یاز بھائی کا انٹرویو

السلام علیکم! میں ہوں آپ کی میزبان مریم افتخار اور میرے ساتھ ہیں محمد ظہیر، نور سعدیہ شیخ، فہد اشرف اور حمیرا عدنان. ہماری آج کی مہمان ہیں وہ ہستی جنہوں نے اپنی زندگی کی ایک دہائی اردو محفل فورم کو دی ہے. ان کے بارے میں کیا کہا جائے کہ وہ اتنے ہی نہاں ہیں جتنے عیاں. اگرچہ وہ ایک گلیشئیر (کے نام سے منسوب) ہیں لیکن اگر ایک لمحے کو انہیں ایک تخیلاتی کردار مان لیا جائے جو اردو محفل فورم کے افق پر ابھرا تو یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ یہ تخیلاتی کردار ہی سب پر بازی لے گیا. ان کے مراسلہ جات جن سے ہم مستفید ہوتے ہیں اکثر اوقات اس قسم کے ہوتے ہیں کہ ریٹنگز آپس میں لڑ پڑتی ہیں کہ 'میری باری ہے، دیکھو مراسلہ زیادہ پرمزاح تھا.' دوسری ریٹنگ کہتی ہے کہ 'زبردست دینے کے سوا تمہارے پاس اور چارہ ہی کیا ہے کہ ایسی تخیل کی پرواز اور کس کی ہوگی؟' تیسری ریٹنگ یوں گویا ہوتی ہے کہ 'یہ بات تمہارے علم میں پہلے تھی؟ نہیں نا! تو پھر مجھے انصاف دلاؤ.' چوتھی ریٹنگ کا تو اپنا ہی رونا ہوتا ہے کہ' بات تو سکرپٹ رائٹر نے خدا لگتی کہی ہے، اب میں بھی خدا لگتی کہوں؟ متفق کا بٹن دباؤ اور ان کی آواز میں آواز ملاؤ. ' پانچویں ریٹنگ دائیں کونے سے ہنکارہ بھرتی ہے کہ' ارے کہنا کیا چاہتی ہو تم سب مل کر؟ کیوں معصوموں کو ورغلا رہی ہو؟ بات تو یہی ہے نا کہ مراسلہ پسند آیا؟ گومبو خوش ہوا؟ تو یہ محل میرا ہے، تم سب چپکی پڑی رہو ورنہ بائیں کونے میں دھکیل دی جاؤ گی. '
وغیرہ وغیرہ اور مکرر وغیرہ....
آپ سب کی بھرپور تالیوں (ریٹنگز) میں اب انٹرویو کے اس سلسلے کو رونق بخشنے جا رہے ہیں یاز صاحب!!!!!!!!!!!
 
آخری تدوین:
سوال نامہ:

1) یاز کی ڈیفینشن کریں نیز یہ بتائیں کہ کیا عام زندگی میں اور اردو محفل پر آپ کی شخصیت میں نام کے علاوہ کچھ فرق ہے؟

2) بچپن سے لے کر اب تک آپ کو کن کن ناموں سے پکارا جاتا رہا ہے؟

3) آپ کی تاریخ پیدائش کیا ہے؟ نیز اس برس آپ کے سالگرہ کے کیک پر کتنی موم بتیاں لگیں گی؟

4) آپ کے فیملی ممبر کون کون ہیں نیز آپ کس سے سب سے زیادہ قریب ہیں؟

5) اردو محفل کا نشہ ہو جانے کی وجہ کیا ہے اور کیا اس نشے کے عملی زندگی میں کچھ نقصانات بھی ہیں؟

6) آپ نے والد محترم کے کہنے پر الیکٹریکل انجنئیرنگ پڑھی۔ کیا اب آپ اپنی فیلڈ میں خوش اور مطمئن ہیں اور موجودہ مقام تک پہنچنے سے پہلے کن کن مشکلات کا سامنا رہا؟ مزید یہ کہ کیا ہم آپ کی بھی جاب پروفائل دیکھ سکتے ہیں؟

7) گرہ لگائیے:
اک مہ جبیں پردہ نشیں پردہ اٹھا کے بولی

8 ) آپ کا کوئی ایسا خواب جو پورا ہونا بظاہر محال ہو مگر آپ نے پورا کر دکھایا ہو؟ اور کوئی ایسا کام جو آپ سے ہوتے ہوتے رہ گیا ہو؟

9) آپ کے مراسلہ جات سے ایک نہایت ذہین و فطین، شگفتہ مزاج اور دور اندیش شخصیت مترشح ہوتی ہے۔ اس بارے میں کیا کہیں گے کہ کیا یہ باداموں اور گلقند پر مشتمل کسی ڈائٹ پلان کا اثر ہے یا اس کے پیچھے کوئی اور سازشیں ( میرا مطلب ہے رموز) بھی ہیں؟ یعنی وہ کیا شے ہے جو آپ کو یہ بناتی ہے جو آپ ہیں؟

10) اردو محفل کمیونٹی آپس میں ایک فیملی کی طرح ہے۔ پھر کیا وجہ ہے کہ آپ سمیت بہت سے سینئر ممبران، جن کی زندگی کے ایک بڑے حصے کے روز و شب یہاں پر گزرے ہیں،یہاں پر اپنی فیملی کو لانے سے گریز کرتے ہیں؟ نیز آپ کے نزدیک اردو محفل اور دوسرے فورمز کے ماحول میں بنیادی فرق کیا ہے؟

11) جب ایک سیاح سفر پر نکلتا ہے تو وہ آنکھوں اور روح کی چند لمحوں کی تسکین کے لیے سفر کی طویل تر ذہنی و جسمانی مشکلات برداشت کرتا ہے اور جان و مال کو خطرے میں ڈالتا ہے؟ ایسے کیا احساسات اور محرکات اسے ایسا کرنے پر اکساتے ہیں اور ہر حال میں جوڑے رکھتے ہیں؟

12) اردو محفل پر غالبا بیسیوں ملکوں کے لوگ ہیں مگر سب کے سب مسلمان، حتی کہ کوئی ایک عیسائی بھی میری نظر سے نہیں گزرا۔ آپ کیا کہتے ہیں کیا اردو فقط مذہب کی زبان ہے؟ کیا اس کی ترویج صرف اور صرف مسلمان چاہتے ہیں؟ اگر ایسا ہے تو ایسا کیوں ہے ،جب کہ عربی اور فارسی شاید اس سے بڑھ کر مسلمان کی زبان ہونی چاہیے تھی؟

13) انٹرنیٹ کی دنیا پر اتنے سال گزارنے کے باوجود آپ نے اپنی الگ شناخت بنائی اور قائم رکھی۔ کیا ہم یہ سمجھیں کہ یہ جاسوسی ناولوں کا اثر ہے؟ یا آپ انٹرنیٹ کو سیکیور نہیں سمجھتے؟ یا آپ ایک نیا کردار لکھ رہے ہیں ایک نئی زندگی اور نئی شناخت کے ساتھ؟ نیز یہ بھی بتائیں کہ یہی نام رکھنے کی کیا وجہ ٹھہری؟ یازغل گلیشئیر سے کوئی واقعہ جڑا ہے؟

14) اگر آپ کی سوانح حیات لکھی جائے تو 'کرتے ہیں کچھ' اور 'وغیرہ وغیرہ' کے علاوہ کیا کیا عنوانات زیر غور ہوں گے؟

15) کیا آپ نے زندگی کےکسی دور میں کبھی کسی فکشنل کردار پر رشک کیا ہے ؟ کیا کبھی یہ خواہش ہوئی کہ میں سپائیڈرمین ہوتا تو یوں کر لیتا یا سوپر مین ہوتا تو یہ نہ ہونے دیتا ؟ نیز ایک اسکرپٹ رائٹر کے ناطے کون سی اضافی شکتیاں آپ کا ہاتھ بٹا کر آپ کے کام کو آسان بنا سکتی ہیں؟
 
یاز

محفلین

وعلیکم السلام
اس موقعے پہ میں سب سے پہلے تو یہ کہنا چاہوں گا کہ۔۔۔۔ ہا ہائے! ایڈا وڈا جھوٹ!!!

ایک دہائی اردو محفل فورم کو دی ہے
امید ہے کہ دالِ اول کے اوپر پیش نہیں ہے۔
 
یاز

محفلین
1) یاز کی ڈیفینشن کریں نیز یہ بتائیں کہ کیا عام زندگی میں اور اردو محفل پر آپ کی شخصیت میں نام کے علاوہ کچھ فرق ہے؟
ڈیفی نیشن۔۔ بولے تو تین لفظوں والی؟
بس اتنا ہی کہ
آوارہ فکری، آوارہ فقری اور آوارہ مزاجی۔

عام زندگی میں نسبتاً کم بولتا ہوں شاید، اور عموماً پنجابی بولتا ہوں۔

2) بچپن سے لے کر اب تک آپ کو کن کن ناموں سے پکارا جاتا رہا ہے؟
زیادہ تر تو اصل نام سے ہی پکارتے رہے ہیں۔ بہت ہی بچپن میں "کاکا" کہتے تھے۔ کالج یونیورسٹی کے زمانے میں کچھ دوستوں میں "شاہ جی" کے نام سے بھی پکارا جاتا رہا۔ جس کی کوئی خاص وجہ نہ تھی، سوائے اس کے کہ ایک ڈرامے میں شاہ جی نام کا کردار ادا کیا تھا۔

3) آپ کی تاریخ پیدائش کیا ہے؟ نیز اس برس آپ کے سالگرہ کے کیک پر کتنی موم بتیاں لگیں گی؟
ہماری پیدائش 14 اکتوبر کی ہے۔ اس لحاظ سے ہم لبرا یعنی میزان واقع ہوئے ہیں۔
اگر کیک کے ایک مربع انچ پہ ایک موم بتی جلائی جا سکتی ہو تو ہماری گزشتہ یعنی آخری سالگرہ پہ کم از کم چالیس مربع انچ کا کیک درکار تھا۔
 
یاز

محفلین
4) آپ کے فیملی ممبر کون کون ہیں نیز آپ کس سے سب سے زیادہ قریب ہیں؟
فیملی ممبر میں سبھی ہیں۔ والد، والدہ، بھائی، بہنیں، بیوی، بچے
بھائی ایک ہے، بہنیں تین، بیوی ایک، بچے دو۔
اور زیادہ قریب بیوی بچوں سے ہی

5) اردو محفل کا نشہ ہو جانے کی وجہ کیا ہے اور کیا اس نشے کے عملی زندگی میں کچھ نقصانات بھی ہیں؟
نشہ ہو جانے کی وجہ شاید کچھ ایسی خاص نہیں ہے۔ بس مجھے بہت عرصے سے کافی کم سونے کی عادت سی ہے تو اس لحاظ سے ہم جیسوں کے لئے انٹرنیٹ اور خصوصاً سوشل میڈیا کافی غنیمت ہے۔ پہلے میں ایک اور فورم پہ کافی ایکٹو رہا۔ لیکن دو سال قبل اردو محفل پہ چکر لگا تو اندازہ ہوا کہ یہاں کی کمیونٹی دیگر سوشل میڈیا فورمز کی نسبت زیادہ میچور اور متنوع ہے۔ اور تنوع ایسی چیز ہے جس نے ہمیشہ ہمیں اٹریکٹ کیا ہے۔

6) آپ نے والد محترم کے کہنے پر الیکٹریکل انجنئیرنگ پڑھی۔ کیا اب آپ اپنی فیلڈ میں خوش اور مطمئن ہیں اور موجودہ مقام تک پہنچنے سے پہلے کن کن مشکلات کا سامنا رہا؟ مزید یہ کہ کیا ہم آپ کی بھی جاب پروفائل دیکھ سکتے ہیں؟
خوش اور مطمئن ہونے کا سوال کافی مشکل ہے۔ ہمارے معاشرے میں زیادہ چوائسز میسر نہیں ہیں۔ یعنی یوں سمجھیں کہ بہت سے لوگوں کے ارمان یا aptitude کسی اور شعبے کا ہوتا ہے، تاہم معاشرتی دباؤ یا اثرات کے نتیجے میں ان کو انجینئرنگ یا میڈیکل کا فیلڈ اختیار کرنا پڑتا ہے۔ زیادہ تر کیس میں والدین کا بھی حد درجہ دباؤ ہوتا ہے۔ تو خیر یہ کہا جا سکتا ہے کہ اللہ کا کرم ہے کہ سکون و اطمینان ہی ہے۔ اور مشکلات تقریباً وہی رہیں کہ جو ہمارے ہاں ایک عام طالب علم کو رہتی ہیں۔ ایف ایس سی میں نمبروں کی ٹینشن، پھر داخلوں کی کوششیں، تعلیم کے بعد کچھ عرصے کی بیروزگاری اور اِدھر اُدھر کے دھکے۔
 
یاز

محفلین
7) گرہ لگائیے:
اک مہ جبیں پردہ نشیں پردہ اٹھا کے بولی
ہینڈز اَپ جی۔ بعد میں عروض کی مدد سے ضرور جواب دوں گا انشاءاللہ۔

8 ) آپ کا کوئی ایسا خواب جو پورا ہونا بظاہر محال ہو مگر آپ نے پورا کر دکھایا ہو؟ اور کوئی ایسا کام جو آپ سے ہوتے ہوتے رہ گیا ہو؟
زیادہ تر خواب تو پورے ہونے محال ہی دکھائی دیتے ہیں، جبھی تو وہ خواب کہلاتے ہیں۔ تاہم ہمارا یہ ماننا ہے کہ ہر وہ خواب جو دیکھا جا سکتا ہے، وہ پورا بھی کیا جا سکتا ہے۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ بندہ خواب بھی ذرا حساب کے ہی دیکھے :D۔
ایسے تو بہت سے کام ہوں گے جو ہوتے ہوتے رہ گئے۔ جیسے کرمبر جھیل دیکھتے دیکھتے رہ گئے۔

9) آپ کے مراسلہ جات سے ایک نہایت ذہین و فطین، شگفتہ مزاج اور دور اندیش شخصیت مترشح ہوتی ہے۔ اس بارے میں کیا کہیں گے کہ کیا یہ باداموں اور گلقند پر مشتمل کسی ڈائٹ پلان کا اثر ہے یا اس کے پیچھے کوئی اور سازشیں ( میرا مطلب ہے رموز) بھی ہیں؟ یعنی وہ کیا شے ہے جو آپ کو یہ بناتی ہے جو آپ ہیں؟
پھر ایڈا وڈا جھوٹ۔
بس فیملی اور یاروں دوستوں کی دعائیں ہیں جی۔
 
یاز

محفلین
10) اردو محفل کمیونٹی آپس میں ایک فیملی کی طرح ہے۔ پھر کیا وجہ ہے کہ آپ سمیت بہت سے سینئر ممبران، جن کی زندگی کے ایک بڑے حصے کے روز و شب یہاں پر گزرے ہیں،یہاں پر اپنی فیملی کو لانے سے گریز کرتے ہیں؟ نیز آپ کے نزدیک اردو محفل اور دوسرے فورمز کے ماحول میں بنیادی فرق کیا ہے؟
شاید ہم نے پہلے بھی کسی جگہ کچھ ایسی ہی بات کہی تھی کہ عام دنیا کی نسبت فورم ایک مجازی دنیا ہے۔ سو مجازی دنیا کو مجازی دنیا ہی رہنے دینا اس کا حسن ہے۔ اس میں تمام عناصر حقیقی دنیا کے لانے کی کوشش کی جاتی تو جتنا سفر اس فورم نے طے کر لیا ہے، اور جس خوش اسلوبی و ہمواری سے طے کر لیا ہے، شاید ویسے نہ کر پاتا۔ اس بات کو سمجھنا ضروری ہے کہ سوشل میڈیا فورمز کی کمیونٹی زیادہ تر کیسز میں عام دنیا یا عام زندگی میں ویسی نہیں ہو گی۔ جیسے ہو سکتا ہے کہ عام زندگی میں کم بولنے والا یا تنہائی پسند بندہ فورمز پہ رونقِ محفل بننے کی کوشش کرے۔
امید ہے کہ میں بین السطور بات سمجھا پایا ہوں۔

11) جب ایک سیاح سفر پر نکلتا ہے تو وہ آنکھوں اور روح کی چند لمحوں کی تسکین کے لیے سفر کی طویل تر ذہنی و جسمانی مشکلات برداشت کرتا ہے اور جان و مال کو خطرے میں ڈالتا ہے؟ ایسے کیا احساسات اور محرکات اسے ایسا کرنے پر اکساتے ہیں اور ہر حال میں جوڑے رکھتے ہیں؟
اس کو ایڈونچرازم کہہ سکتے ہیں۔ اردو میں جستجوپسندی کہا جائے شاید۔
ایسا ممکن ہے کہ ہر ایک کی طبیعت میں ایسی جستجو پسندی نہ ہو۔ تاہم جن کے مزاج میں ایک بار یہ رہ نوردی آ بسے، اس کے بعد ان کو چین و سکون مشکل سے ہی ملتا ہے۔ سفر کی مشکلات و تکالیف کی جو لذت ہے، اس کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔

12) اردو محفل پر غالبا بیسیوں ملکوں کے لوگ ہیں مگر سب کے سب مسلمان، حتی کہ کوئی ایک عیسائی بھی میری نظر سے نہیں گزرا۔ آپ کیا کہتے ہیں کیا اردو فقط مذہب کی زبان ہے؟ کیا اس کی ترویج صرف اور صرف مسلمان چاہتے ہیں؟ اگر ایسا ہے تو ایسا کیوں ہے ،جب کہ عربی اور فارسی شاید اس سے بڑھ کر مسلمان کی زبان ہونی چاہیے تھی؟
زبان کا مذہب سے بہت زیادہ تعلق ہونا تو نہیں چاہئے تھا، تاہم حیران کن طور پہ ایسا تعلق بن ضرور گیا ہے۔ اردو کے تناظر میں مسلمان سے زیادہ متعلقہ اصطلاح "برِصغیر کے مسلمان" ہے۔میری معلومات کے مطابق مغلوں کے دور تک فارسی ہی یہاں کی زبان تھی، تاہم مغلوں کے زوال کے ساتھ ہی فارسی کا زوال اور اردو کا عروج شروع ہو گیا تھا۔
 
آخری تدوین:

یاز

محفلین
13) انٹرنیٹ کی دنیا پر اتنے سال گزارنے کے باوجود آپ نے اپنی الگ شناخت بنائی اور قائم رکھی۔ کیا ہم یہ سمجھیں کہ یہ جاسوسی ناولوں کا اثر ہے؟ یا آپ انٹرنیٹ کو سیکیور نہیں سمجھتے؟ یا آپ ایک نیا کردار لکھ رہے ہیں ایک نئی زندگی اور نئی شناخت کے ساتھ؟ نیز یہ بھی بتائیں کہ یہی نام رکھنے کی کیا وجہ ٹھہری؟ یازغل گلیشئیر سے کوئی واقعہ جڑا ہے؟
ہاہاہا۔
انٹرنیٹ پر تقریباَ ہر کوئی ہی اپنی شناخت بناتا ہے یا بنانے کی کوشش کرتا ہے۔ تاہم اس کا جاسوسی ناولوں سے کیا علاقہ جی!
نیا کردار، نئی زندگی، نئی شناخت۔۔۔۔ خوب است۔ تاہم ایسا تو نہیں ہے۔ حقیقی زندگی میں بھی تقریباً ایسے ہی ہیں ہم۔
نام رکھنے کی کوئی خاص وجہ نہیں۔ ایک طویل پسِ منظر کی کہانی کے اختتامی مراحل میں ایک فورم پہ اکاؤنٹ بنانا پڑ گیا۔ اب نام رکھنا تھا تو کوئی الگ تھلگ لفظ ذہن میں نہ آیا۔ چند ماہ قبل ہی شمشال ویلی میں ٹریک شریک کر کے واپس لوٹے تھے، جہاں یازغل نام کی ایک جگہ کے بارے میں کافی سنا تھا تو وہی رکھ لیا۔

14) اگر آپ کی سوانح حیات لکھی جائے تو 'کرتے ہیں کچھ' اور 'وغیرہ وغیرہ' کے علاوہ کیا کیا عنوانات زیر غور ہوں گے؟
جی جی وہی تو۔

15) کیا آپ نے زندگی کےکسی دور میں کبھی کسی فکشنل کردار پر رشک کیا ہے ؟ کیا کبھی یہ خواہش ہوئی کہ میں سپائیڈرمین ہوتا تو یوں کر لیتا یا سوپر مین ہوتا تو یہ نہ ہونے دیتا ؟ نیز ایک اسکرپٹ رائٹر کے ناطے کون سی اضافی شکتیاں آپ کا ہاتھ بٹا کر آپ کے کام کو آسان بنا سکتی ہیں؟
بچپن میں بہت سی کرداروں پہ رشک کیا کرتے تھے۔ جوزف جوانا وغیرہ بھی اور امیر حمزہ وغیرہ بھی۔ پھر دائجسٹ پڑھنے کے دور میں شکاری ناول کے سکندر اور محسن وغیرہ پہ بھی۔
 
محمدظہیر

محفلین
بہت خوب یاز بھائی۔ کچھ مزید سوالات پیش خدمت ہیں :)

۱۔ بچپن میں آپ کا aim کیا تھا؟ اپنے مقصد کو حاصل کرنے میں کتنے فیصد کامیاب رہے ہیں اب تک؟

۲۔ کوئی ایسی نصیحت یا مشورہ جو آپ کو ملا ہو اور آپ نے اسے تا عمر اپنے پلو سے باندھ لیا ہو؟

٣۔ کتنے گھاٹ کا پانی پیا ہے؟ میرا مطلب ہے سفر کتنے ملکوں کا کیا ہے؟ مزید کتنے ملک گھومنے کا ارادہ ہے؟

٤۔ آپ کی ماضی کی نمائندہ تصویر جس کو آپ نے کئی برسوں سے بدلا نہیں تھا، اس میں کیا خاصیت تھی؟

۵۔ شاعروں میں بشیر بدر، راحت اندوری اور ندا فاضلی میں سے آپ کے پسندیدہ ترین کون ہیں؟ مزید برآں اپنے پسندیدہ اشعار بھی بتائیے.

٦۔ محفل فورم سے بغیر کسی وجہ کے آپ کو اچانک معطل کر دیا جائے تو آپ کا رد عمل کیا ہوگا؟

٧۔ انڈین فلمیں اور گانے آپ کو پسند ہیں .. فیورٹ ہندی فلم کون سی ہے ؟انڈین اور پاکستانی فلم انڈسٹری میں کیا فرق ہے؟

٨۔ آپ کتنے مذہبی ہیں؟ آپ کا مطالعہ وسیع لگتا ہے، آپ نے مذہب کا مطالعہ بھی کر رکھا ہے؟ مذہب کو ایک مکمل ضابطہ حیات سمجھتے ہیں یا زندگی کا ایک الگ شعبہ سب کا اپنا اپنا؟

۹۔ arrange اور love میریج کے متعلق اپنے زری خیالات کا اظہار فرمائیں؟ آپ کے خیال میں کون سا آپشن بہتر ہے؟

١٠۔محفل اور محفلین کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار فرمائیں. نیز محفلین کے لیے کوئی ایک نصیحت۔

:)
 
یاز

محفلین
بچپن میں آپ کا aim کیا تھا؟ اپنے مقصد کو حاصل کرنے میں کتنے فیصد کامیاب رہے ہیں اب تک؟
سچ کہوں تو بچپن میں کوئی خاص ایم نہیں تھا۔ جیسے بچوں کو پائلٹ، ڈاکٹر بننے کا یا آرمی، ایئرفورس میں جانے کا شوق ہوتا ہے، ایسا کچھ بھی نہیں تھا۔

کوئی ایسی نصیحت یا مشورہ جو آپ کو ملا ہو اور آپ نے اسے تا عمر اپنے پلو سے باندھ لیا ہو؟
نصیحتیں یا مفید باتیں تو ابھی تک ملتی رہتی ہیں اور ان کو پلے (یا پلو) سے بھی باندھ لیتے ہیں۔ بہت پہلے ایک ٹیچر کی کہی بات ہمیشہ یاد رہتی ہے کہ "اگر آپ سچے ہیں تو آپ کو کسی کا ڈر نہیں ہونا چاہئے".

کتنے گھاٹ کا پانی پیا ہے؟ میرا مطلب ہے سفر کتنے ملکوں کا کیا ہے؟ مزید کتنے ملک گھومنے کا ارادہ ہے؟
سب سے زیادہ سفر تو پاکستان کا ہی کیا ہے۔ اس کے علاوہ عوامی جمہوریہ چین اور ریاستہائے متحدہ امریکہ کا۔
ارادہ تو بہت سے ممالک کا ہے۔ دعا کریں کہ ان میں سے کچھ تو جلد ہی دیکھ لیں۔
 
یاز

محفلین
آپ کی ماضی کی نمائندہ تصویر جس کو آپ نے کئی برسوں سے بدلا نہیں تھا، اس میں کیا خاصیت تھی؟
اس کی واحد خاصیت اس سے جڑی ہماری یادیں ہی تھیں۔ زیادہ تر تصاویر کی یہی خاصیت ہمیں سب سے اہم لگتی ہے۔

۔ شاعروں میں بشیر بدر، راحت اندوری اور ندا فاضلی میں سے آپ کے پسندیدہ ترین کون ہیں؟ مزید برآں اپنے پسندیدہ اشعار بھی بتائیے
گرجا میں مندروں میں اذانوں میں بٹ گیا
ہوتے ہی صبح آدمی خانوں میں بٹ گیا
(ندا فاضلی)
ان تین میں سے تو یقیناً ندا فاضلی۔ ندا صاحب کی وفات کے بعد ان کی یاد میں ہم نے ان کے گیتوں پہ ایک لڑی بھی شروع کی تھی۔
ندا فاضلی کے یادگار گیت

پسندیدہ اشعار تو کئی ہوں گے۔ احمد فراز کا ایک شعر ازحد پسند ہے۔
آج ہم دار پہ کھینچے گئے جن باتوں پر
کیا عجب کل وہ زمانے کو نصابوں میں ملیں
اور کیفی اعظمی کا یہ شعر
بیلچے لاؤ کھولو زمیں کی تہیں
میں کہاں دفن ہوں کچھ پتا تو چلے

محفل فورم سے بغیر کسی وجہ کے آپ کو اچانک معطل کر دیا جائے تو آپ کا رد عمل کیا ہوگا؟
متذبذب و متوحش وغیرہ
 
یاز

محفلین
انڈین فلمیں اور گانے آپ کو پسند ہیں .. فیورٹ ہندی فلم کون سی ہے ؟انڈین اور پاکستانی فلم انڈسٹری میں کیا فرق ہے؟
جی بالکل۔ ہندی فلمیں اور گانے کافی پسند ہیں۔ ہندی فلموں میں آرٹ فلمیں ہی زیادہ پسند ہیں۔ چند پسندیدہ فلمیں یہ رہیں
ماچس، پنجر، دھوپ، ہیر رانجھا (راجکمار والی).
انڈین اور پاکستانی فلم انڈسٹری کا تقابل نیست ممکن۔

آپ کتنے مذہبی ہیں؟ آپ کا مطالعہ وسیع لگتا ہے، آپ نے مذہب کا مطالعہ بھی کر رکھا ہے؟ مذہب کو ایک مکمل ضابطہ حیات سمجھتے ہیں یا زندگی کا ایک الگ شعبہ سب کا اپنا اپنا؟
مذہبی زیادہ نہیں۔ اس بابت مطالعہ بھی زیادہ نہیں ہے۔
اور مذہب کے مکمل ضابطہ حیات ہونے کی بابت یوں کہا جا سکتا ہے کہ مذہب پہ اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کی صورت میں تمام شعبہ ہائے زندگی میں بہتری آ سکتی ہے، تاہم بدقسمتی سے مذہب کا جو ورژن ہمارے سامنے بچا ہے، اس میں ایسا ممکن دکھائی نہیں دیتا۔

arrange اور love میریج کے متعلق اپنے زری خیالات کا اظہار فرمائیں؟ آپ کے خیال میں کون سا آپشن بہتر ہے؟
دوسری آپشن ہی زیادہ بہتر ہے۔
 
یاز

محفلین
محفل اور محفلین کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار فرمائیں. نیز محفلین کے لیے کوئی ایک نصیحت
محفل کی چند باتیں اس کو دوسرے عمومی فورمز سے ممتاز بناتی ہیں۔ ایک تو اس کے ممبران کے مزاج اور موضوعاتِ گفتگو کا تنوع ہے، دوسرے اس کا ہم پلہ ریٹنگ سسٹم بھی شاید ہی کہیں اور ہو۔ اردو سے متعلقہ بہت سے امور پہ اس فورم کی سنجیدہ کاوشیں بھی قابلِ ستائش ہیں۔
اردو محفل کے ممبران کو وہی نصیحت کرنا چاہوں گا جو اپنے حلقہ احباب کو سوشل میڈیا کی بابت کرتا ہوں، کہ سوشل میڈیا کی بدولت افراد کو، تہذیبوں کو، قوموں کو قریب آنا چاہئے تھا، تاہم ہمارے ملک میں سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال نفرتوں کے فروغ کے لئے ہونا شروع ہو گیا ہے۔ کہیں مذہب کے نام پر، کہیں سیاست کے نام پر, کہیں فرقوں کے نام پر اور کہیں رنگ و نسل کے نام پر۔
ہم سب کو اس کا ادراک کرتے ہوئے اس عمل میں حصہ لینے سے احتراز کے ساتھ ساتھ اس کی حوصلہ شکنی بھی کرنی چاہئے۔
 
فہد اشرف

محفلین
یاز بھائی السلام علیکم۔
لیجئے میرے سوالات بھی حاضر ہیں۔
۔۔۔۔۔۔
1۔ ایک الیکٹرکل انجینئر ہونا کیسا لگتا ہے؟
2۔ جاب کے علاوہ کیا مصروفیات ہیں؟
3۔کرکٹ کے کتنے شوقین ہیں مثال سے واضح کریں۔
4۔آپ اور عبداللہ محمد بھائی کافی بے تکلف دوست ہیں۔ یہ دوستی کب سے ہے؟ کبھی بالمشافہ ملاقات بھی رہی ہے؟
5۔ آپ نے اب تک بہت سیر و سیاحت کی ہے۔ سب سے یادگار سفر کون سا رہا ہے اور کیوں؟
6۔ کوئی ایسا سیاحتی مقام جس کے بارے میں آپ کہہ سکیں ”ایک بار دیکھا ہے، دوبارہ دیکھنے کی ہوس ہے“۔
7۔سکندر نے کہا تھا کہ "اگر میں سکندر نہ ہوتا تو دیو جانس کلبی بننے کی خواہش کرتا“۔ اگر آپ یاز نہ ہوتے تو کیا بننا چاہتے؟
8۔کن شخصیات سے متاثر ہیں؟ وجہ؟
9۔ اگر آپ کو ایک مہینہ کسی ویران قلعے یا جزیرے میں انسانوں سے کٹ کر تنہا رہنا ہو تو ان اوقات میں کیا کریں گے؟(آپ کو سب کچھ میسر ہے سوائے ان چیزوں کے جو آپ کو انسان سے جوڑنے والی ہیں)
10۔ یاز بھائی بقول آپ کے آپ بہت کم سوتے ہی۔ یہ insomnia ہے یا behavioral adaptation؟ کبھی آپ کو زیادہ نیند لینے کی خواہش ہوتی ہے؟ نیز آپ کی زندگی پہ اس کے کیا اثرات ہیں؟
 
یاز

محفلین
چین میں کیا کیا دیکھا؟ دیوارِ چین جانا ہوا؟
2010 میں جانا ہوا تھا، تو اس وقت شنگھائی ایکسپو چل رہی تھی، سو اس کی زیارت کا موقع ملا، جو ایک نادر تجربہ رہا۔
اس کے علاوہ بیجنگ میں دیوارِ چین، شہرِ ممنوعہ، تیان مین سکوائر، سمر پیلس وغیرہ وغیرہ۔
 
یاز

محفلین
یاز بھائی السلام علیکم۔
لیجئے میرے سوالات بھی حاضر ہیں۔
وعلیکم السلام جناب۔
لیجئے جوابات بھی حاضر ہیں

ایک الیکٹرکل انجینئر ہونا کیسا لگتا ہے؟
میرا خیال ہے کہ کافی بہتر ہی لگتا ہے۔
ویسے یہ سوال تو سیلیبریٹی ٹائپ شخصیات سے کرنا بنتا ہے، کہ آج جس مقام پہ ہیں تو کیسا لگتا ہے۔ وغیرہ وغیرہ۔
ہمارا کیا ہے جی۔ اِٹ پُٹیں تو الیکٹریکل انجینئر یا ڈاکٹر نکل آتا ہے۔

جاب کے علاوہ کیا مصروفیات ہیں؟
کوئی خاص نہیں۔
اس معاملے میں ہم خاصے بور واقع ہوئے ہیں۔ روزمرہ روٹین میں ٹی وی دیکھنا، انٹرنیٹ پہ اخبار پڑھنا، کبھی کبھار فلم دیکھنا اور کتاب پڑھنا۔
روزمرہ روٹین کے علاوہ مصروفیات میں گھومنا پھرنا سرِ فہرست ہے۔
کرکٹ کے کتنے شوقین ہیں مثال سے واضح کریں۔
کافی زیادہ شوقین ہیں۔ کسی دور میں کافی کرکٹ کھیلی بھی۔ اب تو بس میچ دیکھنے کی حد تک ہی۔
مثال یوں سمجھیں کہ عبداللہ محمد صاحب سے بس دو تین بالشت ہی کم شوقین ہیں۔
 
Top