سوال نامہ:
1) آپ کا نام کس نے رکھا اور اس نام کے آپ کی زندگی پر کیا اثرات ہیں؟
2) آپ کا روزمرہ کا معمول اور مشاغل کیا ہیں؟
3) آج تک کن کن غیر نصابی یا فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لے چکی ہیں؟
4) کوئی ایسی چیز جو امریکن عوام کو پاکستانی عوام سے سیکھنی چاہئیے؟
5) آپ کا پسندیدہ:
قاری؟
شاعر؟
نثرنگار؟
کھلاڑی؟
اداکار؟
گلوکار؟
سیاست دان؟
محفلین؟
6) آپ کا/کی پسندیدہ:
کتاب؟
فلم؟
کھیل؟
خوراک؟
مشروب؟
7) زندگی کا کون سا دور سب سے زیادہ خوبصورت تھا؟ پری سکول؟ کالج؟ یونیورسٹی؟ بیرونِ ملک تعلیم؟
اردو محفل کا آپ کی زندگی میں کیا کردار ہے؟
9) آپ کے خیال میں کن تین شخصیات نے دنیا پر سب سے زیادہ اثرات مرتب کیے؟
10) اپنے متعلق آپ کو کیا پسند ہے اور کیا ناپسند؟
11) اپنی زندگی کا کوئی شرارتی سا واقعہ شریک کیجیے.
12) وہ کون سی چیز ہے جو ہمیں زندگی میں مستقل مزاج اور بلند حوصلہ کے حامل بنانے کے لیے کافی ہے؟
13) قنوطیت طاری ہو جائے تو کیا کرتی ہیں؟
14) زندگی میں سکون ضروری ہے یا وہ اضطراب جو ہمیں تخلیق اور کھوج پر آمادہ کرے؟
15) اگر آپ کو کوئی ایک تاریخی واقعہ بدلنے کا اختیار ہو تو کیا بدلیں گی؟
16) آپ کی زندگی کی سب سے بڑی کامیابی اور سب سے بڑی ناکامی کیا ہے؟
17) اردو محفل پر کم مراسلہ جات کرنے کی کیا وجہ ہے؟
1
اردو محفل کی کوئی ایک خوبی اور ایک خامی بتائیں.
19) گھر میں کس کے سب سے زیادہ قریب ہیں؟
20) آپ پاکستان میں کس شہر سے ہیں اور اگر آپ کو اپنی رہائش کا شہر منتخب کرنے کا اختیار ہو تو کون سے شہر کا انتخاب کرتیں؟
21) اردو ادب میں کس طرح کا انقلاب ضروری سمجھتی ہیں؟
22) ہمارے ملکی حالات میں تبدیلی کیونکر آ سکتی ہے؟
23) کسی لمبے سفر پر جہاں سے واپسی کی مدت کا علم نہ ہو اپنے ساتھ خوراک کے سوا کیا لے جانا پسند کریں گی؟
24) آپ نے اپنی پہلی تحریر کب لکھی؟ کیسے علم ہوا کہ آپ لکھ سکتی ہیں؟ مزید یہ بھی بتائیے کہ لکھنا آپ کو تھکا دیتا ہے یا لکھنے پر طبیعت جلدی آمادہ نہیں ہوتی یا لکھ کر اور لکھنے کا سوچ کر ہی بہت ہلکا پھلکا محسوس ہوتا ہے؟
25) اپنا لکھا ہوا آپ کا پسندیدہ شعر کون سا ہے؟
26) آپ نے الیکٹریکل انجنئیرنگ کے شعبے کا انتخاب ہی کیوں کیا اور مزید اس میدان میں کیا کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں؟
1۔ نام تو خاندان میں سے ہی کسی نے رکھا تھا، اثر وغیرہ کی میں قائل نہیں۔ ہاں یہ ضرور کہتی ہوں کہ اس کی وجہ سے میں اس قسم کے بے چین شعر کہتی ہوں:
ٹھہر سکتی نہیں خیموں میں پیچھے
سر میدان خنجر آزما ہوں
یہاں پیشگی معذرت بھی کرتی چلوں، اپنے شعروں کا خود ہی حوالہ دینے پر۔ معیار میں ایسے اچھے نہیں ہوتے مگر سچے ہوتے ہیں کبھی کبھار۔
2۔ روزمرہ کا معمول ویسے تو کوئی خاص نہیں، ہمیشہ سے منصوبے بناتی آئی ہوں کہ زندگی میں ترتیب لاؤں گی مگر پھر اسے کوئی دن گر زندگانی اور ہے پر ٹال دیتی ہوں۔ میری تمنا ہے کہ صبح جلدی اٹھوں اور کچھ پڑھنے لکھنے کا کام کروں روزانہ باقاعدگی سے۔ توفیق ملنے کی دعا کیجیے آپ بھی۔
دوران تعلیم تو یہی ہوتا ہے کہ ڈیڈ لائن کے قریب کام اور اس کے علاوہ ادھر ادھر کے مشاغل۔ اب برسر روزگار ہونے کے باعث زندگی ذرا تقسیم ہو گئی ہے، ہفتے کے دوران تو وقت نہیں ملتا، رات کو گھر آ کر کوشش ہوتی ہے کہ کچھ چہل قدمی کر لوں یا گھر میں ایک آدھ انسان سے بات کر لوں۔ ویک اینڈ کے لیے خواب تو یہی ہوتا ہے کہ کچھ پڑھ لوں خاموشی سے۔
3۔ فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی آرزو ہی ہے فقط، وہ زندگی رہی تو پوری کروں گی کبھی۔ غیر نصابی سرگرمیوں میں شاید کبھی کوئز وغیرہ میں حصہ لیا ہے سکول میں۔ کبھی کبھار شعر وغیرہ سنا دیتی تھی یونیورسٹی میں۔ ایسی سرگرمیوں سے کافی دور رہتی ہوں عموما جن میں لوگوں سے زیادہ ملنا ملانا ہو۔
4۔ سیکھنی چاہیے تو کافی سنجیدہ الفاظ ہیں۔
یہ کبھی کبھار محسوس کرتی تھی کہ ہم لوگ کچھ زیادہ زندہ دل ہیں اور مشکلات سہنے کے عادی، اتنی جلدی پریشان نہیں ہوتے۔
5۔ پسندیدہ شاعر تو میر اور حافظ ہیں، بغیر کسی مقابلے کے۔ نثر میں کافی سارے لوگ پسند ہیں الگ الگ اصناف میں۔ برٹرینڈ رسل، ٹالکئین، ڈکنز، مختار مسعود، پی جی وڈ ہاؤس، پطرس، ابن انشا، موپساں، بالزاک، گوگول، محسن حامد، رابرٹ سپالسکی، کارل سیگن، برینڈن سینڈرسن، سیرل المیڈا، مبارک علی، عصمت چغتائی۔ کچھ کی تو ایک آدھ کتاب پڑھی ہے میں نے صرف اور وہ بھی ترجمے کی صورت میں۔ پسند بدلتی رہتی ہے مصنفین اور اصناف دونوں میں مگر یہ لوگ ذرا مستقل ہیں۔
اداکاروں میں مائیکل فیس بینڈر پسند ہیں شاید ابھی، اور کئیرا کنائٹلی۔ سٹیفن فرائی اپنی کامیڈی کی وجہ سے۔ ابھی دو تین فلموں میں عرفان خان کی اداکاری کافی پسند آئی۔ مہدی حسن اور غلام علی کی غزلیں پسند آتی ہیں ، اور ناہید اختر کی بھی۔ آج کل کے گلوکاروں میں کوئی ایک پسند نہیں، میوزک اچھا ہو تو اس کی طرف زیادہ دھیان ہوتا ہے۔
سیاست میں کافی دلچسپی ہے مگر لوگوں کو اصولوں کے پیمانے پر پرکھنے کی قائل ہوں۔
محفلین تو کافی سارے ہیں جو مجھے پسند ہیں۔ استاد محترم اعجاز صاحب کا باقاعدہ حصہ ہے اس معاملے میں کہ میں آج تک عوام کو اپنی شاعری سے ستا رہی ہوں۔ وارث صاحب کے مضامین سے عروض کی شدبد ہوئی مجھے، ورنہ میں کہاں اور فاعلاتن فاعلات کی باریکیاں کہاں۔
محفل میں رنگ رنگ کے لوگ ہیں، اور میری جان پہچان تو بہت تھوڑے سے لوگوں سے ہے۔ کچھ چپ چاپ ادبی اور علمی کاموں میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں، کچھ دلچسپ باتیں شریک محفل کرتے ہیں۔ رونق سب کے باعث ہے اور یوں سب مجھے پسند ہیں۔
6۔ کتابوں کی لمبی فہرست ہے، اور فلموں کی بھی۔ضروری نہیں کہ سب یاد آئیں ابھی۔
کتابیں : آ ہسٹری آف ویسٹرن فلاسفی، لارڈ آف دا رنگز، ہابٹ، دا سٹورم لائٹ آرکائوز، آواز دوست، ودرنگ ہائٹس، مادام بووری، آ ٹیل آف ٹو سٹیز، موتھ سموک، ڈیڈ سولز، کرائم اینڈ پنشمنٹ، پطرس کے مضامین، اردو کی آخری کتاب، کئی چاند تھے سر آسماں، تاریخ اور فلسفہ تاریخ۔
فلمیں: بریک فاسٹ ایٹ ٹفنیز، پرائیڈ اینڈ پریجوڈس، گاڈ فادر، میٹرکس، پائریٹس آف دا کیریبئین، تھور، ایکس مین، کیسینو رائل۔
کچھ بھی کھا لیتی ہوں، البتہ اماں شکنجین بنا دیں تو خوش ہو جاتی ہوں۔
7۔ مجھے حال میں رہنا پسند ہے، تو مجھے تو ہمیشہ یہی لگتا ہے کہ میں آج زیادہ سمجھدار، معاملہ فہم اور متحمل مزاج ہوں ، گزرے ہوئے کل کی نسبت۔سکول کالج سے میں ذرا تنگ ہی رہی ہوں کہ وہاں پڑھنا پڑتا تھا۔ ہاں سب سے دلچسپ اور موقع آفریں قسم کا وقت میرا اپنے ماسٹرز کے دوران گزرا۔ ابھی بھی بس کچھ گرمی ہے راول پنڈی میں ورنہ زندگی سیٹ ہے باجی کی۔
8۔ اردو محفل کا میری ادبی زندگی میں کافی اہم کردار ہے۔ میں کلاسیکی شاعری پڑھتی تھی کبھی کبھار، ایک مرتبہ ایک دوست سے گفتگو ہوئی تو وزن کا ذکر ہوا۔ خیال آیا کہ دیکھوں تو سہی ذرا، کیا چیز ہے یہ۔ انٹرنیٹ پر وارث صاحب کا بلاگ ملا اور کچھ دھیان سے پڑھے ان کے مضامین۔ دو چار مہینے اپنی ایک دوست کو غزلیں سنائیں یونیورسٹی کے فارغ اوقات میں اور اس کے بار بار کہنے پر یہاں اصلاح سخن میں ڈال دی ایک غزل۔ یہاں اعجاز صاحب نے کہا کہ اچھی غزل ہے تو مجھے کافی حیرت ہوئی۔ خیر کبھی کبھار یہاں لکھ دیتی تھی کچھ اور کافی کچھ سیکھا میں نے زبان و بیان کے بارے میں، نہ صرف اپنی غزلوں پر رائے سے بلکہ اصلاح سخن میں دوسری پوسٹوں سے بھی۔
نثر تو میں اپنی صرف اپنے لیے لکھتی تھی اپنی دانست میں، ایک مرتبہ کہیں تحریر شریک کی اور سعادت نے اچھا سا دل بڑھانے والا تبصرہ کیا۔ پھر کبھی کبھی یہاں بھی شریک کر دیتی ہوں، لوگ پڑھتے ہیں اور کہتے ہیں کہ خوشی ہوئی پڑھ کر تو ان میں چاکلیٹیں تقسیم کرنے کو جی چاہتا ہے۔
میں ذاتی طور پر بے لاگ تنقید کی فین بلکہ مرید ہوں، تو وہ ادبی کاوشوں پر یہاں کے علاوہ شاید ہی دنیا میں کہیں ہوتی ہو۔
پسندیدہ شاعری کا زمرہ بھی میرے شاعری کے چند ذرائع میں سے ایک ہے۔ ان سب لوگوں کا شکریہ جو اس پر محنت کرتے ہیں، بطور خاص فارسی کا ترجمہ کرنے والوں کا، جن میں حسان کا بڑا حصہ ہے۔
10۔ پسند تو کچھ بھی نہیں ہے، معیار اونچا ہے میری پسند کا
میں کوشش کرتی ہوں کہ ہمیشہ لوگوں اور خیالات کے ساتھ فراخ دلی والا سلوک کروں اور کسی کو تکلیف نہ پہنچاؤں کسی قسم کی کہ نازک ہے بہت کام ۔تنگ یوں ہوں کہ بے حد کاہل ہوں اور نظم و ضبط کی شدید کمی کا شکار۔
12۔ یہ تو ہر انسان کے لیے الگ الگ شے کی ضرورت ہو گی۔ بس مجھے یہ لگتا ہے کہ زندگی بیش بہا شے ہے، اس کی قدر کرنی چاہیے اور اپنے حالات کو سر پر سوار نہیں کرنا چاہیے۔ زندگی میں کچھ ہے تو ٹھیک ہے، نہیں ہے تو بھی ٹھیک ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ انسان اپنے مقاصد کے لیے کوشش کرے ایک حد تک۔
13۔ کوشش کرتی ہوں کہ اپنا دھیان ہٹا لوں اور کسی اور امر کی طرف توجہ دوں۔ کتابیں مددگار ہوتی ہیں عموما اس سلسلے میں۔