جی جناب تو ہم بھی اپنے بہترین دوست کا مختصر سا تعارف کروائے دیتے ہیں۔
یہ ہیں ڈاکٹر راجہ وسیم احمد صاحب۔
مکینیکل انجئینر اور انگلینڈ سے پی ایچ ڈی ہیں۔ پیشے کے اعتبار سے استاد ہیں اور ٹیکسلا انجئینرنگ یونیورسٹی میں پڑھاتے ہیں۔
دوستی کی طوالت - لنگوٹیے تو نہیں لیکن اس سے کم بھی نہیں۔ ہماری شادی میں 'دولہا کے دوست' کے فرائض بخوبی انجام دے چکے ہیں۔
ان کی خوبی یہ ہے کہ 'ناں' کا لفظ ان کی لغت میں شاید ہے ہی نہیں۔ ہم ان سے سائیکل کو پنکچر لگانے، قربانی کے جانور کی کھال اتارنے، گھر کے جنریٹر اور کمپیوٹر کی خرابی دور کرنے، چکی سے دانے پسوا کر لانے یا گھر میں رنگ و روغن کرنے تک، کوئی بھی کام کہہ سکتے ہیں۔ اور یہ ماتھے پر کوئی شکن لائے بغیر ہر کام کر دیتے ہیں۔
گذشتہ کچھ عرصے سے ہمیں ائیر پورٹ سے لانا اور لے جانا بھی انھوں نے اپنے ذمہ لے رکھا ہے۔ ان سے ملاقات کا بہترین وقت چھٹی والے دن فجر کی نماز کے فوراً بعد کوئی سری پائے والا ہوٹل ہے۔ بصورت دیگر ہفتہ بھر بعد شکل دیکھاتے ہیں اور رات گئے تک کچہری رہتی ہے۔ جب تک گھر سے پانچ سات کالیں نہ آ جائیں ، واپس گھر نہیں جاتے۔
ان کی واحد خامی یہ ہے کہ ورکنگ دنوں میں اگر ملاقات کی ہامی بھر لیں تو آدھے گھنٹے بعد آنے کا مطلب کم از کم 4، 5 گھنٹے ہوتا ہے۔ اللہ پاک نے انھیں ایک بیٹے سے نواز رکھا ہے۔ دعا گو ہوں کہ اپنے مختصر سے خاندان کے ساتھ ہمیشہ خوش و خرم رہیں ۔آمین