انگلش ٹو انگلش ڈکشنری کی افادیت اپنی جگہ تسلیم شدہ ہے. مگر مجھ جیسے نو آموز کے لئے انگلش تو اردو ڈکشنری انگریزی کا استعمال اس مقصد کے لئے بے حد معاون ہے. اس سلسلے میں وقتا فوقتا مختلف اپلیکیشنز کے استعمال کا تجربہ ہوا. لیکن ہر ایک میں کوئی نہ کوئی مسئلہ ضرور ہوتا . اس سلسلے میں مجھے متنوع مسائل کا سامنا ہوا جن کو ذیل میں قدرے تفصیل سے بیان کیا جاتا ہے
کسی ڈکشنری میں یہ مسئلہ تھا کہ تلاش کئے جانے والے الفاظ میں بہت سے الفاط سرے سے ملتے ہی نہیں. جیسا کہ عموما کوئی ڈکشنری اس کمی سے خالی نہیں
دوسری پریشانی یہ تھی کہ اگر لفظ مل بھی جائے تو اس کے معنی کی جگہ اسی لفظ کا اردو تلفظ بتلایا گیا ہوتا. یہ صورت مجھے ایک مخصوص ڈکشنری کے استعمال کے دوران بارہا پیش آئی ہے ،
تیسرا المیہ یہ کہ اگر اردو ترجمہ مل بھی جائے تو اتنا محدود کہ جملے میں مستعمل انگریزی لفظ کے درست معنی کی تعیین دشوار! مثلا abuse کے معنی گالی دینا کون نہیں جانتا؟ لیکن abuse of influence میں اس لفظ کے معنی گالی دینے کے بالکل نہیں، جیسا کہ ظاہر ہے
چوتھی بات یہ کہ بہت سی مرتبہ نو آموز کو کسی لفظ کے عام استعمال کے سبب اس لفظ کا پتہ ہوتا ہے لیکن اس کی درست اسپیلنگ معلوم نہیں ہوتی، ایسی صورت میں اس لفظ کو تلاش کرلینا جوئے شیر لانے سے بھی مشکل! اس کی بہت سی مثالیں ہیں لیکن اس وقت یاد نہیں.
پانچواں مسئلہ متعلقہ لفظ کو مختلف جملوں میں استعمال کرکے اس کے طریقۂ استعمال کی نشاندہی تو کی گئی ہوتی مگر یہ جملہ اتنا بوجھل اور نامانوس کہ اب خود اس کو حل کرنا الگ درد سر! لہذا بہتر ہوتا کہ ان جملوں کا ترجمہ بھی مذکور ہو تاکہ مبتدی ایک ہی نظر میں استعمال پر قدرت حاصل کرلے.
چھٹا مسئلہ یہ تھا کہ اردو ٹو انگلش یا انگلش ٹو اردو ڈکشنری میں صرف انگلش یا اردو تراجم ہی دستیاب ہوتے ،ہندی یا عربی کے لئے علیحده اپلیکیشن انسٹال کرنا پڑتا ہے
ان تمام مسائل کے پیش نظر مختلف اوقات میں مختلف ڈکشنریز کے استعمال کا تجربہ ہوا ...... اس وقت جو یو ڈکشنری کے نام سے ایک ڈکشنری زیر استعمال هے جو یقینا ان مذکورہ مسائل سے پاک ہے
ڈاؤنلوڈ کا ربط