"سر درد سر درد سر درد"
فون کی بیل بجی تو سکرین پر زوجہ محترمہ کا نام دیکھ کر فورا سے کال اٹھائی کہ اگر ذرا سی بھی دیر کی تو کہیں ناراض نا ہو جائے۔
السلام علیکم!! جان کیسی ہو؟؟
وعلیکم السلام!! میں ٹھیک ہوں، آپ کیسے ہیں؟؟
"بالکل ٹھیک، کیسے یاد آگئی میری؟؟" میں نے حالات کا جائزہ لیتے ہوئے سوال کیا
"وہ میں عید کی شاپنگ کے لئے بازار آئی تھی تو سوچا آپ سے پوچھ لوں کہ اس دفعہ کس کلر کا سوٹ خریدوں" بیوی صاحبہ نے پرجوش ہو کر پوچھا
اب مجھ نالائق انسان کو رنگوں کی کیا سوجھ بوجھ، خیر دماغ پر زور دیتے ہی کچھ رنگوں کے نام یاد کیے اور جھٹ سے بولا
"پرپل!!! پرپل کلر تم پر بہت سوٹ کرے گا" میں نے پرجوش انداز میں جواب دیا۔
"پرپل ابھی پچھلے ہفتے تو لیا تھا کوئی اور بتائیں" جواب آیا
"پھر ایسا کرو اورینج کلر کا لے لو " تجویز پیش کی گئی
"اورنج بہت شوخ کلر ہے کوئی ڈیسنٹ سا کلر بتائیں نا" جواب آیا
میں:پھر بلیک کلر کیسا رہے گا؟؟ پھر تجویز پیش کی گئی
بیوی : اتنی گرمی ہے!! عید پر سارا دن کچن میں گزر جاتا ہے اور بلیک کلر تو گرمی جذب کرتا ہے میں نے مرنا نہیں ہے"
بیوی کا لاجک تو جاندار تھا!!!
میں : ہاں بھئی یہ بھی درست ہے!! پھر گرین کلر ٹھیک رہے گا، گرین تو گرمی جذب نہیں کرتا نا؟؟
زوجہ:گرین کلر کیوں؟؟ میں نے عید پر کسی دربار پر دھمال ڈالنی ہے کیا!!
میں: اچھا سوری جان!! "پھر تم ریڈ خرید لو بہت ٹرینڈ ہے آجکل"
زوجہ:ریڈ کلر تو مجھے بھی بہت پسند ہے!!
بیوی کی بات سن کر میں نے سکھ کا سانس لیا کہ آخر کار جان چھوٹ گئی لیکن!!
زوجہ: "لیکن !!
بات سنیں!!! ریڈ امی کو نہیں پسند"
اب ہماری حالت غیر ہو رہی تھی، میں نے دل میں سوچا کہ عمر میاں کونسی مصیبت آن پڑی تھی جو اپنی پسند بتانے بیٹھ گئے، آئے بڑے مجنوں کہیں کے
میں:"اچھا پھر جو تمہیں پسند ہے وہ خرید لو" آخری حربہ استعمال کیا گیا
زوجہ:"آپ بتائیں نا مجھے آپکی پسند کا سوٹ لینا ہے "
" نہیں جان !!
تم میری پسند ہو، جو تمہیں پسند وہ مجھے پسند" میں نے دانت پیستے ہوئے کہا
بیوی:سو سویٹ!! چلیں ایسا کرتی ہوں کہ "ایکوا کلر ود ایش گرے یا زنک کلر ود آشن بلو" لے لیتی ہوں!!
مجھے ایسا لگا کہ کسی کیمائی تخریب کار مادے کا نام لیا گیا ہو....
"ہاں بہت پیارا کلر ہے جلدی سے لے لو،اچھا اللہ حافظ " میں نے جلدی سے کال بند کرتے ہوئے کہا پتا نہیں آشن بلو اور ایش گرے کس چڑیا کا نام ہے۔۔۔۔۔!!!