جو رحمتِ عالم کو نبوت نہیں ملتی
محشر میں کسی کو بھی شفاعت نہیں ملتی
اللہ کے محبوب سبب بن گئے ورنہ
انسان کو معراج کی عظمت نہیں ملتی
اک سرورِ عالم کے سوا عالمِ کُن میں
بے داغ مکمل کوئی سیرت نہیں ملتی
دشمن کے ستانے پر بھی دیتے ہیں دعائیں
دنیا میں محمد سی شرافت نہیں ملتی
تشبیہء محمد کوئی لائے گا کہاں سے
یعنی کسی صورت سے یہ صورت نہیں ملتی
سرکار کی سجدے میں گزر جاتی تھیں راتیں
اُمت کو مگر سجدے کی فرصت نہیں ملتی
کر شکرِ خدا اُمتِ احمد میں جگہ دی
ورنہ تجھے منظر یہ سعادت نہیں ملتی
(منظر بھوپالی)