انٹرویو چائے حسان خان کے ساتھ

حسان خان

لائبریرین
بہت اچھے سوالات زبیر بھائی اور اتنے ہی اچھے جوابات حسان بھائی کے۔ !
بہت شکریہ بھائی :)

میرا سوال: آپ کو کتنی زبانوں پر دسترس حاصل ہے؟ اور ابھی تک پشتو کیوں نہیں سیکھی؟
کامل دسترس صرف اور صرف اردو میں ہے۔ چونکہ انگریزی بچپن سے تعلیمی زبان رہی ہے اس لیے اس میں بھی ٹھیک سے لکھ ہی لیتا ہوں۔ اس کے علاوہ ہندی میں بھی لکھنے پر اچھی خاصی قابلیت ہے۔

یہ زبانیں ایسی ہیں جو میں پڑھ اور سن کر بآسانی سمجھ سکتا ہوں، اور اگر ماحول ملا تو بولنا بھی فوراً سیکھ جاؤں گا:
فارسی، تاجک، عثمانی + جدید ترکی، آذربائیجانی ترکی، پنجابی، سندھی

ٹی وی اور نوحوں میں استعمال ہونے والی سرائیکی آسانی سے سمجھ لیتا ہوں۔ (سرائیکی نوحے بہت پسند ہیں۔)

اس کے علاوہ بنگالی بھی لغت کو سامنے رکھ کر پڑھ سکتا ہوں، لیکن پڑھنے میں کافی دقت ہوتی ہے۔ اور ایمانداری کی بات ہے کہ بنگالی، ہندی اور دیگر سنسکرت آمیز زبانوں میں اب اتنی زیادہ دلچسپی نہیں رہی ہے۔ اب میری اولین دلچسپی اسلامی تمدن کی کلاسیکی زبانوں میں ہے۔

ہسپانوی زبان کافی پسند ہے، اور سیکھنے کی کوشش بھی کی ہے لیکن فی الحال تو ہسپانوی میں بالکل نووارد ہوں۔

پشتو اب تک نہ سیکھ پانے کی کچھ وجوہات ہیں:
اولاً تو مجھے ماحول نہیں ملا۔ دادا کی جس ماحول میں پرورش ہوئی تھی وہاں اطراف میں اور گھر میں اردو ہی بولی جاتی تھی، اس لیے دادا کو بھی پشتو نہیں آتی۔ اسکول میں میرے کافی قریبی پختون دوست رہے، لیکن اُن سے سوائے چند جملے رٹ لینے کے کچھ خاص فائدہ نہیں اٹھا سکا۔
دوسرے یہ کہ مجھے کوئی ایسی زبان بھی نہیں آتی تھی جو مجھے پشتو کی طرف دھکیلتی۔ فارسی سیکھی تو اُس نے ترکی میں دھکیل دیا، ہندی سیکھی تو اُس نے بنگالی اور بھارتی پنجابی کی طرف دھکیل دیا۔ پشتو چونکہ دوسری زبانوں سے کافی مختلف ہے، اس لیے کوئی دوسری زبان پشتو کی طرف دھکیلنے میں کارآمد نہیں ہو سکی۔ :)
تیسری وجہ یہ ہے کہ میں اپنی جہالت کی وجہ سے پشتو کو ایسی زبان سمجھا کرتا تھا جس میں سوائے رزمیہ اور لوک ادب کے کچھ نہیں تھا۔ اس وجہ سے پشتو کی طرف پچھلے چند سالوں میں توجہ نہیں دی۔ لیکن جب مطالعے پر آنکھیں کھلیں کہ پشتو دیگر مشرقی اسلامی زبانوں کی طرح ہی ایک بے حد لطیف، خوبصورت، غنی اور گراں بہا ادبی زبان رہی ہے تو ایک دم سے پشتو میں دلچسپی جاگ گئی۔ اب ارادہ تو کیا ہے کہ موقع ملا تو پشتو بھی ضرور سیکھوں گا۔
 
سید ذیشان

محفلین
پشتو واقعی میں باقی مذکورہ زبانوں سے کافی مختلف اور کسی قدر مشکل بھی ہے۔ کیا میں پوچھ سکتا ہوں کہ اتنی زبانوں کو سیکھنے میں دلچسپی کیسے پیدا ہوئی؟
 
حسان خان

لائبریرین
کیا میں پوچھ سکتا ہوں کہ اتنی زبانوں کو سیکھنے میں دلچسپی کیسے پیدا ہوئی؟

بچپن میں دادا کے پاس گجراتی اور ہندی کتابیں دیکھی تھیں، جن میں بالکل الگ رسم الخط استعمال ہوا دیکھنا بہت دلچسپ لگا تھا۔ میں نے دادا سے خواہش ظاہر کی تو اُنہوں نے دیوناگری میں مجھے اپنا نام لکھنا اور پڑھنا سکھا دیا تھا۔ پھر اُس کے بعد میں اپنے دادا سے دیوناگری وقتاً فوقتاً سیکھا کرتا تھا۔ یہی بنیادی طور پر وہ محرک تھا جس نے میری زبانوں کی دنیا میں دلچسپی پیدا کر دی۔ :)

اور پھر مجھے مختلف لوگوں، ملکوں اور معاشروں کے بارے میں پڑھنا ہمیشہ سے اچھا لگتا تھا۔ اور ان چیزوں کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی کا وسیلہ بھی زبان ہے، اس لیے زبانیں سیکھنے کے میرے شوق کی ایک یہ وجہ بھی ہے۔
 
زبیر مرزا

محفلین
چلیں حسان خان کچھ مزید سوالات
1- آپ کے خیال میں اولین اوراہم سماجی خدمت کیا ہے؟
2- کیا آپ پہلی نظرکی محبت پر یقین رکھتے ہیں؟
3- پہلی ملاقات میں کن تین چیزوں پر غورکرتے ہیں؟
4- سوشل سائنز کی اہمیت آپ کی نظر میں کیا ہے؟
5 - آپ کی پسندیدہ پاکستان کی تین مشہورشخصیات کون سی ہیں؟
6- پسندیدہ محاورہ؟
7- کون سے تین محفلین ہیں جن سے آپ ملنا چاہتے ہیں؟
 
حسان خان

لائبریرین
1- آپ کے خیال میں اولین اور اہم سماجی خدمت کیا ہے؟
ایسے حالات پیدا کرنے کی کوشش کرنا جہاں ہر انسان غریبی جیسی لعنت اور ہر قسم کی تذلیل کے بغیر اپنی زندگی ہنسی خوشی گذار سکے۔

2- کیا آپ پہلی نظرکی محبت پر یقین رکھتے ہیں؟
نہیں۔

3- پہلی ملاقات میں کن تین چیزوں پر غورکرتے ہیں؟
اخلاق، گفتگو کا انداز، اُس کی دلچسپیاں کیا ہیں

4- سوشل سائنز کی اہمیت آپ کی نظر میں کیا ہے؟
معاشرتی علوم کی اہمیت میری نظر میں بہت زیادہ ہے۔ اس سے کچھ ہو نہ ہو، کم سے کم انسان اپنے آپ کو ٹھیک سے سمجھنے اور پہچاننے لگتا ہے۔

5 - آپ کی پسندیدہ پاکستان کی تین مشہورشخصیات کون سی ہیں؟
عمران خان، شعیب اختر، معین اختر

6- پسندیدہ محاورہ؟
زبانِ یارِ من ترکی و من ترکی نمی دانم :)

7- کون سے تین محفلین ہیں جن سے آپ ملنا چاہتے ہیں؟
سید ذیشان بھائی، محسن وقار بھائی اور تیسرا کوئی بھی اہلِ محفل :)
آپ سے تو مل چکا ہوں، اور ہم محلہ ہونے کے باعث امید ہے کہ آئندہ بھی ملتا رہوں گا۔ :)
 
زبردست جوابات حسان(y)(y)
اور جہاں تک ملنے کی بات ہے تو "چشم ما روشن، دل ماشاد" :bighug:
 
Top