا کرنا پڑتا ہے؟

اتنے لاڈ کوئی نہیں اٹھاتا کہ میرا موڈ ٹھیک کرنے کی کوشش کی جائے۔ :)
 
نبیل

تکنیکی معاون
6) آپ کو پسِ پردہ رہنا اچھا لگتا ہے یا سب کے درمیان اپنی الگ اور نمایاں شناخت کی خواہش موجود ہے؟

پس پردہ رہنے کو ترجیح دیتا ہوں۔

8 ) آپ کی سب سے بڑی کامیابی اور سب سے بڑی ناکامی کیا ہے؟ نیز اس ضمن میں آپ کے تجربے سے سیکھنے والوں کو کوئی نصیحت کرنا چاہیں گے؟

سب سے بڑی کامیابی رشتوں کو قائم رکھنا اور سب سے بڑی ناکامی رشتوں کو کاٹ دینا ہے۔ میرے تجربے اس سلسلے میں سبق آموز نہیں ہیں۔ :)

9) کوئی ایسا لمحہ جس نے آپ کی سوچ یا آپ کی زندگی کی کہانی کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہو؟

میری موجودہ سوچ ماضی کے مقابلے میں بہت مختلف ہے لیکن یہ تبدیلی یکسر نہیں آئی۔میں کئی مرتبہ مطالعے اور مشاہدے کے دوران بہت متاثر ہوا ہوں لیکن اوور نائٹ کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

10) آپ کے خیال میں کون سی تین ہستیوں نے دنیا پر سب سے زیادہ اثرات مرتب کیے ہیں؟

حضرت محمد صل اللہ علیہ وسلم
جان پال، عیسائیت اصل میں سینٹ جان پال کا پھیلایا ہوا مذہب ہے ناکہ حضرت عیسی کا
حضرت عمر رضی اللہ عنہ

11) آپ کے پاس ٹائم مشین ہے اور آپ 13.7 ارب سال پہلے کائنات کے بننے سے لیکر آج تک کے کسی بھی زمانے میں جا کر کسی ایک تاریخی واقعے کو روکنا یا بدلنا ہے۔ ظاہر ہے کہ اس سے اس زمانے سے لیکر آج تک کی تاریخ بدل جائے گی۔ سو یہ بتائیں کہ آپ کا انتخاب کونسا واقعہ ہو گا اور اس میں کیا تبدیلی ہو گی اور کیوں؟ اور اس سے موجودہ زمانے پر کیا اثر پڑے گا؟

آلٹرنیٹو ہسٹری اگرچہ دلچسپ موضوع ہے لیکن اس جانب زیادہ توجہ نہیں کی۔ البتہ میں تاریخ سے سبق سیکھنے پر یقین رکھتا ہوں اور آئندہ کی سٹریٹجی بناتے وقت ہمیشہ ماضی کے سبق کو مد نظر رکھنا چاہوں گا۔
 
نبیل

تکنیکی معاون
ویسے آپس کی بات ہے، جرمن عوام کو جلیبیاں، سموسے ، پکوڑے اور حیدرآبادی بریانی بنانی آتی ہے؟ :battingeyelashes::ohgoon:

بہت اچھا ہے کہ نہیں آتی۔ اور ہم دیسیوں کے لیے بھی بہتر ہے کہ زبان کے چٹخارے سے جتنی جلد ہو سکے نجات حاصل کر لیں۔
 
نبیل

تکنیکی معاون
12) اگر آپ کسی ایسے سفر پر نکلیں کہ جس سے اپنی مرضی سے واپس نہ آ سکتے ہوں تو اپنے ساتھ (کھانے پینے کے سوا) کن تین اشیا کو لے جانا ضروری سمجھیں گے کہ جن کے سہارے سفر اور جب تک چاہیں زندگی کٹ سکے؟

قران، لیپ ٹاپ (انٹرنیٹ کنکشن کے ساتھ :) )، سلیپنگ بیگ

13)اردو ویب اور فورم کے لیے پہلے کیا کیا نام تجویز ہوئے تھے؟ کبھی ایسا ہوا کہ ایک لمحے کو بھی سوچا ہو کہ 'اردو ویب کیوں بنا ڈالی!' نیز اگر آپ منتظم نہ ہوتے تو آپ کے خیال میں محفل پر آپ کی مقبولیت کا کیا عالم ہوتا؟

زیک کے بلاگ پر اس سلسلے میں ایک رائے شماری ہوئی تھی۔ ہو سکتا ہے کہ وہ اس کا ربط فراہم کر دیں۔ اردو ویب اگرچہ سادہ نام ہے لیکن اسی پر اتفاق رائے ہوا تھا۔ اردو ویب پر فخر ہے۔ ناظم نہ ہوتا تو یقینا کہیں زیادہ مقبول ہوتا۔ :)

14) ایک طرف آپ اس قدر مستعد ہیں کہ اردو ویب بنا ڈالی اور دوسری طرف ایسے آلکسی کہ تیرہ سال تک نمائندہ تصویر بدلنے والے بٹن پر کلک نہ کیا۔ کیسے مینیج کرتے ہیں یہ؟

اس کی وجہ پہلے بھی بتا چکا ہوں کہ میری کوئی اچھی تصویر نہیں ہے اور فوٹو جینک بھی نہیں ہوں :)

15) اگر ایک محفلین کی حیثیت سے آپ کی زندگی کے کئی قیمتی سال اس محفل میں گزرے ہوں اور آپ کی اس سے گہری وابستگی ہو مگر خدانخواستہ آپ معطل ہو جائیں تو آپ کے جذبات اور آپ کا رد عمل کیا ہوگا؟

میں کف افسوس ملوں گا اور زندگی کے ہنگامے میں مصروف ہو جاؤں گا۔ :)

آج پلیز اتنے ہی سوال۔ :) اب مجھے کل ہی وقت ملے گا۔
 
محمدظہیر

محفلین
انٹرویو پینل کا ممبر ہونے کے ناطے اگلے 15 سوالات پیش کر رہا ہوں، اس کے بعد سعدیہ کچھ ادبی سوالات پوچھیں گی، پھر دیگر محفلین بھی انٹرویو میں شامل ہو سکتے ہیں۔ :)

16۔ آپ نے لاہور سے الیکٹریکل انجینیرنگ کی ہے ، پھر کیا وجہ بنی کہ فیلڈ بدل کر کمپیوٹر انجینیئرنگ میں ماسٹرز کیا ؟ ممکن ہو تو جاب پروفائل کا بھی بتائیں
17۔ اردو محفل کو اوسطاً کتنا وقت دیتے ہیں, روزانہ یا ہفتے میں؟
18۔ آپ دوستی کرنے میں pro-active ہیں یا reactive ہیں؟
19۔ انگلش، جرمن اور اردو میں سے کسی ایک زبان پر گزارا کرنا پڑے تو کون سی زبان کو ترجیح دیں گے؟
20۔ فرصت میں کیا کرنا زیادہ پسند ہے ؟
21۔ مستقبل میں پاکستان واپس آنے کا ارادہ ہے یا اب ہمیشہ کے لیے جرمنی کے ہو کر رہ گئے ہیں؟
22۔ اردو محفل پر آپ کو کونسے رکن کی تحریر زیادہ پسند آتی ہے ؟ کیسی تحریریں زیادہ پسند ہیں ؟
23۔ اردو شاعری زیادہ پسند ہے یا نثر ؟
24۔ انٹرنیٹ پر اردو کی ترویج کے سلسلے میں آپ کے خیال میں مزید کیا کیا جانا چاہیے؟
25۔ کبھی آپ کو ایسی خواہش ہوئی کہ محفل پر منتظم کے بجائے ایک عام صارف کی حیثیت سے رکن بنتے؟
26۔ کوئی ایسا مشورہ/ رائے جو آپ محفلین کو اردو محفل سے ہٹ کر ذاتی طور پر دینا چاہتے ہیں؟
27۔ آپ کو کونسی خوشبو زیادہ پسند ہے؟/پرفیوم یا عطر کا نام/برینڈ بھی بتا دیں؟
28۔ آپ کو ویب ڈیزائن زیادہ پسند ہے یا کونٹینٹ کریشن، پروگرامنگ میں کونسی زبان زیادہ اچھی لگتی ہے ؟
29۔ آپ اب تک کن کن کھیلوں میں حصہ لے چکے ہیں، نیز آپ صحت کو اولین ترجیح دیتے ہیں یا نہیں؟
30۔ اب تک کتنے ملکوں کا سفر کیا ہے؟

:)
 
آخری تدوین:

نبیل

تکنیکی معاون
سب سے پہلے تاخیر کی معذرت چاہتا ہوں۔ آج سارا دن مصروف گزرا ہے۔ اب آتا ہوں سوالات کی جانب۔

16۔ آپ نے لاہور سے الیکٹریکل انجینیرنگ کی ہے ، پھر کیا وجہ بنی کہ فیلڈ بدل کر کمپیوٹر انجینیئرنگ میں ماسٹرز کیا ؟ ممکن ہو تو جاب پروفائل کا بھی بتائیں

پروگرامنگ کالج کے زمانے میں سیکھی تھی اور یہ میری ہابی بھی تھی۔ اتفاق سے انجنیرنگ کا فائنل پراجیکٹ بھی کمپیوٹر سائنس سے کافی قریب تھا۔ کچھ سال بطور انجینیر ملازمت کرنے کے بعد ایک سوفٹویر ہاؤس میں کام کرنے کا موقع ملا، اور اس کے بعد پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ اسی سلسلے میں جرمنی میں آکر ماسٹرز کی اور اسی وقت سے یہاں ہوں۔ جاب پروفائل کے لیے میرا لنکڈان پروفائل دیکھ سکتے ہیں۔

17۔ اردو محفل کو اوسطاً کتنا وقت دیتے ہیں, روزانہ یا ہفتے میں؟

کافی۔۔ :)
فورم کے شروع کے دنوں میں تو دن رات فورم پر ہی صرف ہوتے تھے۔ اب دوسری ترجیحات کو وقت دینا پڑتا ہے۔

18۔ آپ دوستی کرنے میں pro-active ہیں یا reactive ہیں؟

قدرے ریزروڈ ہوں، لیکن مردم بیزار نہیں ہوں۔

19۔ انگلش، جرمن اور اردو میں سے کسی ایک زبان پر گزارا کرنا پڑے تو کون سی زبان کو ترجیح دیں گے؟

انگلش

20۔ فرصت میں کیا کرنا زیادہ پسند ہے ؟

گھر والوں سے ساتھ وقت صرف کرنا، مطالعہ، محفل فورم پر آنا

21۔ مستقبل میں پاکستان واپس آنے کا ارادہ ہے یا اب ہمیشہ کے لیے جرمنی کے ہو کر رہ گئے ہیں؟

فی الوقت تو جرمنی ہی میرا ملک ہے۔ ہر ملک ملک ما است کہ ملک خدائے ما است۔ مستقبل کے بارے صرف اللہ کو خبر ہے۔
 
نبیل

تکنیکی معاون
22۔ اردو محفل پر آپ کو کونسے رکن کی تحریر زیادہ پسند آتی ہے ؟ کیسی تحریریں زیادہ پسند ہیں ؟

فورم پر مجھے اکثر تکنیکی موضوعات پر مضامین شائع کیے جانے کی خوشی ہوتی ہے۔ اس کے لیے علاوہ شگفتہ تحاریر بھی پسند سے پڑھتا ہوں، خاص طور پر نیرنگ خیال بہت اچھا لکھتے ہیں۔ علاوہ ازیں سعود کا طرز تحریر بھی پسند ہے۔

23۔ اردو شاعری زیادہ پسند ہے یا نثر ؟

نثر

24۔ انٹرنیٹ پر اردو کی ترویج کے سلسلے میں آپ کے خیال میں مزید کیا کیا جانا چاہیے؟

ابھی اردو کی ترویج کے لیے بہت کچھ کیا جانا باقی ہے۔ دوسری زبانوں کے مقابلے میں کمپیوٹنگ کے میدان میں اردو ابھی بھی پیچھے ہے۔ میری خواہش ہے کہ پاکستان اور انڈیا میں حکومتی سطح پر اردو کمپیوٹنگ میں ریسرچ کی سرپرستی کی جائے اور اس مقصد کے لیے ادارے قائم کیے جائیں، اور ان میں درحقیقت ریسرچ بھی کی جائے، صرف فنڈز ہی نہ اڑائے جائیں۔ :)

25۔ کبھی آپ کو ایسی خواہش ہوئی کہ محفل پر منتظم کے بجائے ایک عام صارف کی حیثیت سے رکن بنتے؟

محفل فورم سیٹ اپ کرتے وقت میرا ارادہ اس پر بطور صارف ہی وقت صرف کرنے کا تھا۔ لیکن شروع میں انتظامی ذمہ داریاں سنبھالیں تو اس کے بعد سے یہ کمبل جان نہیں چھوڑ رہا۔ :)
 
نبیل

تکنیکی معاون
26۔ کوئی ایسا مشورہ/ رائے جو آپ محفلین کو اردو محفل سے ہٹ کر ذاتی طور پر دینا چاہتے ہیں؟
بیکار مباش کچھ کیا کر
کپڑے ہی ادھیڑ کر سیا کر
:)

27۔ آپ کو کونسی خوشبو زیادہ پسند ہے؟/پرفیوم یا عطر کا نام/برینڈ بھی بتا دیں؟

اس معاملے میں کوئی خاص taste نہیں ہے۔ خوشبو وہی لگانا پسند کرتا ہوں جو تیز نہ ہو۔

28۔ آپ کو ویب ڈیزائن زیادہ پسند ہے یا کونٹینٹ کریشن، پروگرامنگ میں کونسی زبان زیادہ اچھی لگتی ہے ؟

ویب ڈیزائن اور کونٹینٹ کریشن میری فیلڈ نہیں ہیں۔ زیادہ ڈیویلپمنٹ میں نے ونڈوز پر کی ہے اور وہ بھی مائیکروسوفٹ پلیٹ فارمز پر۔ سی شارپ پر کافی عرصے کام کیا ہے۔ اب جاب کی نوعیت قدرے بدل گئی ہے اور کوڈ لکھنے کا کام زیادہ نہیں کرتا۔

29۔ آپ اب تک کن کن کھیلوں میں حصہ لے چکے ہیں، نیز آپ صحت کو اولین ترجیح دیتے ہیں یا نہیں؟

میں کوئی خاص سپورٹس مین نہیں ہوں۔ صحت میری ترجیح ہے، لیکن بدقسمتی سے سپورٹس باقاعدہ نہیں کر پاتا۔ کھیلنے میں مجھے سکواش اور بیڈمنٹن پسند ہیں۔

30۔ اب تک کتنے ملکوں کا سفر کیا ہے؟
میری دوڑ بس پاکستان تک ہوتی ہے۔ :) باقی جرمنی کے آس پاس کچھ ممالک جانا تو ایسے ہی جیسے آدمی لاہور سے پنڈی کا سفر کر لے۔ :)
 
نور وجدان

لائبریرین
نبیل بھائی کے بارے میں بہت دلچسپ معلومات مل رہی ہیں ...اس محفل کے روحِ رواں محترم نبیل کے بارے میں نئے محفلین بُہت کم جانتے ہیں .... جوابات سے اندازہ ہو رہا ہے کہ ان میں مشرقی و مغربی اطوار و عادات دونوں ہی موجود ہیں ...یا کہیے کہ لگتا ہے محترم نے دونوں معاشروں میں پائی جانی والی خوبیوں سے خود کو مرصع کر دیا ہے ...اسی سلسلے کو بڑھاتے ہوئے مزید جاننے کی سعی ہے ...

۱.علی پور کا ایلی آپ کا پسندیدہ ترین ناول ہے. اس میں ممتاز صاحب کی کن باتوں نے آپ کو متاثر کیا ؟ ناول کے بقیہ کرداروں کے بارے میں آپ کا کیا رویہ ہے؟ کس کردار کی بدصورتی سے آپ کو رنج پہنچا؟ اس ناول میں "خیال " کے علاوہ کسی فنی خوبی نے آپ کو متاثر کیا؟اس کے بارے میں ہمیں بتلا سکیں تو بتائیے.

۲. یہ تو ہمیں علم ہے کہ ہم سوانح کو افسانوں پر زیادہ ترجیح دیتے ہیں.اسی حوالے سے منشی پریم چند کے کردار کے بارے میں آپ کے کیا محسوسات ہیں؟ ملکہ وکٹوریہ اور منشی پریم چند کی کون سی ایسی خوبیاں ہیں جنہوں نے اسکو کلاسیکی ناول کا درجہ دیا ...؟

۳.موسیقی سے آپ کا لگاؤ ڈھکا چھپا نہیں بالخصوص مکیش، جگجیت، سجاد، مہدی حسن یا امانت علی خان آپ کے فیورٹ سنگرز ہیں ...اسی مناسبت سے اک فرمائش ہے کہ کوئی اک گانا یا غزل جو پسندیدہ ہے اسکو گا کے یا پڑھ کے سنائیں ...

۵. آپ نے راکی، جان ریمبو کی موویز دیکھیں ہیں جس میں مارکسی اور کمیونزم کی فلاسفی بگھاری گئی ہے. آپ کے نزدیک کارل مارکس کے نظریات جدید دور میں دم کیوں توڑ رہے ہیں؟

۶. بچوں کے ناول، موویز بھی آپ کی پسندیدہ ترین ہیں ... ان ناولز یا موویز میں ابھی تک آپ کس بات کو. fantasize کرتے ہیں ...؟

۷. آپ کا پسندیدہ ترین جانور بلی ہے. آپ بلی کی نسلوں کے بارے میں آگہی دے سکیں تو دیجیے. کیا آپ نے بچپن میں بلی کو پالا تھا؟ بلی سے منسلک کوئی یادگار واقعہ جو آپ شریک محفل کرنا چاہیں؟

۹. بلیوں کے بارے آپ کے کیا مشاہدات ہیں؟ انسانوں اور بلیوں میں مماثل پہلو پر بات چیت کیجیے

۱۰آپ نے post colonial literature میں محسن حمید کی The Reluctant fandamentalist پڑھی ہے. محسن حمید کا اردو کلاسیکی ناولسٹ سے تقابلی جائزہ دیتے یہ بتائیے آج کا ادب ترقی یا تنزلی کا شکار ہے؟

۱۱۰. آپ کو شاعری سے بھی خاصا لگاؤ ہے. اکثر parodies آپ کی فورم پر موجود ہیں. آپ نے اس سلسلے کو ترک کیوں کر دیا؟

۱۲.کہتے ملک کے ادباء اسکا فیوچر ہیں. اس حوالے سے پاکستانی ادباء کے بارے میں کیا خیال ہے؟

۱۳ ..آپ کی اردو نثر میں مزاحیہ تحاریر پڑھنے کا اتفاق ہوا . اگر آپ مزاح نگار ہوتے تو کن اردو ادبی شخصیات سے آگے نکلنا چاہتےاور کیوں ؟

۱۴. فارسی سے آپ کا تعلق بہت گہرا ہے. معلوم پڑتا ہے کہ آپ کے والد بھی اس کا شوق رکھتے تھے؟ اس حوالے سے آپ کی اپنے والد سے چند یارگار باتیں شریک محفل کیجیے
 
آخری تدوین:

نبیل

تکنیکی معاون
نبیل بھائی کے بارے میں بہت دلچسپ معلومات مل رہی ہیں ...اس محفل کے روحِ رواں محترم نبیل کے بارے میں نئے محفلین بُہت کم جانتے ہیں .... جوابات سے اندازہ ہو رہا ہے کہ ان میں مشرقی و مغربی اطوار و عادات دونوں ہی موجود ہیں ...یا کہیے کہ لگتا ہے محترم نے دونوں معاشروں میں پائی جانی والی خوبیوں سے خود کو مرصع کر دیا ہے ...اسی سلسلے کو بڑھاتے ہوئے مزید جاننے کی سعی ہے ...

یہ سوالات ہیں یا ایم اے اردو کا پیپر :barefoot:
لگتا ہے میرے بارے میں ادبی شخصیت ہونے کی کافی غلط فہمی لگی ہے دوستوں کو۔

۱.علی پور کا ایلی آپ کا پسندیدہ ترین ناول ہے. اس میں ممتاز صاحب کی کن باتوں نے آپ کو متاثر کیا ؟ ناول کے بقیہ کرداروں کے بارے میں آپ کا کیا رویہ ہے؟ کس کردار کی بدصورتی سے آپ کو رنج پہنچا؟ اس ناول میں "خیال " کے علاوہ کسی فنی خوبی نے آپ کو متاثر کیا؟اس کے بارے میں ہمیں بتلا سکیں تو بتائیے.

علی پور کا ایلی کئی دہائیاں قبل پڑھا تھا۔ اس وقت مجھے اس ناول نے بہت متاثر کیا تھا۔ اب ہو سکتا ہے کہ قدرے مختلف تاثر ہو۔ ناول کی خاص بات اس کا منفرد پلاٹ اور طرز تحریرہے جس نے مجھے گرفت میں لے لیا تھا۔ ممتاز مفتی نے جن لوگوں کا ذکر کیا ہے ان میں سے کچھ ہمارے جاننے والے بھی ہیں۔ یہ ناول پڑھنے کے بعد معلوم ہوا تھا۔ اپنے بارے میں اتنا صاف سب کچھ کہہ دینا کچھ لوگوں کے لیے متاثر کن اور کچھ کے لیے ناگوار بھی ہو سکتا ہے۔

۲. یہ تو ہمیں علم ہے کہ ہم سوانح کو افسانوں پر زیادہ ترجیح دیتے ہیں.اسی حوالے سے منشی پریم چند کے کردار کے بارے میں آپ کے کیا محسوسات ہیں؟ ملکہ وکٹوریہ اور منشی پریم چند کی کون سی ایسی خوبیاں ہیں جنہوں نے اسکو کلاسیکی ناول کا درجہ دیا ...؟

مجھے یاد نہیں ہے کہ میں نے منشی پریم چند کی کوئی کتاب پڑھی ہوئی ہو۔

۳.موسیقی سے آپ کا لگاؤ ڈھکا چھپا نہیں بالخصوص مکیش، جگجیت، سجاد، مہدی حسن یا امانت علی خان آپ کے فیورٹ سنگرز ہیں ...اسی مناسبت سے اک فرمائش ہے کہ کوئی اک گانا یا غزل جو پسندیدہ ہے اسکو گا کے یا پڑھ کے سنائیں ...

یہ سب یقینا اچھے گلوکار ہیں لیکن ان میں سے کوئی ایک میرا فیورٹ نہیں ہے۔ جو موسیقی سننے میں پسند آئے وہی سن لیتا ہوں۔ موسیقی کی باریکیوں کو نہیں جانتا۔ اور مجھ سے گانے کی فرمائش۔۔ لگتا ہے کہ آپ کو میرے بارے میں خاصی غلط فہمی ہوئی ہے۔ :)

۵. آپ نے راکی، جان ریمبو کی موویز دیکھیں ہیں جس میں مارکسی اور کمیونزم کی فلاسفی بگھاری گئی ہے. آپ کے نزدیک کارل مارکس کے نظریات جدید دور میں دم کیوں توڑ رہے ہیں؟

راکی جیسی موویز خاص آڈینس کو ٹارگٹ کرتی ہیں اور ان کے پیچھے پراپگینڈا کے مقاصد بھی ہوتے ہیں۔ مجھے کبھی بائیں بازو کے نظریات سے شغف نہیں رہا۔ میری رائے میں مارکسزم کیپٹل ازم کے مقابلے میں کبھی کا ہار چکا ہے۔ غیر حقیقی نظریات لوگوں میں جذبات بھڑکانے اور فساد پھیلانے کے لیے کارآمد ثابت ہو سکتے ہیں لیکن ان سے کبھی بھلائی کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ مارکسزم کیوں دم توڑ رہا ہے یا دم توڑ چکا ہے اس کا جواب ڈھونڈنے کے لیے زیادہ تحقیق کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اسے فلسفیانہ تحقیق کا موضوع بنانے کی بجائے حال اور ماضی قریب میں ان ریاستوں کا جائزہ لینا ہی کافی ہے جہاں کمیونسٹ اور مارکسسٹ نظریات کے حامل لوگ اقتدار میں رہے ہیں۔ دوسری اور اہم وجہ یہ بھی ہے کہ کیپٹل ازم نے خود کو زمانے کے تقاضوں کے مطابق ڈھالا ہے اور اب کئی جگہ رائج نظام کو سوشل کیپٹل ازم کہا جا سکتا ہے۔
 
نبیل

تکنیکی معاون
۷. آپ کا پسندیدہ ترین جانور بلی ہے. آپ بلی کی نسلوں کے بارے میں آگہی دے سکیں تو دیجیے. کیا آپ نے بچپن میں بلی کو پالا تھا؟ بلی سے منسلک کوئی یادگار واقعہ جو آپ شریک محفل کرنا چاہیں؟

بلی مجھے پسند ہے لیکن خود سے بلی کے ناز اٹھانا پسند نہیں ہے۔ :) میری چھوٹی بہن کی وجہ سے ایک بلی ہمارے گھر کا فرد بن گئی تھی۔ :) بلی کی نسلوں کے بارے میں زیادہ نہیں جانتا۔ آج کل لوگوں میں کافی نازک اندام بلیوں کا شوق پایا جاتا ہے جیسے کہ سیامی بلی وغیرہ۔ لیکن میرے خیال میں ایسی بلیوں کو گھر میں رکھنا درد سر بن سکتا ہے جو گھر سے باہر نا نکلیں اور نا ہی وہ دوسری بلیوں کے مقابلے میں اپنا دفاع کر سکیں۔ ان کی ڈائٹ بھی سپیشل ہوتی ہے۔ :cool:

۹. بلیوں کے بارے آپ کے کیا مشاہدات ہیں؟ انسانوں اور بلیوں میں مماثل پہلو پر بات چیت کیجیے

لگتا ہے کہ آپ کو بھی بلی پسند ہے۔ :) انسان اور بلی میں بظاہر کوئی مماثلت نظر نہیں آتی۔ بلی قدرے طوطا چشم جانور واقع ہوا ہے۔ :)

۱۰آپ نے post colonial literature میں محسن حمید کی The Reluctant fandamentalist پڑھی ہے. محسن حمید کا اردو کلاسیکی ناولسٹ سے تقابلی جائزہ دیتے یہ بتائیے آج کا ادب ترقی یا تنزلی کا شکار ہے؟

ہر دور کا ادب اس دور کی معاشرت کا آئینہ دار ہوتا ہے۔ محسن حمید اور نئے لکھنے والے مقبول ضرور ہو رہے ہیں لیکن اسے چوٹی کا ادب قرار دینے قدرے مبالغہ آرائی ہے۔ نئے لکھنے والے باصلاحیت ضرور ہیں، لیکن ان میں سے اکثر ٹرینڈ کو فالو کرنے والے ہیں۔ میرا مشاہدہ اس سلسلے میں یہ ہے کہ انگلش فکشن لکھنے والوں کو زیادہ قاری ملتے ہیں اور ظاہر ہے کہ یہ مالی طور پر بھی پر کشش ہوتا ہے۔ بعض اوقات مختلف زبانوں میں ایڈیشن بھی چھپتے ہیں۔ مغربی دنیا کے لیے اس میں یہ کشش ہوتی ہے کہ انہیں قدرے مختلف چیز پڑھنے کو ملتی ہے۔ مائیگرنٹ لٹریچر ادب کا ایک نیا genre ہے۔ اس کی افادیت زیر بحث آ سکتی ہے، لیکن یہ علیحدہ موضوع ہے۔

۱۱۰. آپ کو شاعری سے بھی خاصا لگاؤ ہے. اکثر parodies آپ کی فورم پر موجود ہیں. آپ نے اس سلسلے کو ترک کیوں کر دیا؟

آپ نے اگر غور کیا ہو تو میں نے تک بندی کے تحت ہی کچھ شائع کیا ہے۔ :) یہ صرف مزاح ہے اور کچھ نہیں۔ جب باقی دوست ساتھ دیں تو اپنی طبیعیت بھی رواں ہو جاتی ہے۔:)

۱۳ ..آپ کی اردو نثر میں مزاحیہ تحاریر پڑھنے کا اتفاق ہوا . اگر آپ مزاح نگار ہوتے تو کن اردو ادبی شخصیات سے آگے نکلنا چاہتےاور کیوں ؟

آگے نکلنا تو درکنار، ان کی گرد تک پہنچنا بھی میرے لیے اعزاز ہوگا۔ :)
مشتاق احمد یوسفی کی کتاب آب گم کو میں بیڈ سائڈ بک کہتا ہوں، یعنی ایسی کتاب جسے جب چاہیں ، جس مرضی صفحے سے شروع کریں، یہ اپنی گرفت میں لے لیتی ہے۔

۱۲.کہتے ملک کے ادباء اسکا فیوچر ہیں. اس حوالے سے پاکستانی ادباء کے بارے میں کیا خیال ہے؟

اتفاق سے انہی نئے لکھنے والوں کا علم ہے جو انگلش میں لکھ رہے ہیں۔ وجہ میں اوپر بتا چکا ہوں۔ لیکن اردو میں لکھنے والوں کا نیا ٹیلنٹ ضرور موجود ہے۔

۱۴. فارسی سے آپ کا تعلق بہت گہرا ہے. معلوم پڑتا ہے کہ آپ کے والد بھی اس کا شوق رکھتے تھے؟ اس حوالے سے آپ کی اپنے والد سے چند یارگار باتیں شریک محفل کیجیے

میرے والد صاحب کو محض شوق ہی نہیں تھا بلکہ تقریبا تیس سال تک کالج میں فارسی پڑھائی بھی ہے۔ وہ کئی کتابوں کے مصنف اور مترجم بھی ہیں۔ میں نے ان سے پیام مشرق اور حکایات سعدی کا کچھ حصہ پڑھا تھا۔ لیکن اب فارسی پڑھے کافی عرصہ ہو گیا ہے۔ زمانہ بود کہ فارسی خواندہ ام۔ :)
 
یہاں انٹرویو ٹیم کی طرف سے سوالات کا سلسلہ اپنے اختتام کو پہنچا اور اب یہ لڑی محفلین کی طرف سے سوالات کو خوش آمدید کہتی ہے۔ :)
 
اور مابدولت لمحۂ قلیل بھی ضایع کیے بنا محترم برادرم نبیل کے پرفائل پر ، بغرض محض ان کا چہرۂ انور ملاحظہ کرنے ، فی الفورپہنچ گئے اور حسب امید برادرم نبیل کو لبوں پر دلکش تبسم سجائے ایک جاذب قلب و نگاہ شخصیت پایا ، اور یوں مابدولت کے آرزوئے دیرینہ کی خوبصورت تکمیل ہوئی ۔ :a6: :):)
 
لاریب مرزا

محفلین
یہاں انٹرویو ٹیم کی طرف سے سوالات کا سلسلہ اپنے اختتام کو پہنچا اور اب یہ لڑی محفلین کی طرف سے سوالات کو خوش آمدید کہتی ہے۔ :)
شکریہ مریم!! :)

نبیل بھائی کے لیے کچھ سوالات۔۔۔ (اگر کسی سوال کا جواب نہ دینا چاہیں تو نظر انداز کر سکتے ہیں۔) :)

1۔ بچپن کا کوئی یادگار واقعہ جو اب بھی یاد ہو۔
2۔ پڑھائی کے زمانے میں ناپسندیدہ مضمون کونسا تھا؟؟
3۔ آپ کی زندگی کا سنہری دور؟؟
4۔ زندگی میں کس چیز کی کمی محسوس ہوتی ہے؟؟
5۔ سیر و سیاحت کے کس حد تک دلدادہ ہیں؟؟
6۔ بچوں کے ساتھ تعلق دوستانہ ہے یا رعب دارانہ؟؟
7۔ بہن بھائیوں سے کس نوعیت کے تعلقات ہیں؟؟
8۔ پھولوں میں سے کونسا پھول پسند ہے؟؟
9۔خود سے کچھ پکانا پڑ جائے تو بنا لیتے ہیں یا ریستوران سے کھانا لانے کو ترجیح دیتے ہیں؟؟
10۔ غصے کی حالت میں آپ کا ردعمل کیا ہوتا ہے؟؟
11۔ آپ کی ذات میں تجسس کا عنصر کس حد تک ہے؟؟
12۔ بچپن کے دوستوں میں سے کسی کے ساتھ اب بھی رابطہ ہے؟؟
 
نبیل

تکنیکی معاون
1۔ بچپن کا کوئی یادگار واقعہ جو اب بھی یاد ہو۔

بس یہی یاد ہے کہ بڑا ہوگیا۔ :)

2۔ پڑھائی کے زمانے میں ناپسندیدہ مضمون کونسا تھا؟؟

پاک سٹڈیز :sneaky:

3۔ آپ کی زندگی کا سنہری دور؟؟

موجودہ :)

4۔ زندگی میں کس چیز کی کمی محسوس ہوتی ہے؟؟

کسی چیز کی نہیں۔

5۔ سیر و سیاحت کے کس حد تک دلدادہ ہیں؟؟

کوئی خاص نہیں۔ سست ہوں۔ :)

6۔ بچوں کے ساتھ تعلق دوستانہ ہے یا رعب دارانہ؟؟

اکثر دوستانہ ہی ہے۔ کبھی کبھار ڈپٹ کی ضرورت پیش آ جاتی ہے۔ :)

7۔ بہن بھائیوں سے کس نوعیت کے تعلقات ہیں؟؟

جیسے اپنے بچوں کے ساتھ۔ :)

9۔خود سے کچھ پکانا پڑ جائے تو بنا لیتے ہیں یا ریستوران سے کھانا لانے کو ترجیح دیتے ہیں؟؟

بیگم نے پکانا سکھا تو دیا ہے لیکن ضرورت پڑنے پر ریڈی میڈ کو ہی ترجیح دیتا ہوں۔ :)

10۔ غصے کی حالت میں آپ کا ردعمل کیا ہوتا ہے؟؟

قہر درویش بر جان درویش :)

11۔ آپ کی ذات میں تجسس کا عنصر کس حد تک ہے؟؟

پیشہ ورانہ اور تحقیق کے میدان کی حد تک تجسس کا عنصر کافی ہے۔ کوشش کرتا ہوں کہ غیر ضروری معاملات سے کنارہ کر لوں۔

12۔ بچپن کے دوستوں میں سے کسی کے ساتھ اب بھی رابطہ ہے؟؟

ہے ضرور لیکن فاصلے اور وقت کے ساتھ روابط قدرے ماند پڑ گئے ہیں۔
 
Top