زبیر مرزا صاحب ! اگر اجازت ہو تو حسان بھائی سے دو چار سوال ہم بھی کر لیں
جوابات حاضر ہیں جناب
آپ کی زندگی کا ناقابل فراموش واقعہ ؟
ایسے سوالات کا جواب دینا ہمیشہ میرے لیے مشکل ہوتا ہے۔ کیونکہ ایک شخص کا اپنی زندگی میں اتنے سارے ان مٹ نقوش چھوڑ جانے والے واقعات سے واسطہ پڑتا ہے کہ اُس میں سے کسی ایک کی تشخیص بہت مشکل ہو جاتی ہے۔ خیر، جو پہلا واقعہ ذہن میں آ رہا ہے وہ لکھ دیتا ہوں۔ اتنا زیادہ اہم تو نہیں ہے، لیکن فی الحال یہی ذہن میں آ رہا ہے۔ مجھے پہلی بار جب پستول دکھا کر لوٹا گیا تھا تو میں اُس وقت بے حد خوف زدہ ہو گیا تھا، وہ خوف کی کیفیت کافی حد تک ذہن میں زندہ ہے۔
آپ کو زندگی کا پہلا اہم سبق سکھانے والی محترم ہستی کون تھی؟
میرے والد اور میری دادی نے مجھے سب سے اہم کام یعنی پڑھنا سکھایا تھا۔ شاید یہ آپ کے سوال کا جواب ہو۔
آپ کن چیزوں سے سخت نفرت کرتے ہیں، کیوں؟
نسل پرستی۔ کیونکہ یہ نری جہالت ہے۔
قوم پرستی۔ کیوں کہ اس میں اچھے اچھے انسان کو حیوان بننے میں ایک منٹ کا وقفہ نہیں لگتا۔
اس کے علاوہ اسلامو فوبیا (اسلام/مسلمان ہراسی)، مشرق ہراسی، خود بیزاری اور انتہا پسندی سے بھی سخت نفرت ہے۔
4۔ آپ کا دیرینہ خواب جو ہنوز شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا کیا ہے؟
ابھی تک انگریزی زبان ٹھیٹھ برطانوی لہجے میں اور اہلِ زبان انگریزوں کی طرح بے عیب بولنے پر قادر نہیں ہوا ہوں۔
5۔ آپ خواب کب دیکھتے ہیں، دِن میں یا رات میں؟بیداری میں یا نیند میں؟ آپ کا یادگار خواب ؟
خواب تو رات کے وقت اور نیند کی حالت میں ہی آتے ہیں۔ کوئی ایسا یادگار خواب تو ذہن میں نہیں، البتہ میں زیادہ تر خوابوں میں سیاحت کے لیے اِدھر اُدھر نکلا ہوا ہوتا ہوں۔
آپ کا ہیروکون ہے؟(ہماری مراد کسی اداکار سے نہیں، قابل تقلید شخصیت سے ہے)
ہر وہ مفکر جسے اپنے آبائی تمدنی ورثے پر فخر ہو اور جو خود بیزاری کی وبا سے پاک ہو، میری نظر میں قابلِ تقلید ہے۔ ویسے میرے ہیروؤں کی فہرست میں وہ کلاسیکی ادباء شامل ہیں جنہوں نے زبان و ادب کی بے لوث خدمت کی ہے۔
آپ کی پسندیدہ سواری؟
کراچی کی عوامی سواری منی بس
کون سی موسیقی پسند ہے؟
لاطینی، عرب، ترک اور مغربی کلاسیکی سازی (instrumental) موسیقی پسند ہے۔ اس کے علاوہ لاطینی پاپ بھی پسند ہے۔
♣
9۔ عاشوراکے دِن آپ کے معمولات کیا ہوتے ہیں ؟
عام طور پر عاشورا کا دن گھر پر ہی رثائی ادب پڑھتے اور نوحہ جات سنتے گزرتا ہے۔ اُس کے علاوہ محرم کے دنوں میں میری کوشش رہتی ہے کہ شیعہ ثقافت اور تاریخ کے مختلف پہلوؤں پر مزید تحقیق کرتا رہوں۔ کبھی کبھار اپنے قریبی شیعہ دوستوں کے ساتھ جلوسوں میں بھی شرکت کرتا ہوں۔ ہو سکتا ہے بعض لوگوں کو یہ بات عجیب لگے، لیکن مجھے مہذب اور منظم طور پر نکالے گئے ماتمی جلوسوں میں بے حد کشش محسوس ہوتی ہے اور مجھے اُن میں شرکت کرنا کافی اچھا لگتا ہے۔ اپنے اپنے میلانِ طبع کی بات ہے۔
اُس کے علاوہ دنیا بھر میں عاشورا کی رسومات کی تصاویر اور ویڈیو دیکھتا ہوں۔
حیات امام حسین کا کوئی ایسا گوشہ جس سے آپ سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہوں؟
ویسے تو میری نظر میں نبی کے محبوب نواسے کا امت کے ہاتھوں یوں بھائیوں اور بچوں سمیت قتل ہو جانا ہی بے حد متاثر کن ہے، لیکن جہاں تک امام کی حیات کی بات ہے، تو اُن کا ایسے انتہائی مقام تک حق کے لیے کھڑے رہنا بہت متاثر کرتا ہے، جہاں بڑے بڑوں کے قدم ڈگمگا جاتے ہیں۔