ترجمہ مطلوب ہے

نعمان

محفلین
شاکر مجھے امید ہے کہ تم ترجمے کے کام میں مشغول ہو۔ اس دوران ایسی اصطلاحات جن کا ترجمہ ورڈ بینک میں شامل نہ ہوا ہو اور تمہارے خیال میں ان کا ترجمہ ضرور ہونا چاہئیے تو ان کو ٹیکسٹ فائل میں لکھتے رہو یا ساتھ ہی ورڈ بینک پر ڈالتے رہو۔ تاکہ تمہارے کام پر دوسرے لوگ قدم جماتے رہیں۔

اعجاز اختر صاحب، آصف بھائی اور دیگر ممبران سے گذارش ہے کہ وہ ترجمے کی درخواستوں پر نظر ڈالتے رہیں۔ اسوقت وہاں کئی ایسی اصطلاحات کا ترجمہ مطلوب ہے جن کا ترجمہ مشکل ہے اور اس سلسلے میں آپ کی مدد کی فوری ضرورت رہے گی۔
 

نعمان

محفلین
zoom and plugin
دونوں کے ترجمے ناقابل اطمینان ہیں۔ زوم ایک آواز ہوتی ہے یہ اصطلاح فوجی بول چال سے انگریزی میں آئی اس کے معنی ہیں فضائی جہازوں کے سیدھے نیچے یا اوپر کی سمت میں اٹھنا جس سے زوم کی آواز پیدا ہوتی تھی۔ تو اگر ہم زوم کا ترجمہ قریب کرتے ہیں تو زوم آؤٹ کا کیا ترجمہ ہوگا؟ اور زوم ان کا ترجمہ؟

پلگ ان کا ترجمہ مستزاد مشکل ہے کوءی آسان ترجمہ بتائیں جو فوری طور پر ذہن میں پلگ ان جیسی خصوصیات بھی لاتا ہو۔
 

دوست

محفلین
پلگ ان ایک فعل بنتا ہے اگر غور کریں تو۔ اندر لگائیں۔( مجھے تو یہی لگا ہے) یا ایسا کرلیں اندر پلگ کریں۔ پلگ ان یعنی ایک فعل کو ہی بطور اسم لے لیا گیا ہے۔ اس کا کام کیا ہے؟؟
کسی چیز کے قابل بنانا، مدد کرنا، اگر اس کا ترجمہ مددگار کرلیں تو وزرڈ کا ترجمہ مقتدرہ نے مددگار کیا ہے۔
وزرڈ کا ترجمہ کچھ اور سوچ لیں اور اس کا ترجمہ مددگار کر لیں؟؟
وزرڈ لفظی ترجمہ تو جادوگر ساحر اور دانا ہے۔
زوم کا یہ تو دیکھیں استعمال کہاں ہوتا ہے۔ قریب کرنے اور دور کرنے میں ہی استعمال ہوتا ہے یا اور بھی کوئی استعمال ہے؟؟؟
اور تو پھر اس کا ترجمہ زوں ہی ہوسکتا ہے۔ یا زوم ہی رہنے دیں۔
 

آصف

محفلین
نعمان نے کہا:
zoom and plugin
دونوں کے ترجمے ناقابل اطمینان ہیں۔ زوم ایک آواز ہوتی ہے یہ اصطلاح فوجی بول چال سے انگریزی میں آئی اس کے معنی ہیں فضائی جہازوں کے سیدھے نیچے یا اوپر کی سمت میں اٹھنا جس سے زوم کی آواز پیدا ہوتی تھی۔ تو اگر ہم زوم کا ترجمہ قریب کرتے ہیں تو زوم آؤٹ کا کیا ترجمہ ہوگا؟ اور زوم ان کا ترجمہ؟

پلگ ان کا ترجمہ مستزاد مشکل ہے کوءی آسان ترجمہ بتائیں جو فوری طور پر ذہن میں پلگ ان جیسی خصوصیات بھی لاتا ہو۔
مستزاد add-on کا ترجمہ ہے۔
 

دوست

محفلین
مستزاد کوئی اتنا اوکھا ترجمہ بھی نہیں۔
میرا خیال ہے پلگ ان کا ترجمہ مددگار کر لیں پھر۔
اور وزرڈ کو ساحر۔ چلنے دیں اگر انگریزی میں چل سکتا ہے تو اردو میں کیا ہے۔
 

دوست

محفلین
1. مدد کرنے والا، حمایتی، معاون، پشت پناہ۔
یہ کچھ اور اس کے مترادفات ملے ہیں۔ معاون بھی ہوسکتا ہے۔ پشت پناہ کچھ اور معنوں میں آجائے گا۔
لیکن یاد رہے معاون کسی اور جگہ بھی استعمال کرنا پڑسکتا ہے۔ بمعنی اسسٹنٹ۔ اس لیے میرا مشورہ تو مددگار کے لیے ہے۔
مقتدرہ جائے بھاڑ میں۔ ہم نے وزرڈ کو ساحر کہہ دینا ہے۔
 

آصف

محفلین
wizard کیلئے ساحر مناسب ہے۔

plug-in کا مطلب ایسی شے ہے جو داخل کی گئی ہو/کی جا سکتی ہو۔ میں دخیلہ تجویز کروں گا۔ (نیا لفظ ہے)
 

نعمان

محفلین
دخیلہ مناسب ہے۔ مگر کچھ اور بھی ہوسکتا ہے؟ اعجاز صاحب کی کیا رائے ہے؟ یا دخیلہ ہی فائنل کرلیں۔ شاکر زوم کو ترجمہ زوں بہت عمدہ ہے۔ تم نے دیکھا ہوگا کہ چھوٹے بچے جب پلاسٹک کے جہاز سے کھیلتے ہیں تو اسے تیزی زمین کی طرف لاتے ہوئے منہ سے زوں کی آواز نکالتے ہیں۔ اب زوں اندر اور زوں باہر زوم ان اور زوم آؤٹ کے تراجم بنتے ہیں۔ کیا آپ سب کو یہ مناسب لگ رہے ہیں؟ اس کے علاوہ سپورٹڈ اور ان سپورٹڈ کے ترجمے بھی فوری مطلوب ہیں۔
 

آصف

محفلین
زوں مجھے بھی ٹھیک لگا ہے کیونکہ ایک دو دوسری زبانوں میں بھی ملتے جلتے تراجم کیے گئے ہیں۔ البتہ اندر اور باہر کی جگہ اگر زوں قریب اور زوں بعید کر لیا جائے تو کیسا ہے؟
 

آصف

محفلین
support کا ترجمہ ساتھ دینا ہے۔ لیکن اس سے اسم مفعول کیسے بنایا جائے؟
ابھی مجھے احساس ہوا ہے کہ اردو میں مفعول بنانا کافی دشوار ہے۔ صرف شدہ ہی ہے جو عموما استعمال ہوتا ہے۔ باقی تمام اسماء مفعولہ تو عربی اصولوں پر ہی بنائے جاتے ہیں!
 

دوست

محفلین
ہیں جی؟؟؟؟
یہ بھی ٹھیک ہے۔ یعنی میں نے ایویں جو زوں زوں‌ کردیا تھا احباب خوش ذوق کو یہ کور ذوقی پسند آگئی۔
کتنا عجیب لگے گا جب صارفین زوں زوں کرتے پھریں گے پورے ڈیسکٹاپ پر :)
خیر اگر آپ کی یہی آراء ہیں تو بسم اللہ ۔لیکن اعجاز صاحب اگر رائے دے دیں تو بہتر ہوگا۔
دوسرے پلگ ان کا ترجمہ دخیلہ۔ لفظی ترجمہ تو ٹھیک ہے۔ چلیں باقی آراء بھی پوچھ لیتے ہیں۔ قیصرانی اچھی رونق لگائے رکھتے تھے لیکن اب وہ بھی دورے پر ہیں پاکستان، بنگلہ دیش وغیرہ کے۔ اعجاز صاحب آپ کی کیا رائے ہے؟
زکریا بھائی آپ پسند ناپسند ہی بتا دیا کریں۔
سپورٹ کا ترجمہ میلنگ لسٹ میں سعد صاحب نے تائید شدہ کیا ہے
کیسا ہے؟
میرا تو خیال تھا کہ سپورٹ ہی چلتا۔ لیکن تائید برا ترجمہ نہیں۔
 

زیک

مسافر
زوں کچھ ٹھیک ہی لگ رہا ہے۔

supported کے لئے تائیدشدہ غلط ہے کہ تائید agree کے معنوں میں استعمال ہوتا ہے۔
 

دوست

محفلین
ایک جناتی ترجمہ حاضر ہے پھر۔
اِسْتِظْہار ۔
عربی لفظ لیکن اردو میں مستعمل پتا نہیں کب۔
ورنہ سپورٹ چلنے دیں۔
Suport سَپورْٹ
اصلاً انگریزی زبان کا لفظ ہے۔ اردو میں عربی رسم الخط کے ساتھ بطور اسم استعمال ہوتا ہے۔ تحریراً 1988ء سے "جنگ، کراچی" میں مستعمل ملتا ہے۔
 

الف عین

لائبریرین
سپورٹ کو ونڈوز میں معاونت لکھا ہے جو تائید وغیرہ سے یقیناً بہتر ہے، مدد اور معاونت ترجمہ ہے ان کا ہیلپ اور سپورٹ کا۔ سپورٹیڈ کے لئے معاونتی کیا جا سکتا ہے؟
زوم ان اور زوم آؤٹ کے لئے ابھی یہ خیال آیا ہے:
درنظری اور بر نظری
یا نظری کی جگہ دید بھی سوچا جا سکتا ہے۔
 

دوست

محفلین
معاونت شدہ۔
:!: :!: :!: :!: :!: :!: :!: :!: :!: :!: :!: :!: :!: :!: :!:
دوسرے دوست بتائیں میں ابھی اپنی رائے محفوظ رکھتا ہوں۔
اور اور در نظری و بر نظری نعمان جی ہُن دَسّو(معذرت کے ساتھ کبھی کبھار پنجابی میں بونگی مارنے کو دل کرتا ہے۔ہُن دُسّو بمعنی اب بتاؤ)۔
زوں زوں تو سائیاں مُکا دی۔ اب ؟؟
اس پر بھی میری رائے محفوظ۔ صبح بتاؤں گا۔
 

زیک

مسافر
یہ “شدہ“ تو مجھے ness کی قسم کی بلا لگ رہی ہے کہ ہر جگہ اس کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ انگریزی میں تو یہ حال ہو جاتا ہے کہ لوگ ness استعمال کر کے نئے نئے لفظ بنا لیتے ہیں حالانکہ بہت لفظ موجود ہوتا ہے۔ مثلاً میں نے curiousness استعمال ہوتے دیکھا ہے جبکہ curiosity موجود ہے۔
 

آصف

محفلین
supported اور unsupported کا مع معاونت اور بغیر معاونت بھی ہو سکتا ہے۔

اور zoom in اور zoom out کا قریب نظر کریں اور بعید نظر کریں بھی کیا جاسکتا ہے۔ کریں کو حذف بھی کیا جا سکتا ہے۔
 

زیک

مسافر
“کریں“ کو حذف کر دیں تو zoom اور supported والے آصف کے ترجمے مجھے پسند آئے ہیں۔
 
Top