گیارہویں سالگرہ اردو محفل – درست املاء ایک مختصر جائزہ

سیدہ شگفتہ

لائبریرین
السلام علیکم

اردو محفل فورم کی روشن روایات میں آغاز سے ہی ایک یہ روایت شامل رہی ہے کہ یہاں املاء پر خصوصیت سے توجہ کی جاتی تھی اور ہے، ساتھ ہی غلط ہو جانے کی صورت میں اس کی درستگی پر بھی دھیان رکھا جاتا تھا۔ یہ کہنا شاید غلط نہ ہو کہ ایک وقت ایسا بھی تھا کہ جب اردو محفل فورم پر املاء کی کوئی غلطی موجود نہ تھی تاہم مرور زمانہ کے ساتھ اس توجہ میں کمی آئی ہے اور فورم پر ارسال کیے گئے پیغامات میں املاء کی اغلاط میں نہ صرف اضافہ ہوا ہے بلکہ بتدریج یہ گراف بڑھ رہا ہے۔ بطور مثال
کسی بھی جملے یا اقتباس میں "کہ" کی جگہ "کے"
"کے" کی بجائے "کہ"
"مذاق" کی بجائے "مزاق"
"مزار" کی جگہ "مذار"
"دیں" کی جگہ "دے" پڑھنا
یا پھر "کرنگ"، "آئنگ"، "جائنگ"، "کھائنگ" لکھا دیکھ کر ایک تو اچھا تاثر قائم نہیں ہوتا دوسرا اہم نکتہ یہ ہے کہ اگر قاری درست املاء نہ جانتا ہو اور اردو ویب بشمول اردو محفل کو اردو زبان کے لیے ایک معیار و پیمانہ کا درجہ دیتا ہو تو وہ اسی املاء کو ہی اصل اور درست املاء سمجھے گا۔ یوں اگر غور کریں تو ہم خود اپنے ہاتھوں ایک معیاری پلیٹ فارم کو غیر معیاری زبان و املاء کا ذریعہ بناتے جا رہے ہیں یا بنا دیں گے۔

اس لڑی کو آغاز کرنے کا مقصد اسی جانب توجہ دلانا ہے۔ میری دلی خواہش ہے کہ اردو ویب بشمول اردو محفل املاء کے حوالے سے ایک مستند و معیاری پیمانہ بن جائے۔ سو اگر ہم یہ ہدف مقرر کر لیں کہ اس پلیٹ فارم کو انٹرنیٹ کی دنیا میں درست املاء کے لیے پہچان بلکہ ایک معیار اور سند سمجھا جائے تو اس حوالے سے ایک سے زائد سمتوں میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک یہ کہ از ایں بہ بعد تمام نئے مراسلے جو یہاں فورم پر ارسال کیے جائیں ان میں کوشش کی جائے کہ املاء کی اغلاط نہ ہونے پائیں۔ دوسرے یہ کہ اب تک کے ارسال کیے گئے تمام مراسلوں میں جہاں جہاں املاء درست نہیں وہاں املا درست کی جا سکے۔

نبیل بھائی، زیک بھائی اور ابن سعید بھائی کیا یہاں فورم پر موجود ایڈیٹر میں کوئی خود کار نظام موجود ہے یا وضع کیا جا سکتا ہے کہ جس کی مدد سے
۱۔ کوئی بھی رکن اپنا نیا مراسلہ ارسال کرنے سے پہلے ہجوں کی درستگی دیکھ سکیں۔
۲۔ اب تک تمام ارسال کیے جا چکے مراسلوں میں املاء کو کم وقت میں اغلاط (جہاں موجود ہوں) سے پاک کیا جا سکے؟

اگر کوئی خود کار نظام موجود نہیں یا وضع نہ کیا جا سکتا ہوتو پھر املاء کی درستگی کے لیے مینویلی طریق کار وضع کیا جائے۔ اول الذکر کے لیے فورم پر موجود ایڈیٹر سے مدد لی جا سکتی ہے۔ یہاں فورم پر بہت سے اراکین اپنا کوئی بھی پیغام ارسال کرنے سے پہلے ایڈیٹر میں ہی اپنی املاء پر نظر ڈال لیتے ہیں یا پیش منظر میں اپنا مراسلہ دیکھا جا سکتا ہے ، اگر تمام اراکین اس عادت کو اپنا لیں تو اغلاط سے بچنے میں بہت مدد ملے گی۔

مؤخرالذکر کا معاملہ قدرے حساس ہے اور بلی کے گلے میں گھنٹی کون باندھے کی مانند ہے۔ فورم پر ایسے متعدد پیغامات موجود ہیں جن میں ٹائپو یا درست املاء سے لاعلمی کی وجہ سے تحریر کا حسن مجروح اورقاری کے لیے بیزاری کا سبب ہے۔ کچھ اراکین ایسے ہیں جو ٹائپو یا غلطی کی نشاندہی کیے جانے پر نہ صرف یہ کہ برا محسوس نہیں کرتے بلکہ اپنے پیغام میں تدوین بھی کر لیتے ہیں۔ تاہم کچھ اراکین نشاندہی کیے جانے پر برا مناتے ہیں اور نشاندہی کرنے والے رکن کے لیے ناپسندیدگی کا اظہار بھی کرتے ہیں۔ شاید اسی سبب سے کھیل ہی کھیل میں املاء درست کریں نامی سلسلہ بھی آغاز کیا گیا تھا تاہم یہ سلسلہ تنہا اس ضرورت کو پورا نہیں کر سکتا اور وسیع دائرے میں توجہ کرنے کی ضرورت ہے۔

ایک تجویز یہ بھی ہے کہ اغلاط کی نشاندہی کے لیے یہاں ایک ریٹنگ بھی موجود ہے ہر مراسلے میں۔ اسکا استعمال کیا جا سکتا ہے تاہم شاید اس کی منفی حیثیت اس کے استعمال میں مانع ہے اگر یہ خیال درست ہے تو مستقل طور پر یا ایک محدود مدت تک اس کی منفی حیثیت ختم یا تبدیل کر دی جائے تو مذکورہ ہدف کے حصول میں اس سے مدد مل سکے گی۔

اگر اراکین چاہیں تو روزانہ یا وقتا فوقتا اپنے اب تک کے مراسلوں پر خود نظر ڈالنا شروع کر دیں اور کچھ وقت اس مقصد کے لیے مخصوص کر دیں اور جہاں ضرورت ہو اپنے مراسلے کی تدوین (سعود بھائی کیا پرانے پیغامات میں تدین کی سہولت موجود ہے یا فراہم کی جا سکتی ہے؟) کرتے جائیں۔ اس ریاضت کا آغاز میں خود بھی کر رہی ہوں۔

اغلاط کی نشاندہی کے لیے ذاتی پیغام میں بھی مطلع کیا جا سکتا ہے۔
یہ چند تجاویز محض آغاز کے طور پر ہیں۔ عملی طور پر کیا کرنا ممکن ہے یا اس سے بہتر کیا کچھ کیا جا سکتا ہے، علاوہ ازیں درست زبان و املاء کے ضمن میں اراکین محفل کیا رائے رکھتے ہیں اس حوالے سے آپ سب اپنی آراء اور تجاویز یہاں شامل کر سکتے ہیں۔
 
آخری تدوین:

نایاب

لائبریرین
محترم سیدہ شگفتہ بہنا
بلاشبہ اک خوبصورت آگہی بھری تحریر جو کہ اردو محفل کے نصب العین سے براہ راست ربط رکھتی ہے ۔
نیٹ کے جال پر آباد عالمی گاؤں میں اردو زبان کی ترویج میں اردو محفل کا اک اہم کردار رہا ہے ۔اور ان شاء اللہ سدا ہی رہے گا ۔
آپ کی تحریر کے ہر لفظ سے اتفاق کیئے بنا چارہ نہیں کہ لکھا ہی سچ ہے ۔
اردو زبان سے محبت کی عکاس تحریر پر
ڈھیروں دعائیں
تاہم کچھ اراکین نشاندہی کیے جانے پر برا مناتے ہیں اور نشاندہی کرنے والے رکن کے لیے ناپسندیدگی کا اظہار بھی کرتے ہیں۔

ایک تجویز یہ بھی ہے کہ اغلاط کی نشاندہی کے لیے یہاں ایک ریٹنگ بھی موجود ہے ہر مراسلے میں۔ اسکا استعمال کیا جا سکتا ہے تاہم شاید اس کی منفی حیثیت اس کے استعمال میں مانع ہے اگر یہ خیال درست ہے تو مستقل طور پر یا ایک محدود مدت تک اس کی منفی حیثیت ختم یا تبدیل کر دی جائے تو مذکورہ ہدف کے حصول میں اس سے مدد مل سکے گی۔
 
سیدہ شگفتہ

لائبریرین
بہت شکریہ نایاب بھائی، امید ہے کہ ہم سب ممکن حد تک اس معاملے میں اپنی سعی کریں گے اور خواہش یہی ہے کہ سال آئندہ کا جائزہ مثبت نوید کا حامل ہو۔
دعاؤں کے لیے جزاک اللہ اور مزید ڈھیروں دعاؤں کی امید تو ہمیشہ سے قائم ہے۔
 
سیدہ شگفتہ

لائبریرین
سعود بھائی، میں نے اپنے پرانے پیغامات دیکھے املاء کے لیے تاہم وہاں تدوین کا آپشن موجود نہیں ہے۔ اس حوالے سے رہنمائی کیجیے گا پلیز۔
 
املا کی غلطیاں یقیناً تکلیف دہ ہوتی ہیں، بلکہ ہمیں تو رموز اوقاف کے مسائل بھی بے حد پریشان کرتے ہیں۔ بعض عمومی غلطیوں کے لیے ہم نے کچھ ایک درستگیاں نظام میں شامل کر رکھی ہیں جن میں السلام علیکم کے السلام کو اسلام لکھنے کی غلطی سر فہرست ہے۔ البتہ اس قسم کی خود کار درستگی کا نقصان یہ ہوتا ہے کہ جہاں تدریسی مقاصد کے لیے غلط املا لکھنا مقصود ہو وہاں بھی املا درست ہو جاتی ہے۔ ایسا ہی ایک واقعہ حال ہی میں ئ اور ے کے مرکب کے حوالے سے سامنے آیا تھا۔ سرور سائڈ اسپیل چیکنگ کی شمولیت نظام کو نہ صرف سست بلکہ پیچیدہ بھی کرے گی اس لیے اس سے گریز برتا گیا ہے۔ غلط املا ریٹنگ کو منفی درجات کے ساتھ اسی سبب متعارف کرایا گیا تھا کہ اس سے سرزنش اور اصلاح کی راہیں ہموار ہوں گی، لیکن بعض احباب نے اس کا بھی کھلواڑ بنا لیا۔ املا کی اغلاط سے پوری محفل کو پاک کرنا (بشمول ماضی کے مراسلے) تو انتہائی مشکل کام ہے، البتہ بعض زمروں میں اس کا نفاذ کیا جا سکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے فعال ادارت درکار ہوگی اور متعلقہ زمروں میں چند مدیران کا تعین کرنا ہوگا جو متعلقہ زمروں میں ارسال کردہ ہر مراسلے کو باقاعدگی سے پڑھتے ہوں۔ یہ بھی طے کرنا ہوگا کہ املا کی درستگی کے نام پر متعلقہ مدیران حد سے زیادہ ترمیم نہ کریں کہ صاحب مراسلہ کی منشا یا ما فی ضمیر متاثر ہو جائے۔ اس سے بھی پہلے محفل میں زمروں کی ترتیب نو کی اشد ضرورت ہے جس کے تحت محفل میں مواد کی شمولیت، تلاش، ادارت، اور نظامت سہل ہو سکے۔ پچھلے برس سالگرہ کے موقع پر ہم نے بعض احباب کے ساتھ ذاتی مکالمے میں اردو ویب 2.0 کا منصوبہ پیش کیا تھا جس کی مدد سے اردو ویب کے پلیٹ فارم پر بڑے پیمانے پر نظر ثانی ممکن ہے۔ :) :) :)
 
سعود بھائی، میں نے اپنے پرانے پیغامات دیکھے املاء کے لیے تاہم وہاں تدوین کا آپشن موجود نہیں ہے۔ اس حوالے سے رہنمائی کیجیے گا پلیز۔
اراکین کے پاس اپنے مراسلے مدون کرنے کا اختیار ایک مختصر مدت کے لیے ہوتا ہے۔ لائبریرین کے لیے یہ مدت قدرے طویل ہے۔ البتہ اس کی بھی ایک میعاد ہے، اس کے بعد اپنے مراسلے مدون کرنے کا اختیار لائبریرین کے پاس بھی نہیں۔ اگر اپنے یا کسی اور کے کسی مراسلے میں کوئی تدوین درکار جہاں تدین کے اختیارات موجود نہ ہوں تو اس مراسلے کو رپورٹ کر دیں اور رپورٹ کرنے کا سبب تحریر فرما دیں۔ :) :) :)
 
سعادت

تکنیکی معاون
اس حوالے سے میرے ذہن میں ایک تجویز ہے، جو نہ صرف محفل، بلکہ شاید عمومی طور پر بھی کچھ فائدہ مند ہو سکے…

املا درست کرنے کے لیے ہمارے پاس املا نامہ کی صورت میں ایک بہت اچھا ذریعہ موجود ہے۔ کیوں نہ اس کا ایک جدید ایڈیشن وضع کیا جائے جس میں:
  • قارئین کے پاس مثالوں کی املا اور ہجے وغیرہ دیکھنے اور سیکھنے کا ایک آسان طریقہ ہو۔ مثلاً، اگر آپ رچرڈ اشیدا کے نوٹس کو دیکھیں تو وہاں ہر مثال پر کلک کرنے سے ایک چھوٹی سی کھڑکی کھلتی ہے جس میں اُس مثال میں موجود حروف اور ان کی یونیکوڈ ویلیوز ترتیب میں درج ہوتی ہیں۔ اگر املا نامہ میں موجود مثالوں کو بھی اسی طرح پیش کیا جائے تو درست املا بھی سیکھی جا سکے گی اور کمپیوٹر پر اردو لکھائی کے مسائل پر بھی رہنمائی ملے گی۔
  • اگر ہو سکے تو املا نامہ میں موزوں مقامات پر کمپیوٹر پر اردو لکھائی کے بارے میں چند سطروں کا اضافہ کیا جائے، مثلاً ئ + ے بمقابلہ ئے، یا کمپوزڈ اور ڈی‌کمپوزڈ فارمز کا تقابل، یا سپیس بمقابلہ ZWNJ، وغیرہ۔ (اس کے لیے پہلے خود ایک معیار پر متفق ہونا پڑے گا، اور میری رائے میں محفل کی لائبریری ٹیم اس کام کو بطریقِ احسن سرانجام دے سکتی ہے۔ :) ) (اگر املا نامہ میں ایسا اضافہ موزوں نہ ہو، تو ایک نئی ڈاکیومنٹ بھی لکھی جا سکتی ہے۔)
اس نئے املا نامہ کو اردو ویب کے گِٹ‌ہب اکاؤنٹ پر اپلوڈ کیا جا سکتا ہے تاکہ اس کا متن تبدیلیوں اور لوگوں کی آرا و تجاویز کے لیے دستیاب رہے۔ گِٹ‌ہب پیجز ہی پر اسے ہوسٹ بھی کیا جا سکتا ہے، جہاں یہ عام مطالعے کے لیے بھی موجود رہے، اور اس کے مختلف حصوں کے روابط کو محفل (یا عموماً کہیں بھی) املا کی تصحیح کے وقت بطور حوالہ بھی پیش کیا جا سکے۔
 
زیک

مسافر
مستقبل میں املاء کا خیال رکھنا اور اس سلسلے میں معیار قائم کرنا اچھی بات ہے مگر ماضی کے مراسلوں کی املاء درست کرنا (ماسوائے لائبریری کی ٹائپ شدہ کتب کے) تو pandora's box کھولنے کے مترادف ہو گا۔
 
سیدہ شگفتہ

لائبریرین
اس حوالے سے میرے ذہن میں ایک تجویز ہے، جو نہ صرف محفل، بلکہ شاید عمومی طور پر بھی کچھ فائدہ مند ہو سکے…

املا درست کرنے کے لیے ہمارے پاس املا نامہ کی صورت میں ایک بہت اچھا ذریعہ موجود ہے۔ کیوں نہ اس کا ایک جدید ایڈیشن وضع کیا جائے جس میں:
  • قارئین کے پاس مثالوں کی املا اور ہجے وغیرہ دیکھنے اور سیکھنے کا ایک آسان طریقہ ہو۔ مثلاً، اگر آپ رچرڈ اشیدا کے نوٹس کو دیکھیں تو وہاں ہر مثال پر کلک کرنے سے ایک چھوٹی سی کھڑکی کھلتی ہے جس میں اُس مثال میں موجود حروف اور ان کی یونیکوڈ ویلیوز ترتیب میں درج ہوتی ہیں۔ اگر املا نامہ میں موجود مثالوں کو بھی اسی طرح پیش کیا جائے تو درست املا بھی سیکھی جا سکے گی اور کمپیوٹر پر اردو لکھائی کے مسائل پر بھی رہنمائی ملے گی۔
  • اگر ہو سکے تو املا نامہ میں موزوں مقامات پر کمپیوٹر پر اردو لکھائی کے بارے میں چند سطروں کا اضافہ کیا جائے، مثلاً ئ + ے بمقابلہ ئے، یا کمپوزڈ اور ڈی‌کمپوزڈ فارمز کا تقابل، یا سپیس بمقابلہ ZWNJ، وغیرہ۔ (اس کے لیے پہلے خود ایک معیار پر متفق ہونا پڑے گا، اور میری رائے میں محفل کی لائبریری ٹیم اس کام کو بطریقِ احسن سرانجام دے سکتی ہے۔ :) ) (اگر املا نامہ میں ایسا اضافہ موزوں نہ ہو، تو ایک نئی ڈاکیومنٹ بھی لکھی جا سکتی ہے۔)
اس نئے املا نامہ کو اردو ویب کے گِٹ‌ہب اکاؤنٹ پر اپلوڈ کیا جا سکتا ہے تاکہ اس کا متن تبدیلیوں اور لوگوں کی آرا و تجاویز کے لیے دستیاب رہے۔ گِٹ‌ہب پیجز ہی پر اسے ہوسٹ بھی کیا جا سکتا ہے، جہاں یہ عام مطالعے کے لیے بھی موجود رہے، اور اس کے مختلف حصوں کے روابط کو محفل (یا عموماً کہیں بھی) املا کی تصحیح کے وقت بطور حوالہ بھی پیش کیا جا سکے۔

سعادت بھائی،سعود بھائی
اس مفید تجویز پر عمل درآمد کے لیے ابتدائی اقدامات کیا لینا ہوں گے؟
 
بعض عمومی غلطیوں کے لیے ہم نے کچھ ایک درستگیاں نظام میں شامل کر رکھی ہیں جن میں السلام علیکم کے السلام کو اسلام لکھنے کی غلطی سر فہرست ہے۔
اس خود کار نظام کی افادیت اپنی جگہ، کہ کم سے کم اغلاط دیکھنے کو ملتی ہیں. مگر اس کا ایک نقصان یہ بھی ہے کہ غلط املاء لکھنے والے کو اپنی غلطی کا پتہ نہیں چلتا اور غلطی پختہ ہو جاتی ہے. :)
 
پختہ :)
درست کہا محمد تابش بھائی۔
اس پختگی سے بچانے کے لیے پھر یہی طریقہ ہو سکتا ہے کہ اس غلطی کی ریٹنگ دی جائے یا پھر ایک دھاگے میں اغلاط کی نشاندہی کی جائے۔
 
پختہ :)
درست کہا محمد تابش بھائی۔
اس پختگی سے بچانے کے لیے پھر یہی طریقہ ہو سکتا ہے کہ اس غلطی کی ریٹنگ دی جائے یا پھر ایک دھاگے میں اغلاط کی نشاندہی کی جائے۔
ریٹنگ اور درستی تب ہی ہو سکتی ہے، اگر خودکار طریقہ سے درست نہ ہو چکا ہو۔ :)
 
غدیر زھرا

لائبریرین
وعلیکم السلام..اہم مسئلے کی جانب توجہ دلواتی تحریر کے لیے شکریہ بہنا :) املاء کی درستی یقیناً بہت اہم ہے اور اس سلسلے میں ہر رکن کو انفرادی کوشش کرنی چاہیئے ..خود کار طریقہ کار کی تجویز بھی خوب ہے :)
 
سعادت

تکنیکی معاون
سعادت بھائی،سعود بھائی
اس مفید تجویز پر عمل درآمد کے لیے ابتدائی اقدامات کیا لینا ہوں گے؟
سب سے پہلے تو ایک خالی گِٹ‌ہب ریپوزیٹری بنانی ہو گی۔ اس کے بعد کام کرنا ہو گا۔ :)

(آپ اور سعود دونوں سے ذاتی پیغام میں رابطہ کرتا ہوں۔)

سعود، کیا آپ گِٹ‌ہب پر اردو ویب کے ذیل میں imla-namaنامی ایک ریپو بنا دیں گے؟ چاہیں تو ایک نئی ٹیم بھی بنا سکتے ہیں (’ڈاکیومینٹیشن‘ یا ملتے جلتے نام سے) جس کے ممبران املا نامہ اور اس جیسے دیگر پراجیکٹس کی نظامت کے ذمہ‌دار ہوں۔

اگلے مرحلے میں املا نامہ کا سارا متن مارک‌ڈاؤن میں کنورٹ کر کے متعلقہ ریپو میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ مارک‌ڈاؤن کو سورس فارمیٹ کے طور پر استعمال کرنے کا ایک فائدہ یہ ہے کہ متن میں موجود غلطیوں کو درست کرنے یا کوئی تبدیلی کرنے کے لیے ایچ‌ٹی‌ایم‌ایل جاننے کی حاجت نہیں رہے گی۔

ویب‌سائٹ جنریٹ کرنے کے لیے کسی بھی سٹیٹک سائٹ جنریٹر کی مدد لی جا سکتی ہے۔ میں کافی عرصے سے میٹل‌سمتھ کے ساتھ کھیلنے کا سوچ رہا تھا، :) البتہ اگر ضرورت سے زیادہ پاپڑ بیلنے پڑ گئے تو گِٹ‌ہب پیجز پر آفیشلی سپّورٹڈ جیکل کو بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ایک مرتبہ سارا متن گِٹ‌ہب ریپو میں شامل ہو جائے اور ویب سائٹ بھی ایک مناسب شکل میں آ جائے تو متن کی پروف ریڈنگ اور املا کے معیار کو متعین کرنے کا آغاز کیا جا سکتا ہے۔ شگفتہ، یہاں پر ہمیں آپ کی (اور دیگر احباب کی بھی) ضرورت پڑے گی۔

؏ چلے تو کٹ ہی جائے گا سفر آہستہ آہستہ، کے مصداق فارغ وقت میں مارک‌ڈاؤن پر کام شروع کر دیتا ہوں۔ امید ہے کہ جلد ہی کچھ شکل نکل آئے گی۔ :)
 
اپڈیٹ کرتے رہیے گا۔
 
سیدہ شگفتہ

لائبریرین
وعلیکم السلام..اہم مسئلے کی جانب توجہ دلواتی تحریر کے لیے شکریہ بہنا :) املاء کی درستی یقیناً بہت اہم ہے اور اس سلسلے میں ہر رکن کو انفرادی کوشش کرنی چاہیئے ..خود کار طریقہ کار کی تجویز بھی خوب ہے :)
شکریہ غدیر، درست کہا۔ اس ضمن میں عملی اور فوری طور پر یہ کیا جا سکتا ہے کہ اراکین محفل از ایں بہ بعد اپنے مراسلوں میں اغلاط شامل نہ ہونے دیں، دوسرا یہ کہ ایک دوسرے کے پیغامات میں موجود اغلاط کی نشاندہی کرنا شروع کر دیں تاکہ انہیں درست کیا جا سکے۔
 
Top