برج جدی :
تعارف :
23 دسمبر سے 20 جنوری تک پیدا ہونے والوں کا برج جدی ہے ۔ ان کا حاکم سیارہ زحل ہے ۔ نشان پہاڑی بکری اور عنصر مٹی ہے ۔ خوش بختی کا ہندسہ 7 اور 3 ہے ۔ موافق رنگ گہرا سبز اور موافق پتھر سلیمانی پتھر ہے ۔ جدی کے دوست بہترین اسد ، حمل اور عقرب ، بہتر حوت ، میزان اور سرطان ، غیر یقینی سنبلہ اور جوزا ، غیر جانبدار دلو ، حوت اور ثور ۔ جدی کے لیے موزوں پیشے صنعت کاری ، سیاست ، سیاحت ، نفسیات اور زراعت وغیرہ ہیں ۔
جدی افراد کی شخصیت :
جدی افراد مضبوط ارادے کے مالک ہوتے ہیں ۔ اور ان کی ساری توجہ اس ہدف کو حاصل کرنے کی طرف ہوتی ہے جو وہ اپنی زندگی میں مقرر کر لیتے ہیں ۔ وہ بلا مقصد بہت کام کرتے ہیں ۔ اور جب تک اپنا مقصد حاصل نہ کر لیں کوشش جاری رکھتے ہیں ۔ ان میں صبر اور ثابت قدمی پائی جاتی ہے اور ان کی کامیابی میں ان کی شخصیت کا بہت دخل ہوتا ہے ۔ جدی افراد عام طور پر واضح اور صاف انداز فکر کے مالک ہوتے ہیں ۔ ضروری نہیں کہ وہ بہت ذہین ہوں لیکن وہ جس چیز میں دلچسپی لیتے ہیں اس پر پوری توجہ صرف کر دیتے ہیں ۔ وہ جو کام بھی کرتے ہیں پورے جوش و خروش سے کرتے ہیں ۔ وہ اپنی اس خصوصیت پر بجا صور پر فخر کر سکتے ہیں ۔
جدی افراد کی رفاقت بے فیض کبھی نہیں ہوتی ۔ ان کے دوستوں کو ان کی رفاقت سے بہت فائدہ پہنچتا ہے ۔ جدی افراد اپنے ساتھیوں میں کام کی تحریک بھی پیدا کرتے ہیں ۔ اگر وہ دوسروں کے اندار ایسی خوبیاں دیکھتے ہیں جو خود ان میں نہیں تو وہ ان کی تعریف میں بخل سے کام نہیں لیتے ۔ جب ایک جدی فرد کسی کو پسند کرتا ہے تو وہ اس کا ساتھ ساری عمر دیتا ہے ۔ وفا داری اس کے ضمیر میں ہے اور وہ عارضی دوستی کی جگہ پائدار دوستی پسند کرتا ہے ۔ ایک جدی فرد کبھی کبھی الگ رہنا پسند کرتا ہے ۔ جس کی وجہ سے لوگ اس کو مغرور سمجھتے ہیں ۔ لیکن وہ مغرور نہیں ہوتا ۔ بلکہ مخصوص کیفیت کی وجہ سے تنہائی پسند ہو جاتا ہے ۔ جدی افراد جب کوئی فیصلہ یا عزم کر لیتے ہیں تو ان کا انداز کسی قدر سخت اور درشت ہو جاتا ہے ۔ وجہ یہ ہے کہ وہ انصاف کے معاملے میں کسی کی رعایت نہیں کرتے اور نہ مروت سے کام لیتے ہیں ۔ ان کو معاف کرنے سے زیادہ انصاف کی فکر ہوتی ہے ۔ ظاہر ہے کہ ایسا سخص دوسروں کو خشک اور سخت نظر آئے گا ۔ جدی افراد عام طور پر فیاض ہوتے ہیں ۔ اگر کوئی شخص ان سے مالی امداد طلب کرے تو وہ کبھی انکار نہیں کرتے ۔ بلکہ کبھی کبھی وہ اپنے طور طریقوں سے ہٹ کر بھی دوسروں کی مدد کرتے ہیں ۔ ان کو اپنی اس مدد کا صلہ حاصل کرنے کی قطعی خواہش نہیں ہوتی ۔ وہ صرف شکریہ ادا کرنے کو کافی صلہ سمجھ لیتے ہیں ۔ ہاں بعض جدی افراد روپے پیسے کے معاملے میں محتاط ہوتے ہیں ۔ دوسروں کی مدد وہ بھی کرتے ہیں لیکن یہ تحقیق کر لینے کے بعد کہ وہ مدد طلب کرنے والا واقعی مستحق ہے ۔
جدی افراد کی محبت کا انداز بے ساختہ اور والہانہ ہوتا ہے ۔ وہ جس طرح خود کو اپنے محبوب کے سپرد کر دیتا ہے اسی طرح وہ محبوب سے بھی توقع رکھتا ہے کہ وہ اس کی خاطر ساری دنیا کو چھوڑ دے ۔ اگر محبوب کے طرز عمل میں ذرا سا بھی فرق نظر آتا ہے تو جدی عاشق میں رشک و حسد کا جذبہ بھڑک اٹھتا ہے ۔ ایسے موقع پر محبوب کے لیے اپنے جدی عاشق کو سمجھانا مشکل ہو جاتا ہے ۔ اس کی سمجھ میں نہیں آتا کہ وہ کس بات پر ناراض ہے ۔ اس موقع پر جدی فرد خاموشی اختیار کر لیتا ہے ۔ جدی افراد اگرچہ دوست بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن وہ بہت کم دوست بناتے ہیں ۔ ہاں جب وہ کسی کو دوست بنا لیتے ہیں تو اس کے ساتھ دوستی کو نباہنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ ان کے دوستوں کی تعداد بہت کم ہوتی ہے ۔ جدی افراد کے دو یا چار دوست ہوتے ہیں وہ سب ایسے ہوتے ہیں جو ان سے محبت کرتے ہیں اور جو ان کے حساس مزاج سے واقف ہوتے ہیں ۔ جدی افراد کے حقیقی دوست صبروضبط سے کام لیتے ہیں اور محبت اور اخلاق سے ان کے دل پر قبضہ کرتے ہیں ۔ جدی افراد بہت اچھے بزنس پارٹنر ثابت ہوتے ہیں ۔ وہ کاروبار کی ترقی کے لیے دن رات ایک کر دیتے ہیں ۔لیکن کبھی کوئي ایسا کام نہیں کرتے جس کا کوئي مقصد نہ ہو ۔ وہ باقاعدہ مقصد کے لیے جدوجہد کرتے ہیں ۔
جدی والدین کا اپنی اولاد کے درمیان طرز عمل اعتدال پر مبنی نہیں ہوتا ۔ بلکہ وہ ایک طرح کا انتہا پسندانہ انداز اختیار کرتے ہیں اور افراط اور تفریط کا شکار رہتے ہیں ۔ وہ یا تو اپنے بچوں کے ساتھ ضرورت سے زیادہ لاڈ پیار کرتے ہیں اور ان کے ساتھ نرمی سے پیش آتے ہیں یا پھر ضرورت سے زیادہ سخت بن جاتے ہیں اور ان سے اپنے حکم کی بلا چوں و چرا تعمیل کراتے ہیں ۔ وہ اپنی اولاد پر سخت پابندیاں عائد کر دیتے ہیں ۔ جو اولاد میں بغاوت کے جذبات کی پرورش کا باعث ہوتی ہے ۔ اگر آپ کا بچہ برج جدی سے تعلق رکھتا ہے تو آپ کو چاہیے کہ اس کے ساتھ پیارو محبت سے پیش آئیں اور اس کے کاموں کی حوصلہ افزائی کریں ۔ جدی بچوں پر ایک ان جانا خوف اور ڈر سوار رہتا ہے اگر ان پر تنقید کی جائے تو بہت جلد برا مان جاتے ہیں ۔ ان پر تنقید کرنے کی بجائے ان کو ہر بات دلیل سے سمجھانا چاہیے اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے رہتا چاہیے ۔