السلام علیکم،
نعمان، تم اردو ورڈپریس کی بجائے
اردو پریس کا لوگو تیار کرو تو زیادہ بہتر ہوگا۔
اب یہ پراجیکٹ تم لوگوں کے ہاتھ میں ہے۔ یہ تم پر ہی منحصر ہے کہ اسے کتنا کامیاب بناتے ہو۔ میرے خیال میں بھی صارفین کو اردو پریس کا مکمل پیکج فراہم کرنا ہی بہتر ہوگا۔ اس سلسلے میں زیادہ تر کام تو میں اردو پریس کے بیٹا پیکج میں کر چکا ہوں۔ اس کام کو معمولی کوشش کے ساتھ ورڈپریس کے نئے ورژن پر لانا ممکن ہونا چاہیے۔ اگرچہ یہ ضروری ہے کہ ورڈپریس کا اردو ترجمہ باقاعدگی کے ساتھ اپڈیٹ ہوتا رہے، لیکن ورڈپریس کی ہر بگ فکس ریلیز کے ساتھ اردو پریس کو اپڈیٹ کرنا ضروری نہیں ہے۔ اس کی بجائے اسے ہر میجر ریلیز کے ساتھ اپڈیٹ کیا جا سکتا ہے۔ اردو پی ایچ پی بی بی اور اردو سی ایچ موڈ فورم کے سلسلے میں ہم نے ایسا ہی کیا تھا۔
جہاں تک اردو پریس پر اب تک کیے گئے کام کو ورڈپریس کے حالیہ ورژن پر لانے کا تعلق ہے تو میں اس سلسلے میں رہنمائی کرنے کے لیے تیار ہوں۔ اس کا آسان طریقہ یہ ہے کہ
BeyondCompare یا کسی اور فائل کمپیر پروگرام کے ذریعے اردو پریس کو اس سے مطابقت رکھنے والے ورڈپریس (ورژن 2.2.3) کے ساتھ کمپیر کرو تاکہ تمہیں پتا چل جائے کہ ورڈپریس کا اردو پیکج بنانے کے لیے کیا تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ اس کے بعد انہی تبدیلیوں کو ورڈپریس کے حالیہ ورژن پر منتقل کرنے کی ضرورت ہوگی۔ جہاں تک مجھے یاد پڑتا ہے، ورڈپریس کا اردو پیکج بنانے کے لیے ذیل کی تبدیلیاں کی گئی تھیں:
1۔ ورڈ پریس کی انسٹالیشن کا انٹرفیس اردو میں تیار کیا گیا
2۔ ورڈپریس کی ڈیفالٹ لینگویج کو اردو پر سیٹ کیا گیا
3۔ ایڈمن پینل کی سمت کو دائیں سے بائیں کیا گیا
4۔ سامپل پوسٹ اور کمنٹ کو اردو میں کیا گیا
5۔ اردو اوپن پیڈ پلگ ان کو ڈیفالٹ انسٹالیشن میں شامل کیا گیا
6۔ ورڈپریس کی کربک تھیم کا اردو ورژن تیار کیا گیا
مجھے سب سے زیادہ دقت کربک تھیم کا اردو ورژن تیار کرنے میں ہوئی تھی کیونکہ اس میں لوکلائزیشن کی سپورٹ موجود نہیں ہے، یا کم از کم مجھے استعمال کرنی نہیں آئی۔ اس میں دو فائلوں میں ابھی تک انگریزی ٹیکسٹ موجود ہیں۔ انہیں اردو میں کرنے کی ضرورت ہوگی۔
میں چاہتا ہوں کہ ورڈپریس کی اردو تھیمز تیار کرنے کی کچھ گائیڈ لائنز بھی وضع کی جائیں۔ میں نے کربک تھیم کے اردو ورژن میں یوزر کے لیے فونٹ منتخب کرنے کی آپشن رکھی ہے۔ میری تجویز ہے کہ اسی طرز پر ورڈپریس کی تمام اردو تھیمز میں یوزرز کے لیے فونٹ منتخب کرنے کی سہولت فراہم کی جانی چاہیے۔ اس کے لیے علاوہ فونٹ کا سائز بڑا یا چھوٹا کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جانی چاہیے۔ اس سے بلاگ کی یوزیبیلیٹی میں بہت فرق پڑے گا اور سائٹ کی کوالٹی بھی بہتر ہوگی۔
ایک مرتبہ اردو پریس کا سٹیبل پیکج تیار ہو جاتا ہے تو اس کی ایک ٹیسٹ انسٹالیشن اردو ویب پر بھی سیٹ اپ کی جا سکتی ہے۔ میرا خیال یہی ہے کہ اس وقت ورڈپریس کی ڈیمو انسٹالیشن کی جگہ اردو پریس سیٹ اپ کر دیا جائے گا۔
میرے ذہن میں کوئی اور بات آئی تو میں اس کا ذکر کر دوں گا۔ اگر آپ لوگوں کے ذہن میں کوئی سوال ہے تو اسے بھی یہاں پوچھ لیں۔
والسلام