بہادر شاہ ظفر یا مجھے افسرِ شاہانہ بنایا ہوتا ۔ بہادر شاہ ظفر

فرخ منظور

لائبریرین
یا مجھے افسرِ شاہانہ بنایا ہوتا
یا مرا تاج گدایانہ بنایا ہوتا

اپنا دیوانہ بنایا مجھے ہوتا تُو نے
کیوں خرد مند بنایا، نہ بنایا ہوتا

خاکساری کے لئے گرچہ بنایا تھا مجھے
کاش خاکِ درِ جانانہ بنایا ہوتا

تشنہء عشق کا گر ظرف دیا تھا مجھ کو
عمر کا تنگ نہ پیمانہ بنایا ہوتا

دلِ صد چاک بنایا تو بلا سے لیکن
زلفِ مشکیں کا تیرے شانہ بنایا ہوتا

تھا جلانا ہی اگر دوریء ساقی سے مجھے
تو چراغِ در میخانہ بنایا ہوتا

شعلہء حسن چمن میں نہ دکھایا اس نے
ورنہ بلبل کو بھی پروانہ بنایا ہوتا

روز معمورہء دنیا میں خرابی ہے ظفر
ایسی بستی کو تو ویرانہ بنایا ہوتا

(بہادر شاہ ظفر)
 

زونی

محفلین
روز معمورہء دنیا میں خرابی ہے ظفر
ایسی بستی کو تو ویرانہ بنایا ہوتا




بہت خوب فرخ‌ بھائی !


میری پسندیدہ غزلوں میں سے ایک :)
 

ماوراء

محفلین
میری امی کی پسندیدہ غزل ہے۔ کئی بار ان کی فرمائش پر گوگل سے ڈھونڈ کر ان کو سنائی ہے۔ اب یہیں سے دیکھ کر سنا دوں گی۔:d
 

محمد وارث

لائبریرین
خاکساری کے لئے گرچہ بنایا تھا مجھے
کاش خاکِ درِ جانانہ بنایا ہوتا


واہ واہ واہ۔

بہت شکریہ فرخ صاحب سدا بہار غزل شیئر کرنے کیلیے!
 

فرخ منظور

لائبریرین
خاکساری کے لئے گرچہ بنایا تھا مجھے
کاش خاکِ درِ جانانہ بنایا ہوتا


واہ واہ واہ۔

بہت شکریہ فرخ صاحب سدا بہار غزل شیئر کرنے کیلیے!

بہت شکریہ وارث صاحب۔ لیکن آج میں نے نول کشور کا چھپا ہوا کلیاتِ بہادر شاہ ظفر دیکھا تو اس میں یہ غزل نہیں بلکہ مثلث ہے، تمام تیسرے مصرعے غائب ہیں۔ مجھے حیرت ہے کہ مثلث کو غزل کس نے بنایا اور عجیب بات یہ ہے کہ اس کلیات میں پہلے پانچ مصرعے ہیں پھر تین تین ہیں۔ بتائیں اس کا کیا کروں؟
 

فرخ منظور

لائبریرین
میری امی کی پسندیدہ غزل ہے۔ کئی بار ان کی فرمائش پر گوگل سے ڈھونڈ کر ان کو سنائی ہے۔ اب یہیں سے دیکھ کر سنا دوں گی۔:d

جی بہت شکریہ! آپ کو پہلے ہی یہاں فرمائش داغ دینا چاہیے تھی۔ کوئی تو پوری کرتا۔ ویسے فہیم اور شمشاد صاحب کے مطابق ہے تو یہ فضول ہی کام :)
 

جیہ

لائبریرین
ظفر کی لا جواب غزل شئیر کرنے کے لئے شکریہ۔

یہ عجیب بات بتا دی آپ نے کہ نول کشور کلیات میں یہ غزل نہیں۔ یہ تو بہت ہی مشہور غزل ہے۔ کورس کی کتابوں میں پڑھی ہے اور دیوان ظفر میں بھی موجود ہے
 

فرخ منظور

لائبریرین
ظفر کی لا جواب غزل شئیر کرنے کے لئے شکریہ۔

یہ عجیب بات بتا دی آپ نے کہ نول کشور کلیات میں یہ غزل نہیں۔ یہ تو بہت ہی مشہور غزل ہے۔ کورس کی کتابوں میں پڑھی ہے اور دیوان ظفر میں بھی موجود ہے

نہیں میں یہ کہہ رہا ہوں کہ کلیات میں یہ غزل، غزل نہیں بلکہ مثلث ہے۔ یعنی تین مصرعوں پر مشتمل اور تیسرا مصرعہ اضافی وہاں موجود ہے ان ہر دو اشعار کے بعد۔ یعنی یہی اشعار مثلث کی شکل میں موجود ہیں بجائے غزل کے۔
 

جیہ

لائبریرین
سمجھ گئی ۔ تو مثلث کے مصرعے بھی یہاں پوسٹ کریں ۔ پتہ تو چلے کہ کیسی لگتی ہے یہ غزل مثلث کے انداز میں
 

شمشاد

لائبریرین
جی بہت شکریہ! آپ کو پہلے ہی یہاں فرمائش داغ دینا چاہیے تھی۔ کوئی تو پوری کرتا۔ ویسے فہیم اور شمشاد صاحب کے مطابق ہے تو یہ فضول ہی کام :)

کون سا فضول کام میرے نام لگا رہے ہیں۔ مجھے تو شاعری بہت پسند ہے۔ لیکن ہو اچھی شاعری۔
 

فرخ منظور

لائبریرین
نول کشور میں یہ کلام جیسے ہے ویسے کی بنیاد پر نقل کر رہا ہوں۔ جویریہ صاحبہ اور وراث صاحب سے خاص طور پر گزارش ہے کہ اسے دیکھیے اور اپنی رائے دیجیے۔ بہت شکریہ!

یا مجھے افسرِ شاہانہ بنایا ہوتا
یا مرا تاج گدایانہ بنایا ہوتا
اس خرد نے مجھے سرگشتہ و حیران کیا
کیوں خرد مند بنایا نہ بنایا ہوتا
تو نے اپنا مجھے دیوانہ بنایا ہوتا

نشۂ عشق کا گر ظرف دیا تھا مجھ کو
عمر کا تنگ نہ پیمانہ بنایا ہوتا
دل کو میرے خم و میخانہ بنایا ہوتا

دلِ کو صد چاک بنایا تو بلا سے لیکن
زلفِ مشکیں کا ترے شانہ بنایا ہوتا
اور یا خاک سے ایسا نہ بنایا ہوتا

صوفیوں کے جو نہ تھا لائقِ صحبت تو مجھے
قابلِ جلسۂ رندانہ بنایا ہوتا
باعثِ قلقلِ مستانہ بنایا ہوتا

تھا جلانا نہ اگر دوریء ساقی سے مجھے
تو چراغِ رہِ میخانہ بنایا ہوتا
اور دل بادہ کشوں کا نہ بنایا ہوتا

شعلۂ حسن چمن میں نہ دکھایا ہوتا
ورنہ بلبل کو بھی پروانہ بنایا ہوتا
گُل کو داغِ دلِ دیوانہ بنایا ہوتا

روز معمورۂ دنیا میں خرابی ہے ظفر
ایسی بستی سے تو ویرانہ بنایا ہوتا
بلکہ بہتر تو یہی تھا نہ بنایا ہوتا

(بہادر شاہ ظفر)
 

جیہ

لائبریرین
سچ پوچھیں تو مجھے تو پسند ہی نہیں آیا۔ غزل کا مزا کر کرا ہو گیا۔

نول کشور والوں کا کام تو معیاری ہوتا ہے۔ پتہ نہیں انہیں مثلث کہاں سے مل گیا۔۔
 

فرخ منظور

لائبریرین
سچ پوچھیں تو مجھے تو پسند ہی نہیں آیا۔ غزل کا مزا کر کرا ہو گیا۔

نول کشور والوں کا کام تو معیاری ہوتا ہے۔ پتہ نہیں انہیں مثلث کہاں سے مل گیا۔۔

ویسے ایسا معیاری بھی نہیں ہوتا۔ بہت اغلاط نظر آتی ہیں۔ شاید ٹھیک طریقے سے پروف ریڈنگ نہیں کرتے تھے۔ :)
 

جیا راؤ

محفلین
خاکساری کے لئے گرچہ بنایا تھا مجھے
کاش خاکِ درِ جانانہ بنایا ہوتا


بہت خوب۔۔۔ !:)
 

ظفری

لائبریرین
روز معمورہء دنیا میں خرابی ہے ظفر
ایسی بستی کو تو ویرانہ بنایا ہوتا


بہت خوب ۔۔۔۔۔
میں پہلے بھی یہی کہتا تھا ۔ اب بھی یہی کہتا ہوں ۔ ;)
 
Top