میری تو رائے یہی ہے کہ بچے کی فطرت اور رجحان کو سامنے رکھتے ہوئے اُسے ہاسٹل میں بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ کرنا چاہیے۔ اس رائے کی وجہ بننے والے تین افراد ہیں، جنہیں میں ذاتی طور پر جانتا ہوں:
- میرے بڑے بھائی، جو ملک کے ایک مشہور تعلیمی ادارے کے ہاسٹل میں پانچ سال تک زیرِ تعلیم رہے۔ وہاں کے داخلہ امتحان میں حصہ لینے کا فیصلہ خود میرے بھائی ہی کا تھا اور انہوں نے بڑی مشکل سے ہمارے والدین کو اس پر راضی کیا تھا۔ (یاد رہے کہ اس ادارے میں آٹھویں سے بارہویں جماعت تک کی تعلیم دی جاتی ہے، اور جب میرے بھائی نے وہاں جانے کی ضد کی تھی تو وہ محض ساتویں کے طالبعلم تھے۔) آج بھی اُس ادارے میں گزرے ہوئے وقت کو وہ بڑے فخر اور پیار سے یاد کرتے ہیں۔
- میرا ایک بہت اچھا دوست، جس کو اس کے والد صاحب نے اس کی مرضی کے خلاف اُسی تعلیمی ادارے میں داخلہ لینے پر مجبور کیا تھا۔ نتیجتاً میرے دوست نے اس ادارے میں اپنے پانچ سال "باغیانہ" رویے کی روشن مثال بن کر گزارے، اور اب یہ باغیانہ رویہ اس کی فطرت کا ایک اہم جزو بن چکا ہے۔
ironic بات یہ ہے کہ اس کے والد صاحب نے اسے اِس امید پر وہاں بھیجا تھا کہ اس کی زندگی میں کچھ ڈسپلن آئے گا۔
- مَیں، جو اپنے بڑے بھائی کے نقشِ قدم پر چلتا ہوا اپنی مرضی سے اس تعلیمی ادارے میں گیا تھا، اور اپنی مرضی ہی سے صرف دو ماہ بعد واپس لوٹ آیا تھا۔
وجہ؟ میں سمجھتا تھا کہ ڈسپلن کی بھی کوئی حد ہونی چاہیے!
گو میں ذاتی طور پر ایسے کسی شخص کو نہیں جانتا، لیکن مجھے یقین ہے کہ ایسے بچوں کی بھی کوئی کمی نہیں ہو گی جو کم عمری میں اپنی مرضی کے خلاف کسی ہاسٹل میں گئے ہوں گے اور پھر وہ ہاسٹل ان کا دوسرا گھر بن گیا ہوگا۔
سو میرا تو یہی خیال ہے کہ بچے کے رجحان اور فطرت کو سامنے رکھ کر اس کا فیصلہ کرنا چاہیے۔ یہ بات درست کہ کچھ مجھ جیسے بھی ہوتے ہیں جو یہ سمجھنے میں غلط ہوتے ہیں کہ وہ ہاسٹل کی زندگی میں کامیابی سے ایڈجسٹ کر سکیں گے، اور پھر کچھ ایسے بھی ہوتے ہیں جو اپنے آپ کو ہاسٹل کی زندگی میں فِٹ نہیں سمجھتے لیکن حقیقتاً ہاسٹل کا ماحول ان کے لیے کافی سازگار ہوتا ہے، لیکن والدین اور اساتذہ اگر غیر جانبداری سے بچوں کی شخصیات کا جائزہ لیں تو ایسا فیصلہ کرنا عمومی کیسز میں زیادہ مشکل نہیں ہونا چاہیے۔ یہ البتہ ایک علیحدہ بحث ہے کہ کیا ہمارے ابتدائی تعلیمی نظام میں بچوں کی شخصیت، رجحان، اور خوبیوں کو سامنے رکھ کر ان کی آئندہ تعلیم اور تربیت کا پروگرام مرتب کیا جاتا ہے یا نہیں۔۔۔
ارلی ٹِین ایج کے عرصے میں ہاسٹل میں جانا، اور یونیورسٹی کی سطح پر ہاسٹل میں رہنا واقعی دو مختلف باتیں ہیں، اور اسی لیے ان کا موازنہ کرنا بھی نہیں چاہیے۔