بُتّا، بُتّا سارنا (گزارہ کرنا)، بُتّا سَرنا (گزارہ ہو جانا)۔ بُتّی (زمین میں چھوٹا ۔ تقریباً پیالی جتنا گڑھا کھود کر اس کی بنیاد پر کچھ کھیل رائج ہیں)؛ کنایتاً اندامِ نہانی کو بُتّی بھی کہتے ہیں۔ ٹویا (گڑھا)، ٹوئی (چھوٹا سا گڑھا)۔ بُٹ (مسوڑھے)۔ بَتّی (روشنی دینے والی شے)۔ بَتّی (عدد: بتیس)۔ بَتّی، بات، وات، وَت، وَتّی (دئے یا لالٹین میں سوتی فیتہ جو جلتا ہے) اس فیتے کی شکل و صورت کی کوئی شے۔ اس کو وَٹ بھی کہتے ہیں؛ مصدر : وَٹنا (باٹنا) سے۔ وٹَنا (تبدیل ہو جانا، بدل جانا)، وٹانا (اشیا کا تبادلہ کرنا)، وٹاندرا (اشیا کے تبادلے کا عمل)۔ وٹاندرا اور وَنڈ میں فرق ہے؛ وَنڈ تقسیم کا عمل ہے اور وٹاندرا تبادلے کا۔ وَٹ (حبس)۔ باٹا (چوڑا چکلا؛ کھلا، موٹا تازہ، صحت مند، لمبا تڑنگا)۔ بَٹلا کرنا، وَٹلا کرنا (جمع کرنا: لوگوں اور اشیا دونوں کے لئے مستعمل ہے)۔
وَٹّا (باٹ، پتھر، مٹی کا سخت ڈھیلا)۔ وَٹّا سَٹّا (ادلے بدلے کی شادی کو کہتے ہیں)۔ اس کے کچھ مبتذل معانی بھی ہیں (ناگفتہ بہ)۔ وٹوانی کرنا (مٹی کے ڈھیلے سے استنجا کرنا)۔ باٹ، واٹ (فاصلہ)۔ بِٹ بِٹ ویکھنا (حیرانی یا پریشانی کے عالم میں ادھر ادھر دیکھنا)۔
بجنا، وَجنا (باجے وغیرہ کا بجنا)؛ چوٹ، زخم وغیرہ کا سبب بننا ’’فلانے نوں پتھر وج گیا، چاقو وَج گیا، داتری وَج گئی‘‘، ’’فلانے دا سِر کَندھ وچ وَج گیا‘‘۔ اس سے متعدی ہے ’’وجانا‘‘۔ باجے بجانا۔ باجا سفید رنگ کے چڑیا جتنے ایک پرندے کا نام بھی ہے۔ بجوگ، وِجوگ، وِچھڑنا، وِچھوڑا (بچھڑنا، جدائی) : جوگ (ملاپ) کا الٹ۔ جوگ (بیلوں کی جوڑی)۔ وَچّھا، وَچّھی (گائے کا بچہ: نر، مادہ)، کَٹّا، کَٹّی (بھینس کا بچہ: نر، مادہ)۔ وَخت (مصیبت، مشکل): یہ بخت (نصیب) سے بنا ہے۔ وَکھرا (الگ، مختلف)، وَکھریواں (امتیاز کی وجہ، الگ کرنے والی خاصیت)۔
بدھائی، وِدھائی (مبارک باد)۔ وَدھ (بڑھ کر، زیادہ)۔ وادھو (فالتو، زائد)۔ وادھا (زیادتی، بڑھاوا)۔ وَڈھ (جس کھیت سے فصل کاٹ لی جائے، کاٹی جا چکی ہو)؛ عربی میں ایسے کھیت کو مَرعیٰ کہتے ہیں کہ وہاں لوگ بکریاں وغیرہ چَراتے ہیں۔ وَڈھنا (کاٹنا): فصل، درخت وغیرہ کو کاٹ دینے کو بھی کہتے ہیں۔ اور کوئی کتا، سانپ وغیرہ کے کاٹ لینے کو بھی۔ واڈھی (کٹائی) پنجاب میں عام طور پر گندم کی کٹائی (جہاں گندم کے علاوہ کوئی بڑی فصل ہو، اس کی کٹائی) مراد لی جاتی ہے۔
وِدیس (بدیس، پردیس)؛ وِدیسی (غیر ملکی)۔ وَر، بَر (جس کی تلاش شادی کے لئے کی جائے)؛ لفظ مذکر مستعمل ہے، مراد لڑکی بھی ہو سکتی ہے، لڑکا بھی۔ برات: اس کے متعدد معانی ہیں۔ بارات کا مخفف ہے۔ برات نصیب قسمت وغیرہ کو (مثبت منفی دونوں میں سے کوئی پہلو) کہتے ہیں: اصل عربی برأت یعنی بری ہونا تھا، لفظ کے ساتھ اس کے معانی بھی بدل گئے۔ شب برات (شبرات) میں یہ اصل معانی میں آیا ہے۔ بَر (کپڑے کے تھان وغیرہ کی چوڑائی یعنی عرض)۔
جاری ہے ۔۔۔۔۔