عزیز از جان (دروغ مصلحت آمیز بہ از راستی فتنہ انگیز) عزیز امین،
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ!
میں خیریت سے ہوں اور آپ کی خداوند کریم سے نیک مطلوب چاہتا ہوں۔
آپ کے اس درجہ درد انگیز نالہ نما محضر نامے پڑھ کر رقت طاری ہو گئی۔ بخدا اس سوچ میں غلطاں و پیچاں ہوں کہ اس قدر دکھوں کے باوجود آپ زندہ کیوں کر ہیں۔ بہرحال ہیں تو ہوا کریں۔
پھر یہ بھی سوچتا ہوں کہ آپ کا مقصد (بہبود حیوانات) کس قدر عظیم ہے اور آپ کے ساتھ سلوک کیسا طفل یسیر سا کیا گیا۔ اللہ اللہ! یہ بد تمیز آخر روزِ یومِ قیامت کے دن کس منہ سے خدا کے حضور پیش ہو گا کہ آپ سمیت تمام حیوانات اس کا دامن کھینچ رہے ہوں گے۔ ارے آپ نے غلط سمجھا میں آپ کو 'ہنوز' اشرف المخلوقات ہی شمار کر رہا ہوں، میرا لکھنے کا مقصد تھا کہ آپ اور باقی تمام حیوان۔۔۔ اوہ میرے خیال میں یہاں ایک مرتبہ پھر ذو معنویت در آئی ہے۔۔۔ خیر آپ اتنے تو عاقل و بالغ ہیں ہی کہ اس بات کا مفہوم سمجھ سکیں۔
خیر میرے عزیز (جو آپ ہر گز نہیں ہو سکتے) امین بھائی! میں نے آپ کے تمام غم و آلام کا ایک مستقل اور سہل حل سوچا ہے۔ نہیں نہیں، بلاگنگ سے تائب ہونے کا مشورہ نہیں دے رہا۔۔۔ اس پر حیوان تو حیوان شاید ایک آدھ بلاگر (جو یقیناً آپ ہی ہو سکتے ہیں) بھی میرے پیچھے پڑ سکتے ہیں۔تو آتا ہوں مسئلے کے حل کی جانب۔۔۔
آپ ایسا کیجیے کہ ایک ذاتی ڈومین نیم خرید لیں جو 6 سے 8 ڈالرز کا مل جائے گا۔ اس کے بعد کوئی درمیانی سی ہوسٹنگ سروس بھی خرید لیں جو 100 تا 200 ڈالرز سالانہ کے اندر اندر آ جانی چاہیے۔
اس پر کوئی اردو بلاگنگ انجن نصب کر لیں۔ اس سلسلے میں مفت مدد آپ کے یارِ غار عبد القدوس صاحب سے مل سکتی ہے
۔
اور ہاں ڈیٹا کا آف لائن بیک اپ لینے کے لیے کسی اچھی نسل کی ایکسٹرنل ہارڈ ڈرائیو لینا نہ بھولیے گا کہ کوئی بھی ہوسٹنگ سروس ڈیٹا کی حفاظت کی 100 فی صد گارنٹی نہیں دیتی۔
اور ایک مرتبہ پھر "اُسی" عزم و ہمت کے ساتھ بلاگنگ شروع کر دیجیے یا بقول ماوراء اس سے لکھوانا شروع کر دیں۔ یوں بھی 'بی بی سی' کی سائٹ تو چل ہی رہی ہے جہاں سے آپ کے بلاگ کا 90 فی صد ڈیٹا محفوظ حالت میں مل سکتا ہے۔
اللہ اللہ خیر سلا۔ نہ کسی کی سائٹ پر مفت ہوسٹ کریں اور نہ اس جھنجھٹ میں پڑیں۔
مزید مشورہ درکار ہو تو مجھ سے کسی حیوان دوست سے رابطہ کرنے سے گریز نہ کیجیے گا۔
والسلام،
خاکسار،
ناچیز،
احقر،