ناعمہ عزیز بہن آپ کا بہت شکریہ کہ آپ نے یہ دھاگہ شروع کیا۔ مجھے ایسے دھاگے بہت پسند آتے ہیں۔
ویسے میرا دل کرتا ہے کہ ایسے دھاگوں پر خوب تفصیل سے لکھوں لیکن پھر بھی مختصر کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ خیر میرے جواب یہ رہے۔
محفل میں آنے کے بعد آپ کو کیسا لگا ؟
پیاسے کو کنواں مل گیا۔ پھر اسی کنویں کے کنارے ڈیرے ڈال لئے۔ خود تو جی بھر کر پانی پیتا لیکن لوگوں کو پانی نکال کر نہیں دے سکتا تھا لیکن پھر بھی ڈیرے جمائے رکھے۔ لوگ آتے خود پانی نکالتے یا پھر کوئی دوسرا نکال کر دیتا اور میں ندیدوں کی طرح بس دیکھتا رہتا اور گُر سیکھتا رہتا۔ یوں پھر وہ وقت آیا کہ ہم بھی کسی قابل ہو گئے۔
اردو لکھنے میں کتنی مشکل پیش آئی ؟
بالکل بھی مشکل نہیں آئی تھی۔ انپیج بھی استعمال کرنا آتا تھا اور اس کے ساتھ ساتھ یونیکوڈ اردو کے بارے میں بھی کافی بنیادی معلومات تھی، بلکہ اردو محفل پر آنے سے پہلے ہی اپنا ایک کیبورڈ لے آؤٹ بھی بنا چکا تھا۔
کیا آپ کا کسی بھی اردو فورم پر یہ پہلا تجربہ تھا یا آپ نے پہلے بھی کسی اردو فورم کے ممبر رہے تھے ؟
دوسرے اردو فورم تو دور کسی فورم پر یہ پہلا تجربہ تھا۔ البتہ اردو محفل پر رجسٹر بہت پہلے ہوا اور صرف پڑھتا لیکن
سارہ خان کے کہنے پر باقاعدہ لکھنا شروع کیا۔ ویسے انہیں دنوں میں ایک دوسرے اردو فورم کو بھی پڑھتا تھا لیکن یہ فیصلہ نہیں کر پا رہا تھا کہ کس فورم کو مستقل طور پر اپناؤں؟ آخر کار اردو محفل ہی بہتر لگی اور اسی کا فیصلہ کیا اور بس اس ایک فیصلے نے تو جیسے زندگی ہی بدل دی۔ مجھے آج بھی اپنے اس فیصلے پر خوشی ہے۔
یہاں آنے کے بعد آپ کو ممبرز کے طرف سے کیسا رویہ دیکھنے کو ملا؟
ایک دم زبردست۔ بہت ہی اچھے انداز میں
خوش آمدید کہا گیا۔ البتہ بعد میں بحثیں کیں، لڑائیاں کیں۔ کئی دفعہ دل کرتا کہ محفل کی انتظامیہ کہیں ملے تو اسے خوب پھینٹی لگاؤں، خاص طور پر
نبیل بھائی کو۔ فورم اتنا زبردست کہ چھوڑنے کو دل نہیں کرتا تھا لیکن انتظامیہ ایک آنکھ نہیں بھاتی تھی۔ خیر بعد میں عقل آئی کہ انتظامیہ ایسی ہے تو فورم بھی زبردست بنا ہے ورنہ اکھاڑہ بن جاتا۔ وہی لوگ جن پر شروع میں غصہ آتا اور لڑائیاں کیں، بعد میں وہی اچھے دوست بھی بنے۔ خیر اب میرے لئے اردو محفل سے بڑھ کر کوئی فورم نہیں اور نبیل بھائی و دیگر ممبران سے بہت کچھ سیکھا، اس لئے تمام میرے لئے نہایت ہی قابل احترام ہیں۔
ذرا سوچ کر بتائیں کہ سب سے پہلے آپ کی بات کس سے ہوئی تھی ؟؟
سب سے پہلے بات سارہ خان سے ہوئی۔ ایک باجو (
تیشہ ) ہوا کرتی تھیں، انہوں نے سب سے پہلے مجھے خوش آمدید کہا اور میں نے محفل پر باقاعدہ سب سے پہلے
شمشاد بھائی اووو شمشاد آنٹی کو
مخاطب کیا۔
ایک بندہ جو ”نذرانے“ کو ”نظرانہ“ لکھتا تھا۔ بلاگ کے لفظ تک سے واقف نہیں تھا۔ جس کو انٹرنیٹ کی دنیا میں کوئی جانتا تک نہیں تھا۔ پھر یہی اردو محفل بنیاد بنی اور آج اللہ نے بہت عزت دی ہے۔ لوگوں کو پتہ نہیں یہاں سے کچھ ملا ہے یا نہیں لیکن بلال نے تو یہاں سے خزانہ پایا ہے۔
اردو محفل زندہ باد