ایل جی جی 5 کے کیمرے میں مینوئل سیٹنگ کی آپشن ہے. لیکن میں ان سے بالکل ناواقف ہوں.
بائیں جانب ساری آپشن موجود ہیں.
کیا مختصر لفظوں میں کوئی بتا سکتا ہے کہ
1. روشنی میں سینری کیپچر کے لیے
2. کم روشنی میں سیندری کیپچر کے لیے
3. اوبجیکٹ فوٹو گرافی کے لیے
اور کچھ دیگر عمومی ٹائپ کی فوٹو گرافی کے لیے کیا مختلف سیٹنگ رکھی جا سکتی ہیں؟
میری معلومات کی حد تک ایل جی کے جی فور ماڈل میں اپرچر کم یا زیادہ کرنے کی آپشن نہیں ہے۔ شاید جی فائیو میں بھی ایسا ہی ہو۔
اس صورت میں بہت سی آپشنز محدود ہو جاتی ہیں۔ تاہم ہنوز مینوئل سیٹنگ میں کافی کچھ کرنے کی گنجائش موجود ہے۔
ایک تو یہ کہ آئی ایس او کو سیٹ کر سکتے ہیں۔ بہت اچھی روشنی میں آئی ایس او کو 100 پہ رکھ کے تصویر بنائی جا سکتی ہے۔ بلکہ آزمائش کے طور پہ آئی ایس او 50 پہ رکھ کر بھی تصویر بنائیے۔ خیال رہے کہ اچھی روشنی سے مراد آؤٹ ڈور روشنی ہے۔ ان ڈور روشنی جتنی بھی اچھی محسوس ہو رہی ہو، آئی ایس او زیادہ ہی رکھنا پڑے گا۔ 400 یا اس سے زائد مناسب رہے گا۔
دوسری چیز وائٹ بیلنس ہے۔ اس کو انڈور میں دستیاب روشنی کے حساب سے سیٹ کر سکتے ہیں۔ تاہم عمومی کیمرے میں وائٹ بیلنس چند محدود آپشنز کے ساتھ ہوتا ہے جو کہ دھوپ، بادل، فلوریسنٹ لائٹ وغیرہ کے نام سے ہوتی ہیں۔ جبکہ جی فور میں وائٹ بیلنس عددی رینج میں سیٹ کر سکتے ہیں۔ جس کا مجھے خاص تجربہ نہیں۔ میں نے آج تک زیادہ تر تصویرکشی آٹو وائٹ بیلنس کے ساتھ ہی کی ہے (جو کہ زیادہ قابلِ ستائش یا قابلِ تقلید فعل نہیں ہے)۔
اس کے علاوہ اہم سیٹنگ ایچ ڈی آر کی ہے۔ اگر تصویر میں روشنی یونیفارم نہیں ہے یعنی کہیں زیادہ روشنی ہے اور کہیں کم تو ایچ ڈی آر ایک زبردست آپشن ہے۔ خصوصاً کہیں بادل اور کہیں آسمان دکھائی دے رہا ہو تو ایچ ڈی آر کے ساتھ عمدہ تصویرکشی ہو سکتی ہے۔
اور اب بات سب سے اہم دستیاب سیٹنگ کی یعنی شٹر سپیڈ۔ اپرچر سیٹنگ دستیاب نہ ہونے کی صورت میں شٹر سپیڈ کے ساتھ زیادہ رینج دستیاب نہیں ہو گی، تاہم جہاں روشنی بہتر ہو تو شٹر سپیڈ کو تیز رکھیں۔عموماً ایک سیکنڈ کا 125واں حصہ یا 250واں حصہ اچھی شٹر سپیڈ خیال کی جاتی ہے، تاہم جی فائیو میں اپرچر ویلیو ایک اعشاریہ آٹھ پہ فکس ہونے کی وجہ سے اس کہیں تیز سپیڈ رکھنا بھی ممکن ہے۔تیز دھوپ میں 1000 سے 2000 تک سپیڈ مناسب ہو سکتی ہے۔
تاہم خراب روشنی میں شٹرسپیڈ کم رکھنی پڑے گی۔ ایک سیکنڈ کا 80واں یا 60واں حصہ بھی رکھنا پڑ سکتا ہے۔ تاہم اس صورت میں کوشش کریں کہ ہاتھوں کو کسی جگہ مضبوطی سے ٹکا سکیں یا موبائل کی نچلی سائیڈ کو کسی فکس جگہ (جیسے گاڑی کی چھت) پہ ٹکا لیں تا کہ کم از کم دو ایکسس پہ تھرتھراہٹ رک سکے۔
چلتی گاڑی سے تصویر کھینچنی ہو یا کسی متحرک چیز کی تو بھی شٹرسپیڈ تیز رکھنا ہو گی۔
اس سب کے ساتھ ساتھ ایک اہم مشق یہ بھی کیجئے کہ آٹو سیٹنگ سے بنائی گئی تصاویر کی شٹرسپیڈ اور آئی ایس او ویلیوز وغیرہ دیکھ کر ان کی سیٹنگ اور دستیاب روشنی وغیرہ کا اندازہ لگانے کی کوشش کیا کریں۔
اہم بات: ہم میں سے زیادہ تر لوگ عموماً آٹو سیٹنگ کو کافی حد تک مناسب خیال کرتے ہوتے اسی موڈ میں تصویر بناتے ہیں کہ کیمرے کے پروسیسر کو ہم سے بہتر علم ہو گا کہ کیا سیٹنگ مناسب ہے۔ تاہم اس میں اہم نکتہ یہ ہے کہ ایک عام کیمرے میں اہم سینسر صرف روشنی کی مقدار کا اندازہ لگانے کے لئے ہی ہوتا ہے (یا ہو سکتا ہے)۔ دستیاب روشنی کے حساب سے کیمرے کا پروسیسر اپرچر اور شٹرسپیڈ کی اچھی سیٹنگ تو کر لے گا۔ تاہم کیمرے کو یہ علم نہیں ہو سکتا کہ آپ خود کسی متحرک پلیٹ فارم پر ہیں یا کہ آپ کسی متحرک چیز کی تصویر بنانا چاہ رہے ہیں۔ اس لئے مینوئل سیٹنگ کا کچھ ہلکا پھلکا اندازہ بھی ہو جائے تو آٹو سیٹنگ کی نسبت کافی بہتر تصویر بنائی جا سکتی ہے۔