آسٹریلیا سے شکست پر پی سی بی کی قوم کو صبرکی تلقین
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے ہاتھوں شرمناک شکست پر پاکستانی عوام کو صبر کی تلقین کی ہے اور کہا ہے کہ راتوں رات سب کچھ تبدیل نہیں کیا جا سکتا ۔
پاکستان کو آسٹریلیا میں دو ٹیسٹ میچوں میں ایک ایک اننگز کے مارجن سے
شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے کہ پاکستان کو آسٹریلیا میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پاکستان ٹیم آسٹریلیا میں مسلسل 14 ٹیسٹ میچز ہار چکی ہے لیکن اس سیریز میں پاکستان ٹیم مقابلہ کرتے ہو ئے دکھائی نہ دی جس پر شائقین نے شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
چیف ایگزیکیٹو پی سی بی وسیم خان نے پاکستان ٹیم کی ہار پر آسٹریلیا میں ایک انٹرویو میں کہا کہ صبر بہت اہم ہوتا ہے، جب آپ جیتتے ہیں تو پھر شکست کا سامنا بھی ہوتا ہے لیکن شکست سے دنیا ختم نہیں ہو جاتی۔
انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمیں صبر کرنا چاہیے، ہم طویل المدتی کوششیں کر رہے ہیں اور یقین ہے کہ ہم ضرور کامیاب ہوں گے۔
وسیم خان نے کہا کہ ہم ٹیسٹ میں ساتویں اور ون ڈے میں چھٹے نمبر پر ہیں ،یہ محض اتفاق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اسے راتوں رات تبدیل نہیں کر سکتے، ایسا نہیں ہو سکتا کہ کوچز تبدیل کر دیں اور سب اچھا ہو جائے اور ہم دنیا بھر کو شکست دینا شروع کر دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنا سسٹم تبدیل کرنا ہے، اس پر ٹائم ضرور لگ سکتا ہے لیکن نتائج سامنے آئیں گے۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ آسٹریلیا میں ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز اچھا نہیں رہا ہے لیکن آسٹریلیا میں جو بھی ٹیم آتی ہے اسے مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ آسٹریلیا میں کنڈیشنز ٹف ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سیریز میں پاکستان ٹیم کے لیے مثبت چیزیں بھی ہیں لیکن ہم اسے بھول جاتے ہیں لیکن آخری نتیجے کو صرف یاد رکھتے ہیں۔
وسیم خان نے کہا کہ بابرا عظم نے غیر معمولی اننگز کھیلیں جب کہ بولنگ میں بھی کچھ اچھی چیزیں سامنے آئیں ۔